عرب پارٹیوں سے سبق

عرب پارٹیوں سے سبق

تحریر : توصیف القاسمی (مولنواسی)
مقصود منزل پیراگپور سہارنپور
واٹسپ نمبر 8860931450

حالیہ اسرائیلی الیکشن ( 27/ اکتوبر 2026 ) میں عرب سیاسی پارٹیوں کی جو اہمیت ابھر کر واضح ہوئی ہے اس نے دنیا بھر کے میڈیا کی توجہ حاصل کی اور سیاسی تجزیہ کاروں کو سوچنے پر مجبور کردیا اور سیاسی دنیا کے اس مقولے کو سچا کردیا ہے کہ سیاست میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہے In politics nothing is impossible and nothing is inevitable
پاکستان میں دونوں بڑی سیاسی پارٹیوں کو بائی پاس کرکے تحریک انصاف پاکستان (عمران خان ) کا اگست 2018 میں برسراقتدار آنا مذکورہ بالا سیاسی سچائی کو یقینی بناتا ہے ، افغانستان میں طالبان کا 15/ اگست 2022 کو دوبارہ قابض ہوجانا مضبوط سیاسی کاز اور انتھک محنت و کوشش کو بتلاتا ہے ۔ یہ سب واقعات بتلاتے ہیں کہ بھارت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سیاسی راہنما اگر سوچ سمجھ کر آگے بڑھیں جہد مسلسل اور کیڈر بیس محنت کریں تو یہاں بھی مسلمانوں کی سیاسی طاقت بن سکتی ہے مگر عرب پارٹیوں کی طرح 80/ سال کا انتظار اور محنت بھی کرنی ہوگی ۔ بھارت میں مسلمانوں کی سیاسی پارٹی کوئی غلط یا مبنی بر جذبات فیصلہ نہیں ہے بلکہ ایک حقیقی ضرورت ہے اور یہ ضرورت آزادی کے بعد سے ہی ہے ۔
قارئینِ کرام ! بھارتی مسلمانوں اور اسرائیلی مسلمانوں کے مسائل تقریبًا ایک جیسے ہیں ، بلکہ بعض اعتبارات سے اسرائیلی مسلمانوں کے مسائل بھارتی مسلمانوں کے مسائل سے زیادہ چیلنج بھرے اور خطرناک ہیں ۔ مثلاً پورا اسرائیل عربوں کے خلاف متحدہ منصوبہ رکھتا ہے ، غزہ پٹی کی تباہی میں تمام اسرائیلی پارٹیوں اور حکام نے متحدہ طور پر ساتھ دیا ، اسرائیل کسی بھی انٹرنیشنل دباؤ کو قبول نہیں کرتا ، امریکہ یہودی لابی کی مٹھی میں ہے ، اسرائیل کے سامنے کوئی بھی ایسا دشمن نہیں جس کا وہ پریشر محسوس کرے ، وغیرہ وغیرہ ۔ بھارتی مسلمان اس قسم کی یکطرفہ طاقتور دیوار سے لگے ہوئے نہیں ہیں ، بالفاظ دیگر بھارتی مسلمانوں کا دشمن ایک کمزور دشمن ہے اور ہر اعتبار سے کمزور ہے وہ نظریاتی سماجی اور سیاسی ہر اعتبار سے کمزور ہے وہ اندرونی اور بیرونی دباؤ قبول کرتا ہے وغیرہ وغیرہ ۔ یہ موضوع ایک تفصیلی تقابلی تجزیہ چاہتا ہے جس پر گفتگو ہونی چاہیے ، خیر !
قارئین کرام ! بعض لوگ ( جن میں ابوالکلام آزاد سے لیکر مولانا وحیدالدین خان تک کے سلجھے ہوئے دانشوران ہیں) طویل اعداد و شمار اور مسلم اکثریتی علاقوں کی لسٹ پیش کرتے ہیں اور پھر غلط مقدمات پر مبنی ایک منطقی تجزیہ کے ذریعے یہ بتانے کی کوشش کرتے ہیں کہ بھارت میں مسلم پارٹی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا اور اس کے نقصان ہی نقصان ہیں ۔ کیوں کہ 80/ فیصد کے مقابلے میں 20/ فیصد کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکتے ، مسلمان کچھ بھی کرلیں وہ پورے ملک میں بمشکل 27/ سیٹوں تک پہنچ سکتے ہیں ۔ حقیقت یہ ہے کہ اس قسم کے تمام تجزیے غلط فہمی پر مبنی ہیں ، اس غلط فہمی کی دو اہم بنیادیں ہیں ایک تو یہ کہ بھارت میں ہندو 80/ فیصد ہیں ، دوسرے یہ کہ یہ لوگ مسلم پارٹی کا مطلب طالبانائزیشن لیتے ہیں اور پھر تجزیہ کرتے ہیں ، تحقیق و تجزیے کی دونوں ہی بنیادیں غلط ہیں ۔ بھارت میں ہندو اکثریت میں نہیں ہیں کیونکہ آج تک کوئی بھی محقق ہندو کی تعریف متعین نہیں کرسکا ، لفظ ”ہندو “ کی مختلف تعریفوں کے اعتبار سے کبھی مسلمان بھی ہندوؤں کے زمرے میں آجاتے ہیں اور کبھی ہندو صرف 15/ فیصد بچتے ہیں تو کبھی 80/ فیصد ہوجاتے ۔ یعنی 80/ فیصد کے جھوٹے بھرم کو توڑا جاسکتا ہے اور بی جے پی آر ایس ایس اس خطرے کو بھلی بھانتی جانتے ہیں ۔ یہ ہی حال مسلم پارٹی کے مطلب کا ہے ۔
مسلم پارٹی کا مطلب طالبانائزیشن نہیں ہے بلکہ مراد بنیادی انسانی حقوق کے چیپٹر کو قبول کرتے ہوئے مظلوموں کا اتحاد ہے ، خواہ وہ کسی بھی سماج اور مذہب سے تعلق رکھتے ہوں ۔ مسلم قیادت کے خواہاں تمام سیاسی و مذہبی دانشوران کو اپنا موقف پوری مضبوطی اور طاقت سے رکھنا چاہیے ۔
14/ نومبر 2026

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے