Breaking

امریکہ ، چین اور روس ،اگردوست ہوجائیں تو کیا ہو؟

امریکہ ، چین اور روس ،اگردوست ہوجائیں تو کیا ہو؟

امریکہ ، چین اور روس ،اگردوست ہوجائیں تو کیا ہو؟

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

دولت، شہرت یا اقتدار جیسی نعمتِ خداوندی پانے کے بعد انسان شکر ادا کرکے مطمئن ہونے کے بجائے ’دل مانگے مور(more)‘ کے مرض میں مبتلا ہوجاتا ہے۔ انسانی جبلت کی بے اطمینانی حصولِ دولت سے اقتدار کی وسعت تک کا احاطہ کرتی ہے۔یہی چیز عالمی طاقتوں کے دیگر ممالک کو اپنا باجگذار بنانے کا سبب بنتی ہے۔وہ اپنے حواریوں کو آپس میں لڑا کر ایک دوسرے کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر وقت ضرورت خود بھی میدانِ جنگ میں کود کر تباہی و بربادی مچاتےہیں۔ سرد جنگ کے بعد دنیا یک قطبی ہوگئی مگر تنازعات ختم نہیں ہوئے ۔ اس تناظر میں دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے سربراہوں کا ایک میز پر بیٹھ کر بات چیت کے ذریعہ اپنے تنازعات کو حل کرنے کی سعی کرنا خوش آئند ہے۔ 19؍ نومبر 2026 کو چین کے شہر شینژن میں ایپیک (APEC) سربراہی اجلاس کے موقع پر پہلی بار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کی سہ فریقی ملاقات ایک تاریخی اقدام تھا ۔ ویسے تو یہ اجلاس صرف ایک گھنٹہ 20 منٹ چلا مگر ا س کا انعقاد بذات خود ایک ایسی اہم عالمی پیش رفت ہے جو امن عالم کے قیام میں مہمیز کا کام کرسکتی ہے۔
مذکورہ بالا کانفرنس میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے خود اپنے مسئلہ کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ یوکرین جنگ کے خاتمے میں تینوں ممالک کے مفادات مشترک ہیں۔عالمی سطح پر غزہ کی تباہی و بربادی پر تو بجا طور پر خوب بحث و مباحثہ ہوا لیکن یوکرین اور روس جنگ کی تباہ کاری پر خاطر خواہ گفتگو نہیں ہوئی۔ فروری 2022 میں شروع ہونے والی روس-یوکرین جنگ بہت جلد اپنے پانچ برس مکمل کرلے گی ۔ اس تنازع میں دونوں جانب بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ سی ایس آئی ایس نامی موقر ادارے کی رپورٹ کے مطابق فروری 2022 سے جون 2026 کے درمیان تقریباً 14 لاکھ روسی فوجی ہلاک، زخمی یا لاپتہ ہوئے۔ اس جنگ میں ستمبر 2026 تک تقریباً 4 لاکھ 70 ہزار سے 4 لاکھ 90 ہزار ہلاکتوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ لاپتہ اور تاخیر سے درج ہونے والے کیسز شامل کر کے مجموعی ہلاکتیں 7 لاکھ 20 ہزار تک ہے۔ روس کی مانند فروری 2022 سے جون 2026 تک یوکرینی فوج کو تقریباً 5 لاکھ 25 ہزار سے 6 لاکھ 25 ہزار کے درمیان جانی نقصانات (ہلاک، زخمی یا لاپتہ) اٹھانا پڑے۔ ان میں ہلاکتوں کا تخمینہ تقریباً 1 لاکھ 25 ہزار سے 1 لاکھ 50 ہزار کے درمیان ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق ان پانچ سالوں میں یوکرین کے اندر کم از کم 17,968 شہری ہلاک اور 57,713 زخمی ہو چکے ہیں۔ روسی فضائی اور میزائل حملوں سے یوکرین کے توانائی گرڈ، بجلی گھروں، حرارتی نظام اور صنعتی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ روسی حملوں نے یوکرین کے بڑے اسٹیل پلانٹس کی پیداوار متاثر کی ہے اور 2026 کے آخر تک تازہ حملوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ تقریباً 10 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔جنگی اخراجات، مغربی پابندیوں اور یوکرینی ڈرون حملوں نے روس کی معیشت پر بھی شدید دباؤ ڈالا اور روسی تیل صاف کرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے، تیل کی آمدنی میں کمی آئی ہے اور وفاقی بجٹ کے خسارے میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں اطراف کے ہزاروں ٹینک، بکتر بند گاڑیاں، طیارے اور بحری جہاز تباہ ہو چکے ہیں۔ اس لیے روس چاہتا ہے کہ کسی طرح اس جنگ کو باوقار اندازمیں چھٹکارہ پائے اور یہی چیز پوتن کو گفت و شنید کی میز پر لائی ہے۔یوکرین روس جنگ کے اہم فریق یوکرین اور اس کی حمایت کرنے والا یوروپ ہے ۔ کل تک امریکہ بھی ناٹو کے رکن کی حیثیت سے یوکرین کے ساتھ کھڑا تھا لیکن صدر ٹرمپ فی الحال اپنا موقف بدل رہے ہیں ۔
ٹرمپ اپنے روایتی حلیف یوروپ کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر براہِ راست روس کے ساتھ معاملات طے کرنا چاہتے ہیں۔ اسی لیے انہوں نے ا لاسکا کے اندر ٹرمپ سے ملاقات بھی کی تھی اور سعودی عرب میں روسی وزیر خارجہ کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے اپنے سیکریٹری آف اسٹیٹ کو بھیجا تھا ۔ صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران عالمی تنازعات میں وسائل و توانائی صرف کرنے سے گریز کر امریکی معیشت پر توجہ دینے کا وعدہ تو کیا تھا مگر اس پر قائم نہیں رہ سکے۔ وسط مدتی انتخاب کی ناکامی نے انہیں پھر سے اپنے پرانے موقف کی جانب رجوع کرنے پر مجبور کیا ہے۔ ایپک سربراہی اجلاس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مشترکہ کارروائی پر زور دیا۔ یہ باتیں کانوں کو بھلی لگتی ہیں لیکن موصوف کا عمل اس کے خلاف گواہی دیتا ہے۔ دوسری بار اقتدار سنبھالنے کے بعد صدر ٹرمپ نے سب سے زیادہ اسی عالمی قدر کو پامال کیا ۔ اس کی ابتداء ہم سایہ ملک کینیڈا سے ہوئی جس کے صدر کو انہوں نے گورنر کہہ کر مخاطب کیا۔ کسی خود مختار ملک کے سربراہ کی اس سے بڑی تضحیک کوئی اور نہیں ہوسکتی کہ اس ملک کو اپنی ریاست کے برابر کا درجہ دیا جائے ۔ انہوں نے کھلے عام کینیڈا کو امریکہ میں ضم ہونے کی دعوت بھی دے ڈالی ۔
اس کے بعدیوروپ کی جانب پیر پسار کر ٹرمپ نے گرین لینڈ پر اپنا دعویٰ ٹھونک دیا اور خوب نوٹنکی کی ۔ گرین لینڈ کے نقشے پر امریکہ کا پرچم لہرا کر دل بہلانے کی کوشش نے امریکی صدر کے وقار کو خاک میں ملا دیا لیکن ٹرمپ کو تو شاید اس کا احساس تک نہیں ہوا۔ یہ سب تو خیر غیر ضرر حرکتیں تھیں مگر پھر انہوں وینزویلا کے صدر کو ان کی زوجہ کے ساتھ اغوا کرکے وہاں اپنا کٹھ پتلی صدر بٹھا دیا اور اس ملک کے سارے تیل ذخائز کو اپنے قبضے میں لے لیا ۔ دن دہاڑے اس طرح کی لوٹ کھسوٹ کرنے والا صدر جب خود مختاری کے تحفظ کی بات کرے تو بیک وقت ہنسی اور رونا دونوں آتا ہے۔ وینزویلا کے جبرو استبداد کے بعد اس شخص کے حوصلے اتنے بڑھے کہ اس نے ایک حملے ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کو ان کی اہلیہ ، بیٹی اور نواسی کے ساتھ شہید کردیا۔ اس کے ساتھ پوری فوجی قیادت کو بھی شہید کردیا ۔ کاش کے اس سے بزدلانہ حملے سے قبل ٹرمپ کو خودمختاری کے احترام کا خیال آیا ہوتا تو یہ تباہی و بربادی نہ ہوتی۔ ایران نے امریکہ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ سے اس کے سارے فوجی اڈے خالی کروا دئیے۔ اسرائیل کے آہنی گنبد کو چھلنی بناکر یہودیوں کو بنکروں میں چھپنے پر مجبور کردیا تو ٹرمپ کی عقل ٹھکانے آئی ۔
ایران میں اقتدار کی تبدیلی کا خواب دیکھنے والا ٹرمپ خود اپنے ملک میں کانگریس سمیت سینیٹ کا انتخاب ہار کر بھیگی بطخ صدر بن گئے اور نیتن یاہو اقتدار سے بے دخل کردیا گیا تو تب جاکر اس کی عقل ٹھکانے آئی اور اب وہ اختلافات کے باوجود کھلے، باہمی احترام اور نتیجہ خیز مکالمے کی اہمیت پر زور دے رہےہیں ۔ ٹرمپ کو یہ پتہ ہے کہ ایران سے عزت بچا کر نکلنے کے لیے اسے چین اور روس جیسے حلیفوں ایران کو محروم کرنا پڑے گا لیکن سوال یہ ہے کہ وہ دونوں امریکہ کی خاطر اپنے طاقتور حلیف کو دھوکہ کیوں دیں گے ؟ ایران کی قیادت اور عوام نے ساری دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ امریکہ کو بدترین شکست سے وہی دوچارکرسکتاہے۔ یہ امریکی تاریخ کی بدترین ناکامی ہے۔دنیا بھر میں یوکرین اور ایران پر تو بہت بحث ہوتی ہے کیونکہ وہ دونوں ممالک امریکہ و روس کی جانب سے مسلط کردہ جنگ میں الجھے ہوئے ہیں مگر کل کو چین بھی تائیوان کے سبب اسی طرح کے تنازع میں پھنس سکتا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ چینی سربراہ شی جن پنگ نے مذکورہ چوٹی کانفرنس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے طور پر تینوں ممالک کو عالمی چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون کی مثال قائم کرنے کی اپیل کی ۔ چین بغیر خون خرابے کے تائیوان پر قبضہ کرنا چاہتا مگر اس کے لیے امریکہ کا اعتماد ضروری ہے اور یہی چیز اسے بات چیت کی میز پر لے کر آئی ہے۔
1949ء میں کمیونسٹوں کی فتح کے بعد چیانگ کائی شیک کی قوم پرست حکومت تائیوان منتقل ہو گئی۔ وہاں 1996ء میں پہلی بار براہِ راست صدارتی انتخابات ہوئے مگربیجنگ تائیوان کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دے کرحسبِ ضرورت طاقت کے استعمال کو جائز سمجھتا ہے جبکہ تائیوان خود کو ایک آزاد اور جمہوری اکائی سمجھتے ہوئے اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے دفاعی تیاریوں اور بین الاقوامی روابط پر زور دیتا ہے۔ امریکہ 1979ء میں بیجنگ سے سفارتی تعلقات قائم کرنے کے باوجود تائیوان کے ساتھ غیر سرکاری تعلقات، دفاعی سازوسامان کی فراہمی اور آبنائے تائیوان میں سرگرمیاں برقرار رکھے ہوئے ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے سربراہ پوتن کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران تائیوان کے معاملے پر کسی بھی قسم کی ’’کشیدگی‘‘ یا ’’ہلچل‘‘ پیدا کرنے کے خلاف خبردا رکیا۔اس ملاقات کی بابت چینی صدر نے بتایا کہ تائیوان کے مستقبل کا معاملہ میں دونوں ملکوں کا اختلافات دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔انہوں نےٹرمپ کو نصیحت کی کہ ’’تائیوان کے معاملے پر امریکہ کو صحیح راستے پر چلتے رہنا چاہیے، تاکہ چین اور امریکہ کے تعلقات میں کسی بڑے بحران یا شدید کشیدگی کی صورت حال پیدا نہ ہو۔‘‘ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تین طاقتور ممالک امن عالم کےلیے نہیں خود اپنے مسائل کو حل کرنے کے لیے جمع ہوے تھے ۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے