انسانی سماج کی بقا و استمرار، تہذیبِ انسانی کا تسلسل اور اجتماعی امن کا قیام خاندان کے مضبوط نظام سے وابستہ ہے۔ جب خاندان کی اینٹیں کمزور پڑنے لگتی ہیں تو پورا معاشرتی ڈھانچہ متزلزل ہو جاتا ہے۔ اسی لیے موجودہ دور میں ’’فیملی کونسلنگ‘‘ (خاندانی مشاورت) ایک ناگزیر ضرورت بن چکی ہے؛ لیکن ہمارے سماج اور معاشرے میں "فیملی کونسلنگ” یا "خاندانی مشاورت”کے مفہوم کو صحیح طور پر سمجھنے میں عموماً غلطی ہو جاتی ہے۔ فیملی کونسلنگ کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کسی بھی خاندانی تنازع کا جبری تصفیہ کیا جائے، یا ثالث بن کر کوئی حتمی فیصلہ سنا دیا جائے؛ کیوں کہ حق و باطل یا غلط اور صحیح کا فیصلہ سنانا درحقیقت ’’دارالقضاء‘‘ اور "عدالتوں” کی ذمہ داری ہوتی ہے۔ اسی طرح محض وعظ و نصیحت کر دینا یا یک طرفہ اخلاقی درس دے دینا بھی ’’فیملی کونسلنگ‘‘ نہیں کہلاتا۔
فیملی کونسلنگ کا اصل مقصد
درحقیقت فیملی کونسلنگ کا بنیادی مقصد متعلقہ فرد کے ذہن کو وسعت دینا،اس کے سامنے معاملے کے تمام مثبت و منفی پہلوؤں کو کھول کر رکھ دینا اور اسے جذباتیت کے حصار سے نکال کر عقل و شعور کی روشنی میں خود اپنا فیصلہ کرنے کے لیے آمادہ کرنا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ انسان جب شدید غصے،رنج یا جذباتی کیفیت سے دوچار ہو جاتا ہے تو اس کی بصیرت، فہم و ادراک اور قوتِ فیصلہ کمزور پڑ جاتی ہے، اور اسے معاملے کا محض ایک تاریک پہلو ہی نظر آتا ہے؛ جس کے نتیجے میں وہ عجلت میں کوئی غلط فیصلہ کر بیٹھتا ہے۔
ایک ماہر کونسلر کا کام یہ ہوتا ہے کہ وہ آئینے کی طرح اس کے سامنے معاملے کی مکمل صورت گری کرے؛ تصویر کے تمام رخ، ممکنہ نتائج و عواقب اور مختلف منظر نامے اس کے سامنے رکھ دے، تاکہ وہ شخص پوری بصیرت، اطمینانِ قلب اور انشراحِ صدر کے ساتھ خود اپنا فیصلہ کر سکے، جس پر اسے مستقبل میں پچھتاوا نہ ہو۔
قرآنِ مجید کی روشنی میں مشاورت اور بصیرت کی اہمیت قرآنِ مجید میں عقل و بصیرت سے کام لینے اور نتائج پر غور کرنے کی تاکید کی گئی ہے:﴿فَاعْتَبِرُوا يَا أُولِي الْأَبْصَارِ﴾ (سورۃ الحشر: 2) پس اے آنکھوں والو! عبرت (اور بصیرت) حاصل کرو۔‘‘اس کے علاوہ قرآن نے باہمی معاملات کو سلجھانے کے لیے مشاورت اور اصلاح کی راہ اپنانے کا حکم دیا
ہے:﴿وَأَمْرُهُمْ شُورَىٰ بَيْنَهُمْ﴾ (سورۃ الشوریٰ: 38) اور ان کے معاملات باہمی مشورے سے طے پاتے ہیں۔
اسی طرح جب میاں بیوی کے درمیان اختلاف شدت اختیار کر جائے، تو قرآنِ حکیم نے خاندان کے اندر سے ہی غیر جانبدار اور مخلص مشیروں (حَکَم) کے تقرر کا حکم دیا ہے، تاکہ معاملہ عدالت یا طلاق تک پہنچنے سے پہلے ہی سنبھل جائے:﴿وَإِنْ خِفْتُمْ شِقَاقَ بَيْنِهِمَا فَابْعَثُوا حَكَمًا مِّنْ أَهْلِهِ وَحَكَمًا مِّنْ أَهْلِهَا إِن يُرِيدَا إِصْلَاحًا يُوَفِّقِ اللَّهُ بَيْنَهُمَا﴾ (سورۃ النساء: 35) اور اگر تمھیں میاں بیوی کے درمیان پھوٹ پڑنے کا اندیشہ ہو تو ایک منصف مرد کے خاندان میں سے اور ایک منصف عورت کے خاندان میں سے مقرر کرو؛ اگر وہ دونوں اصلاح کا ارادہ رکھیں گے تو اللہ ان دونوں کے درمیان موافقت پیدا فرما دے گا-
فیملی کونسلنگ کی اہمیت، مقاصدِ شریعت کی روشنی میں اسلامی شریعت کے بنیادی معاشرتی مقاصد میں دو چیزوں کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے:
1. ازدواجی سعادت اور ذہنی سکون
2. خاندانی استحکام اور خوشگوار تعلقات
1- ازدواجی سعادت اور ذہنی سکون: شریعت کا منشا یہ ہے کہ شوہر اور بیوی کے درمیان تعلقات خوشگوار، پُرلطف اور باہمی اعتماد سے بھرپور ہوں۔ قرآنِ مجید رشتۂ ازدواج کے اس حسین مقصد کو ان الفاظ میں بیان کرتا ہے:﴿وَمِنْ آيَاتِهِ أَنْ خَلَقَ لَكُم مِّنْ أَنفُسِكُمْ أَزْوَاجًا لِّتَسْكُنُوا إِلَيْهَا وَجَعَلَ بَيْنَكُم مَّوَدَّةً وَرَحْمَةً﴾ (سورۃ الروم: 21)
اور اس کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمھاری ہی جنس سے تمھارے لیے بیویاں پیدا کیں تاکہ تم ان سے سکون حاصل کرو، اور تمھارے درمیان محبت اور رحمت (ہمدردی) پیدا کر دی۔
غور کیجیے کہ جوانی کے جوش میں مَوَدَّت (محبت) رشتے کو جوڑتی ہے، جبکہ عمر کے ڈھلنے، بیماریوں اور آزمائشوں کے وقت رَحْمَت (ہمدردی و ایثار) اس رشتے کو ٹوٹنے سے بچاتی ہے۔
2-خاندانی استحکام: اللہ تعالیٰ نے نسب اور سسرال کے ذریعے جتنے رشتے قائم فرمائے ہیں، وہ مضبوط رہیں اور ان سے بننے والے خاندان کی بنیادیں مستحکم ہوں:
﴿وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ مِنَ الْمَاءِ بَشَرًا فَجَعَلَهُ نَسَبًا وَصِهْرًا﴾ (سورۃ الفرقان: 54) اور وہی ہے جس نے پانی سے انسان کو پیدا کیا، پھر اسے خاندانی (نسبی) اور سسرالی رشتوں والا بنایا۔ آج شریعت کے یہ دونوں مقاصد شدید خطرات کی زد میں ہیں، جس کی وجہ سے ’’منظم فیملی کونسلنگ‘‘ کی ضرورت دوچند ہو گئی ہے۔ دورِ حاضر کے فکری چیلنجز: لبرل ازم اور فیمینزم
1. لبرل ازم (آزاد خیالی): آج مادر پدر آزاد مغربی تہذیب اور انتہا پسند لبرل ازم کی یلغار نے خاندان کے مقدس تصور کو دھندلا کر دیا ہے،یہ فکر عام کی جا رہی ہے کہ خاندانی ذمہ داریوں اور رشتوں کے بوجھ کے بغیر بھی ایک آزاد اور کامیاب زندگی گزاری جا سکتی ہے؛ جبکہ اسلام انسان کو ایک مضبوط اور مربوط خاندانی نظام کا پابند بناتا ہے جو اسے تنہائی اور نفسیاتی انتشار سے بچاتا ہے۔
2. فیمینزم (نسائیت) کا منفی رخ: دوسرا بڑا چیلنج فیمینزم کا وہ انتہا پسندانہ رخ ہے جس نے مرد اور عورت کو ایک دوسرے کا رفیقِ حیات اور دست و بازو بنانے کے بجائے حریف اور دشمن بنا کر پیش کیا ہے۔ اس فکر کے تحت یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ پورا "مرد سماج” ظالم ہے اور عورت کی نجات اسی میں ہے کہ وہ خاندانی ڈھانچے سے بغاوت کر دے۔ اس کی واضح مثال ماضی قریب میں دہلی میں نکلنے والے بعض احتجاجی جلوس ہیں؛ کسی لڑکی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف تحفظ کا مطالبہ بلاشبہ برحق تھا، مگر اس احتجاج کا رخ نااہل نظام کے بجائے عمومی طور پر پورے مرد معاشرے کے خلاف موڑ دیا گیا، اور سڑکوں پر ایسے نعرے گونجنے لگے:
"ایک کچوری دو سموسہ، ان مردوں کا کیا بھروسہ
یک سٹا دو چائے، مرد سماج ہائے ہائے
یہ نعرے محض سڑکوں تک محدود نہیں رہتے، بلکہ نوجوان ذہنوں میں یہ زہر گھولتے ہیں کہ ہر مرد ناقابلِ اعتبار ہے۔ جب یہی سوچ گھر کی دہلیز پار کرتی ہے تو میاں بیوی کے درمیان عاجزی اور تواضع کے بجائے انا اور حقوق کی جنگ چھڑ جاتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر میاں بیوی روزمرہ کے معاملات میں’’ تمھارا کام اورمیرا حق ‘‘کی ترازو لے کر بیٹھ جائیں—شوہر کہے کہ گھر کے اخراجات دینا میرا "احسان”ہے اور بیوی کہے کہ "کھانا پکانا میری قانونی ذمہ داری نہیں”—تو گھ”محبت کا گہوارہ”بننے کے بجائے ایک "عدالت”بن جاتا ہے جہاں ہر وقت مقدمہ چلتا رہتا ہے۔
اس کے برعکس قرآنِ مجید نے میاں بیوی کو ایک دوسرے کا لباس قرار دیا ہے جو عیب پوشی، زینت اور تحفظ کی علامت ہے:﴿هُنَّ لِبَاسٌ لَّكُمْوَأَنتُمْ لِبَاسٌ لَّهُنَّ﴾ (سورۃ البقرۃ: 187)وہ تمھارے لیے لباس ہیں اور تم ان کے لیے لباس ہو۔ اور رسول اللہ ﷺ نے معیارِ شرافت گھر والوں کے ساتھ حسنِ سلوک کو قراردیتے ہوئے فرمایا: «خَيْرُكُمْ خَيْرُكُمْ لِأَهْلِهِ، وَأَنَا خَيْرُكُمْ لِأَهْلِي» (سنن الترمذی: 3895)تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے سب سےبہتر ہے، اور میں اپنے گھر والوں کے لیے تم سب سے بہتر ہوں۔
مشترکہ خاندان بمقابلہ انفرادی خاندان کے مسائل ماضی میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ گھریلو تناؤ صرف مشترکہ خاندان (JointFamily) کا مسئلہ ہے؛ لیکن آج شہروں میں الگ فلیٹوں میں صرف میاں بیوی کے رہنے کے باوجود شدید ذہنی تناؤ اور طلاق کی شرح میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میاں بیوی مل جل کر ایک اکائی (Unit) بننے کی اس فطری صفت سے محروم ہوتے جا رہے ہیں، جو اللہ تعالیٰ نے ان کے اندر ودیعت کی تھی،جب "ہم” کا تصور ختم ہو کر میں”اور”تم”میں بٹ جاتا ہے، تو چار دیواری کے اندر بھی ایک گہری خلیج حائل ہو جاتی ہے۔، چنانچہ ایک ہی فلیٹ میں رہنے والے میاں بیوی رات کو کھانے کی میز پر ساتھ بیٹھے ہوتے ہیں، مگر دونوں اپنے اپنے موبائل فون اور سوشل میڈیا کی دنیا میں گم رہتے ہیں، جسمانی قربت کے باوجود جذباتی تنہائی جنم لیتی ہے، اور معمولی سی بات پر چنگاری بھڑک اٹھتی ہے۔
قرآنِ مجید نے میاں بیوی کو باہمی مشورے اور رضامندی سے معاملات طے کرنے کی ترغیب دی ہے، حتیٰ کہ بچے کا دودھ چھڑانے جیسے نازک معاملے میں بھی دونوں کی باہمی رضامندی کو بنیاد بنایا گیا:﴿فَإِنْ أَرَادَا فِصَالًا
عَن تَرَاضٍ مِّنْهُمَا وَتَشَاوُرٍ فَلَا جُنَاحَ عَلَيْهِمَا﴾ (سورۃ البقرۃ: 233)پھر اگر وہ دونوں (ماں باپ) باہمی رضامندی اور مشورے سے (بچے کا) دودھ چھڑانا چاہیں تو ان پر کوئی گناہ نہیں۔
فیملی کونسلنگ کے چار بنیادی مراحل
فیملی کونسلنگ محض جھگڑے کے بعد کی مرہم پٹی نہیں، بلکہ زندگی کے مختلف ادوار پر محیط ایک مسلسل تربیتی عمل ہے:
1. شعور کی عمر اور بچپن سے ذہن سازی: کونسلنگ کی اصل ضرورت بچپن ہی سے شروع ہو جاتی ہے، ہمارے معاشرے میں بچیوں کی پرورش کے دوران سسرال، ساس اور نندوں کا ایک خوفناک تصور پیش کیا جاتا ہے؛ نتیجتاً لڑکی جب سسرال قدم رکھتی ہے تو محبت اور اپنائیت کے بجائے اندیشوں اور دفاعی مورچوں کے ساتھ آتی ہے، اور شادی کے فورا بعد علیحدگی کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ بچپن ہی سے اولاد کو رشتوں کا احترام اور مثبت سوچ سکھائی جائے۔
2. شادی سے پہلے کی کونسلنگ: نکاح سے قبل نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے سامنے ازدواجی حقوق، ذمہ داریوں، مالی و جذباتی تقاضوں اور اختلافات کو سلجھانے کے اصول واضح کیے جائیں، تاکہ وہ ایک حقیقت پسندانہ تصور کے ساتھ نئی زندگی کا آغاز کریں، رسول اللہ ﷺ نے بھی نکاح سے قبل فریقین کے درمیان ہم آہنگی اور محبت کی بنیاد رکھنے کے لیے دیکھنے اور جاننے کی ترغیب دی:«انْظُرْ إِلَيْهَا، فَإِنَّهُ أَحْرَى أَنْ يُؤْدَمَبَيْنَكُمَا» (سنن الترمذی: 1087)اسے دیکھ لو، کیونکہ یہ تم دونوں کےدرمیان دائمی محبت و موافقت پیدا ہونے کا زیادہ قوی ذریعہ ہے۔
3. شادی کے بعد کی کونسلنگ: شادی کے بعد دو مختلف ماحول اور مزاجوں میںپلے بڑھے افراد کو کم سے کم وقت میں ایک مضبوط اکائی بننے میں مدد دی جائے، اس مرحلے پر دونوں خاندانوں (والدین اور سسرال) کی کونسلنگ بھی ناگزیر ہے، کیونکہ نئے جوڑے کے رشتے کو سنوارنے یا بگاڑنے میں ان کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔4. بگاڑ سے پہلے بچاؤ کی کونسلنگ: ہمارے ہاں مشاورت کی طرف رجوع اس وقت کیا جاتا ہے جب معاملہ عدالت یا طلاق کی دہلیز تک پہنچ چکا ہوتا ہے، اس کے برعکس بروقت کونسلنگ کا مقصد یہ ہے کہ ابتدائی رہنمائی کے ذریعے ایسے حالات ہی پیدا نہ ہونے دیے جائیں جن سے رشتوں میں دراڑ آئے۔ ’’برداشت‘‘ اور ’’قبولیت‘‘ کا باریک نفسیاتی فرق ازدواجی زندگی کو خوشگوار رکھنے کے لیے برداشت کرنے اور قبول کرنے کے نفسیاتی فرق کو سمجھنا نہایت ضروری ہے:
خاموش برداشت یہ ہے کہ اندر ہی اندر گھٹن، کڑھن اور ناگواری کو محسوس کرتے ہوئے اسے دبا دیا جائے ، قبولیت کا پہلو یہ ہے کہ کھلے دل سے خامیوں کو سمجھا جائے اور اس حوالے سے شائستگی سے بات کی جائے ، خاموش برداشت یہ ہے کہ لا شعوری طور پر اپنی بری عادت کو درست یا پسندیدہ سمجھ لیا جائے ، مثبت اور قبولیت اوراصلاح والا پہلو یہ ہے کہ اپنی خامی کا احساس اوراس کی اصلاح کی کوشش، خاموش برداشت یہ ہے کہ ظرف لبریز ہونے پر اچانک پھٹ پڑا جائے ، یا شدید ڈپشریشن کا شکار ہویا جائے ، مثبت قبولیت اوراصلاح والا پہلو یہ ہے کہ باہتمی اعتماد، ذہنی سکون اور رشتے میں پختگی والے امور سوچے جائیں، مثلا: اگر شوہر منہ کی صفائی کا خیال نہیں رکھتا یا بات بات پر جھڑک کر بولتا ہے، اور بیوی اسے محض صبر کا گھونٹ پی کر
مسکراتے ہوئے برداشت کرتی رہے، تو شوہر لاشعوری طور پر یہ سمجھ بیٹھتا ہےکہ میری یہ عادت بھی بیوی کو پسند ہے، اسی طرح اگر بیوی بلاوجہ غصہ اورتلخ کلامی کرے اور شوہر خاموشی سے ٹال دے، تو بیوی اپنی اس ناگوار عادت کو اپنا حق یا ادا سمجھنے لگتی ہے۔
نبی کریم ﷺنے ازدواجی نفسیات کے اس پہلو کی طرف رہنمائی کرتے ہوئےفرمایا:”لَا يَفْرَكْ مُؤْمِنٌ مُؤْمِنَةً، إِنْ كَرِهَ مِنْهَا خُلُقًارَضِيَ مِنْهَا آخَرَ” (صحیح مسلم: 1469)کوئی مومن مرد کسی مومنہ عورت (بیوی) سے بغض نہ رکھے؛ اگر اسے اس کی ایک عادت ناپسند ہو تو دوسری عادت پسند بھی ہوگی۔
فریقِ ثانی کے جذبات کا لحاظ رکھتے ہوئے اپنی ناگوار عادات کی اصلاح کرنا سنتِ نبوی ﷺ ہے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب بھی گھر میں داخل ہوتے تو سب سے پہلے مسواک فرماتے تھے (صحیح مسلم: 253)،
اور قرآنِ مجید بھی بدسلوکی کے بجائے احسن انداز میں معاملات طے کرنے کا حکم دیتا ہے:﴿وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ ۚ فَإِن كَرِهْتُمُوهُنَّ فَعَسَىٰ أَن تَكْرَهُوا شَيْئًا وَيَجْعَلَ اللَّهُ فِيهِ خَيْرًا كَثِيرًا﴾ (سورۃ النساء: 19)
’’اور ان (بیویوں) کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو؛ پھر اگر وہ تمھیں ناپسند ہوں تو ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو ناپسند کرو اور اللہ اس میں بہت زیادہ بھلائی رکھ دے۔‘‘
لہٰذا، دانائی یہ ہے کہ فریقین ایک دوسرے کی ناپسندیدہ عادتوں کو دل پر بوجھ بنانے کے بجائے مناسب وقت پر شائستگی سے واضح کریں اور خود بھی صرف قابلِ قبول رویہ اختیار کریں۔
بچوں کی تربیت میں انصاف اور نفسیاتی پہلو خاندانی استحکام کے لیے گھر کے ماحول میں عدل و انصاف کا ہونا بنیادی شرط
ہے، جب گھر میں پہلا بچہ پیدا ہوتا ہے تو والدین کی ساری محبت اور توجہ اسی کا محور ہوتی ہے؛ چند سال بعد جب دوسرا بچہ آتا ہے تو فطری طور پر والدین کی توجہ نئے مہمان کی طرف مبذول ہو جاتی ہے، بڑا بچہ اس اچانک تبدیلی سے شدید ذہنی الجھن اور احساسِ محرومی کا شکار ہو کر چھوٹے بہن بھائی کو اپنا حریف سمجھنے لگتا ہے، جس سے اس کے مزاج میں چڑچڑاپن اور ضد
پیدا ہوتی ہے اور اس کی تعلیم و تربیت متاثر ہوتی ہے۔اس طرح كه جب مہمان آئیں اور سب لوگ نومولود بچے کو پیار کریں، گود میں اٹھائیں اور تحفے دیں، جبکہ تین یا چار سالہ بڑے بچے کو نظرانداز کر دیا جائے یا جھڑک کر پیچھے ہٹا دیا جائے، تو اس معصوم ذہن میں یہ گرہ بیٹھ جاتی ہے کہ میرا چھوٹا بھائی یا بہن میری خوشیوں کا دشمن ہے۔ یہی بچپن کا حسد آگے چل کرخاندانی رنجشوں کی بنیاد بنتا ہے۔رسول اللہ ﷺ نے اولاد کے درمیان انصاف کی سختی سے تاکید فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا:
اتَّقُوا اللَّهَ وَاعْدِلُوا بَيْنَ أَوْلَادِكُمْ” (صحیح بخاری: 2587)
اللہ سے ڈرو اور اپنی اولاد کے درمیان انصاف کرو۔
حتیٰ کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک شخص نبی کریم ﷺ کے پاس بیٹھا تھا کہ اس کا بیٹا آیا، اس نے اسے بوسہ دیا اور اپنی گود میں بٹھا لیا؛ پھر اس کی بیٹی آئی تو اس نے اسے اپنے پہلو میں بٹھا لیا۔ اس پررسول اللہ ﷺ نے تنبیہ فرمائی:”فَمَا عَدَلْتَ بَيْنَهُمَا” (شعب الایمان للبیہقی: 8306) تم نے ان دونوں کے درمیان انصاف نہیں کیا (یعنی پیارو شفقت میں بھی برابری رکھو)۔ والدین کو چاہیے کہ دوسرے بچے کی آمد پر اپنی محبت کو تقسیم کرنے کے بجائے اس میں مزید وسعت پیدا کریں تاکہ بڑے بچے کو نظرانداز کیے جانے کا احساس نہ ہو۔ جو والدین اپنے دو بچوں کے درمیان جذباتی انصاف نہیں کر سکتے، وہ کل کو سسرال اور میکے یا دو بیویوں کے درمیان انصاف کے تقاضےکیسے پورے کر پائیں گے؟
رشتوں کی غلط تقسیم اور سیرتِ طیبہ ﷺ انسان کا کردار اس کے تصور سے جنم لیتا ہے؛ جیسا ذہنی تصور ہوگا ویسا ہی عملی رویہ سامنے آئے گا۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں رشتوں کو تین خانوں میں بانٹ دیا گیا ہے:
• محبت کے رشتے: ماں باپ اور سگے بہن بھائی۔ • تناؤ کے رشتے: ساس، سسر، نند اور بھاوج۔ • نفرت کے رشتے: سوتیلے ماں باپ اور سوتیلے بہن بھائی۔ بچپن ہی سے غیر محتاط والدین بچوں کے ذہنوں میں ننھیال (ماموں، خالہ) یا ددھیال (چچا، پھوپھی) میں سے کسی ایک فریق کے خلاف بدگمانی کا بیج بو دیتے ہیں۔ اس کے برعکس قرآنِ مجید تمام رشتوں کے تقدس اور صلہ رحمی کا حکم دیتا ہے:﴿وَاتَّقُوا اللَّهَ الَّذِي تَسَاءَلُونَ بِهِ وَالْأَرْحَامَ﴾ (سورۃ النساء: 1) اور اس اللہ سے ڈرو جس کا واسطہ دے کر تم ایک دوسرے سے اپنا حق مانگتے ہو، اور قرابت داری (کے رشتوں کو توڑنے)سے بچو۔
اور رسول اللہ ﷺ نے قطع رحمی پر سخت وعید سناتے ہوئے فرمایا:”لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ قَاطِعٌ” (صحیح بخاری: 5984) رشتوں کو توڑنے والا جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ اس کی بہترین عملی مثال سیرتِ طیبہ ﷺ میں ملتی ہے، جہاں نبی کریم ﷺ کی لختِ جگر حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اور ام المؤمنین حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سمیت تمام ازواجِ مطہرات کے درمیان انتہائی احترام، محبت اور ایثار کے تعلقات قائم تھے (صحیح بخاری: 3767، صحیح مسلم: 2449)۔
اسی طرح گھر کے کاموں کی تقسیم کے حوالے سے بھی غیر منصفانہ رویے گھر کا سکون غارت کر دیتے ہیں،مثال کے طور پر گھر میں بیٹی صبح دیر تک سوئے یا محض مہمان بن کر رہے جبکہ بہو پر پورے گھر کے کاموں کا پہاڑ لاد دیا جائے، یا جوان بیٹے پانی کا گلاس خود اٹھانے کو عار سمجھیں اور ساری خدمت بہنوں کے ذمے ہو—اس ناانصافی سے گھر راحت و سکون کا گہوارہ بننے کے بجائے ایک ’’پریشر ککر‘‘ بن جاتا ہے۔ حالانکہ خود سید الانبیاء ﷺ گھر کے کام کاج میں اپنے اہلِ خانہ کا ہاتھ بٹاتے تھے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے جب پوچھا گیا کہ نبی کریم ﷺ گھر میں کیا کرتے تھے، تو انھوں نےفرمایا:”كَانَ يَكُونُ فِي مِهْنَةِ أَهْلِهِ — تَعْنِي خِدْمَةَأَهْلِهِ — فَإِذَا حَضَرَتِ الصَّلَاةُ خَرَجَ إِلَى الصَّلَاةِ” (صحیح بخاری: 676) آپ ﷺ اپنے گھر والوں کے کام کاج (خدمت) میں لگے رہتے تھے، پھر جب نماز کا وقت ہوتا تو نماز کے لیے تشریف لے جاتے۔
عملی لائحۂ عمل اور خطبۂ نکاح کی اہمیت ترقی یافتہ ممالک میں فیملی کونسلنگ کے باقاعدہ مراکز موجود ہیں، مگر وہ خالص مادی اور مغربی تصورات کے تحت ذہن سازی کرتے ہیں، جہاں رشتوں کی روح اور آخرت کی جوابدہی کا کوئی تصور نہیں ہوتا۔ ہمارے معاشرے میں اس خلا کو پُر کرنے کے لیے دو عملی اقدامات نہایت ضروری ہیں:
1-خاندانی سطح پر تربیت یافتہ افراد کی تیاری: امت کے باشعور، سنجیدہ اور باکردار افراد باقاعدہ مطالعہ اور تربیت حاصل کریں تاکہ ہر خاندان اور محلے میں کم از کم ایک دو ایسے افراد موجود ہوں جو اسلامی اصولوں اور نفسیاتی بصیرت کی روشنی میں خاندانوں کو ٹوٹنے سے بچا سکیں۔
2- خطبۂ نکاح اور منبر و محراب کا مؤثر استعمال: جمعہ کے خطبات اور بالخصوص خطبۂ نکاح کے موقع کو محض ایک رسمی کارروائی کے بجائے فیملی کونسلنگ کے ایک زندہ پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جا ساح هے،نکاح کی مجلس میں دولہا، دلہن اور دونوں خاندانوں کے بزرگ ایک ساتھ موجود ہوتے ہیں؛ اگر نکاح پڑھانے والے علماء اور خطباء اس موقع پر مختصر مگر جامع انداز میں ازدواجی حقوق، باہمی احترام، صلہ رحمی اور رشتوں کی نزاکتوں پر رہنمائی فرمائیں تو یہ ایک خوشگوار اور مستحکم خاندانی زندگی کی مضبوط بنیاد بن سکتا ہے، چنانچہ خطبۂ نکاح میں تلاوت کی جانے والی یہ آیت پورے خاندانی نظام کا نچوڑ پیش کرتی ہے:﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اتَّقُوا اللَّهَ وَقُولُوا قَوْلًا سَدِيدًا يُصْلِحْ لَكُمْ أَعْمَالَكُمْ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ﴾ (سورۃ الاحزاب: 70-71) اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سیدھی سچی بات کہا کرو؛ اللہ تمھارے اعمال درست کر دے گا اور تمھارے گناہ بخش دے گا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے گھروں کو محبت، رحمت اور سکون کا گہوارہ بنائے اور امت کے باشعور افراد کو اس اہم معاشرتی فریضے کی ادائیگی کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔