عصرِ حاضر کی تیز رفتار ، مادی ترقی اور جدید طرزِ زندگی نے انسانی معاشرت کو بے شمار سہولتیں عطا کی ہیں، مگر اس کے ساتھ ہی خاندانی استحکام اور ازدواجی رشتوں کی نزاکت کو بھی کڑے امتحان میں ڈال دیا ہے۔ حالیہ اخباری جائزوں اور سماجی سروے رپورٹس سے یہ تلخ حقیقت سامنے آتی ہے کہ بالخصوص بڑے میٹرو شہروں اور تیزی سے ابھرتے ہوئے آئی ٹی مراکز میں سروس دینے والے افراد میں طلاق، خلع اور علیحدگی کے واقعات میں تشویشناک تیزی آ رہی ہے۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ گزشتہ دو دہائیوں میں ملک بھر میں طلاق کی شرح دوگنی ہو چکی ہے، جبکہ میٹرو شہروں میں گزشتہ دس برسوں کے دوران اس میں تیس سے چالیس فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ جیسی ریاستوں میں یہ شرح چھ اعشاریہ سات فیصد تک جا پہنچی ہے، اور حیدرآباد کی فیملی کورٹس میں ہر ماہ تقریباً ڈھائی سو نئے مقدمات کا اندراج ہو رہا ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ٹوٹنے والے ان رشتوں میں اکثریت پچیس سے پینتیس سال کے نوجوان جوڑوں کی ہے، اور بے شمار شادیاں تو اپنے پہلے ہی سال میں ناچاقی کی نذر ہو رہی ہیں۔
اس بحرانی کیفیت کے محرکات پر نظر ڈالیں تو واضح ہوتا ہے کہ کارپوریٹ کلچر کی مصروفیات، کیریئر اور انفرادی آزادی کو حد سے زیادہ ترجیح دینا، باہمی مکالمے کا فقدان، سوشل میڈیا کے مصنوعی معیارات اور صبر و موافقت کی کمی نے معمولی گھریلو اختلافات کو سنگین تنازعات میں بدل دیا ہے۔ سروے کے مطابق سڑسٹھ فیصد طلاقوں کی بنیادی وجہ مالی تنازعات ہیں، جبکہ بیالیس فیصد مرد قرض کے بوجھ تلے دب کر طلاق کے عدالتی اخراجات ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ دوسری جانب تعلیم اور معاشی خود مختاری نے فرد کو بااختیار تو بنایا ہے، مگر رشتوں میں ایڈجسٹمنٹ اور قربانی کے جذبے کو کمزور کر دیا ہے۔ تاہم ماہرین کا یہ مشاہدہ امید کی ایک مضبوط کرن فراہم کرتا ہے کہ بروقت مداخلت اور پیشہ ورانہ کاؤنسلنگ کے ذریعے ستر فیصد تک ٹوٹتے ہوئے گھروں کو بکھرنے سے بچایا جا سکتا ہے۔
اسی تناظر میں علیحدگی کی اس بڑھتی ہوئی لہر کو کم کرنے اور اس پر قابو پانے کے لیے فیملی کاؤنسلنگ سینٹر میں ایک منظم، نفسیاتی اور حکمت پر مبنی لائحۂ عمل اختیار کرنا ناگزیر ہے:
1۔ شادی سے قبل مشاورت اور ابتدائی نگہداشت (Pre-Marital & Early Marriage Counseling): چونکہ ناپختہ توقعات اور ذمہ داریوں کے عدم شعور کے باعث شادی کے ابتدائی برسوں میں رشتے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اس لیے عقدِ نکاح سے قبل ہی جوڑوں کو مزاجی تفاوت، حقوق و فرائض اور ازدواجی ذمہ داریوں کا شعور دیا جائے۔ مزید برآں، شادی کے پہلے سال کے دوران باقاعدہ فالو اپ نشستیں (Follow-up Sessions) منعقد کی جائیں تاکہ ابتدائی غلط فہمیوں کو آغاز ہی میں دور کیا جا سکے۔
2۔ کیریئر اور گھریلو زندگی میں توازن (Work-Life Balance): آئی ٹی اور کارپوریٹ سیکٹر کے دباؤ نے میاں بیوی کے درمیان جذباتی فاصلے پیدا کر دیے ہیں۔ کاؤنسلنگ کے ذریعے جوڑوں کو سکھایا جائے کہ کیریئر کی کامیابی اسی وقت بامعنی ہے جب گھر کا سکون برقرار رہے، اور اس کے لیے مصروف ترین شیڈول کے باوجود روزانہ باقاعدہ وقت نکال کر مؤثر گفتگو (Quality Communication) اور جذباتی وابستگی کو زندہ رکھنا ضروری ہے۔
3۔ مالی شفافیت اور مشترکہ منصوبہ بندی (Financial Counseling & Joint Budgeting): مالی تنازعات چونکہ علیحدگی کا سب سے بڑا سبب بن کر ابھرے ہیں، لہٰذا مشاورتی عمل میں مالی رہنمائی کو کلیدی حیثیت دی جائے۔ میاں بیوی کو آمدنی، اخراجات اور بچت پر باہمی اعتماد کے ساتھ مشترکہ بجٹ سازی کی تربیت دی جائے تاکہ شفافیت کے ذریعے شک و شبہات کا خاتمہ ہو اور قرض و عدالتی اخراجات جیسی تباہ کن نوبت نہ آئے۔
4۔ جذباتی لچک اور ذہن سازی (Cognitive Reframing & Emotional Flexibility): معاشی خود مختاری اور اعلیٰ تعلیم کو انا کا ہتھیار بننے سے روکنے کے لیے فریقین کی فکری تربیت کی جائے۔ انہیں یہ باور کرایا جائے کہ رشتوں میں لچک، صبر اور موافقت (Adjustment) کسی کمزوری یا شکست کی علامت نہیں بلکہ بالغ نظری، حکمت اور ظرف کی دلیل ہیں، جو "میں” کے خول کو توڑ کر "ہم” کی فضا قائم کرتی ہیں۔
۵۔ سوشل میڈیا اور بیرونی اثرات کے خلاف حدود (Healthy Boundaries):
سوشل میڈیا کی چکاچوند اور غیر حقیقی معیارات نے حقیقی زندگی کے رشتوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ کاؤنسلنگ سیشنز میں جوڑوں کے ساتھ مل کر ایسی واضح حدود متعین کی جائیں جو ان کی نجی زندگی کو سوشل میڈیا کے موازنوں اور غیر ضروری بیرونی مداخلت سے محفوظ رکھ سکیں۔
۶۔ عدالتوں سے قبل ثالثی اور مصالحت (Pre-Litigation Mediation): چھوٹے گھریلو جھگڑے بروقت مکالمہ نہ ہونے کے باعث فیملی کورٹس کی دہلیز تک جا پہنچتے ہیں۔ کاؤنسلنگ سینٹر کو ایک ایسے غیر جانبدار اور باوقار مصالحتی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنا چاہیے جہاں معمولی تنازعات کو عدالتی جنگ بننے سے پہلے ہی ہمدردانہ سماعت اور باہمی افہام و تفہیم سے سلجھا لیا جائے۔
معاشرے کے ضمیر سےچند سوالات
1۔ کیا ہم نے اپنی اولاد کو اعلیٰ ڈگریاں اور پرکشش ملازمتیں دلانے کی دوڑ میں انہیں ایک اچھا شریکِ حیات بننے اور رشتہ نبھانے کا سلیقہ سکھانا فراموش کر دیا ہے؟
2۔ کیا کیریئر کی بلندیوں اور معاشی آسودگی کی قیمت اتنی بڑی ہونی چاہیے کہ اس کے بدلے ہمارے گھروں کا سکون اور رشتوں کی حرارت قربان ہو جائے؟
3۔ آخر وہ کون سی مجبوری ہے جو کل تک ایک دوسرے کے ہمسفر بننے والے نوجوانوں کو شادی کے پہلے ہی سال عدالتوں کے کٹہرے میں لا کھڑا کرتی ہے؟
4۔ کیا معاشی خود مختاری اور تعلیم کا مقصد رشتوں میں وقار اور اعتماد پیدا کرنا ہے یا انہیں انا اور ضد کی بھینٹ چڑھا دینا؟
5۔ جب ہم باہر کی دنیا میں ہر چھوٹے بڑے سمجھوتے کو حکمت اور کامیابی کا زینہ مانتے ہیں، تو اپنے ہی گھر کو بسانے کے لیے تھوڑا سا صبر اور ایڈجسٹمنٹ ہمیں کمزوری کیوں لگنے لگتا ہے؟
6۔ کیا سوشل میڈیا کی مصنوعی اور نمائشی دنیا اتنی طاقتور ہو گئی ہے کہ اس کے موازنے ہمارے حقیقی اور جیتے جاگتے رشتوں کی مٹھاس چھین لیں؟
7۔ کیا دولت اور اخراجات کی تقسیم واقعی اتنی اہم ہو گئی ہے کہ گھر مالی تنازعات کی نذر ہو جائیں اور مرد قرض لے کر طلاق کے مقدمات لڑیں؟
8۔ جب چھوٹے اختلافات کو آپس میں بیٹھ کر یا کسی ماہر ،مخلص فیملی کاؤنسلر کی مدد سے حل کیا جا سکتا ہے، تو ہم انہیں انا کا مسئلہ بنا کر برسوں تک عدالتوں کے چکر لگانے کو کیوں ترجیح دیتے ہیں؟
9۔ ٹوٹتے ہوئے گھروں اور بکھرتے ہوئے خاندانوں کے ملبے تلے جو معصوم بچے اور آنے والی نسلیں نفسیاتی طور پر کچلی جا رہی ہیں، ان کی محرومیوں کا ذمہ دار کون ہوگا؟
10۔ کیا اب بھی وقت نہیں آیا کہ ہم شادی سے قبل اور بعد میں فیملی کاؤنسلنگ کو کوئی عیب سمجھنے کے بجائے ایک لازمی معاشرتی ضرورت کے طور پر قبول کریں تاکہ اجڑتے ہوئے گھروں کو دوبارہ آباد کیا جا سکے؟
خاندان کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیادی اکائی ہے، اور اس کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اگر فیملی کاؤنسلنگ سینٹرز حکمت و بصیرت کے ساتھ اپنا کردار ادا کریں اور معاشرہ بھی ضد کے بجائے مکالمے اور مشاورت کا راستہ اختیار کرے، تو ٹوٹتے ہوئے رشتوں میں دوبارہ زندگی کی رمق پیدا کی جا سکتی ہے۔
عبدالعظیم رحمانی ملکاپوری کی فیملی کاؤنسلنگ پر اہم تصانیف:
* فیملی کاؤنسلنگ۔۔۔ بند گلی سے نکلنے کا راستہ
* سکون خانہ۔۔۔ (ازدواجی تنازعات سے رفاقتی ہم آہنگی تک کا شعوری سفر)
* فیملی کاؤنسلنگ سینٹر
رشتے بچائیے ۔۔۔۔ ۔۔۔خاندان سنواریے Save Relationships.Build Stronger Families
* ازدواجی و خاندانی مسائل کا عملی حل
* ا سے ازدواج ،ب سے بچے، پ سے پرورش ، ت سے تربیت
* رشتوں کی بحالی۔۔۔ خاندان کی خوش حالی
* تعلق اس طرح توڑا نہیں کرتے!۔۔۔ آؤ صلح کر لیں
* دستورِ زندگی۔۔۔ (خوش گوار زندگی گزارنے کے سنہرے اصول)
* فیملی کاؤنسلنگ: فن زیست و حکمت رفاقت LIVING WELL….LOVING WISELY
* Family Counseling Guide
* چھے ہفتوں کا Pre marriage counseling program
ان کی تحریروں کا محور رشتوں کا تحفظ، ازدواجی موافقت (Marital Compatibility)، جذباتی رفاقت (Emotional Intimacy)، مؤثر گفتگو (Effective Communication)، تنازعات کا حل (Conflict Resolution) اور خاندان کی پائیداری ہے۔ وہ فیملی کاؤنسلنگ کو افراد اور خاندانوں کی ذہن سازی، خود شناسی، باہمی مفاہمت اور رفاقتی ہم آہنگی کا ایک مؤثر ذریعہ سمجھتے ہیں۔