ظریفانہ: این آر سی اور ایس آئی آر کا یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے؟

ظریفانہ: این آر سی اور ایس  آئی آر کا یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے؟

ظریفانہ: این آر سی اور ایس  آئی آر کا یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے؟

–

ڈاکٹر سلیم خان

–

للن پٹیل نے کلن سنگھ سے کہا یار پرینک کھرگے سے تو اچھا اپنا ڈونلڈ ٹرمپ  ہے۔

کلن بولا بکواس کرتے ہو ، کیا تم بھول گئے ٹرمپ نے کس طرح ہندوستانیوں  کو فوجی مال بردار جہاز میں بیڑیاں  ڈال کر بھیجا تھا ، انسانیت بھی کوئی چیز ہے؟

دیکھو بھائی اس معاملے میں تو ہم ان سے بہت آگے ہیں ۔

کیا ! کیا مودی سرکار اس کے جواب میں کسی امریکی کے ساتھ اس طرح کا برتاو کرنے کی سوچ بھی سکتی ہے؟

دیکھو بھائی امریکہ نے بھی تو اپنے برابر کے چینی باشندوں کی توہین تھوڑی نا کی؟ ہمارے ساتھ ہونے والی بدسلوکی  کا انتقام ہم نے روہنگیا سے لے لیا۔

یار کلن تم یہ تو نہیں کہنا چاہتے ہو کہ  امریکہ کی نظر میں ہندوستانیوں کی حیثیت روہنگیا جیسی ہے؟  ویسے ہم نے ان غریبوں کے ساتھ ایسا کیا کردیا ؟

بھیا ہم نے توایسی سفاکی کا مظاہرہ کیا جس کی انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔پرانے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ۔

بھیا پہیلیاں نہ بجھاواو یہ بتاو کہ  منو بابا کو  خوش  کرنے والا ایسا کون سا کام اپنی مودی سرکار نے کردیا جس سے تم اتنے خوش  ہو رہے ہو؟

بھائی ہم نے روہنگیا درندازوں کو پکڑ کرسمندر کنارے لے گئے اور پھر ان کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر انہیں پانی میں اتار دیا ۔

یہ سن کر للن سہر گیا۔ وہ بولا یار اس درندگی کو فخر سے  بیان کرتے ہوئے تمہیں بالکل   شرمندگی نہیں ہوئی ۔

 ارے بھائی  جرم  کا ارتکاب کرنے میں       ندامت نہیں ہوئی تو اس کے اظہار میں کیسی شرم ؟ اور وہ گھس پیٹھیے(در انداز ) مسلمان اسی کے مستحق ہیں۔

یار کیسی بات کرتے ہو؟ ہمارے جو نوجوان امریکہ سے جانوروں کی مانند بھیجے  گئے کیاان کے بارے میں بھی تم یہی کہو گے ۔

میرے جیسے عام آدمی کی کیا بساط ، ہمارے وزیر خارجہ جئے شنکر نے اسے جائز ٹھہراتے ہوئے ایوانِ پارلیمان میں کہا تھا امریکہ میں یہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا اور تم ایمان لے آئے۔ کیا تمہیں پتہ ہے کہ کولمبیا جیسے ننھے سے ملک  نے اپنا فوجی جہاز بھیج کر عزت کے ساتھ واپسی کا اہتمام کیا۔

اچھا اور ٹرمپ کی ناراضی کے خوف سے ہمارے پردھان جی آنکھیں موندے بیٹھے رہے ؟

یار کلن تم سمجھتے کیوں نہیں ۔ امریکہ میں  ہمارے لیےبہت ساری مشکلات ہیں۔

اچھا ۔ وہ کیا؟ مجھے بھی تو پتہ چلے کہ وہ کیا مجبوری ہے؟

 کیا بتاوں ۔ آپ جانتے ہیں  پچھلے دنوں مرکزی وزیر  ہر دیپ پوری کی ایپسٹین کے ساتھ تصویر نے کتنی کھلبلی مچادی۔

ہاں بھیا وہ لوگ اگر خود پردھان جی کی کوئی تصویر بھیج دیں بڑی مشکل ہوگی ۔ ویسے گھس پیٹھیوں کا معاملہ سیریس ہے۔

اچھا!مجھے بھی تو پتہ چلے کہ ایک سو چالیس کروڈ کے ملک میں مٹھی بھر روہنگیا بیچارے کیا کرلیں گے؟

مان لیا کہ وہ ہمارا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے لیکن سوال یہ ہے کہ ہم کب تک ان کو مفت پر  کھلاتے رہیں گے۔

اوہو للن وہ روہنگیا کسی سے بھیک مانگ کر تھوڑی نا کھاتے تھے۔ وہ لوگ اپنی محنت مزدوری کرکے اپنا پیٹ بھرتے تھے۔

چلو مان لیا مگر  وہ ہمارے لوگوں کی نوکریوں پر لات ماردیتے تھے ۔ ان کی وجہ سے ہمارے بچے  اور نوجوان بیروزگار گھومتے ہیں۔

یہی بات تو امریکی ہندوستانیوں کے بارےے میں  یہی کہتے ہیں  لیکن کیا وہ روہنگیا جن بھوت  پریت تھے کیا؟

یار تم تو بیٹھے بیٹھے بہک جاتے ہو۔ اس معاملے میں جن بھوت کہاں سے آگئے۔

وہی تو ملک کروڈوں لوگوں کا کام اگر چند سو روہنگیا لوٹ کرانہیں  بیروزگار کردیں توکیا کہا جائے؟

دیکھو کلن میں پہلے ہی یہ کہہ چکا ہوں کہ یہ سیریس معاملہ ہے۔ تم بلاوجہ اسے ہنسی میں اڑا رہے ہو۔

ارے بھائی اگر یہ سنجیدہ معاملہ ہے تو سرکارکے لیے۔ ہم جیسا عام آدمی کیا کرسکتا ہے؟

سرکار نے اسی مقصد کے حصول کی خاطر تو  این آر سی کا قانون بنایا تھا، لیکن مسلمانوں نےسیکڑوں  شاہین باغ  کھڑے کرکے کھیل بگاڑدیا۔

یار وہ تو پرانی بات ہوگئی۔ اس کو بھول جاو۔

بھیا اگر پرانی ہوگئی تو عمر خالد اور شرجیل امام جیسے لوگ بغیر مقدمہ کے جیل  میں پڑے ہوئے ہیں۔

یار کلن آج تو تم کچھ زیادہ ہی مسلمانوں کی حمایت کررہے ہو۔ کہیں کمل چھوڑ کر سائیکل کی سواری تو نہیں کرنی ہے؟

میں نے سنا ہے کہ پارٹی سبھی موجودہ ارکان اسمبلی کا ٹکٹ کاٹ رہی ہے۔ میں چاہتا ہوں میرا بھی کاٹ دے تاکہ بغاوت کرکےسائیکل کاجگاڑلگاسکوں۔

کیوں ایسی کون سے مجبوری آن پڑی؟

بھائی دیکھو اقتدار کے لیے کمل تھاما تھا ۔ اب اس کے کھلنے کا امکان مفقود ہے لیکن میں چاہتا ہوں پارٹی بغاوت کا بہانہ دے تو ووٹر ساتھ رہے ۔

یار تم سی اے اے این آر سی سے اپنی ذاتی سیاست کی طرف پلٹ گئے ۔ مجھے بنگالی دراندازوں کے بارے میں بتاو  کہ وہ ہمارے یہاں کیوں آتے ہیں؟

بنگلہ دیش میں عام لوگ ہندوستانیوں سے زیادہ خوشحال ہیں ۔ اس لیے ہم سایہ بیروزگار ملک میں  آنے کے بجائے  برطانیہ اور امریکہ کوچ کرجاتے ہیں۔

لیکن ہمارے وزیر داخلہ تو کہتے ہیں ایس آئی آر کے ذریعہ دراندازوں کا نام نکالا جارہا ہے  اور حزب اختلاف ان کو بچانے کے لیے ہاتھ پیر مار رہا ہے۔

یار اس سے بڑا جھوٹ کوئی اور نہیں ہوسکتا۔ عدالتِ عظمیٰ کے مطابق شہریت طے کرنے کا اختیار وزارت داخلہ کو ہے نہ کہ انتخابی کمیشن کو۔

تب تو انہیں الیکشن کمیشن کی اس دراندازی پر اعتراض کرنا چاہیے مگر وہ تو الٹا گیانیش کمار کی وکالت کرتے پھرتے ہیں۔   شرم آنی چاہیے۔

اچھا تو کیا گیانیش کمار رائے دہندگان کی فہرست درست نہ کریں؟

ضرور کریں ، لیکن  ساڑھے تیرہ کروڈ میں سے اگر ۷ کروڈ لوگ بھی انتقال کرگئے یا منتقل ہوگئے تو کیا ۶؍ کروڈ  درانداز ہیں اور انہیں روکنے کے کیا کیا گیا؟

یار یہ تو بکواس ہے خیر  اپنے یوگی بابا بھی تو دعویٰ کررہے ہیں کہ اترپردیش سے سوا کروڈ ہندو ووٹرس نکال دئیے گئے ۔

بھیا ہار کے ڈر سے ان کا دماغ خراب ہوگیا ہے جو وہ کہہ رہے ہیں کہ ان ہندووں میں پچاسی سے نوےّ فیصد بی جے پی کے ووٹرس ہیں ۔

یار یہ تو غضب جھوٹ ہے ہندو مسلم تک تو ٹھیک ہے مگر ان ہندووں میں کتنا فیصد کس کو ووٹ دینے والا ہے یہ کیسے جاناجا سکتا ہے؟

بھائی دیکھو ایسا ہے جھوٹ بولنا ہے تو من میں آئے بولو۔ اس میں کیا روک ٹوک ہے؟

ہے نا بھائی ۔ الیکشن کمیشن کے یوپی سی ای او نے اس کی تردید کردی کہ یہ غلط ہے۔ ابھی تم ہی بولو کیا عزت بچی اپنے یوگی کی؟

ہاں یار میں بھی سوچ رہا تھا سارے ہندو ہمیں ووٹ نہیں دیتے اس لیے یوگی بابا کا وہ دعویٰ جھوٹا ہے مگر انہوں نے یہ جھوٹ کیوں بولا۔

بھیا مجھے تو لگتا ہے یوگی بابا کو اپنی ہار کا یقین ہوگیا ہے اس لیے وہ پیش بندی کے طور پر شکست کی ماحول سازی کررہے ہیں۔

چلو یوگی کی مجبوری تو سمجھ میں آتی ہے مگر شاہ جی کو ایسی اوٹ پٹانگ باتیں کرنے کی کیا ضرورت ؟ اس کے لیے پردھان جی کافی ہیں۔

ہاں بھیا لیکن اگر اگر شاہ جی فی الحال گیانیش کمار کی حمایت نہ کریں تو وہ اپنی جان بچانے کے لیے وعدہ معاف گواہ بن جائے گا۔

یار ایسا اشبھ نہ بولو کیونکہ یہ ہوگیا تو مودی سرکار کی دھوتی کھل جائے گی۔اب سمجھ آگیا کہ راہل بار بار کس کوڈرانے کے لیے گیانیش کو للچا رہے ہیں۔

خیر آدمی تو تم سمجھدار ہو یہ بتاو کہ للن سنگھ یہ کیوں کہہ رہے ہیں کہ اب آدار کے بجائےووٹر کارڈ سے ساری سرکاری  سہولیات مثلاً ۵کلو اناج ملے گا۔

یار یہ سرکاری امداد کوئی احسان نہیں بلکہ حکومت کی  روزگار دینے میں ناکامی ہے  ورنہ کون مدد کا کٹورا لے کون عزت نفس کا سودہ کرے گا؟

 ایک بات بتاو   یوگی جی کے ووٹ ان کی اپنی مرکزی سرکار کیوں کاٹ سکتی ہے؟ یہ بات تو الٹ کر خود انہیں پر آگئی۔

 ایک سوال یہ بھی ہے کہ جی ایس ٹی لیتے وقت تو للن سنگھ کسی کے کاغذ نہیں دیکھتے  مگر حق دینے کی بات آتی ہےتو کاغذ کی ضرورت پیش آجاتی ہے ۔

یار میں  سوچ رہا تھا کہ  بنگلہ دیش کے اصل گھس پیٹھیا تو شیخ حسینہ اور تسلیمہ نسرین ہیں۔ انہیں تو پالا جاتا ہےاور غریبوں کو ستایا  جاتا ہے یہ کیسا انصاف؟

ارے بھائی دنیا بھر کے سرمایہ دار جب ہمیں لوٹنے کے لیے آتے ہیں تو ان کے لیے سرخ قالین بچھایا جاتا ہے اس وقت قوم پرستی کہاں چلی جاتی ہے؟

یار سچ بتاوں مجھے تو یہ ایس آئی آر بھی ایک انتخابی جملہ  لگتا ہے جس سے مخالف رائے دہندگان کو انتخاب کے حق سےمحروم کیا جاتا ہے۔

جی ہاں۔ اب  یہ کھیل کھل چکاہے اس لیے لوگ اس کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

یار مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ اترپردیش  کا انتخاب یہ چور دروازے کےاین آر سی ایک کوشش تھی لیکن اب یہ ناکام ہوچکی ہے۔

جی ہاں مجھے بھی  ڈرلگتا ہے کیونکہ اگر اس بار اترپردیش ہار گئے ہمارا سارا رعب داب ختم ہوجائے  اور ہم کسی کو منہ دکھانے لائق نہیں رہیں گے۔

خدا کرے وہ دن کبھی نہ  آئے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے