از قلم: مفتی محمد سلمان قاسمی
استاذ ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد
سنت و فیشن میں دن و رات کا تضاد ہے،آج فیشن کے نام پر جتنی بھی چیزیں متعارف اور سماج میں رائج ہیں ان میں کی اکثر چیزیں کسی مسنون عمل کے متصادم ہوتی ہیں،مغربی نظام مسلمانوں کی ذہنیت کو پراگندہ، ان کے افکار کو آلودہ اور ان کو اسلامی نظام سے منحرف کرنے کے لیے نت نئے حربے استعمال کرتا آرہا ہے،بود و باش، لباس و پوشاک حتی کہ رہن سہن میں بھی اس نے اپنے حیا سوز اور اخلاق باختہ نظام حیات کو رواج دے کر مسلمانوں کی روحانیت کو مخدوش و متاثر کیا ہے؛پھر جو چیزیں اسلامی شعائر کا حصہ ہیں، جن سے اسلام کی عظمت آشکارا ہوتی ہے ان کو بھی اپنی اصلی ہئیت سے ہٹاکر اپنے فاسد تمدنی روایات کو ان میں داخل و شامل کیا ہے۔
اسلام میں عورت بحیثیت ذات نہایت محترم اور نفیس شئی ہے،اسی لیے شریعت محمدیہ میں عورتوں کے تئیں نازک ارشادات وارد ہوئے ہیں، اس کی پرسنل لائف سے لے کر عائلی زندگی تک، پھر سماجی اور معاشرتی امور کی بھی مکمل راہنمائی کی گئی ہے، زیبائش و آرائش اور لباس و پوشاک کے تمام احکام مستقل طور پر بیان کیے گئے ہیں حتی کہ بیشتر علماء نے فقہ النساء کے عنوان پر درجنوں کتب تصنیف کیے ہیں۔ الغرض عورتوں کے لباس و حجاب اور شرعی پردہ پر اسلام میں خوب زور دیا گیا ہے، اس کو حتی المقدور ایک قابل حرمت و قابل حفاظت شئی کی طرح محفوظ اور سیکیور رہنے کی ترغیب دی گئی اور اس کو زینت محفل نہیں بلکہ سکون منزل قرار دیا۔ محفلوں کی آرائش کے لیے نہیں بلکہ نسلوں کی آبیاری کا ذریعہ بتایا۔اس سے یکسر مخالف مغربی نظام نے مردوں کی کشش اور کاروبار کی نمائش کے لیے سر بازار عورت کا پرچار کیا، اس کے جسمانی ساز و ساخت کی جلوہ گری کرتے ہوئے سرعام اس کی آبرو کو نیلام کیا۔ اس سے ساتر و باحیا لباس کو چھین کر نیم عریاں اور شہوت انگیز لباس کی اہمیت کو اس کے دل میں بٹھایا۔ طرفہ تماشہ یہ کہ اس آبرو ریزی کو آزادی نسواں کا پرفریب لیبل لگا کر صنف نازک کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، چوں کہ آج دنیا مغرب کے چنگل میں ہے نتیجتاً رائج مغربی کلچر اور یورپین طرز زندگی کے زیر اثر اسلامی نظام اور مسلم سوسائٹی بہت خطرناک طریقے سے درہم برہم ہو گئی ہ اور ہماری بہت ساری بہنیں اور مسلم خواتین اس کے زہریلے اثر سے اپنی تہذیب کو یا تو خیر آباد کہہ چکی ہیں یا دھیرے دھیرے اس سے ہٹتی جا رہی ہیں۔
بے حیائی و بے حجابی کو فروغ دینے میں مغرب کے آلات کار:
(١) فلم انڈسٹری: آج کل فلموں اور سیریلوں میں اداکاراؤں اور ہیروئنز کو فیشن ایبل لباس اور نیم عریاں ڈریسنگ میں دکھا کر عورت کی ذہنیت کو پراگندہ کیا جا رہا ہے بالخصوص مسلمان بہنیں پاکستانی ڈراموں میں اداکاراؤں کے ڈریسنگ سٹائل اور بلا تکلف مردوں سے اختلاط اور بے حجاب رہنے کو فطری اختیار نیچرل رائیٹ سمجھ رہے ہیں کیونکہ وہ سارے مسلم چہرے ہیں تو ان کے ذریعے اس بے حجابی کا فروغ پانا اور بھی آسان ہو گیا ہے چنانچہ بہت ساری وہ بہنیں جو کبھی برقعہ پہنتی تھیں اور چہرے کا پردہ کیا کرتی تھیں بلا تکلف مردوں سے بات چیت کرنے لگی ہیں اور برقعے کو غیر ضروری یا کم از کم چہرے کو پردے سے خارج سمجھ کر کھلا رکھ کر پھرنے لگی ہیں۔
(٢) فیشن انڈسٹری: ڈریسنگ سسٹم میں جو تغیر افتاد ہوا ہے اس میں ایک بڑا کردار فیشن انڈسٹری کا ہے۔ یہ انڈسٹری ایسے سیلیبرٹیز کو جن کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالورز ہوتے ہیں ایک خطیر رقم دے کر طرح طرح کے لباسوں میں پوسٹ کرنے کو کہتی ہے تاکہ ان کے برانڈز کا ایڈ اور پروموشن ہو، آج لڑکیوں کا ایک بڑا طبقہ سوشل میڈیا پر وقت گزاری کرتا ہے تو اِن سیلیبرٹیز کے پوسٹس دیکھ کر ان کے ڈریسنگ سٹائل اور زیب و زینت کے لیے استعمال کیے جانے والے اسباب و ذرائع سے غیر محسوس طریقے پر وہ متاثر ہورہی ہیں،پھر جب وہ اس طرز زندگی کو اپنانا چاہتی ہیں تو ان کے تحفظ کے لیے قائم کردہ اسلامی احکام ایک طرح کی جبری پابندیاں محسوس ہونے لگتی ہیں جو کہ نہایت خطرناک چیز ہے۔ بعض مرتبہ اس سے انسان کا اسلام بھی چلا جاتا ہے اور اس پر توبہ کر کے دوبارہ کلمہ پڑھنا لازم ہو جاتا ہے۔
(٣) عربین فیشن کا سائڈ ایفیکٹ: یہ بات حقیقت ہے کہ دین محمدی کی یہ فغاں حجاز مقدس سے بلند ہوئی ہے اور عربوں کی محنت سے ہی اسلام ساری دنیا میں عام ہوا ہے،اس کا فطری اثر یہ ہوا کہ ہمارے سماج میں عربین ممالک کو اسلامی ممالک اور وہاں کی رائج چیزوں کو اسلامی کلچر کا حصہ سمجھا جاتا ہے جبکہ خطرناک حقیقت یہ ہے کہ اس وقت عالمِ عرب پنجۂ یہود میں جکڑا ہوا ہے، اہل مغرب بڑے چال باز ہیں، وہ ہر جگہ ایک طرح کی گمراہی کو فروغ نہیں دیتے بلکہ علاقائی ذوق و مزاج کی رعایت کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جاتا ہے۔ چنانچہ عرب کو مکمل طور پر بے لباس کرنے کے بجائے انہوں نے عرب فیشن کا ٹرینڈ چلایا، اولًا تو چہرے کے پردے کو غیر ضروری اور غیر اہم سمجھ کر ختم ہی کر دیا گیا پھر ان کی پشت پناہی کرنے کے لیے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر ایسے سکالرز بھی ہیں جو بے ہنگم دلیلوں کے ذریعے چہرے کے چھپانے کو حجاب سے باہر ایک اضافی چیز یا زیادہ سے زیادہ مستحب بتاتے ہیں جبکہ دیکھا جائے تو منبع فساد اور بگاڑ کی جڑ چہرے کا ہی حسن ہے۔ اب ان سکالرز کی اسپیچیس اور عرب فیشن کے بڑھتے ٹرینڈ سے برصغیر کی خواتین اور مسلم دوشیزائیں بھی دھیرے دھیرے فیس پیس کو اپنے برقع سے خارج کر رہی ہیں اور جسم پر ایک برقعہ ڈال لینا کافی سمجھ رہی ہیں۔دوسری بات: عرب خواتین کے ایسے لباس جو بظاہر پورے جسم کو چھپانے والے ہوتے ہیں لیکن اتنے چست اور ٹائٹ ہوتے ہیں کہ جسم کے تمام اعضاء اور بدنی ساخت خوب عیاں ہوتی ہے۔ تیسری بات: برقع کا رنگ کالا یا نہایت گہرا ہونا چاہیے نیز وہ جاذب ڈیزائننگ چمکیوں موتیوں اور بیل بوٹوں سے صاف ہونا چاہیے۔ اس لیے کہ یہ ساری چیزیں ایسی ہیں جس سے مرد کی نگاہ عورت کی طرف مائل ہوتی ہے جبکہ گہرے اور سیاہ رنگ کو ناقابل التفات سمجھا جاتا ہے مگر عربین فیشن کے نام پر رنگ برنگے برقعے اعلی سے اعلی ڈیزائننگ اور چمکدار کپڑوں کے ساتھ بازار میں آگئے ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ آج کل کے برقعے عورتوں کے اندرونی ڈریسنگ سے زیادہ مردوں کی نگاہ کے لیے کشش اور جاذبیت کا سبب بن رہے ہیں، یہ گویا برقع اور حجاب کے مقصد کے سراسر مخالف اور برعکس ہے، برقع اس لیے مشروع ہے کہ مردوں کی نگاہ کو عورت سے پھیر دی جائے، ان کی نگاہ سے بچا جائے۔ الٹا اور بھی زیادہ ان کی توجہات کا ذریعہ بن رہا ہیں۔
ایسے اور بھی ذرائع و مفاسد ہیں جو مسلم سماج میں در آئی ہیں اور ہماری ایمانی بہنوں کے اوپر تہذیبی دور پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ گھر کے مرد جو کہ اسی نظام باطل کے عادی ہو گئے ہیں اپنی عورتوں کی ان حرکتوں کو بالکل معیوب نہیں سمجھ رہے ہیں اور نہ انہیں ان چیزوں سے روک رہے ہیں بلکہ عورتیں اور بچیاں اپنے شوہر، بھائی اور باپ کی ساتھ جا کر ٹائٹ اور جسم سے چسپاں ہونے والے کپڑوں کی خریداری کرتی ہیں،بلکہ بعض مرتبہ گھر کے مرد اپنی خواتین کو ایسا فیشن ایبل برقع گفٹ کرتے ہیں جس میں حجاب کم اور فیشن پرستی زیادہ ہو،یہ کس قدر بے غیرتی ہے کہ وہ اپنی حاکمیت کا فریضہ ادا کرنے کے بجائے خود ہی ان چیزوں کے محرک اور معاون بن رہے ہیں۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے لگتا ہے کہ اکبر الہ آبادی نے بجا کہا ہے:
بے پردہ کل جو آئیں نظر چند بیبیاں
اکبرؔ زمیں میں غیرتِ قومی سے گڑ گیا
پوچھا جو میں نے آپ کا پردہ وہ کیا ہوا
کہنے لگیں کہ عقل پہ مردوں کے پڑ گیا
اس ناگفتہ بہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ ضروری ہدایات و احکام شرعی مزاج کی روشنی میں ملاحظہ فرمائیں۔ ہر مرد کی ذمہ داری اور ہر عورت کا شرعی فریضہ ہے کہ وہ ان چیزوں کی پاسداری کرے۔
١- عورت کا لباس کیسا ہونا چاہیے؟
شریعتِ مطہرہ نے عورت کے لباس کے سلسلے میں چند بنیادی حدود اور شرعی ضوابط مقرر کیے ہیں، جن کی رعایت ہر مسلمان عورت کے لیے ضروری ہے۔ ان میں سے ایک اہم ضابطہ یہ ہے کہ عورت کا لباس اتنا مختصر، چست یا باریک نہ ہو کہ اس کے جسم کے وہ اعضاء نمایاں ہوجائیں جن کا چھپانا شرعاً واجب ہے۔ اسی طرح لباس میں کفار، فساق اور فیشن پرست عورتوں کی مشابہت نہ پائی جائے، نہ ہی وہ مردانہ وضع قطع کا ہو کہ مردوں سے مشابہت لازم آئے۔ مزید برآں، لباس کا مقصد فخر و مباہات، ریاکاری یا زیب و زینت کی نمائش نہ ہو۔ ان شرعی اصولوں کی روشنی میں واضح ہوتا ہے کہ ایسا چست لباس پہننا جس سے عورت کے جسمانی خدوخال نمایاں ہوں، ناجائز ہے۔ اس طرح کا لباس شوہر کے علاوہ دیگر محارم کے سامنے پہننا بھی جائز نہیں، چہ جائے کہ اسے غیر محرم مردوں کے سامنے زیبِ تن کیا جائے۔
٢- مردوں کو مائل کرنے والے لباس پر جنت سے محرومی کی وعید:
رسول اللہ ﷺ نے بے حیائی اور عریانی پر مبنی لباس اختیار کرنے والی عورتوں کے بارے میں سخت وعید بیان فرمائی ہے۔ چنانچہ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا: «صِنْفَانِ مِنْ أَهْلِ النَّارِ لَمْ أَرَهُمَا… وَنِسَاءٌ كَاسِيَاتٌ عَارِيَاتٌ، مُمِيلَاتٌ مَائِلَاتٌ، رُؤُوسُهُنَّ كَأَسْنِمَةِ الْبُخْتِ الْمَائِلَةِ، لَا يَدْخُلْنَ الْجَنَّةَ وَلَا يَجِدْنَ رِيحَهَا» (صحیح مسلم) یعنی جہنم میں جانے والے دو گروہ ایسے ہیں جنہیں میں نے نہیں دیکھا، ان میں ایک ان عورتوں کا گروہ ہے جو لباس پہننے کے باوجود برہنہ ہوں گی، خود بھی (گناہ کی طرف) مائل ہوں گی اور دوسروں کو بھی مائل کریں گی، ان کے سر بختی اونٹوں کی جھکی ہوئی کوہانوں کی مانند ہوں گے، وہ نہ جنت میں داخل ہوں گی اور نہ اس کی خوشبو پائیں گی۔ اس حدیثِ مبارکہ میں ان عورتوں کے لیے نہایت سخت وعید بیان کی گئی ہے جو لباس پہننے کے باوجود ستر پوشی کے شرعی تقاضوں کو پورا نہیں کرتیں، بلکہ باریک، چست، مختصر اور جسمانی خدوخال کو نمایاں کرنے والے لباس کے ذریعے گویا عریانی اور بے حیائی کو فروغ دیتی ہیں۔ لہٰذا مسلمان عورت کے لیے ضروری ہے کہ وہ لباس کے انتخاب میں شرعی حدود کی مکمل رعایت کرے اور ایسے تمام ملبوسات سے اجتناب کرے جو حیا و عفت کے منافی اور بے پردگی کا ذریعہ ہوں۔
٣- برقع/حجاب کا کلر کیسا ہونا چاہیے؟
عورت کے لیے برقعہ اور پردے کا لباس بھی ایسا ہونا ضروری ہے جو ستر پوشی اور حجاب کے شرعی مقاصد کو پورا کرے۔ لہٰذا نقش و نگار سے مزین، بھڑکیلے رنگوں اور زیب و زینت سے آراستہ ایسا برقع پہننا درست نہیں جو خود توجہ اور کشش کا مرکز بن جائے اور نامحرم مردوں کو اپنی طرف متوجہ کرے۔ شرعی پردے کا تقاضا یہ ہے کہ برقعہ نہایت سادہ، ڈھیلا ڈھالا اور غیر جاذبِ نظر ہو، جس سے نہ عورت کے جسم کے نشیب و فراز اور اعضاء کی ساخت و ہیئت نمایاں ہو اور نہ اس کے اندر پہنا ہوا زنانہ لباس دکھائی دے۔ اس سلسلے میں حضرت مفتی محمد شفیع صاحبؒ نے امام جصاصؒ کا یہ قول نقل کیا ہے کہ جب قرآنِ کریم نے زیور کی آواز تک کو اظہارِ زینت میں شمار کرکے اس سے منع فرمایا ہے تو مزین اور رنگ برنگے برقعے پہن کر باہر نکلنا بدرجۂ اولیٰ ممنوع ہوگا۔ (معارف القرآن: ۶/۴۰۷)۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پردے کا مقصد محض جسم کو ڈھانپ لینا نہیں، بلکہ زینت کے اظہار اور نامحرموں کی توجہ کا سبب بننے والی ہر ایسی چیز سے اجتناب کرنا بھی ہے جو حیا و عفت کے منافی ہو۔
حجۃ الاسلام حضرت امام محمد بن محمد غزالیؒ کے فرمان کا خلاصہ یہ ہے کہ عورتوں کا محض چادر یا نقاب اوڑھ لینا پردے کے شرعی مقصد کی تکمیل کے لیے کافی نہیں، بلکہ اس بات کا لحاظ رکھنا بھی ضروری ہے کہ ان کا پردہ خود زینت اور کشش کا ذریعہ نہ بن جائے۔ چنانچہ بعض عورتیں ایسی سفید چادریں اوڑھتی ہیں یا خوب صورت اور جاذبِ نظر نقاب استعمال کرتی ہیں جو نامحرموں کی توجہ اپنی طرف مبذول کراتے ہیں، بلکہ بسا اوقات ان کے دلوں میں یہ خیال بھی پیدا کرتے ہیں کہ اگر یہ عورت اپنا چہرہ کھول دے تو شاید مزید حسین نظر آئے۔ اس طرح بظاہر پردے کا اہتمام کرنے کے باوجود لباس ہی توجہ اور شہوت انگیزی کا سبب بن جاتا ہے۔ لہٰذا عورت کے لیے ضروری ہے کہ وہ ایسا سادہ اور غیر جاذبِ نظر پردہ اختیار کرے جو زینت کی نمائش اور نامحرموں کی توجہ کا ذریعہ نہ بنے۔ مذکورہ قول میں مزید تنبیہ کی گئی ہے کہ جو عورت اس طرح کے جاذبِ نظر لباس کے ساتھ گھر سے باہر نکلتی ہے وہ گناہ کی مرتکب ہوتی ہے، اور اس کے والد، بھائی یا شوہر بھی، اگر اسے اس کی اجازت اور ترغیب دیتے ہیں، تو اس گناہ میں شریک ہوسکتے ہیں۔(کیمیاء سعادت ج2، ص 560)
٥-کالے رنگ کا برقع سلف سے ثابت ہے:
عورت کے لیے برقعے کا سیاہ رنگ ہونا شرعاً ضروری اور لازمی نہیں، بلکہ دیگر ایسے رنگوں کے برقعے بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں جو شوخ، بھڑکیلے اور جاذبِ نظر نہ ہوں اور زینت و نمائش کا ذریعہ نہ بنتے ہوں۔ تاہم سیاہ رنگ کا برقعہ زیادہ موزوں، باوقار اور پردے کے مقصد سے قریب تر ہے، کیونکہ پردے کا بنیادی مقصد عورت کے جسم اور زینت کو نامحرموں کی نگاہوں سے پوشیدہ رکھنا ہے، اور سیاہ رنگ عموماً اس مقصد کے حصول میں زیادہ مؤثر ہوتا ہے۔ مزید برآں، عہدِ صحابہؓ کی خواتین سے سیاہ چادریں اوڑھنے کا ثبوت بھی ملتا ہے۔ چنانچہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے منقول ہے کہ جب قرآنِ کریم کی یہ آیتِ مبارکہ نازل ہوئی: ﴿يُدْنِينَ عَلَيْهِنَّ مِنْ جَلَابِيبِهِنَّ﴾ (الأحزاب: ۵۹) یعنی ’’وہ اپنی چادروں کا کچھ حصہ اپنے اوپر لٹکا لیا کریں‘‘، تو انصار کی عورتیں اس طرح باہر نکلیں کہ ان کے سروں پر سکون و وقار کی وجہ سے گویا کوّے بیٹھے ہوئے معلوم ہوتے تھے اور انہوں نے سیاہ چادریں اوڑھ رکھی تھیں۔ (روح المعانی: ۲۲/۱۲۸، بحوالہ مصنف عبد الرزاق)
اس اثر سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابیات رضی اللہ عنہن نے حکمِ حجاب نازل ہونے کے بعد سیاہ چادروں کو اختیار کیا، جو ان کے عفت و حیا، پردہ داری اور سادگی کا مظہر تھا۔ اگرچہ اس اثر سے سیاہ رنگ کا وجوب ثابت نہیں ہوتا، تاہم پردے کے مقصد، صحابیات کے اس عملی نمونے اور سیاہ رنگ کی افادیت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سیاہ برقعے کا انتخاب زیادہ محتاط، بہتر اور قابلِ ترجیح ہے۔ لہٰذا مسلمان خواتین کے لیے مناسب یہی ہے کہ حتی الامکان سیاہ اور سادہ برقعہ استعمال کریں، تاکہ ان کا لباس خود زینت و آرائش اور نامحرموں کی توجہ کا سبب بننے کے بجائے پردے اور ستر پوشی کے حقیقی مقصد کو پورا کرنے والا ہو۔
٦- چہرے کا بھی پردہ کرنا چاہیے:
چہرے کے پردے کے سلسلے میں کچھ ساری عورتیں تشویش کا شکار رہتی ہیں بلکہ جن کو چہرہ کھلا رکھنا ہے وہ طرح طرح کی تاویل کرنے لگتے ہیں جب کہ شریعتِ مطہرہ میں عورت کے پردے کا بنیادی تقاضا یہ ہے کہ اس کا جسم اور زینت نامحرم مردوں کی نگاہوں سے پوشیدہ رہے۔ قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ نے عورتوں کو زینت کی نمائش سے منع کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
﴿وَقَرْنَ فِي بُيُوتِكُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاهِلِيَّةِ الْأُولَىٰ﴾ (الأحزاب: ۳۳)
اور جب کسی ضرورت کے تحت گھر سے باہر نکلنا ہو تو مکمل پردے کا حکم دیتے ہوئے فرمایا:
﴿يَا أَيُّهَا النَّبِيُّ قُلْ لِأَزْوَاجِكَ وَبَنَاتِكَ وَنِسَاءِ الْمُؤْمِنِينَ يُدْنِينَ عَلَيْهِنَّ مِنْ جَلَابِيبِهِنَّ﴾ (الأحزاب: ۵۹)
ترجمہ: اے نبی! اپنی بیویوں، اپنی بیٹیوں اور مسلمانوں کی عورتوں سے کہہ دیجیے کہ وہ اپنے اوپر اپنی چادریں لٹکا لیا کریں۔
اس آیت میں مذکور لفظ جلباب کی تشریح کرتے ہوئے علامہ آلوسیؒ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کا قول نقل کرتے ہیں:
«هُوَ الَّذِي يَسْتُرُ مِنْ فَوْقِ إِلَى أَسْفَلَ» (روح المعانی: ۱۱/۲۶۴)
یعنی جلباب ایسی چادر ہے جو اوپر سے نیچے تک پورے جسم کو ڈھانپ لے۔
اسی آیت کی تفسیر میں حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمان عورتوں کو حکم دیا کہ جب وہ کسی ضرورت سے باہر نکلیں تو اپنی چادروں کے ذریعے اپنے چہروں کو سروں کے اوپر سے ڈھانپ لیں اور صرف ایک آنکھ ظاہر رکھیں۔ (فتح القدیر: ۴/۳۵۲)
اسی طرح حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ جب یہ آیت نازل ہوئی تو انصار کی عورتیں اس طرح باہر نکلیں کہ ان کے سروں پر گویا کوّے بیٹھے ہوئے تھے اور انہوں نے سیاہ چادریں اوڑھ رکھی تھیں۔
«وَعَلَيْهِنَّ أَكْسِيَةٌ سُودٌ يَلْبَسْنَهَا» (فتح القدیر: ۴/۳۵۲)
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ صحابیات رضی اللہ عنہن نے حکمِ حجاب نازل ہونے کے بعد اپنے چہروں اور جسموں کو چادروں سے ڈھانپنے کا اہتمام فرمایا۔ چنانچہ عورت کے لیے گھر سے باہر نکلتے وقت ایسا ڈھیلا ڈھالا اور کشادہ برقع یا جلباب استعمال کرنا ضروری ہے جس سے اس کا پورا جسم اور چہرہ مستور رہے اور جسمانی خدوخال نمایاں نہ ہوں۔ راستہ دیکھنے کی ضرورت کے پیشِ نظر آنکھ کھلی رکھنے یا برقع میں آنکھوں کے مقام پر جالی رکھنے کی گنجائش ہے۔