Breaking

آر روشن بیگ کی رہائش گاہ پر ایرانی نمائندے سے علماء کرام کی اہم نشست ایران کی استقامت کو سراہا، عالم اسلام کے اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی پر زور

آر روشن بیگ کی رہائش گاہ پر ایرانی نمائندے سے علماء کرام کی اہم نشست ایران کی استقامت کو سراہا، عالم اسلام کے اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی پر زور

آر روشن بیگ کی رہائش گاہ پر ایرانی نمائندے سے علماء کرام کی اہم نشست
ایران کی استقامت کو سراہا، عالم اسلام کے اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی پر زور

بنگلورو، 22 نومبر (الہلال میڈیا)

ایران اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی، عالم اسلام کو درپیش چیلنجوں اور مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت کے پس منظر میں آج بنگلورو میں ایک اہم مذہبی و خیرسگالی نشست منعقد ہوئی۔ سابق وزیر اور سینئر سیاسی رہنما آر روشن بیگ کی رہائش گاہ پر منعقدہ اس خصوصی اجلاس میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر کے نمائندے برائے ہندوستان، سری لنکا، نیپال اور بنگلہ دیش ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی نے شہر کے ممتاز علمائے دین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر علمائے کرام نے ایران کی موجودہ صورت حال، عالمی طاقتوں کے ساتھ اس کی کشیدگی اور اپنے موقف پر قائم رہنے کے عزم کا تذکرہ کرتے ہوئے ایران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ عالم اسلام کی حقیقی قوت باہمی اتحاد، مذہبی رواداری اور مشترکہ مسائل پر یکجہتی میں مضمر ہے۔
ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی کے ہمراہ حجۃ الاسلام سید صادق الحسینی، چیئرمین تقریبِ مذاہب کونسل بھی موجود تھے۔ نشست میں آر روشن بیگ کے فرزند نوجوان رہنما آر رومان بیگ کے علاوہ سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام ڈاکٹر مولانا مفتی مقصود عمران رشادی، مولانا حنیف افسر عزیزی، جمعہ مسجد کے خطیب و امام مولانا عبدالقادر شاہ واجد ابوالعلائی، مفتی فاروق فوزان رشادی، مولانا شاکر اللہ رشادی، علماء فاؤنڈیشن کے مولانا مزمل رشادی، مولانا شمیم سالک، مولانا عابد اشاعتی اور دیگر ممتاز علمائے کرام نے شرکت کی۔
ملاقات کے دوران مقررین نے ایران کی جانب سے موجودہ حالات میں اختیار کیے گئے موقف اور اس کی استقامت کو موضوعِ گفتگو بناتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر شدید دباؤ اور کشیدگی کے باوجود ایران نے جس عزم و حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے مسلم دنیا میں بھی ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ علمائے کرام نے اس بات کی ضرورت محسوس کی کہ موجودہ حالات کو محض کسی ایک ملک کے تناظر میں دیکھنے کے بجائے پوری امت مسلمہ کے اجتماعی مسائل، خودمختاری، اتحاد اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے کردار کے حوالے سے بھی سمجھا جائے۔
سٹی جامع مسجد کے خطیب و امام ڈاکٹر مولانا مفتی مقصود عمران رشادی نے اپنے خطاب میں ایران کی استقامت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں ایران نے مخالف قوتوں کے دباؤ کا سامنا کیا اور اپنے موقف پر ثابت قدمی دکھائی، وہ قابلِ رشک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کو سب سے زیادہ اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے۔ مسلم ممالک اور مختلف مذہبی و فکری حلقوں کے درمیان موجود اختلافات کو کم کیے بغیر امت کو درپیش بڑے چیلنجوں کا مؤثر مقابلہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے علماء اور پوری امت مسلمہ عالم اسلام میں اتحاد کے لیے دعاگو ہیں۔ انہیں امید ہے کہ حالات تبدیل ہوں گے اور باہمی اتحاد کے ذریعے اسلامی دنیا میں ایک نئی بیداری اور مثبت تبدیلی کی راہ ہموار ہوگی۔
مولانا حنیف افسر عزیزی نے ایران پر امریکہ کے حملوں اور اس کے بعد ایران کی جانب سے کیے گئے جوابی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں ایران نے ان حالات کا مقابلہ کیا، وہ غیر معمولی عزم اور حوصلے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاید امریکہ نے بھی یہ توقع نہیں کی ہوگی کہ ایران اس قدر دباؤ اور مشکلات کے باوجود پوری قوت کے ساتھ میدان میں ڈٹا رہے گا۔ ان کے مطابق ایران کی ثابت قدمی نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں خود اعتمادی اور فخر کا احساس پیدا کیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی ملک کی اصل قوت اس کے عزم، قومی وقار اور مشکل حالات میں اپنے موقف پر قائم رہنے کی صلاحیت سے ظاہر ہوتی ہے۔
مولانا شمیم سالک نے اس ملاقات کو مختلف مذہبی و فکری حلقوں کے درمیان رابطوں کے فروغ کی ایک مثبت کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے علماء کی جانب سے ریاست کے علمائے کرام کے ساتھ تبادلۂ خیال اور باہمی روابط قائم کرنے کی پہل قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے اس ملاقات کے اہتمام میں آر روشن بیگ کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مسالک اور مذہبی پس منظر رکھنے والی شخصیات جب ایک جگہ بیٹھ کر ایک دوسرے کے خیالات سنتی ہیں تو باہمی اعتماد اور احترام کی فضا پیدا ہوتی ہے۔ ایسی نشستیں نہ صرف ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں بلکہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور سماجی یکجہتی کے لیے بھی نئی راہیں کھولتی ہیں۔
مفتی فاروق فوزان رشادی نے ایران کی استقامت اور عالمی طاقتوں کے سامنے اس کے مضبوط موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات نے اس حقیقت کو نمایاں کیا ہے کہ ایک اسلامی ملک بھی اپنے قومی وقار اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مضبوط موقف اختیار کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کو اپنی اجتماعی قوت کا احساس کرتے ہوئے باہمی تعاون اور اتحاد کو فروغ دینا چاہیے۔ مسلم دنیا کے مسائل کسی ایک ملک یا خطے تک محدود نہیں، اس لیے ان کے حل کے لیے بھی مشترکہ سوچ، باہمی اعتماد اور یکجہتی ضروری ہے۔ انہوں نے ایران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امت مسلمہ کے اتحاد و استحکام کی دعا کی۔
مولانا عبدالقادر شاہ واجد ابوالعلائی نے ایران اور ہندوستان کے علماء کے درمیان روابط اور ملاقاتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تبادلۂ خیال سے مختلف ممالک کے مذہبی و علمی حلقوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کے درمیان رابطوں کا مقصد صرف ایک دوسرے کے خیالات سے واقف ہونا نہیں بلکہ باہمی احترام، رواداری اور مشترکہ انسانی و دینی اقدار کو فروغ دینا بھی ہونا چاہیے۔ مسلکی اختلافات کو باہمی دوریوں کا سبب بنانے کے بجائے انہیں برداشت اور احترام کے ساتھ قبول کرتے ہوئے ملت کے مشترکہ مفادات کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مولانا مزمل رشادی، مولانا شاکر اللہ رشادی اور مولانا عابد اشاعتی ،مولانا مفتی محمد مشرف مظاہری ،مولانا محمد انصار ، قاری محمد احمد ،قاری محمد حنیف ، مولانا امداد اللہ صاحب قادری نوری سمیت دیگر علمائے کرام نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایران کی استقامت اور موجودہ عالمی حالات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے باہمی اتحاد، مذہبی ہم آہنگی اور مشترکہ لائحہ عمل ناگزیر ہے۔ مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مختلف مسالک کے علماء اور دینی اداروں کے درمیان رابطوں کو محض رسمی ملاقاتوں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ انہیں مستقل مکالمے اور تعاون کی شکل دی جائے۔اس خصوصی نشست کا نمایاں پیغام یہ رہا کہ عالمی سیاسی کشیدگی اور بین الاقوامی تنازعات کے باوجود مذہبی و علمی حلقوں کے درمیان مکالمے، باہمی احترام اور رابطوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ علمائے کرام نے مسلکی اختلافات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملت اسلامیہ کے اتحاد، مسلم ممالک کے درمیان یکجہتی، ہندوستان اور ایران کے دوستانہ تعلقات اور دنیا بھر میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے اجتماعی دعا کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی ملاقاتیں مختلف مکاتب فکر کے درمیان فاصلے کم کرنے، مشترکہ مسائل پر تبادلۂ خیال اور بین الاقوامی سطح پر مذہبی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے