اسرائیل کے ساتھ تجارتی روابط انسانی اقدار اور ہندوستان کی دیرینہ فلسطین پالیسی کے منافی

اسرائیل کے ساتھ تجارتی روابط انسانی اقدار اور ہندوستان کی دیرینہ فلسطین پالیسی کے منافی

اسرائیل کے ساتھ تجارتی روابط انسانی اقدار اور ہندوستان کی دیرینہ فلسطین پالیسی کے منافی
پر امن احتجاج کرنے والے نوجوانوں اور ایس آئی او کے ذمہ داران کی گرفتاری و ہراسانی ناقابلِ قبول
حکومت تلنگانہ سے اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرنے امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین کا مطالبہ

—–

حیدرآباد (16،نومبر2026) : امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہرالدین نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تجارتی و دیگر تعلقات استوار کرنے کی کوششوں پر تشویش اور سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ایسے وقت میں تجارتی روابط کو فروغ دینا، جب فلسطین میں معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے، انسانی اقدار، اخلاقی اصولوں اور انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔اپنے جاری کردہ صحافتی بیان میں جناب محمد اظہرالدین نے کہا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں فلسطین کے منصفانہ مسئلے کی حمایت ایک طویل تاریخی روایت رہی ہے۔ ایسے میں ریاستی حکومت کی جانب سے اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی اور معاشی روابط کو فروغ دینے کے اقدامات کئی سوالات پیدا کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں حکومتوں کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف جاری مظالم میں ملوث اداروں اور کمپنیوں کو بالواسطہ یا بلاواسطہ تقویت پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین نے تلنگانہ حکومت کے ان اقدامات کے خلاف جمہوری اور پُرامن انداز میں احتجاج کرنے والے اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) تلنگانہ کے ریاستی ذمہ داران اور دیگر نوجوانوں کو پولیس کی جانب سے حراست میں لیے جانے، تقریباً سات گھنٹوں تک پولیس کی تحویل میں رکھنے اور ریاست کے مختلف مقامات پر نوجوانوں کو ہراساں کیے جانے کی بھی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کے فیصلوں پر اختلافِ رائے ظاہر کرنا کوئی جرم نہیں ہے۔ پرامن احتجاج اور اپنے موقف کے اظہار کا حق ہندوستانی جمہوریت کی بنیادی روح اور آئینی اقدار کا حصہ ہے۔ اس حق کو طاقت، گرفتاریوں اور پولیس کارروائیوں کے ذریعے دبانے کی کوششیں نہ صرف افسوس ناک ہیں بلکہ جمہوری روایات کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔

امیرحلقہ نے ریاستی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ کیے جانے والے تمام تجارتی، معاشی اور دیگر معاہدات و روابط کا فوری جائزہ لے اور ایسے تمام اقدامات سے دستبردار ہو جو انسانی حقوق اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے اصولوں سے متصادم ہوں۔ جناب محمد اظہرالدین نے حکومت کو متوجہ کیا کہ عوامی جذبات اور انسانی حقوق کے حوالے سے حساس معاملات میں یکطرفہ فیصلے کرنے کے بجائے عوامی رائے اور اخلاقی ذمہ داریوں کو اہمیت دی جانی چاہیے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ تجارتی روابط کے فروغ سے گریز کرے، پرامن احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے خلاف پولیس کارروائیوں اور ہراسانی کا سلسلہ فوری بند کرے اور جمہوری حقوق کے احترام کو یقینی بنائے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے