کوہیر جمعیۃ علماء کے اجلاس میں ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف بیداری پر زور. حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب کی سرپرستی میں عوامی مسائل کی سماعت، اتحاد و بھائی چارگی کا پیغام،،
کوہیر جمعیۃ علماء کے اجلاس میں ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف بیداری پر زور
حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب کی سرپرستی میں عوامی مسائل کی سماعت، اتحاد و بھائی چارگی کا پیغام،،
کوہیردکن 16/ نومبر( نمائندہ ۔جی۔یم) جمعیۃ علماء تلنگانہ کے تنظیمی و تربیتی دورے کے سلسلے میں ضلع سنگاریڈی کے ظہیرآباد یونٹ کے زیرِ اہتمام، نیو ایس ایس فنکشن ہال، کوہیر میں ’’ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ‘‘ کے عنوان سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس کی سرپرستی جمعیۃ علماء تلنگانہ کے جنرل سکریٹری حضرت حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب، محسنِ ملت نے فرمائی۔ اس موقع پر انہوں نے ظہیرآباد کے عوام، خواتین اور علماء کے مسائل سماعت کیے اور یقین دلایا کہ ان مسائل کو حکومتی سطح پر پیش کرکے ان کے حل کے لیے ممکنہ کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اتحاد، باہمی تعاون، بھائی چارگی اور مل جل کر حالات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس کا آغاز حافظ و قاری عبدالمجیب کتوری کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ حافظ محمد منصور امام ٹوپن پلی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ مفتی عبدالصبور صاحب، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی نے افتتاحی خطاب کیا۔ اس موقع پر ’’آزادیِ ہند میں مسلمانوں کا کردار‘‘ کے عنوان سے بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
حافظ و قاری یونس علی خان صاحب نے پروجیکٹر کے ذریعے جمعیۃ علماء ہند کی دینی، ملی، سماجی اور فلاحی خدمات کو عوام کے سامنے پیش کیا اور جمعیۃ کی مختلف سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ مولانا عبدالمجیب صاحب، صدر جمعیۃ علماء تعلقہ ظہیرآباد و صدر جمعیۃ علماء منڈل جھرا سنگم نے اپنے منڈل کے حالات اور تنظیمی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں۔ اسی طرح کرشناپور اور بردی پور کے نوجوانوں نے اپنے اپنے دیہات کے حالات سے واقف کروایا۔
حافظ اکبر صاحب، خازن جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی نے جمعیۃ کے تنظیمی طریقۂ کار اور کام کرنے کے نظام پر روشنی ڈالی۔ اجلاس میں جمعیۃ علماء تلنگانہ کے سکریٹری مفتی سید مہراج الدین ابرار صاحب، حاجی شیخ یونس الدین ہاشمی، جناب محمد اکبر الدین صاحب، مفتی شبور احمد صاحب قاسمی، مولانا نجیب صاحب سمیت دیگر ذمہ دارانِ جمعیۃ اور علماء کرام نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ منڈل مگدام پلی، کوہیر اور نیالکل کے صدور و جنرل سکریٹریز بھی شریک رہے، جبکہ سداشیوپیٹ سے حافظ شفیع صاحب نے شرکت کی۔ اجلاس کے انتظامات میں کوہیر منڈل کے نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی خدمات پیش کیں۔
آخر میں عبدالقادر، ایم۔ایم۔ میڈیکل، جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء تعلقہ ظہیرآباد اور حافظ ارشد صاحب، خازن جمعیۃ علماء تعلقہ ظہیرآباد نے تمام مہمانوں، علماء کرام اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس کا بنیادی مقصد عوام تک پہنچ کر ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کرنا، ان کے حل کی کوشش کرنا، تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دینا اور جمعیۃ علماء کے کام کو مزید مستحکم بنانا تھا۔ اس موقع پر عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ جمعیۃ علماء کے ملی، سماجی اور فلاحی کاموں میں تعاون کریں اور تنظیمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔۔۔۔