Breaking

اسلامی عقائد سے واقفیت اور باطل فتنوں سے حفاظت کے لئے مسابقوں کا انعقاد مؤثر ذریعہ . بین ریاستی ختم نبوت تحریری مسابقہ کے انعامی جلسۂ میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے ذمہ داران کے خطابات

اسلامی عقائد سے واقفیت اور باطل فتنوں سے حفاظت کے لئے مسابقوں کا انعقاد مؤثر ذریعہ .  بین ریاستی ختم نبوت تحریری مسابقہ کے انعامی جلسۂ میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے ذمہ داران کے خطابات

اسلامی عقائد سے واقفیت اور باطل فتنوں سے حفاظت کے لئے مسابقوں کا انعقاد مؤثر ذریعہ .
بین ریاستی ختم نبوت تحریری مسابقہ کے انعامی جلسۂ میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ کے ذمہ داران کے خطابات

حیدرآباد،25نومبر(پریس نوٹ) مولانا وجیہ الدین قاسمی مبلغ مجلس تحفظ ختم نبوت کی اطلاع کے مطابق مہاراجہ فنکشن ہال، سعید آباد میں بین ریاستی ختم نبوت تحریری مسابقہ کے فائنل راؤنڈ کا انعامی جلسہ منعقد ہوا ،اس موقع پرمولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت نے اپنے مختصر صدارتی خطاب میں کہا: مسابقہ میں خواتین اور طالبات کی تعداد مرد حضرات و طلبہ سے بہت بڑھ کر رہی، ان خواتین نے پوری دلچسپی سے مسابقہ میں حصہ لیا اور بھر پور محنت و تیاری کے ساتھ مسابقہ میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی، اس طرح مردوں کو بھی چاہئیے کہ وہ اس طرح کے مسابقوں میں اپنی دلچسپی دکھائیں اور خوب محنت و تیاری کے ساتھ ان میں حصہ لیں ، کیوں کہ اسلامی عقائد سے واقف ہونا ان کے لئے بھی بہت ضروری ہے ،

مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سیکریٹری مجلس تحفظ ختم نبو ت نے کہا: اس وقت مسلمانوں میں مہدی اور مسیح ہونے کا جھوٹا دعویدار شکیل بن حنیف کا فتنہ بہت زیادہ بڑھتا جارہا ہے، ملک کی مختلف ریاستوں میں سفروں کے دوران اس فتنہ کی ارتدادی سر گر میوں کی رپورٹیں ملتی ہیں، نہایت ہی افسوس اور تشویش کی بات یہ ہے کہ شکیل بن حنیف کے پیروکار خفیہ طریقہ پر اور خوف کے انداز میں نہیں بل کہ بے خوف اور نڈر ہو کر اپنے گمراہ اور باطل عقائد کی دعوت دے رہے ہیں، اس فتنہ کے سد باب کے لئے مدارس و مکاتب کے اساتذہ ، علماء و خطیب حضرات اور دینی اداروں و تنظیموں کے ذمہ داران کو تو جہ دینے کی ضرورت ہے،

مولانا محمد عبد القوی خازن مجلس تحفظ ختم نبوت نے کہا :ایمان کی سلامتی اور فتنوں سے حفاظت کے لئے صحابہ کرامؓ اور سلفِ صالحین کے تعلق سے اپنی سوچ کو صحیح رکھنا بہت ضروری ہے، ان برگذیدہ شخصیتوں کو ناقابل اعتماد ٹہرانے اور ان کی امانت و دیانت پر سوالات کھڑے کر نے سے دین و شریعت کا پورا نظام اور ڈھانچہ ہی مشکوک ہوجاتا ہے، اسلام کے بنیادی عقائد و تعلیمات کا سرمایہ ان ہی صحابہ کرامؓ اور بزرگان دین کے واسطہ سے ہم تک پہونچا ہے، اس لئے ان کے بارے میں بد گمانی اور بد زبانی ایمان سے محرومی کا پیش خیمہ ہے، مولانا مصدق القاسمی صدر جمعیۃ العلماء گریٹر حیدرآباد نے ختم نبوت تحریری مسابقہ کے انعقاد کو خوش آئند اقدام بتایا اور اس کو اسلامی عقائد سے واقفیت اور فتنوں کے خلاف شعور بیداری کا مفید و مؤثر ذریعہ قرادر دیا ،

مولانا محمد ارشد علی قاسمی سیکریٹری مجلس تحفظ ختم نبو ت نے ختم نبو ت تحریری مسابقہ کی رپورٹ پیش کی اور خواتین و طالبات کے مظاہرہ کو بہت ہی متاثر کن اور نہایت ہی شاندارقرار دیا، انھوں نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا: تلنگانہ و آندھرا اور کرناٹک کے شرکاء مسابقہ میں فاطمہ فوزان بنت محمد شریف مٹ پلّی نے انعام اول پچاس ہزار روپئے حاصل کیا، عطیہ فردوس بنت محمد عبد الحکیم ورنگل نے انعام دوم تیس ہزار وپئے کی حقدار قرار پائیں، اور قرعہ اندازی کے ذریعہ کے ذریعہ شیما بیگم بنت محمد یونس قریشی ٹولی چوکی کو انعام سوم بیس ہزار روپئے کا حقدار قرار دیا گیا، اس کے علاوہ 11 / مساہمات کو بہترین اور شاندار مظاہر کر نے پر فی کس دس دس ہزار روپئےدیئے گئے،

ریاستی مجلس تحفظ ختم نبوت کے معزز ارکان مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی، مولانا خالد سیف اللّٰہ رحمانی، مولانا محمد عبد القوی ، مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی قاسمی اور مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی کے ہاتھوں پوزیشن حاصل کرنے والی مساہمات کو رقمی انعامات کے علاوہ سندِ کامیابی اور مو منٹوز دیئے گئے، اسی طرح بہترین مظاہرہ کر نے والی 11/ مساہمات کے ٹاپ 10کی سند اور تمام شرکاء مسابقہ کو سند شرکت دی گئی، قبل ازیں قاری محمد عبد الندیم پرویز کی تلاوت سے انعامی جلسۂ کا آغاز ہوا، حافظ علیم الدین واحد نے ہدیۂ نعت پیش کی، مولانا انصار اللہ قاسمی نے کاروائی چلائی۔اس موقع پر ضلعی مجالس تحفظ ختم نبوت کے ذمہ داران مولانا مفتی غیاث محی الدین کریم نگر، مولانا سید ایوب قاسمی ورنگل، مولانا مفتی عبد الرؤف خان ، حافظ فضل کھمم، مولانا مفتی الیاس قاسمی، مولانا شاہد مظاہری ، مفتی الیاس ثانی، نرمل، مولانا مفتی رحمت اللہ قاسمی، گنٹور، مولانا عبد المعز شامزی مٹ پلی،

مولانا مفتی عبد الصبور قاسمی، ظہیر آباد،حافظ اسماعیل بسوا کلیان، مولانا عماد الدین قاسمی، نظام آباد، مولانااکرام الدین مفتاحی، آرمور، مولانا سید بلال افضل قاسمی، مجلس علمیہ ورنگل ،مولانا ہارون رشیدسبیلی کرنول ، مولانا مفتی امتیاز قاسمی پداپلّی، مولانا مفتی یعقوب قاسمی بھدرادری کتہ گوڈم کے علاوہ گریٹر حیدرآباد کے ذیلی حلقوں کے ذمہ دارن مولانا سید مصباح الدین حسامی، حافظ عمر محی الدین فیضی، ٹولی چوکی، مولانا مفتی شیخ جعفر قاسمی، جوبلی ہلز، مولانا مفتی غلام محمد نوید قاسمی، نامپلی، مولانا غیاث الدین حسامی، بنڈلہ گوڑہ، مولانا مفتی عبد المجید قاسمی مشیر آباد، جناب حافظ عارف علی، پٹن چیرو، مولانا عبد العلیم حسامی، لنگم پلی، مولانا سرور قاسمی کاپڑا منڈل اور شہر کے دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے