دنیا کی زندگی ایک امانت ہے

دنیا کی زندگی ایک امانت ہے

دنیا کی زندگی ایک امانت ہے

 

ازقلم:مفتی عبدالمنعم فاروقی
9849270160

 

اللہ تعالیٰ نے دنیوی نظام اس طرح بنایا ہے کہ یہاں کسی کو دوام اور مستقل قیام حاصل نہیں بلکہ دنیا اور اس کا قیام عارضی رکھا ہے اور اس میں انسانوں کی زندگی نہایت ہی مختصر رکھی ہے ، اُن کا ابدی اور دائمی ٹھکانہ تو آخرت اور جنت بنایا ہے، انسان خود نہیں جانتا کہ وہ دنیا میں کب تک اور کتنے دن زندہ رہے گا اور یہ بھی اُسے معلوم نہیں کہ آخرت کے لئے پیغامِ اجل کس وقت آپہنچے گا، دنیا کو امتحان گاہ اور آخرت کو نتیجہ گاہ بنایا گیا ہے، انسان دنیا میں جو کچھ کرے گا آخرت میں اس کا بدلہ ضرور پائے گا، قرآن مجید میںانسانوں کی موت وحیات کو نیک اور صالح اعمال کی جانچ کا مقصد بتایا گیا ہے ،ارشاد ہے الَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَیَاۃَ لِیَبْلُوَکُمْ أَیُّکُمْ أَحْسَنُ عَمَلاً وَہُوَ الْعَزِیْزُ الْغَفُورُ(سورۂ الملک ۲)،جو جس قدر نیک وصالح اعمال کرے گا قیامت میں اسی کے مطابق نعمتوں کا حقدار بنے گا اور جو جس قدر گناہ اور نافرمانی میں زندگی گذارے گا اُسی لحاظ سے اس پر آخرت میں سزا ؤں کا کوڑا برسے گا،دنیوی زندگی ایک امانت ہے اس میں خیانت ایک سنگین جرم ہے ،امانت کا حق یہ ہے کہ اُسے دینے والے کی مرضی کے مطابق استعمال کیا جائے ،زندگی اور اس کے قیمتی لمحات کا عطا کر نے والا کائنات کا پرور دگار اور پالنہار ہے، جس کی زندگی اس کے منشاء اور مرضی کے مطابق گذرے گی وہ دنیا کے امتحان میں کامیاب اور آخرت اور اس کی لامحدود زندگی کی دائمی نعمتوں سے سرفراز کیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ نے انسانوں کو اشرف المخلوقات بناکر دنیا میں بھیجا ہے ، اُسے عقل سلیم عطا کی ، نفع اور نقصان سے واقف کرایا ، بھلے بُرے کی تمیز سکھائی اور کرم بالائے کرم کہ انہیں میں سے برگزیدہ لوگوں کو اپنا پیامبر بناکر ان کے ذریعہ اپنی مرضی ونامرضی کو واضح کیا ، مرضی ٔ مولا کا دوسرا نام دینِ اسلام رکھا پھرانسانوں کو دین ِ اسلام اور تعلیمات ِ شریعت کا مکلف بنایا ، اللہ اور اس کے رسولؐ پر ایمان لانے کے بعد سب سے اہم ترین چیز اللہ اور اس کے رسول ؐ کی اطاعت و فرما ں برداری ہے اور اسی فرمانبر داری کا نام اعمال ِ صالحہ رکھا ، انسان کا ہر عمل چاہے نیک ہویا بد قیامت میںاس سے مخفی نہیں رکھا جائے گا بلکہ دنیا میں کئے گئے ا عمال کو دفتروں کی شکل میں اس کے روبرو پیش کرکے اُس کے مطابق جنت یا جہنم کا فیصلہ سنایا جائے گا قرآن کریم میں ارشاد ہے فَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیْْرًا یَّرَہٗ O وَمَنْ یَّعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ شَرًّا یَّرَہٗ (الزلزال ۶،۷) ،قرآن مجید میں اچھا عمل کرنے والے اوربُرا عمل کرنے والے ہر دو کے متعلق کہا گیا کہ اُنہیں اُن کے دنیوی اعمال ہی کے لحاظ سے آخرت میں بدلہ دیا جائے گا ارشاد باری ہے مَنْ عَمِلَ سَیِّئَۃً فَلَا یُجَْزٰی إِلَّا مِثْلَہَا وَمَنْ عَمِلَ صَالِحاً مِّن ذَکَرٍ أَوْ أُنثٰی وَہُوَ مُؤْمِنٌ فَأُوْلَئِکَ یَدْخُلُونَ الْجَنَّۃَ یُرْزَقُونَ فِیْہَا بِغَیْْرِ حِسَابٍ(سورہ المؤمن ۴۰)۔اور جس نے گناہ کا ارتکاب کیا ہوگا اُسے اُسی کے برابر بدلہ دیا جائے گا اور جس نے نیک اعمال کئے ہوں گے خواہ وہ مرد ہو یا عورت اور اگر انکا تعلق اہل ایمان سے ہے تو یہ لوگ جنت کے حقدار ہوں گے اور وہاں بے شمار روزی پائیں گے ،اس آیت سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جنت میں داخلہ اور وہاں کی ختم نہ ہونے والی نعمتوں کے لئے اعمال صالحہ کا ہونا نہایت ضروری ہے ،قرآن مجید کی متعدد آیات میں اعمال سیئہ سے بچتے ہوئے اعمال صالحہ اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے ،اعمالِ سیئہ کی لت میں پڑ کر گناہوں کے دلدل میں پھنس کر دنیا کے ساتھ آخرت کی ابدی وسرمدی زندگی برباد کرنے والوں کے متعلق کہا گیا کہ لاَ تَحْسَبَنَّ الَّذِیْنَ یَفْرَحُونَ بِمَا أَتَواْ وَّیُحِبُّونَ أَن یُحْمَدُواْ بِمَا لَمْ یَفْعَلُواْ فَلاَ تَحْسَبَنَّہُمْ بِمَفَازَۃٍ مِّنَ الْعَذَابِ وَلَہُمْ عَذَابٌ أَلِیْمٌ ( اٰل عمران ۱۸۸)جو لوگ اپنے اعمالِ بد پر خوش ہیں اور چاہتے ہیں کہ جو انہوں نے نہیں کیا اس پر بھی ان کی تعریف کی جائے انہیں عذاب سے چھٹکارا نہ ملے گا ان کے لئے تو (آخرت میں) درد ناک عذاب ہے۔
بُرے اعمال چھوڑ کر ہر حال میںنیک اعمال اختیار کرنے والوںکو دنیا کی پاکیزہ زندگی ، عظمت وبلندی اور اطمینان ِ قلب کے ساتھ آخرت میں نہایت عمدہ بدلہ ملنے کی خوشخبری دی گئی ہے ارشاد ہیمَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّنْ ذَکَرٍ أَوْ أُنثٰی وَہُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْیِیَنَّہٗ حَیَاۃً طَیِّبَۃً وَلَنَجْزِیَنَّہُمْ أَجْرَہُمْ بِأَحْسَنِ مَا کَانُوْا یَعْمَلُوْنَ(سورہ النحل ۹۷) جو شخص بھی دنیا میں نیک اعمال کرے گا خواہ مرد ہو یاعورت اور وہ مومن ہوگا تو ہم اس کو دنیا میں ( اطمینا ن قلب کی نعمت دے کر )پاکیزگی کے ساتھ زندہ رکھیں گے اور آخرت میں تو ان کے اعمال کا نہایت عظیم الشان بدلہ دیاجائے گا۔
احادیث مبارکہ کے ذریعہ رسول اللہ ؐنے اپنی ا مت کو نہ صرف یہ کہ زندگی گذارنے کے اصول وآداب بتلائے ہیں بلکہ خود بھی ان پر عمل کر کے دکھلایا ہے ،یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں آپ ؐکی مبارک زندگی اور آپ کی بے مثال تعلیمات کو رہتی دنیا تک کے لئے بہترین نمونہ اور اسوہ قرار دیا ہے ارشاد ہے لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِیْ رَسُوْلِ اللّٰہِ أُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ لِّمَنْ کَانَ یَرْجُو اللّٰہَ وَالْیَوْمَ الْآخِرَ وَذَکَرَ اللّٰہَ کَثِیْرًَا (الاحزاب۲۱)، آپ ؐ نے صرف زبانی تعلیمات پر اکتفا نہیں فرمایا بلکہ اُسے عملی جامہ پہناکر امت کے سامنے پیش فرمایا ،آپ ؐکی مبارک زندگی عملی میدان میں آگے بڑھنے والوں کے لئے مشعل راہ ہے ،آپ ؐ نے ان لوگوں کو سخت ناپسند قرار دیا جو کہتے تو بہت ہیں لیکن کرتے کچھ بھی نہیں،آپ ؐ نے کردار سے عاری الفاظ کے جادو گر وں کا کربناک حال بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ سفر معراج میں میرا گذر کچھ لوگوں پر ہوا جن کے ہونٹوں کو آگ کی قینچیوں سے کاٹا جارہا تھا میں حضرت جبرئیل ؑ سے پوچھا یہ کون بدنصیب لوگ ہیں اور ان کا جرم کیا ہے ؟ انہوں نے بتایا کہ یہ وہ واعظین ہیں جو دوسروں کو نیکیوں کی تعلیم دیتے تھے مگر خود عمل نہیں کرتے تھے (مشکوۃ)۔ایک موقع پر کسی نے آپ ؐ سے پوچھا کہ آدمیوں میں کون بہتر ہے ؟یعنی کس قسم کے آدمی آخرت میں کامیاب اور فلاح یاب ہوں گے تو آپ ؐ نے ارشاد فرمایا کہ’’وہ شخص جس کی عمر لمبی ہوئی ہو اور اس کے اعمال اچھے رہے ہو ں ‘‘،پھر اُسی شخص نے عرض کیا کہ آدمیوں میں زیادہ بُرا کون ہے؟ یعنی آخرت میں زیادہ خسارہ اور نقصان میں رہنے والا کون ہے تو آپ ؐ نے ارشاد فرمایا کہ’’ وہ جس شخص جس کی عمر لمبی ہوئی ہو اور اعمال بُرے رہے ہو ں ‘‘(مسند احمد)۔
صحابہ ٔ کرامؐ جو اس امت کے سب سے افضل ترین لوگ ہیں ان کی زندگیاں قیامت تک کے مسلمانوں کے لئے نمونۂ عمل ہیں ،یہ حضرات اعمالِ صالحہ کی طرف ایسا لپکتے اور جھپٹتے تھے جیسا ایک بھوکا کھانے کی طرف دوڑ تا اور جھپٹتاہے حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ میدانِ عمل کے شہ سوار تھے،آپ ؐ کی زبان ِ مبارک سے جملہ نکلتا اور یہ فوراً اُس پر عمل کرکے اُسے آخرت کے لئے ذخیرہ بنالیتے تھے ،انہیں دنیا کی حقیقت کا اچھی طرح پتہ تھا وہ آخرت کے بارے میں خوب جانتے تھے ،وہ اپنی نظر میں دنیا کو مرداربکری کے بچے سے زیادہ قیمتی نہیں سمجھتے تھے،ان کے دل ودماغ پر ہمیشہ آخرت کی فکر سوار رہتی تھی یہی وجہ تھی کہ وہ ہر کام آخرت کو پیش نظر رکھ کر کیا کرتے تھے ،سیدنا عثمان بن عفانؓ کا گذر کسی قبر پر سے ہواتو فوراً سواری روک کر دورکعت نفل ادا فرمائی ،کسی نے وجہ پوچھی تو فرمایا کہ صاحب ِ قبر ایک ایک سجدہ کا محتاج ہے اور اللہ تعالیٰ نے مجھے ابھی موقع دیا ہے اس لئے میں چاہتا ہوں کہ اس سے عبرت حاصل کرتے ہوئے دورکعت پڑھ کر اس کا ثواب نامہ اعمال میں جمع کروالو ںکہ شاید پھر موقع ملے نہ ملے ۔
قرآن وحدیث کی واضح تعلیمات، رسول اللہ ؐ کی مبا رک سیرت اور صحابہ ٔ کرامؓ کی عظیم زندگیاں اور ان کا ایک ایک جُزء آئینہ کی طرح سامنے ہونے کے باوجود آج ہم عملی میدان میں بہت پیچھے ہیں، ہر شخص اپنی اپنی زندگی کا جائزہ لے تو معلوم گا کہ وہ کس قدر دینی احکامات پر عامل ہے ،لگتا ہے کہ ہم نے دنیا کی خاطر آخرت کو بھلا دیا ہے ، ہمارے گفتار وکردار بتا رہے ہیں کہ مادیت کے دیوانے ہوکر ہم نے آخرت کی زندگی کو بھلا دیا ہے، شاید ہم یہ بھول گئے ہیں کہ دنیادارالعمل ہے اور آخرت دارالجزا ء ہے ، آج کل ہم لوگ دینی واعظین کے وعظ ،مقررین کی تقریریں اور تحریر نگاروں کی تحریریں بڑی دلجمعی سے سنتے اور پڑھتے تو ہیں مگر جب عمل کا موقع آتا ہے تو ہمارے قدم لڑکھڑا جاتے ہیں ،ہم اپنے اسلاف اور دین پر ثابت قدم اپنے آبا واجداد کی تاریخ بھول جاتے ہیں کہ انہوں نے سر کٹایا تھا مگر دین کو ہاتھ سے جانے نہ دیا تھا،بلند کرداری ،صاف گوئی ،حق پرستی اور صدق وامانت ان کا طرۂ امتیاز تھا، وہ گفتار کے نہیں کردار کے غازی تھے اور آج ہم صرف گفتار کے غازی ہو کر رہ گئے ہیں ایسا لگتا ہے کہ کردار ہم سے روٹھ گیا ہے ، حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی ؒ نے اپنے ملفوظات میں سیدناجنید بغدادی ؒ کا قول نقل کیا ہے وہ فرما تے ہیں کہ ’’اگر ہزار برس کی عمر بھی مجھے مل جائے تو بلا عذرِ شرعی ایک وقت کا وظیفہ بھی قضا نہ کروں ‘‘ اس پر حضرت تھانوی ؒ فرماتے ہیں کہ یہ ان لوگوں کے اقوال ہیں جو بالاتفاق واصل الی اللہ ہیں کہ ایک وظیفہ کو چھوڑ نا بھی ان کو گوارا نہیں تھا چہ جائے کہ ضروریات دین جیسے نماز روزہ چھوٹ جائے ، یہ ہمارے اسلاف کی سچی کہا نی ہے ،اسی کردار نے انہیں دنیا کا پیشوا اور مقتدا بنادیا تھا ، وہ جس علاقہ میں قدم رکھے لوگوں نے انکو سر پر بٹھا یا ،وہ جس زمین پر قدم رکھے وہ سونا اُگلنے لگی اور انکے اعمال واخلاق کو دیکھ کر لوگ جوق درجوق اسلام میں داخل ہوئے اورہم انہیں کی اولادا وران ہی کے نام لیوا ہیں مگر حالت یہ ہے کہ مستحبات ومندوبات تودر کنار ضروریات دین سے بھی بے بہرہ ہوکر آخرت سے غافل ہوتے جا رہے ہیں .
آج ہم مسلمانوں کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ ہم اسلامی اصولوں سے ناواقف اور اس کی مبارک تعلیمات سے علماً بھی ا ورعملاً بھی دور ہوتے جا رہے ہیں ،ہمارے پاس اسلام اور اس کے احکامات رسم بن کر رہ گئے ہیں لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ اسلام واحکام اسلام رسم نہیں بلکہ اصل ہیں ،ان پر عمل ہر مسلمان پر واجب وضروری ہے ،دنیوی خواہشات میں پڑ کر اُسے چھوڑ دیناموجب ِ مؤ اخذہ اور آخرت میں سخت باز پرس کا سبب ہے ،یہ سب دین سے دوری ،خواہشات کی پیروی ،دنیا داروں سے تعلق اور دنیا سے محبت کا نتیجہ ہے،رسول اللہؐ نے دنیا و آخرت پر ایک عظیم خطبہ ارشاد فرمایا جو اہل ایمان کو آخرت کی طرف توجہ دلانے کے لئے کافی ووافی ہے ،ارشاد فرمایا: (اے لوگو! )سن لو اور یاد رکھو کہ دنیا ایک عارضی اور وقتی سودا ہے جو فی الوقت حاضر اور نقد ہے (اور اس کی اصلاً کوئی قدر وقیمت نہیں اسی لئے ) اس میں ہر نیک وبد کا حصہ ہے اور سب اس سے کھاتے ہیں اور یقین کرو کہ آخرت اپنے مقررہ وقت پر آنے والی ایک سچی اٹل حقیقت ہے ،اور سب کچھ قدرت رکھنے والا شہنشاہ اسی میں (لوگوں کے اعمال کے مطابق جزا وسزا کا) فیصلہ کرے گا ،یاد رکھو کہ سارا خیر اور اس کی تمام قسمیں جنت میں ہیں اور سارا شر اور اس کی تمام قسمیں دوزخ میں ہیں ،پس خبر دار ! جو کچھ کرو اللہ سے ڈرتے ہوئے کرو (اور ہر عمل کے وقت آخرت کے انجام کو پیش نظر رکھو) اور یقین کرو کہ تم اپنے اپنے اعمال کے ساتھ اللہ کے حضور پیش کئے جاؤگے پس جس شخص نے ذرّہ برابر کو ئی نیکی کی ہوگی وہ اس کو بھی دیکھ لے گا اور جس نے ذرّہ برابر کوئی بُرائی کی ہوگی وہ بھی اس کو بھی پالے گا‘‘(مسند امام شافعی)۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے