تم تکلف کو بھی اخلاص سمجھتے ہو فرازؔ
دوست ہوتا نہیں ہر ہاتھ ملانے والا
دوستی ایک ایسا مقدس رشتہ ہے ، جس میں اگر اخلاص اور پاکیزگی ہو، وفا ہو تو وہ انسان کے لیے کسی قیمتی سرمائے سے کم نہیں ہے، بعض اوقات دوست اپنے دوست کے لیے ایسی ایسی قربانیاں دیتے ہیں جو خونی رشتوں پر بھی سبقت لے جاتی ہیں۔ دوستی بہت خوبصورت رشتہ ہے، بہت خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جنہیں دوستی نبھانے والے پُر خلوص دوست ملتے ہیں۔ بہترین دوست وہ ہوتا ہے جو مشکل اور بُرے وقت میں بھی ساتھ نبھائے ، اپنے دوست کی آنکھوں کے قرطاس کو آسانی سے پڑھ لے، جو بناء بتائے ہی اپنے دوست کے حالات کو جان سکے تم میں اگر نرمی نہیں، وفا کی خوشبو نہیں تو پھر تم دوست کہلانے کے قابل نہیں ہو، کیونکہ صرف دوست کہہ دینے سے کوئی دوست نہیں ہوجاتا، بہت سارے لوگ کسی نہ کسی مطلب سے جڑے ہوتے ہیں وہ دوستی نبھانے کے لیے نہیں بلکہ کسی خاص مطلب اور مقصد کے تحت کسی کے قریب جاتے ہیں ، ایسے رشتے کی بنیادیں بہت کمزور ہوا کرتی ہیں اور ایسے رشتے زیادہ دیر تک دیرپا ثابت نہیں ہوا کرتے وہ بہت جلد ٹوٹ جایا کرتے ہیں اور جو رشتے اتنی آسانی سے ٹوٹ جائیں وہ رشتے نہیں ہوتے، اچھا دوست وہ ہوتا ہے جس کی صحبت میں انسان دلی اطمینان اور سکون محسو س کرے ۔ جو ہمیشہ اپنے دوست کی حوصلہ افزائی کرے ، نرم مزاجی اور منانت جس کا وصف ہو ، جو اپنے دوست کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہو ۔ اگر اپنے دوست کے رازوں سے پردہ اُٹھا دیتے ہو، پیٹھ پیچھے اُس کی برائی کرتے ہو، تنقید برائے تنقید تمہارا وطیرہ ہے ، تم خود غرض ہو ، اور کوئی نہ کوئی مطلب اور غرض کی بناء پر کسی انسان کو دوست کہہ رہے ہو تو تم انسانیت کی توہین کررہے ہو، سچی دوستی ہر غرض، مطلب اور لالچ سے دور ہوتی ہے، بے غرض دوستی کہکشاں کی مانند ہوا کرتی ہے جو تمہاری زندگی کو روشن اور تابناک کردیتی ہے، مشکلیں آسان ہوجاتی ہیں اور اپنائیت کا احساس دلانے والے دوست جب ہماری زندگی میں آتے ہیں تو ہماری زندگی سنور جاتی ہے ، راستے آسان سے آسان تر ہوتے چلے جاتے ہیں، درد مند دل رکھنے والے لوگ ہی دوستی کا حق ادا کرتے ہیں، محض وقت گزاری کو دوستی نہیں کہا جاسکتا۔ بہترین اور مخلص دوست وہ ہوتا ہے جو تمہاری کمزوریوں کو دوسروں پر آشکار نہیں کرتا، جو تمہاری عزت کو اپنی عزت سمجھتا ہو وہی حقیقت میں سچا دوست ہوتا ہے ۔ سچے دوست کی پہچان ہمیشہ کڑے وقت میں ہی ہوتی ہے، مشکل وقت میں دوستوں کی اصلیت سامنے آجایا کرتی ہے، کسی کو دوست سمجھنے سے پہلے پرکھ لینا، کہ وہ تمہارا دوست کہلانے کے لائق بھی ہے یا نہیں۔ آج کل زیادہ تر دوستیاں منافقت، جھوٹ اور غرض پر مبنی ہیں کٹھن وقت پڑجائے تو دوست اس طرح کنارہ کرلیا کرتے ہیں کہ جس طرح درخت اپنی شاخوں پر لگے زرد پتوں کو گِرا دیا کرتے ہیں۔ سچی دوستی، تمہارا مقام، تمہارا مرتبہ اور منصب نہیں دیکھا کرتی اور جو دوست تمہاری ظاہری شان و شوکت اور اعلیٰ عہدے کو دیکھ کر تمہارے قریب آئیں تو پھر اس کا مطلب ہے کہ وہ اپنی اوقات دکھا رہے ہیں وہ ثابت کررہے ہیں کہ اُن کی تربیت اچھے اور بہترین خطوط پر نہیں ہوئی، وہ بتا رہے ہوتے ہیں کہ اُن کا شجرئہ نسب کس سے جا کر مل رہا ہے، ہمارے لہجے، ہمارے رویے اور ہمارے لفظ بتادیتے ہیں کہ ہم کیا ہیں، بتادیتے ہیں کہ ہم کس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، کسی کو بھی دوست کہنے سے پہلے جائزہ لے لینا ، نہیں تو بعض وقت ایسی باتوں کی بڑی بھاری قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، کوئی لاکھ چھُپالے اپنی اصلیت کو، لیکن اصلیت تو سامنے آکر ہی رہتی ہے، وقت پھر سب کچھ بتادیتا ہے، حقیقت بہت تلخ سہی، لیکن اُسے قبول کرنا ہی ہوتا ہے۔ مفاد پرستی کے انگارے ہماری خوشیوں کو راکھ میں تبدیل کردیتے ہیں ہم جنہیں دوست سمجھ رہے ہوتے ہیں وہ ہمیں یہ بتا کر چلے جاتے ہیں کہ سب پر بھروسہ اور یقین نہیں کیا جاسکتا، وہ نام نہاد دوست ہمیں ایسا سبق سکھا کر چلے جاتے ہیں جس کی تپش ہمیں ساری زندگی جھلسائے رکھتی ہے، جب بھروسے کا خون ہوتا ہے تو پھر انسان کسی پر بھروسہ کرنے سے پہلے کئی بار سوچتا ہے، ہر کسی کو دوست نہیں بنایا جاسکتا، ہر کوئی دوستی کے قابل نہیں ہوا کرتا، صحبت کا اثر بہت جلدی ہوا کرتا ہے اس لیے نیک اور صالح لوگوں سے دوستی کرو ، منافق لوگوں سے دوری اختیار کرو کیونکہ اگر ایمان کی سلامتی چاہئیے تو پھر دوست کا انتخاب بھی سوچ سمجھ کر کیا جانا چاہئیے، دوست ہماری زندگی کو یکلخت بالکل بدل کر رکھ دیتے ہیں، صحبت اپنا اثر ضرور دکھاتی ہے۔ جب بہترین دوست اچانک ہی دشمن بن جائے تو وہ بے انتہا خطرناک ثابت ہوتا ہے ، کچھ دوست اپنے دوست کے رازوں کی حفاظت نہیں کرتے ، ہونا تو یہ چاہئیے کہ جب دوستی بھی باقی نہ رہے، تب بھی اپنے دوست کے رازوں کو راز رکھا جائے لیکن اس کے لیے ظرف چاہئیے ہوتا ہے اور کم ظرف لوگ کیا جانیں کہ ظرف کیا ہے۔ ایسے لوگ اپنے دوستوں کے رازوں کو اس طرح آشکار کرتے ہیں کہ انسانیت دم بخود رہ جاتی ہے ۔ لوگ چڑھتے سورج کی پوجا کرتے ہیں جب تمہارے پاس عزت، شہرت اور دولت ہو تو بہت سارے لوگ تمہارے ارِد گِرد جمع ہوجاتے ہیں اور جب تم خالی ہاتھ رہ جاتے ہو تو خود کو بالکل تنہا اور بے یار و مددگار پاتے ہو،تمہارا سچا، پُر خلوص دوست وہ ہوتا ہے جو مشورہ مانگنے پر خلوص نیت، بُردباری اور سوجھ بوجھ سے تمہیں بہترین مشورہ دے، ہمیشہ تمہاری خیر خواہی چاہے، تمہاری اونچی اُڑان دیکھ کر حسد نہ کرے، یاد رکھو کبھی اپنے دوست کے دشمن کو اپنا دوست نہ بنائو، یہ تمہارے دوست کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے جیسا ہے، یہ غداری کے زمرے میں آتا ہے۔ سچا دوست وہ ہے جو تمہاری چھوٹی سے چھوٹی کامیابی پر بھی دل سے خوش ہو، تمہاری غیر موجودگی میں بھی تمہاری عزت کی حفاظت کرے، تمہاری غلطی پر تمہیں سب کے سامنے شرمندہ نہ کرے بلکہ تنہائی میں سمجھانے کی کوشش کرے۔ سچا دوست ایک عظیم نعمت ہے، سچے دوستو ںکی قدر کرو تم اگر ایک دیانت دار دوست پائو تو تم سے بڑھ کر کوئی بھی خوش قسمت نہیں ، دیانتداری ایک بہترین وصف ہے، ایک ایمان دار دوست اللہ تعالیٰ کی طرف سے دیا گیا انمول تحفہ ہے۔ وہ دوست جو تمہیں دین کے راستے کی طرف لانے میں تمہاری رہبری کرے، تمہیں اللہ تعالیٰ کے قریب کردے، وہی بہترین دوست ہے، گناہوں سے دور لے جا کر نیکی کی تلقین کرنے والا ہی تمہارا وہ دوست ہے جو سب کو نصیب نہیں ہوا کرتا۔ نیک دوست تمہاری آخرت کو سجانے اور سنوارنے میں تمہاری مدد کرتے ہیں اور ایسے ہی لوگ انشاء اللہ فلاح پائیں گے…انشاء اللہ فلاح پائیں گے۔