عصرِ حاضر میں کیمرے کے بڑے کمالات میں سے ایک یہ ہے کہ اس نے مردوں کو بھی میک اپ کا عادی بنا دیا خاص طور پر مودی اور یوگی جیسے لوگوں کو کہ جو ہمیشہ ادا کاری کرتے رہتے ہیں ۔ دیوالی کا آفر گلیوں اور بازاروں میں اب بھی چل ہی رہا ہے ، کہیں ڈبل دھماکہ تو کہیں ایک کے ساتھ ایک فری کا بینر آویزاں ہے۔ یوگی ادیتیہ ناتھ کوایک ساتھ دونوں سےنصیب ہوگئے یعنی یکے بعد دیگرے دونوں گالوں پر ایسا زناٹے دار طمانچہ پڑا کے موصوف لفظی معنیٰ میں سرخرو ہوگئے یعنی دونوں گال لال ہوگئے ۔ رنگ کے علاوہ اس دھماکے کی گونج ایسی تھی کہ لکھنو کے ساتھ دہلی بھی دہل گیا۔ان میں سے پہلا جھٹکا اعظم خان کے معاملے میں تھا جہاں ایک کے ساتھ دوفری کا معاملہ ہوگیا ۔ الہ باد ہائی کورٹ نے تو صرف اعظم خان صاحب کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف یوگی انتظامیہ روتا دھوتا سپریم کورٹ پہنچا کہ انہیں ہر گز نہ چھوڑا جائے۔ یوگی کی گھبراہٹ ایسی تھی گویا کوئی چھوٹا فانٹا نامی بچہ کسی شیر کے پنجرے سے باہر آنے کی ہیبت میں مبتلا ہو لیکن سپریم کورٹ نے کہا کا ایک مقدمہ میں ببر شیر کے لیے الگ اور شیرنی و بچے کی خاطر مختلف سلوک روا نہیں ۔ اس لیے تینوں کو مل کر یوگی پر حملے کے لیے آزاد کردیا جائے ۔ اسے کہتے ہیں ایک نہ شد تین شد۔ سپریم کو رٹ کی اس کشادہ دلی کو دیکھ کر راہی معصوم رضا کا یہ شعر یاد آتا ہے؎
برسوں بعد اس ہجر کے پیڑ پہ مور آئے برسوں بعد اس پیڑ پہ کوئل بولی ہے
سپریم کورٹ لاکھ اپنا ئیت کے باوجود پرایا ہے لیکن الیکشن کمیشن تو بندۂ بے دام ہے۔ اس لیے سرکاری پنجرے کا طوطا بھی کہلاتاہےکیونکہ لال امرود کھاکر اپنے مالک کی تعریف و توصیف کرنا ہی اس کا فرضِ منصبی ے ۔ فی زمانہ اس مٹھو میاں نے چاپلوسیوں کے سارے ریکارڈ توڑ رکھے ہیں مگریہ طوطا چشمی بھی کبھی آنکھیں پھیرلے گا اس کی توقع یوگی کے خواب و خیال میں بھی نہیں تھی ۔کل یگ کا طوطا چھوٹے اور بڑے آقا کا فرق جانتا ہے ۔ اسے علم ہے کہ ایک ’بگ کولا ‘ میں ’چار چھوٹے فانٹا‘ سماجاتے ہیں۔ اپنی عیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس نے یوگی کو اپنے پر سے طمانچہ رسید کرنے کے بعد کان بھی کاٹ لیا اور ان کے کان کی بالی زمین پر گرگئی۔ یوگی اب اپنے انتظامیہ سے’ ڈھونڈو ڈھونڈو رے ساجنا ، ڈھونڈو رے ساجنا ، میرے کان کان کا بالا‘کی گہار لگو رہے ہیں۔ وہ اپنا کان پکڑ کر افسوس کررہے ہیں کہ آخر کان میں بالا پہننے کی یعنی ایس آئی آر کی بابت اوٹ پٹانگ بیان دینے کی ضرورت ہی کیا تھی؟ انسان اگر اپنے حدود کے اندر بے پرکی اڑائے تو اسے سنبھالا بھی جاسکتا ہے لیکن جب آپے سے باہر ہوجائے تو بات بگڑ جاتی ہے۔ یوگی نے پہلے تو کہا ہندو رائے دہندگان کے نام کٹے یہاں تک ٹھیک تھا ۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ ہندووں کی اکثریت آج بھی بی جے پی کو ووٹ نہیں دیتی لیکن چونکہ وہ منقسم ہوتے ہیں اس لیے کمل کھل جاتا ہے۔
یوگی کے بیان کا یہ مطلب لیا گیا کہ ایک لاکھ ستائیس ہزار بی جے پی مخالف ہندو ووٹرس کے نام کٹ گئےمگر پھر انہوں نے دعویٰ کردیا کہ ان ہذف شدہ رائے دہندگان میں پچاسی سے نوے فیصد بی جے پی کے ووٹرس تھے ۔ اب کچھ زیادہ ہوگیا کیونکہ اس نے کئی سنگین سوالات پیدا کردئیے اور مرکزی سرکار چہار جانب سے گھِر گئی ۔ ایس آئی آر کے معاملے میں یوگی بابا اچانک اپنی حکومت کےخلاف حزب اختلاف کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ اس لیے مجبوراً امیت شاہ کو یوگی کے خلاف اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسرنودیپ رنوا کو میدان میں اتار کر اپنی صفائی پیش کرنی پڑی کیونکہ اگر یوگی کی بات مان لی جائے کہ بی جے پی ووٹرس کے نام کٹے ہیں تو یہ سوال لازمی ہوگا کہ کس نے؟ اور کیوں کاٹے؟ اس کا یہ مطلب نکال لیا جائے کہ یوگی کو رسوا کرنے کے لیے امیت شاہ نے کٹوا دئیے تب تو وہ پارٹی کے سب سے بڑے دشمن اور خود غرض ترین رہنما بن کر ابھرتے ہیں۔ ایسے الزامات کو بھلا امیت شاہ کیسے برداشت کرتے تھے ۔یہی وجہ ہے کہ اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نودیپ رنواکے ذریعہ یہ وضاحت پیش کی گئی کہ ریاست کی ووٹر لسٹوں میں رائے دہندگان کے مذہب یا ذات سے متعلق کوئی معلومات درج نہیں ہوتیں۔ اس کے باعث مذہبی بنیادوں پر ووٹروں کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرنا ممکن نہیں ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرشاد وزیر اعلیٰ کے ذریعہ یہ اعلان کرواکرکے کہ کوئی نام نہیں کٹا شاہ جی نے یوگی کا ڈھونگی ہونا ثابت کردیا ۔ اس کاٹا کاٹی کے کھیل میں کچھ اور کٹا ہو یا نہیں مگر بی جے پی کی ناک ضرور کٹ گئی اور یہ کارنامہ ان سب نے آپس میں ایک دوسرے کے تعاون سے انجام دے دیا۔ رنوا کا یہ دعویٰ کہ ، ’’ہمارے ڈیٹا بیس میں مذہب، ذات یا اس نوعیت کی کسی بھی دوسری تفصیل کے بارے میں معلومات موجود نہیں ہیں، اس لئے ہماری ووٹر لسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے ان عوامل کی بنیاد پر کسی بھی قسم کا تجزیہ کرنا ہمارے لئےناممکن ہے۔‘‘ چیخ چیخ کر رہا ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ زعفرانی جھوٹ بول رہے ہیں۔ ایسے میں یوگی کا یہ کہنا کہ نظرثانی کے بعد مسلم ووٹروں کی آبادی میں1.65؍ فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ بڑی تعداد میں ہندو ووٹر فہرستوں سے غائب ہیں بے معنیٰ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سرکاری فلاحی اسکیموں سے مستفید ہونے والے تقریباً 55؍ لاکھ ہندو اور 18؍ سے 19؍ سال کی عمر کے تقریباً 5.4؍ لاکھ ووٹر فہرست میں شامل نہیں ہیں۔ اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یوگی نے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے کوئی مداخلت کیوں نہیں کی؟ اور اس ناانصافی کو ٹھنڈے پیٹوں کیوں برداشت کرلیا ؟
وزیر اعلیٰ نے اس بابت بتایا تھا کہ ان کی حکومت نے مبینہ کوتاہیوں کی وضاحت طلب کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا مگر نودیپ رنوا نے اس دعویٰ کے جھوٹ کو بھی کھلے عام بے نقاب کردیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کا اشارہ انتخابی حکام کی جانب سے جان بوجھ کر ووٹروں کے نام کاٹے جانے کی جانب نہیں بلکہ فہرستوں میں ناموں کے شامل نہ ہونے کی طرف تھا ۔رنوا نے بتایا کہ 2027 اتر پردیش کی مسودہ ووٹر لسٹ (ڈرافٹ رول) میں تقریباً 58.13؍ کروڑ ووٹر شامل ہیں، جن میں 20.6؍ کروڑ خواتین ہیں۔ یہ تازہ ترین فہرست اپریل میں شائع ہونے والے ایس آئی آر کے بعد کئے گئے ایس ایس آر کے مقابلے میں 18؍ لاکھ سے زائد ووٹروں کے اضافے کو ظاہر کرتاہے۔ان اعداد و شمار سے قطع نظر سب سے دلچسپ سوال یہ ہے کہ کون شخص کس کا ووٹر ہے اس کا پتہ بھلا یوگی کو کیسے لگ گیا؟ وہ کوئی انتریامی ہیں کیا؟ اگر ہیں تو انہیں اپنے علم کی بنیاد پر رام مندر کے چندہ چوروں کا بھی پتہ لگا لینا چاہیے تھا۔ اس کے لیے ایس آئی ٹی بناکر تفتیش کرنے اور چندہ چوروں کو اس کے آڑ میں بچانے کی ضرورت ہی کیا تھی؟ یوگی کو جھوٹ موٹ بکنے سے قبل اپنے گیروا لباس کا خیال کرنا چاہیے کیونکہ ان کی ایسی حماقت سے ہندو دھرم بھی بدنام ہوتا ہے۔
اس تناظر میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا یوگی آدتیہ ناتھ پر ووٹروں کے نام مبینہ طور پر کاٹے جانے کے حوالے سے افواہیں پھیلانے کا الزام معقول لگتا ہےکیونکہ اس سے ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے گرد جاری سیاسی تنازع میں اضافہ ہوا ہے۔یوگی ادیتیہ ناتھ کے حصے میں الیکشن کمیشن کے علاوہ الہ آباد ہائی کورٹ سےہاتھ آنے والی رسوائی زیادہ بڑی ہے کیونکہ عدالت نے محمد اعظم خان کو منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے جیل کے باہر سے کی گئی ان کی گرفتاری پر سخت برہمی کااظہار کیا۔ عدالت نے ای ڈی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاری بدنیتی پر مبنی اورکسی خاص مقصد کے تحت معلوم ہوتی ہے۔ اس کھیل میں ای ڈی کی حیثیت تو ایک کٹھ پتلی کی ہے کیونکہ اس کا اعظم خان کے گرفتار ہونے سے نہ کوئی فائدہ اور نہ گرفتاری سے کسی قسم کا نقصان ہے۔ اس لیے یہ یوگی کی بدنیتی اور کینہ پروری کی جانب اشارہ ہے۔ ویسے ہائی کورٹ نے مرکزی ایجنسی کو اس ضمن میں ایک ہفتے کے اندر جواب داخل کرنےکی ہدایت دی ہے۔ جسٹس راجیو گپتا اور جسٹس دیویندر سنگھ پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کہا کہ محمد اعظم خان کو جیل کے گیٹ پر ہی ای ڈی کے ذریعہ اپنی تحویل میں لینا، نیت اور اس کے پس پردہ مقاصد پر سنجیدہ سوالات اٹھاتاہے ۔ عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت دس دسمبر کو کرنے کافیصلہ کیا ہے جس میں یوگی کی اور بھی فضیحت ہوگی۔ ویسے انتخاب کے دہانے پر اعظم خان کی رہائی یوگی کے لیے کسی بھیانک خواب سے کم نہیں اور ایس آئی آر نے ان کی نیند اڑا دی ہے۔