اصلی دماغی نکسل تو سنگھی دہشت گرد ہیں

اصلی دماغی نکسل تو سنگھی دہشت گرد ہیں

اصلی دماغی نکسل تو سنگھی دہشت گرد ہیں

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

چھتیس گڑھ میں سی آر پی ایف اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ نکسل ازم (ماؤ ازم) کا خاتمہ ہی ملک کی آخری منزل نہیں ہے، بلکہ ملک کو اب بھی ’دماغی نکسل‘ عناصر کے چیلنج کا سامنا ہے، جنہوں نے کئی اداروں پر اپنا اثر و رسوخ قائم کرلیا ہے۔ مودی جی کے بیان کو غلط سمجھا گیا حالانکہ یہ انہوں نے صاف کہا تھا کہ دماغی نکسلوں نے کئی اداروں کو اپنے قبضے میں لے رکھا ہے ۔ یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ آر ایس ایس کا ہی بے شمار اداروں پر قبضہ ہے ورنہ سرکاری کارخانے سے اتنا سارا اسلحہ چرانا ممکن نہیں تھا۔ وزیر اعظم کے مطابق یہ لوگ ملک کے آئین اور جمہوریت کے خلاف عوام کو اکسا رہے ہیں۔ آر ایس ایس کی آئین دشمنی جگ ظاہر ہے اور اب تو وہ زبانی جمع خرچ پر اکتفاء کرنے کے بجائے بندوق کی نوک پر مخالفت کو دبانے کے درپہ ہیں۔ یوگی تو دہلی کے اندر بول چکے ہیں کہ ’جو بولی سے نہیں مانتا اسے گولی سے منوا لیا جائے گا‘ کسی ریاست کا وزیر اعلیٰ اگر ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان دے سکتا ہے تو اس کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد اس پر عملدرآمد کیوں نہیں کرسکتے؟
سمراٹ چودھری اور یوگی ادیتیہ ناتھ جیسےجرائم پیشہ وزرائے اعلیٰ اپنی ریاست کو جرائم پاک کرنے کا جھوٹا دعویٰ کرتے ہیں لیکن مرکزی حکومت کے ذریعہ شائع شدہ رپورٹ اس کو منہ چڑھاتی ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیوروکی تازہ ترین رپورٹ (کرائم اِن انڈیا 2024) کے مطابق اتر پردیش (یو پی) کے جرائم کے اعداد و شمار اور درجہ بندی چونکانے والی ہے۔مجموعی طور پر دیکھیں تو حالت بہت خراب ہے۔ سال 2024 میں یو پی کے اندر کل 4,30,552 جرائم درج کیے گئے، جو ملک کے مجموعی جرائم (35,44,608) کا تقریباً 12.14% ہیں۔ اتر پردیش میں اوسطاً 180.2 فی لاکھ آبادی ریکارڈ کیا گیا۔ ان میں قتل کا تناسب 1.3 فی لاکھ آبادی ہے۔عصمت دری کی بات کریں یہ 2.8 فی لاکھ اور خواتین کے خلاف جرائم کا تو بہت ہی برا حال ہے کیونکہ یہ 58.0 فی لاکھ ہے اور کیوں نہ ہو جب سرکار خود کلدیپ سینگر جیسے ریپسٹ کو سزا سے بچانا چاہتی تو بدمعاشوں کو حوصلہ نہیں ملے گا تو کیا ہوگا؟ ویسے نئے زمانے کے جرائم مثلاً سائبر کرائم کے معاملے میں بھی یوپی کے اندر ہر ایک لاکھ 4.6 لوگ اس میں ملوث ہیں۔ ان اعدادو شمار پر شرمندہ ہونے کے بجائے اس کا قومی اوسط سے موازنہ کرکے فخر جتایا جارہا ہے ۔
یو پی کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کرشن نے اس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ کی ‘زیرو ٹالیرنس’ کی پالیسی اور پولیس کی بہتر کارکردگی کی وجہ سے ریاست میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ اترپردیش کے اندر خواتین اور دلتوں کے خلاف مقدمات ہی درج نہیں ہوتے بلکہ ایک مظلوم خواتین پولیس کے مظالم کا شکار بھی ہوجاتی ہیں ۔ اس کی تازہ مثال امسال ستمبر میں سامنے آئی ۔ا تر پردیش کے امروہہ میں ایک خاتون نے جو اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج کرایا وہ خون کے آنسو رلاتا ہے۔ مودی جی خوب سینہ پھلا کر کہتے ہیں کہ پہلے کانوڈ یاترا کو روکا جاتا تھا اب کھلی چھوٹ ہے بلکہ پھول برسائے جاتے ہیں ۔ درگا کے جلوس کی اجازت نہیں ملتی تھی مگر اب اس کھلی چھوٹ ہے تو انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اس بدقسمت لڑکی کو بھی دھارمک یاترا کے بہانے ساتھ لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق ہریانہ کے فتح آباد کی رہنے والی خاتون کو مذہبی مقامات کی سیر کے بہانے امروہہ لایا گیا، جہاں ایک فارم ہاؤس میں اس کے ساتھ مبینہ طور پر جنسی زیادتی کی گئی۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ایسا کرنے والے کوئی ’لوجہادی‘ نہیں تھے۔ اس معاملے میں دو یوپی پولیس اہلکار اور دو نیم فوجی دوستے سی آر پی ایف کے اہلکار گرفتار کیے گئے۔ ایسے میں امر پریم فلم کا مشہور نغمہ یاد آتا ہے؎
منجدھار میں نیاّ ڈوبے تو مانجھی پار لگائے مانجھی جو ناو ڈبوئے اسے کون بچائے
اس بدقسمت خاتون کی مالاقات امسال 21 ستمبر کو سونی پت میں سی آر پی ایف کے ہیڈ کانسٹیبل سےہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ سی آر پی ایف کے ایک انسپکٹر کے ساتھ امروہہ پہنچی، جہاں حسن پور تھانے میں تعینات سب انسپکٹر بھی ان کے ساتھ شامل ہوگیا۔ اس خاتون کو کیا پتہ تھا کہ دھرم کی آڑ میں یہ درندے اسے فارم ہاؤس لے جاکر کھانے ساتھ اور شراب پلاکر اس کی عزت تار تار کردیں گے۔ اس مظلوم خاتون نے اپنے ساتھ یکے بعد دیگرے تین افراد کے ذریعہ زیادتی کرنے کا الزام لگایا۔ آگے چل کر جب چوتھا شخص بھی مبینہ کوشش کے لیے آگے بڑھا تو اس خاتون نے خود کو کمرے میں بند کر لیا اور پولیس کو فون کیا۔پولیس کی ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور خاتون کو وہاں سے بحفاظت باہر نکالا۔ چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 70(1) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یوپی پولیس کے دونوں اہلکاروں کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی شروع کی گئی ہے، جبکہ سی آر پی ایف اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لیے رپورٹ ان کے متعلقہ ہیڈکوارٹرز کو بھیجی گئی ہے۔
اس معاملے کا ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہے کہ وہ فارم ہاؤس کسی انڈر ورلڈ ڈان کا نہیں بلکہ اتراکھنڈ کے خانپور سے آزاد رکن اسمبلی امیش شرما سے منسوب بتایا گیا ہے۔ امیش شرما نے واقعے سے خود کو الگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کے وقت وہ لینڈھورا میں ایک روڈ شو اور عوامی پروگرام میں موجود تھا۔ اس نے فارم ہاؤس میں پولیس اہلکاروں کے داخلے کے حوالے سے بھی سوال اٹھایا۔ کیا یہ کوئی قابلِ یقین تردید ہے۔ موجودہ دور میں کسی رکن اسمبلی کا حفاظتی دستہ اس قدر بزدل اور غافل ہوسکتا ہے کہ اس کے مکان میں کوئی بھی گھس جائے اور انہیں اعتراض تک نہ ہو۔ وہ اپنے مکان مالک کو فون کرکے نہ بتائیں۔ پولیس تھانے میں جاکر شکایت نہ درج کرائیں۔ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ان بدمعاشوں کو اس برے کام کے لیے کوئی اور مقام کیوں نہیں ملا؟ انہوں نے اسی مکان کا انتخاب کیوں کیا؟ ان کو ایسا کرنے میں خوف کیوں محسوس نہیں ہوا۔ دوسروں کی حکومت کو جنگل راج کہنا اور خود اس طرح کی حرکتیں روکنے میں ناکام ہوجانا کیا رام راج ہے؟
اترپردیش کی زمینی حقیقت یہ ہے کہ وہاں عتیق احمد اور اشفاق احمد کا پولیس کی حراست میں قتل ہوجاتا ہے۔جگدیپ سینگر جیسے عصمت دری کے مجرم اور قاتل کو بچانے کے لیے یوپی حکومت عدالت میں گہار لگاتی ہے۔ اخلاق احمد کوہجومی تشدد میں قتل کردینے والے سارے مجرموں کے مقدمات کمزور کردئیے جاتے ہیں۔ ابھی فی الحال اتر پردیش کے رامپور میں سی آر پی ایف گروپ سینٹر پر ہونےوالے دہشت گردانہ حملے کے معاملے میں ایک بڑا واقعہ سامنے آگیا۔ اس حملے کے کیس میں رامپور کی سیشن کورٹ سے پھانسی کی سزا پانے والےمحمد شریف کوہائی کورٹ نے بری کر دیا۔ان کے بیٹے کا الزام ہے کہ پولیس کے بلانے پر وہ اپنے والد کو تھانے لے کر گیا تھا اور وہاں سے واپس لوٹتے وقت موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے ان پر گولیاں برسا دیں۔ اس قتل کی واردات نے کئی سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ۔یہ معاملہ سال 2007 جبکہ دہشت گردوں نے نئے سال کے آغاز پر یکم جنوری 2008 کو علی الصبح تقریباً 2 بج کر 15 منٹ پر اے کے-47، اے کے-56 اور ہینڈ گرینیڈ سے لیس ہو کر سی آر پی ایف کیمپ پر حملہ کر دیا تھا سے متعلق ہے۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے چھ جوان اور ایک رکشہ ڈرائیور ہلاک ہو گیا تھا۔
اس معاملے میں پولیس نے محمد شریف سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا تھا۔محمد شریف کو سیشن کورٹ نے مجرم قرار دیتے ہوئے پھانسی کی سزا سنائی تھی۔ تاہم، بعد میں ہائی کورٹ نے انہیں اس حملے کے الزام سے بری کر دیا تھا۔ آرمز ایکٹ (اسلحہ ایکٹ) کے مقدمے میں ان کی سزا برقرار رہی تھی۔ سزا مکمل ہونے کے بعد تقریباً ایک سال قبل وہ بریلی سینٹرل جیل سے رہا ہوئے تھے۔ اب قتل کی اس واردات کے حوالے سے مقتول کے بیٹے ابو واحد کا کہنا ہے کہ بنٹی نامی ایک پولیس اہلکار نے فون کر کے اس کے والد کوویریفکیشن اور میٹنگ کی بات کہہ کر دونوں کو تھانے بلایا۔ وہاں ملاقات نہیں ہو سکی اور کچھ دیر بعد انہیں واپس بھیج دیا گیا۔ تھانے سے نکلنے پر تقریباً 500 میٹر دور پہنچتے ہی سفید رنگ کی اپاچی بائیک پر سوار دو نقاب پوش بدمعاش پیچھے سے آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ ابو واحد نے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والد کے لیے انصاف چاہتا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (SP) انیل کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ بیٹے کی تحریری شکایت (تحریر) کی بنیاد پر مقدمہ درج کر کے آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پولیس تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئےقتل کے پیچھے وجہ جاننے کی کوشش کرے گی۔یہاں دو سوال اہم ہیں کیا اس قتل میں آر ایس ایس کے دہشت گرد ملوث نہیں ہوسکتے اور اس کے ثبوت مل گئے تو کیا انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا؟ اتر پردیش کے جرائم سے پاک ہونے کی حقیقت یہ ہے کہ دہلی کے جنتر منتر پر مظاہرہ کرنے والے طلبا اور نوجوانوں کے ساتھ مارپیٹ کرنے والے چنکی چودھری جیسے سارے بدمعاش یوگی کے اترپردیش میں ہی پناہ گزین ہیں۔ ا وزیر اعظم خود اعتراف کرتے ہیں کہ ان ’دماغی نکسل‘ عناصر نے کئی سیاسی جماعتوں اور مختلف اداروں میں بھی اپنی جگہ بنالی ہے۔ سارے ادارے چونکہ بی جے کے قبضۂ قدرت میں ہیں اس لیے دیر کس بات کی ؟ یہ کہنے کی ضرورت ہی کیا ہے کہ’ ہمیں ان کی شناخت کرنی ہوگی، انہیں شکست دینی ہوگی اور ملک کی سلامتی کو یقینی بنانا ہوگا۔سنگھی دہشت گرد فی الحال قومی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔وزیر اعظم کی یہ بات درست ہے کہ ا ٓج کی کامیابیاں ہمیں حوصلہ دیتی ہیں، لیکن یہ سفر کا اختتام نہیں ہے۔لیکن کیا وہ ملک میں امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے خود اپنے سنگھ پریوار کے خلاف کارروائی کرنے کا خطرہ مول لیں گے۔ اگر نہیں تو اس زبانی جمع خرچ سے کچھ بھی حاصل نہیں ہے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے