’’گلاب کی پتّیوں کو بکھرنے نہیں دینا‘‘

’’گلاب کی پتّیوں کو بکھرنے نہیں دینا‘‘

’’گلاب کی پتّیوں کو بکھرنے نہیں دینا‘‘

ازقلم:سیما شکور حیدر آباد

 

معاشرے کو سنوارنے میں اساتذہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ اساتذہ کا کام صرف بچوں کو تعلیم دینا نہیں ہوتا بلکہ بچوں کی شخصیت کو نکھارنے ، سنوارنے اور انہیں ایک پُر اعتماد شخصیت کا روپ دینے میں اپنا اہم کردار ادا کرنا بھی شامل ہے۔ بچے گلاب کی پتیّوں کی طرح نازک ہوتے ہیں ، جو ہاتھ کی ایک ذرا سی تیز جنبش سے بکھر جاتی ہیں، فنا ہوجاتی ہیں، پھر نجانے وہ کہاں چلی جاتی ہیں ۔ اساتذہ چاہیں تو بچوں کا اعتماد ٹکڑے ٹکڑے کردیں اور چاہیں تو ایک مضبوط چٹان کی شکل دے دیں۔ اُنہیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہئیے، اساتذہ کو بچوں کی شخصیت کو سمجھنے کی کوشش کرنا چاہئیے، بچے کی صورت ،حرکات و سکنات اور رویوں کو دیکھ کر، جانچ کر سمجھ لینا چاہئیے کہ وہ کن صورتِ حال کا سامنا کررہے ہیں، ا ُن کی آنکھیں کیا کہہ رہی ہیں، ا ُن کے کیا کیا مسائل ہیں اُن سب کو سمجھنے کا گُر اساتذہ کو آنا چاہئیے۔ بچوں کی نفسیات کو سمجھے بغیر تعلیم کے مراحل طے کرنا آسان نہیں ہوتا ۔ اساتذہ کا خوف بچوں کی شخصیت اور تعلیم پر بہت بُرا اثر ڈالتا ہے۔

اگر جماعت کا ماحول دوستانہ ہو تو بہت ساری مشکلیں آسان ہوجاتی ہیں تمام بچے ذہنی طور پر ایک جیسے نہیں ہوتے ، کچھ بچے بات کو بہت جلدی سمجھ لیتے ہیں اور بعض بچوں کو کوئی بات سمجھنے میں دیر ہوسکتی ہے۔ بچوں کی ذہنی صلاحتیں مختلف ہوتی ہیں۔ بچوں کا گھر کا ماحول بھی بے انتہا اہمیت کا حامل ہے۔ گھر کا ماحول اگر گھٹن زدہ ہو، والدین میں ذہنی ہم آہنگی نہ ہو تو ایسے ابتر ماحول میں بچے سہمے ہوئے اور ڈرے ہوئے رہتے ہیں وہ پُر اعتماد طریقے سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے قابل نہیں ہوتے وہ ایک ایسے پھو ل کی طرح ہوتے ہیں جو کھِلنے سے پہلے ہی مُر جھا جاتا ہے ۔ اساتذہ کا فرض صرف یہ نہیں ہوتا کہ وہ بچوں کو تعلیم دیں بلکہ اُن کی ذہنی تربیت احسن طریقے سے کرنا بھی اُن کا فرض ہوتا ہے۔ کچھ اساتذہ ایسے بھی ہوتے ہیں جو ہمیشہ بچوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، طنز اور طعنہ زنی کرتے ہیں اور بار بار اُنہیں اس بات کا احساس دلاتے ہیں کہ وہ زندگی میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔

اساتذہ کو نرم دل، نرم مزاج ہونا ضروری ہے، تُند خو ا ساتذہ بچوں میں خوف کا سبب بنتے ہیں، انہیں اپنے رویوں میں لچک پیدا کرنی چاہئیے، کچھ اساتذہ ایسے بھی مشاہدے میں آئے ہیں جو اپنا سارا غصہ بچوں پر اُتارتے ہیں وہ جس ذہنی تنائو اور مشکلات سے گزر رہے ہوتے ہیں اس کا خمیازہ بچوں کو بھگتنا ہوتا ہے، اساتذہ میں عدم برداشت کا مادہ طالبِ علموں کو تعلیم سے دُور کردیتا ہے،ایک گھُٹن زدہ ماحول میں بچے درس و تدریس سے بہتر طور پر استفادہ حاصل نہیں کرسکتے۔ بچوں کی ذہنی صحت کو مقدم قرار دیا جانا چاہئیے۔ بچوں سے محبت و شفقت کا سلوک روا رکھا جانا ضروری ہے اگر ایسا نہ ہو تو وہ تعلیم اور اسکول سے دُور بھاگنے لگتے ہیں۔ بچوں سے سختی سے پیش آنے والے اساتذہ اُن کے دلوں میں جگہ نہیں بنا سکتے۔ ایک بہترین اُستاد بچوں کی بدلتی ہوئی کیفیات اور رویوں کو بہت جلدی محسوس کرلیتا ہے ۔ بچوں کی شخصیت اگر نہ سنور سکے، اُن میں اعتماد پیدا نہ ہوسکے ، وہ ایک سُلجھی ہوئی شخصیت نہ بن سکیں تو پھر ایسی تعلیم بے سود ہے، کچھ اساتذہ بچوں کی ظاہری حالت اور معاشی طور پر کمزور یا مستحکم طرزِ زندگی کو دیکھ کر ایسا رویہ اپناتے ہیں کہ جس سے ظاہر ہوجاتا ہے کہ وہ بچوں سے غیر متوازن اور امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہیں، اساتذہ کی ذہنی پستی بچوںکی شخصیت کو کمزور کردیتی ہے۔

بچوں کو جب سخت سزائیں دی جاتی ہیں تو وہ اسکول سے متنفر ہوجاتے ہیں اُنہیں پیار اور تحمل سے پڑھانا اساتذہ کے لئے بہت ضروری ہے، بچوں کو مارنا پیٹنا جہالت ہے، اساتذہ کو پُر وقار اورمتانت بھرا رویہ اپنانا چاہئیے، اساتذہ ایک ستون کی مانند ہیں، نئی نسل کا مستقبل اُن کے ہاتھوں میں ہے اس لحاظ سے اُن پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ بچوں کی ہر بات کو غور سے سُننا اور اُنہیں اہمیت دینا ضروری ہے، والدین کو بھی اپنے اعتماد میں لے کر بچوں کی نفسیات کے بارے میں جاننے کی کوشش کرنا ضروری ہے۔ زندگی کے راستے بے انتہا کٹھن ہیں اساتذہ اپنی بہترین حکمتِ عملی سے بچوں کی زندگی کو سنوار سکتے ہیں اُن کے لئے مشعل راہ بن سکتے ہیں۔ ایک بہترین اور حساس استاد بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فوراً پہچان لیتا ہے۔

اُن کی رہنمائی بچوں میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کرسکتی ہے اور وہ مستقبل میں بہترین اور کامیاب انسان بن سکتے ہیں۔ اُستاد وہ معمار ہے جو نئی نسل کو کامیابی کی اُس راہ پر گامزن کرتاہے جن کا خواب ہر والدین دیکھتے ہیں، ا ساتذہ اُن خوابوں کو تعبیر دے سکتے ہیں یا اُن خوابوں کو خواب ہی رہنے دے سکتے ہیں یہ اساتذہ پر منحصرہے، وہ ہماری اُمید ہیں، خوش قسمت ہوتے ہیں ایسے لوگ جنہیں بہترین اساتذہ ملے ، انہوں نے اپنے شاگردوں کی زندگی کے ویران اور اندھیرے راستوں میں ایسے روشن چراغ جلائے جو کہکشاں بن گئے… جو کہکشاں بن گئے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے