نیتن یاہو: ٹاٹا بائی ،جیل کی ہوا کھاو

نیتن یاہو: ٹاٹا بائی ،جیل کی ہوا کھاو

نیتن یاہو: ٹاٹا بائی ،جیل کی ہوا کھاو

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

اسرائیل کے انتخابی نتائج میں نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی نے سب سے زیادہ 27؍ نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ آئزن کوٹ کی یاشر کو صرف 21؍ نشستیں ملی۔ اسی طرح نیتن یاہو کے اتحاد کے ساتھ جہاں 53 ؍ارکان پارلیمان ہیں وہیں آئزن کوٹ کے محاذصرف 48؍ ممبرس پر اکتفاء کرنا پڑا ۔ اس لیے ہر دو لحاظ سے سابق وزیر اعظم ہی کو حکومت سازی کی دعوت ملنی چاہیے تھی ۔ بنیامین نیتن یاہو خود کو جیل جانے سے بچانے کی خاطر قومی حکومت بنانے پر بھی راضی ہوگئے تھے یعنی نصف مدت وہ اور بقیہ آئزنکوٹ لیکن ان کی صدا بصحرا ثابت ہوئی کیونکہ فی الحال کوئی ان کے ساتھ کھڑا ہونا ہی نہیں چاہتا ۔ اس طرح اسرائیل میں سب سے طویل عرصہ حکومت کرنے والا درندہ اچانک تنہائی کا شکار ہوگیا۔ اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ نے جو پہلے سیاسی رہنماوں سے کہہ چکے تھے کہ وہ حکومت سازی کے عمل میں مفاہمت سے کام لیں اچانکاپنی رائے سے رجوع کرلیا ۔ اس موقع پر انہیں شدید سیاسی تقسیم کا شکار ماحول میں ایک اہم فیصلہ کر نا تھا کہ آیا حکومت بنانے کا پہلا موقع وزیرِ اعظم نتن یاہو کو دیا جائے یا ان کے حریف گاڈی آئزن کوٹ کو اور بلآخر انہوں نے نیتن یاہو کو جھڑک دیا ۔ نیتن یاہو کی اس رسوائی کا سہرا عرب سیاسی جماعتوں اور ان کے رائے دہندگان کے سر ہے جنہوں نے مایوسی کا شکار ہوئے بغیر ایک ظالم حکمراں کو سبق سکھا دیا۔

اسرائیلی صدر نے اس حقیقت کا اعتراف کرتے ہوئے کہ حالیہ انتخابات میں کوئی واضح فاتح سامنے نہیں آیا عرب جماعتوں کے خلاف "نسل پرستانہ” بیان بازی کی مذمت کرکے یہ عندیہ دے دیا تھا کہ وہ نیتن یاہو کے دباو میں نہیں آئیں گے ۔عرب پارٹیوں کے خلاف نیتن یاہو کے غیر ذمہ دارانہ بیان کی مذمت کرتے ہو ئے صدر ہرزوگ نے ان کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ اسرائیل کی کل آبادی کا تقریباً 20 فیصد عرب اقلیت کا "بہت احترام” کرتے ہیں۔ نیتن یاہو سے دو قدم آگے انتہائی قوم پرست وزیر برائے قومی سلامتی اتمار بین گویر نے تو کہا تھا کہ ان کی پارٹی نتائج کو تسلیم نہیں کرتی اور انہوں نے عرب-اسرائیلی پارٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کا مطالبہ تک کردیا تھا مگر پاگل کی بات کون سنتا ہے۔ اس کے برعکس صدر نے واضح بیان میں کہا تھا کہ ، "میں حال ہی میں سامنے آنے والے غیر مہذب اور نسل پرستانہ تبصرون کی مذمت کرتا ہوں۔ اسرائیل میں کسی بھی برادری کے خلاف ایسی باتوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔” آئزن کوٹ نے وزیرِ اعظم کی لیکود پارٹی پر الزام لگایا ہے کہ وہ "جمہوریت کے خلاف ایک منظم اشتعال انگیز حملے” کی کوشش کر رہی ہے۔

نیتن یاہو کے الزمات کی تفتیش کرنے کے بعد اسرائیل سینٹرل الیکشن کمیٹی نے بتایا کہ شکایات موصول ہونے کے بعد 9,069 پولنگ سٹیشنز کا آڈٹ کیا گیا لیکن ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے انتخابی نتائج کی شفافیت پر سوال اٹھایا جائے۔ کمیٹی کے سربراہ جسٹس نوم سولبرگ نے کہا، حکام الزامات کی تحقیقات جاری رکھیں گے لیکن اس سے نتائج میں کوئی بنیادی تبدیلی نہیں آئے گی۔ انتخابی نتائج کے بعد گیانیش کمار کی مانند نیتن یاہو کے اشارے پر ناچنے والے سولبرگ نے جمہوریت کو کمزور نہ کرنے کی تنبیہ فرمادی۔ وہ بولے "ایک بات پر ہمیں متفق ہونا چاہیے کہ قانونی طور پر طے پانے والے انتخابی نتائج کا احترم سب پر لازم ہے۔”انتخابی کمیٹی نے 15 ارکان کی حمایت اور دو کی مخالفت کے ساتھ نتائج کی باضابطہ منظوری دی گئی جبکہ 14 ارکان نے ووٹنگ نہیں دیا۔ستائیس اکتوبر کو منعقد ہونے والے انتخابات کے بعد 120 نشستوں والی پارلیمنٹ میں کسی بھی بلاک کو اکثریت نہیں ملی۔ اس صورتِ حال میں صدر اسرائیل بول چکے تھے کہ فریقین کو تسلیم کرنا ہو گا "ہر وعدے اور عہد کو پورا نہیں کیا جا سکتا،” اس لیے سیاسی جماعتیں نئے انتخابات کی نوبت لانے سے گریز کریں۔ ایک ایسی صورتِ حال میں جہاں انتخابات کے بعد کوئی واضح فاتح نہیں ہےآئزک ہرزوگ نے تخلیقی سوچ، جرأت اور نیک نیتی کی اپیل کی تھی تاکہ بالآخر ریاستِ اسرائیل فاتح کے طور پر ابھرے۔

صدر مملکت کے اس موقف نے نیتن یاہو کو قومی حکومت کے قیام پر راضی کردیا مگر صدر نے ان کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے حزب اختلاف کے رہنماو سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے اور سابق وزیر اعظم بے یارو مدد گار دیکھتا کا دیکھتا رہ گیا۔ اس فیصلے نے اسرائیل میں نیتن یاہو کے طویل سیاسی اقتدار کا خاتمہ کا امکان روشن کر دیا کیونکہ صدر آئزک ہرزوگ نے اپنے فیصلے سے نہ صرف یشار پارٹی کے سربراہ گاڈی آئزن کوٹ کو بلکہ سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کو بھی مطلع کر دیا ۔ گاڈی آئزن کوٹ نے صدر کے اس فیصلے کوبصد شوق قبول کرتے ہوئے قوم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اس عظیم اور اہم ذمہ داری پر پورا اترنے کی مکمل کوشش کریں گے۔ گاڈی آئزن کوٹ چونکہ نیتن یاہو کے مضبوط ترین سیاسی حریف ہیں اس لیے اسرائیل کے سیاسی منظر نامے میں اس فیصلے کو نہایت اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر نے یہ فیصلہ مختلف سیاسی اتحاد کے ساتھ حکومت سازی کے حوالے سےالگ الگ پارٹیوں کے رہنماوں سے مشاورتی عمل کے بعد کیا اس لیے یہ بات ظاہر ہے کہ اسرائیلی عوام کے نمائندوں میں اکثریت نیتن یاہو کو اقتدار کے قریب دیکھنا نہیں چاہتے۔

اسرائیلی سیاسی نظام کی پہچان اس کا عدم استحکام ہے۔ نو نامزد شدہ وزیر اعظم اگر آئندہ چند دنوں میں دیگر سیاسی فریقین کو ساتھ ملا کر ایک مضبوط کابینہ اور اتحادی حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائیں تو وہ اسرائیل سمیت پورے میں امن استحکام کا ضامن ہو سکتا ہے اور اس کے سبب وہاں جاری سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کی ایک امید بھی بن سکتا ہے۔ گادی آئزنکوٹ کو حکومت سازی کا مینڈیٹ ملنے کے بعد اسرائیلی سیاست میں طاقت کا توازن تبدیل ہوچکا ہے۔ اسرائیل کی سیاست میں نیتن یاہو کی انتخابی شکست اور اقتدار سے محرومی ایک نئے سیاسی دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے۔ نیتن یاہو اسرائیل کی تاریخ کے طویل ترین عرصے تک وزیراعظم رہنے والے رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کی سیاسی طاقت کا ایک بڑا سبب اپنی پارٹی پر مضبوط گرفت اور دائیں بازو کی جماعتوں کے ساتھ اتحاد رہا ہے۔ تاہم حالیہ انتخابی نتائج نے ان کی سیاسی پوزیشن کو کمزور کر دیا ہے اور اب ان کے لیے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ آیا وہ اقتدار سے باہر رہتے ہوئے اپنی سیاسی جماعت اور مستقبل کی قیادت پر اثرورسوخ برقرار رکھ سکیں گے یا نہیں؟

جمہوری سیاست میں اقتدار کا آنا جانا کوئی حیرت کی بات نہیں مگر نیتن یاہو کے لیے سب سے سنگین مسئلہ اس کیخلاف جاری بدعنوانی کے مقدمات ہیں جن میں مہنگے تحائف وصول کرنے میڈیا کوریج پر اثرانداز ہونے اور ایک ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کو مبینہ سرکاری فوائد پہنچانے کے الزامات کے علاوہ رشوت فراڈ اور عوامی اعتماد کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات بھی ہیں ۔ نیتن یاہو اپنے اقتدار کے زور پر ان تمام الزامات کو مسترد کیا ۔ وہ انہیں سیاسی انتقام قرار دیتا رہا تاہم عہدہ چھوڑنے کے بعد ان مقدمات کی سماعت تیز ہو جائے گی اور ایسی صورت میں ا سے عدالت میں پیش ہو کر اپنا دفاع کرنا پڑے گا۔ استغاثہ کی جرح کا سامنا کرتے ہوئے رسوا ہونا ہوگا۔ اس مشق کے بعد اگر عدالت میں وہ الزامات ثابت ہو جائیں تو قید و بند سمیت مختلف ایسی سزائیں بھی سنائی جا سکتی ہیں جن سے اس کی مٹی پلید ہو اور یہ منظر دیکھ کر ملک مظلوموں کے کلیجے ٹھنڈے ہوجائیں۔نیتن یاہو کے سیاسی مستقبل پر اثرانداز ہونے والا دوسرا بڑا معاملہ اکتوبر 2023 کو ہونے والا حماس کا حملہ طوفان الاقصیٰ کے سامنے اسرائیلی سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے۔ اس حملے نے اسرائیل کے دفاعی اور انٹیلی جنس نظام کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھائے تھے۔

اسرائیلی عوام بجا طور پر یہ جاننا چاہتا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی ادارے اتنے بڑے حملے کی پیشگی اطلاع حاصل کرنے میں کیوں ناکام رہے؟ گادی آئزنکوٹ سمیت اپوزیشن رہنما ایک بااختیار ریاستی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ اگر نئی حکومت اس مطالبے پر عمل کرتی ہے تو نیتن یاہو کی جنگ سے قبل کی پالیسیوں سکیورٹی فیصلوں اور سیاسی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا جا سکتا ہے اور اس طرح وہ نہ صرف سیاسی بلکہ عوامی سطح پر بھی مشکلات میں گھر جائے گا۔ اسرائیل کے صدر کو مخصوص قانونی شرائط کے تحت صدارتی معافی دینے کا اختیار تو حاصل ہے لیکن نیتن یاہو جیسے سفاک حکمران اس کے مستحق نہیں ہوسکتے۔ صدر آئزک کو اسے معاف کرنے سے قبل قانونی تقاضوں اور متعلقہ حالات کا جائزہ لینا ہوگا ۔اس لیے مقدمات سے نجات مکن نہیں ہے۔ مجموعی طور پر نیتن یاہو کے لیے آنے والا دور اس کے کئی دہائیوں پر محیط سیاسی زندگی کا بد ترین مرحلہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اسرائیل کی سیاست میں اب یہ سوال بے معنیٰ ہوگیا ہے کہ نیتن یاہو کتنے عرصے تک اقتدار میں کارگزار کے طوپر رہے گا بلکہ میڈیا اس پر بحث کررہا ہے کہ اقتدار سے باہر اس کا سیاسی اور قانونی مستقبل کتنا عبرتناک ہوگا؟

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے