Breaking

اپنے بچوں کو بد دعانہ دو

اپنے بچوں کو بد دعانہ دو

اپنے بچوں کو بد دعانہ دو

 

از قلم: مفتی محمد عبدالحمید شاکر قاسمی
جامعہ عربیہ توپران ضلع میدک تلنگانہ

 

بیشک اولاد اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت اور والدین کے لیے آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ انسان اپنی اولاد کی راحت کے لیے کتنی مشقتیں برداشت کرتا ہے، اس کی پرورش میں اپنی نیند، آرام اور خواہشات تک قربان کردیتا ہے۔ اس کی بیماری والدین کو بے چین کردیتی ہے اور اس کی معمولی سی تکلیف بھی ان کے دل کو تڑپا دیتی ہے۔ لیکن افسوس! کبھی یہی والدین اپنی اولاد کی کسی نادانی، شرارت یا نافرمانی پر اس قدر غصہ میں آجاتے ہیں کہ ان کی زبان سے ایسے الفاظ نکل جاتے ہیں جن کا تصور بھی نہیں ہونا چاہیے۔

بچہ کھانے میں کوئی چیز گرا دے، کوئی برتن توڑ دے، بات نہ مانے یا کسی کام میں کوتاہی کردے تو بعض والدین فوراً بددعا دینے لگتے ہیں۔ کوئی کہتا ہے: اللہ تجھے غارت کرے! کوئی کہتا ہے: اللہ تجھے برباد کرے! کوئی موت کی بددعا دیتا ہے اور کوئی ایسی بات کہہ گزرتا ہے جس سے اولاد کی ہلاکت اور محرومی کا مفہوم نکلتا ہے۔ایسے ہمارے دکنی الفاظ میں تیرا مردہ نکلو تیرے منہ پہ مٹی پڑو تو ستے ناس ہوجاؤ چیرو تیرے کو وغیرہ وغیرہ یہ سب الفاظ بچے کو موت کی بد دعا پر مشتمل ہیں بعد میں خود ہی کف افسوس ملتے ہیں جس کا کوئی فائدہ نہیں ہے

ذرا غور کیجیے! جس اولاد کے لیے والدین اللہ تعالیٰ سے دن رات خیر و عافیت مانگتے ہیں، اسی کے لیے غصہ کی حالت میں بددعا کے الفاظ زبان سے نکالنا کتنی بڑی محرومی ہے۔ والدین کو یہ بات ہمیشہ یاد رکھنی چاہیے کہ زبان سے نکلا ہوا ہر لفظ بے وزن نہیں ہوتا۔ اس لیے غصہ کے وقت بھی اپنی زبان کی حفاظت ضروری ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے والدین کو اس معاملے میں خاص طور پر متنبہ فرمایا ہے اور اولاد کے حق میں بددعا کرنے سے منع فرمایا ہے۔ اس لیے مناسب ہے کہ اپنے گھروں میں رائج اس بری عادت کی اصلاح کریں اور اپنی زبانوں کو بددعا کے بجائے دعائے خیر کا عادی بنائیں۔

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا :
لَا تَدْعُوا عَلَى أَنْفُسِكُمْ، وَلَا تَدْعُوا عَلَى أَوْلَادِكُمْ، وَلَا تَدْعُوا عَلَى أَمْوَالِكُمْ، لَا تُوَافِقُوا مِنَ اللَّهِ سَاعَةً يُسْأَلُ فِيهَا عَطَاءٌ فَيَسْتَجِيبَ لَكُمْ ۔
ترجمہ : اپنے لیے بددعا نہ کرو، اپنی اولاد کے لیے بددعا نہ کرو اور اپنے مالوں کے لیے بددعا نہ کرو۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ تمہاری بددعا اللہ تعالیٰ کی طرف سے قبولیت کی کسی گھڑی میں پہنچ جائے اور وہ اسے قبول فرمالے۔(صحیح مسلم)

اس حدیث شریف میں رسول اللہ ﷺ نے اپنے لیے، اپنی اولاد کے لیے اور اپنے مال کے لیے بددعا کرنے سے منع فرمایا ہے۔ اس کی وجہ بھی بیان فرمائی کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے قبولیت کی کوئی گھڑی ہوتی ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ انسان غصہ میں بددعا دے اور وہ قبولیت کی گھڑی سے موافق ہوجائے۔

والدین اپنی اولاد کی غلطیوں پر صبر کریں اور اس کی اصلاح کی فکر کریں۔ بچہ غلطی کرے تو اسے سمجھائیں، اس کی تربیت کریں، لیکن اس کے لیے بددعا نہ کریں۔ جس اولاد کو والدین بڑی محبت سے پالتے ہیں، اسی کے حق میں ایسے الفاظ کہنا مناسب نہیں۔

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
ثَلَاثُ دَعَوَاتٍ مُسْتَجَابَاتٌ لَا شَكَّ فِيهِنَّ: دَعْوَةُ الْمَظْلُومِ، وَدَعْوَةُ الْمُسَافِرِ، وَدَعْوَةُ الْوَالِدِ۔
ترجمہ: تین دعائیں ایسی ہیں جن کی قبولیت میں کوئی شک نہیں: مظلوم کی دعا، مسافر کی دعا اور والد کی دعا(سنن ابی داؤد)
ایک دوسری روایت میں والد کی اپنے بچے کے خلاف دعا کا ذکر بھی آیا ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ والدین کو اپنی دعا کے سلسلہ میں بہت احتیاط کرنی چاہیے۔ جس زبان سے اولاد کے لیے ہدایت، نیک بختی اور کامیابی کی دعا نکلنی چاہیے، اسی زبان سے اس کے لیے نقصان اور بربادی کی دعا نکلنا بڑی محرومی ہے۔

رسول اللہ ﷺ نے مؤمن کی صفت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
لَيْسَ الْمُؤْمِنُ بِالطَّعَّانِ، وَلَا اللَّعَّانِ، وَلَا الْفَاحِشِ، وَلَا الْبَذِيءِ۔
ترجمہ: مؤمن طعنہ دینے والا، کثرت سے لعنت کرنے والا، بے حیائی کی باتیں کرنے والا اور بدزبان نہیں ہوتا۔(جامع الترمذی)

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مسلمان کو اپنی زبان کی حفاظت کرنی چاہیے۔ بار بار لعنت کرنا اور بدزبانی کرنا مؤمن کے اخلاق کے خلاف ہے۔ پھر والدین کو تو اس معاملہ میں اور بھی زیادہ احتیاط کرنی چاہیے، کیونکہ ان کی زبان سے اولاد کے حق میں دعائے خیر نکلنی چاہیے۔
بعض والدین یہ کہتے ہیں کہ ہم تو صرف غصہ میں کہہ دیتے ہیں، ہمارا مقصد بددعا دینا نہیں ہوتا۔ لیکن یہ بات سمجھنے کی ہے کہ دل میں تکلیف ہوئی ہے اولاد کی وجہ سے اور الفاظ بھی بددعا کے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ بد دعا نہیں تھی یہ خلاف عقل بات ہے غصہ میں ہی انسان سے زیادہ بے احتیاطی ہوتی ہے ۔ اسی لیے ضروری ہے کہ والدین غصے کے وقت اپنی زبان کو قابو میں رکھیں۔

اگر بچہ کوئی غلطی کردے تو اس کے لیے یہ دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ اسے نیک بنائے، اس کی اصلاح فرمائے، اسے دین و دنیا میں کامیابی عطا فرمائے۔ اگر بچہ نافرمانی کرے تو اس کے لیے ہدایت مانگیں۔ بددعا دینے سے بچے کی اصلاح نہیں ہوتی، بلکہ والدین کی دعا، اور اچھی تربیت کے ذریعہ اس کی اصلاح کی کوشش کریں۔

والدین کی زبان سے نکلنے والی دعا اولاد کے لیے ایک بیش بہا سرمایہ ہے۔ دنیا میں بہت سی نعمتیں ایسی ہیں جنہیں انسان اپنی محنت سے حاصل کرتا ہے، لیکن والدین کی دعاؤں کا فیض ایک ایسی دولت ہے جس کا کوئی مول نہیں۔ ماں کی آہِ سحرگاہی ہو یا باپ کی خاموش التجا، دونوں اولاد کے حق میں خیر و برکت کا عظیم ذریعہ ہیں۔ کتنے ہی ایسے مواقع آتے ہیں جب اولاد اپنی کم مائیگی اور بے بسی کے باعث کسی مشکل سے نکلنے کی تدبیر نہیں کرپاتی، مگر والدین کے دستِ دعا بلند ہوتے ہیں اور وہ اپنے رب کے حضور اس کے لیے عافیت، ہدایت اور کامیابی کی درخواست کرتے ہیں۔
باپ اپنی اولاد کے لیے جب دستِ دعا بلند کرتا ہے تو جس میں اس کی شفقت اور خیر خواہی سب جمع ہوجاتے ہیں۔ اسی لیے والدین کو اپنی زبان کے استعمال میں غیر معمولی احتیاط کرنی چاہیے۔ جس زبان کو اولاد کے لیے دعائے ہدایت کا خوگر ہونا چاہیے، اسے بددعا اور لعنت کا عادی بنانا کس قدر افسوس ناک ہے!

ماں کی محبت تو اپنی مثال آپ ہے۔ وہ اپنی اولاد کے لیے بے شمار تکالیف برداشت کرتی ہے، اس کی بیماری میں رات بھر جاگتی ہے، اس کی پریشانی کو اپنی پریشانی سمجھتی ہے۔ مگر کبھی کبھی یہی ماں اولاد کی کسی معمولی لغزش پر اس قدر برہم ہوجاتی ہے کہ اس کی زبان سے بددعا کے کلمات جاری ہونے لگتے ہیں۔ اسے چاہیے کہ اپنی ممتا کو غصہ کے تابع نہ کرے، بلکہ اسی شفقت کو دعا کی صورت میں ڈھال دے۔

انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام کی اپنی اولاد کے لیے دعا
قرآن مجید میں انبیائے کرام علیہم السلام کی دعاؤں کو دیکھا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ انبیاء علیہم الصلوۃ والسلام اپنی اولاد کے لیے اپنی ذریت کے لیے اور اپنی نسل کے لیے دعائیں کرتے تھے ۔

حضرت سیدناابراہیم علیہ السلام نے اپنی اولاد کے لیے بھی اللہ تعالیٰ سے نماز کی پابندی اور استقامت کی دعا فرمائی۔ قرآنِ کریم میں آپ کی یہ نہایت پیاری دعا مذکور ہے:
رَبِّ اجْعَلْنِي مُقِيمَ الصَّلَاةِ وَمِنْ ذُرِّيَّتِي ۚ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَاءِ۔
ترجمہ: اے میرے رب! مجھے نماز قائم کرنے والا بنا اور میری اولاد میں سے بھی (ایسے لوگ پیدا فرما جو نماز قائم کریں)اے ہمارے رب! میری دعا قبول فرما۔
(سورۃ ابراہیم)
غور کیجیے! اللہ کے خلیل علیہ السلام اپنی اولاد کے لیے سب سے پہلے نماز کی پابندی کی مانگ رہے ہیں۔ اس سے والدین کو سبق ملتا ہے کہ اولاد کے لیے سب سے بڑی دعا اس کی ہدایت، نیکی اور دین پر استقامت کی دعا ہے

امام بخاری رحمہ اللہ کے والدہ کی دعا
امام بخاری رحمہ اللہ بچپن ہی میں بینائی سے محروم ہوگئے تھے۔ والد کا سایہ بھی سر سے اٹھ چکا تھا۔ والدہ اپنے بچے کی اس حالت پر بہت غمگین رہتیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور اس کی بینائی کی واپسی کے لیے دعائیں کرتی رہتیں۔ ایک رات انہوں نے خواب میں حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کو دیکھا، جنہوں نے انہیں خوش خبری دی کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی دعاؤں کی برکت سے ان کے بیٹے کی بینائی واپس کردی ہے۔ صبح امام بخاری رحمہ اللہ کی بینائی لوٹ آئی۔(سیر أعلام النبلاء)
یہ واقعہ ہمیں بتاتا ہے کہ ماں کی زبان سے نکلی ہوئی دعا کس قدر قیمتی ہوسکتی ہے۔

امام حرم کے والدہ کی دعا
شیخ عبدالرحمن السدیس حفظہ اللہ کے بچپن کے متعلق ایک مشہور واقعہ ہے شیخ بھی عام بچوں کی طرح کچھ شرارتی تھے کہ ایک مرتبہ گھر میں مہمان آئے ہوئے تھے اور بڑی محنت سے اور کافی وقت لگا کر کھانا تیار آپ کی والدہ نے مہمانوں کے لیے کھانا تیار کیا۔ بچپن کی شرارت میں انہوں نے پکے ہوئے کھانے میں مٹی ڈال دی۔ ظاہر ہے کہ والدہ کو اس حرکت سے سخت تکلیف پہنچی ہوگی؛ یہ ایسا موقع تھا کہ غصہ میں بددعا بھی نکل سکتی تھی، بچے کی بے انتہا مارپیٹ ہو سکتی تھی پورے مہمانوں کے سامنے بے عزتی کر دی بچے نے اس موقع پر اپنے آپ کو رکھ کے سوچیں ہماری زبان سے کیا کیا نکل سکتا ہے مگر سلام ہے اس ماں کو جس ماں نے بددعا دینے کے بجائے دعا دی کہ اللہ تعالیٰ تمہیں حرم کا امام بنائے بالآخر بعد میں وہی بچہ مسجدِالحرام کا امام بنا۔

والدین کے لیے نصیحت
ذرا غور کیجیے! بچہ غلطی کرتا ہے، شرارت کرتا ہے، گھر والوں کو تکلیف پہنچاتا ہے؛ ایسے وقت میں والدین کی زبان سے بددعا نکلنے کے بجائے دعا نکلنی چاہیے۔ آخر وہ کس کے لیے بددعا کر رہے ہیں؟ اپنے ہی جگر کے ٹکڑے کے لیے! وہ کس کا نقصان کر رہے ہیں کسی دشمن کا یا اپنے ہی خون کا سوچنے کا موقع ہے ہوش کے ناخن لیجیے اپنی زبان کو قابو میں رکھیے

لہٰذا والدین کو چاہیے کہ اپنی زبان کو بددعا سے محفوظ رکھیں اور اپنی دعاؤں کو اولاد کی دینی و دنیوی فلاح کے لیے وقف کریں۔ جس وقت غصہ جوش مارے، اسی وقت اپنی زبان کو روک لینا بڑی مجاہدہ طلب بات ہے ایسے وقت میں وہاں سے اٹھ جانا یا کسی اور کام میں مصروف ہو جانا اور بچے کی شرارت سے ذہن کو فارغ کر لینا اور اس کی معصومیت کو اپنے ذہن میں لانا یہ سارے ذرائع ایسے ہیں جس سے زبان کو بے لگام ہونے سے بچایا جا سکتا ہے یہی ضبطِ نفس گھروں کو سکون اور نسلوں کو خیر سے آراستہ کرتا ہے۔

رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات میں زبان کی حفاظت اور اس کے صحیح استعمال پر بہت زور دیا گیا ہے۔ انسان کے اعضاء میں زبان ایک ایسا عضو ہے جس کا حجم تو بہت چھوٹا ہے، لیکن اس کے اثرات نہایت وسیع ہیں۔ کبھی یہی زبان ذکر و تلاوت سے دلوں کو منور کرتی ہے، کبھی دعا کے ذریعہ رحمتِ الٰہی کو متوجہ کرتی ہے، اور کبھی بے احتیاطی کی وجہ سے ایسی بات کہہ دیتی ہے جو انسان کے لیے وبال بن جاتی ہے۔
عورتوں کے لیے خصوصی تنبیہ
خصوصاً عورتوں کو اس معاملے میں رسول اللہ ﷺ نے ایک موقع پر تنبیہ فرمائی۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ عید کے دن نماز کے لیے تشریف لے گئے۔ پھر عورتوں کے پاس سے گزرے تو ارشاد فرمایا:
يَا مَعْشَرَ النِّسَاءِ تَصَدَّقْنَ، فَإِنِّي أُرِيتُكُنَّ أَكْثَرَ أَهْلِ النَّارِ۔ترجمہ:
اے عورتوں کی جماعت! صدقہ کرو، اس لیے کہ مجھے تم دوزخ والوں کی اکثریت میں دکھائی گئی ہو۔(صحیح بخاری)

عورتوں نے عرض کیا: یا رسول اللہ! اس کی کیا وجہ ہے؟ آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
تُكْثِرْنَ اللَّعْنَ، وَتَكْفُرْنَ الْعَشِيرَ۔ترجمہ:
تم کثرت سے لعنت کرتی ہو اور شوہر کی ناشکری کرتی ہو۔(صحیح البخاری)

اس حدیث شریف میں غور کرنے کی بات یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے عورتوں کی دو برائیوں کی نشان دہی فرمائی: ایک کثرتِ لعنت اور دوسرے شوہر کی ناشکری۔ کثرتِ لعنت کا مطلب یہ ہے کہ انسان کی زبان پر بار بار لعنت، بددعا اور برے کلمات جاری ہوں۔ کسی بات پر غصہ آیا تو لعنت، کسی نے خلافِ مزاج کام کیا تو بددعا، کسی بچے نے شرارت کردی تو اس کے لیے ہلاکت کے الفاظ؛ یہ سب زبان کی بے احتیاطی کی صورتیں ہیں۔

اس حدیث سے یہ بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ زبان کی لغزش معمولی چیز نہیں۔ عورتیں جو گھر کے ماحول کی اصلاح میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، اگر ان کی زبان لعنت اور بددعا کی خوگر ہوجائے تو گھر کا سکون بھی متاثر ہوتا ہے اور بچوں کی تربیت پر بھی اس کے برے اثرات مرتب ہوتے ہیں ہم نے اپنی انکھوں سے ایسے مناظر دیکھے ہیں ماں اپنی لڑکی کو بد دعا دے رہی ہے چند دنوں بعد وہی الفاظ وہ لڑکی دہرا رہی ہے اپنی چھوٹی بہن کے لیے اب ماں کی زبان سے نکلی ہوئی بات کو بچی اچھی بات سمجھ رہی ہے کہ کوئی اچھی چیز ہی ہوگی اس طرح بولنا چاہیے سامنے والا خاموش بیٹھ جائے گا حالانکہ یہ چیز نسلوں میں سرایت کر جاتی ہے

ذرا اپنے گھروں کا جائزہ لیجیے!
ماں کو چاہیے کہ بچے کی شرارت پر اس کے لیے بددعا
نہ کرے اگر بچہ ضد کرتا ہے تو اسے نرمی سے سمجھائے، اگر نافرمانی کرتا ہے تو مناسب طریقے سے تنبیہ کرے، اور اگر اس سے کوئی غلطی سرزد ہوجائے تو اللہ تعالیٰ سے اس کی ہدایت اور نیک بختی کی دعا کرے۔

بعض مرتبہ ایک بچہ بار بار غلطی کرتا ہے اور ماں غصہ میں آکر اس کے لیے ایسے الفاظ استعمال کرتی ہے جن کا تصور بھی دل کو دہلا دیتا ہے۔ لیکن اگر یہی ماں اسی وقت اپنے بچے کے لیے یہ دعا کردے کہ اے اللہ! میرے بچے کو نیک بنا دے، اس کے اخلاق اچھے کردے، اے اللہ اس کو ہدایت دے دے اسے نماز کا پابند بنا دے، تو یہی غصہ کا موقع دعائے خیر کا ذریعہ بن سکتا ہے۔

زبان کی حفاظت بھی صدقہ ہے
رسول اللہ ﷺ نے ہمیں صرف بددعا سے بچنے ہی کی تعلیم نہیں دی، بلکہ خیر کے کلمات اختیار کرنے کی ترغیب بھی دی ہے۔ انسان جب اپنی زبان کو قابو میں رکھتا ہے، کسی کو تکلیف دینے سے بچتا ہے اور دوسروں کے لیے خیر چاہتا ہے تو اس کے اخلاق میں حسن پیدا ہوتا ہے۔

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
إِنَّ الرِّفْقَ لَا يَكُونُ فِي شَيْءٍ إِلَّا زَانَهُ، وَلَا يُنْزَعُ مِنْ شَيْءٍ إِلَّا شَانَهُ۔
ترجمہ: نرمی جس چیز میں بھی ہوتی ہے اسے زینت بخش دیتی ہے، اور جس چیز سے نرمی نکال دی جاتی ہے اسے عیب دار کردیتی ہے۔(صحیح مسلم)

اس حدیث شریف میں نرمی کی بڑی فضیلت بیان فرمائی گئی ہے۔ جس معاملے میں نرمی اختیار کی جائے اس میں حسن پیدا ہوجاتا ہے، اور جہاں سختی و درشتی غالب آجائے وہاں بگاڑ پیدا ہونے لگتا ہے۔ بچوں کی تربیت بھی اسی اصول کے تحت ہونی چاہیے۔

غصہ کے وقت بددعا کے بجائے یہ کلمات کہیے
مثلاً غصے کے وقت یہ کہنے کے بجائے کہ اللہ تجھے برباد کرے، یہ کہیے: اللہ تعالیٰ تجھے نیک بنائے۔
اللہ تعالیٰ تجھے دنیا و آخرت میں کامیاب فرمائے۔
اللہ تجھے ہدایت دے اللہ تجھے اچھا رکھے وغیرہ وغیرہ

یہ کلمات زبان پر لانے سے والدین کی اپنی طبیعت میں بھی نرمی پیدا ہوگی اور بچوں کے سامنے بھی خیر خواہی کا نمونہ قائم ہوگا۔

اگر کبھی بددعا نکل جائے تو کیا کرے؟
انسان سے غلطی ہوجانا بعید نہیں۔ کبھی غصہ کی شدت میں والدین کی زبان سے بھی ایسے الفاظ نکل جاتے ہیں جن پر بعد میں ندامت ہوتی ہے۔ ایسے موقع پر اللہ تعالیٰ سے استغفار کریں، صدقہ کریں ساتھ ہی آئندہ کے لیے عزم کریں کہ ہر حالت میں زبان کو قابو میں رکھیں گے۔

ذرا ایک مرتبہ تنہائی میں بیٹھ کر اپنے دل سے پوچھیے! جس اولاد کے لیے ہم نے کتنی راتیں جاگ کر گزاری ہیں، جس کے لیے اپنی راحت و آسائش قربان کی ہے، جس کی معمولی سی تکلیف پر ہمارا دل بے چین ہوجاتا ہے، آخر اسی اولاد کے لیے ہماری زبان سے بددعا کے الفاظ کیوں نکلتے ہیں؟ کیا اس کی شرارت اتنی بڑی ہے کہ ہم اس کے لیے ہلاکت اور بربادی مانگنے لگیں؟ کیا اس کی نافرمانی اس بات کی مستحق ہے کہ ہم اس کے حق میں رحمت کے بجائے زحمت کے کلمات کہیں؟
آخر میں بس اتنی گزارش ہے کہ اولاد کی غلطیوں پر اپنی زبان سے آگ نہ برسائیے؛ اس کے لیے دعاؤں کے چراغ جلائیے دعائے خیر کا عادی بنائیے؛ کیوں کہ والدین کی شفقت کا سب سے حسین مظہر یہی ہے کہ ان کی اولاد ان کی زبان سے ہمیشہ خیر ہی سنے۔ اللہ ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرما ئے اور اپنی اولاد اور نسل کے لیے ہمیں نمونہ بننے کی توفیق عطا فرما ۓ آمین۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے