ہر کام میں جلد بازی (حلم اور بردباری کی اہمیت اور عجلت کے نقصانات)

ہر کام میں جلد بازی  (حلم اور بردباری کی اہمیت اور عجلت کے نقصانات)

ہر کام میں جلد بازی
(حلم اور بردباری کی اہمیت اور عجلت کے نقصانات)

از قلم: مفتی محمد عبدالحمید شاکر قاسمی
جامعہ عربیہ توپران ضلع میدک تلنگانہ

انسانی زندگی کے نشیب و فراز میں بعض اخلاقی کمزوریاں ایسی ہوتی ہیں جو بظاہر معمولی اور غیر محسوس دکھائی دیتی ہیں، لیکن اپنے نتائج و عواقب کے اعتبار سے نہایت مہلک، تباہ کن اور دور رس اثرات کی حامل ہوتی ہیں۔ انہی میں سے ایک نہایت خطرناک خصلت عجلت پسندی، جلد بازی اور بے جا استعجال ہے۔ یہ وہ نفسیاتی و اخلاقی عارضہ ہے جو انسان کی قوتِ تمییز کو مضمحل، عقل و فہم کو مغلوب اور فکر و تدبر کو معطل کردیتا ہے؛ چنانچہ آدمی کسی معاملے کی حقیقت تک پہنچنے، اس کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرنے اور اس کے انجام و نتائج کا استحضار کرنے سے پہلے ہی کوئی فیصلہ صادر کر بیٹھتا ہے۔

جلد بازی رفتارِ عمل کا نام نہیں، بلکہ اس ذہنی کیفیت کا نام ہے جس میں انسان تحقیق سے پہلے تصدیق، غور و فکر سے پہلے فیصلہ، ثبوت سے پہلے الزام اور انجام کو سوچے بغیر اقدام کرنے لگتا ہے۔ تیزی اور عجلت میں زمین و آسمان کا فرق ہے؛ تیزی اس وقت محمود ہے جب اس کے پسِ پشت حسنِ تدبیر کارفرما ہو، لیکن عجلت اس وقت مذموم بن جاتی ہے جب انسان نتائج سے بے خبر، حقائق سے ناواقف اور وہم کے زیرِ اثر کوئی قدم اٹھا لے۔

قرآن میں انسانی عجلت
قرآنِ مجید نے انسانی طبیعت کے اس پہلو کی نشان دہی نہایت بلیغ انداز میں فرمائی ہے:خُلِقَ الْإِنْسَانُ مِنْ عَجَلٍ ۚ سَأُرِيكُمْ آيَاتِي فَلَا تَسْتَعْجِلُونِ ۔ترجمہ: انسان جلد بازی کی خصلت پر پیدا کیا گیا ہے؛ عنقریب میں تمہیں اپنی نشانیاں دکھاؤں گا، پس تم مجھ سے جلدی کا مطالبہ نہ کرو(سورۃ الأنبياء)

اس آیتِ کریمہ میں انسانی مزاج کے ایک بنیادی میلان کی طرف اشارہ ہے کہ انسان اکثر نتائج کو ان کے مقررہ وقت سے پہلے حاصل کرنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ وہ چاہتا ہے کہ اس کی آرزو فوراً بارآور ہو، اس کی کوشش کا ثمر اسی وقت سامنے آجائے اور اس کے سوال کا جواب بلا تاخیر مل جائے؛ حالاں کہ کائنات کا نظامِ تکوین حکمت، تدریج اور مقررہ اوقات کے تابع ہے۔ ہر شے کا ایک وقت، ہر نتیجے کا ایک مرحلہ اور ہر کامیابی کا ایک ضابطہ ہے۔ جو شخص اس حکیمانہ نظام سے بے اعتنائی برتتا ہے، وہ اکثر اپنی ہی عجلت کے ہاتھوں نقصان اٹھاتا ہے۔

اسی طرح معاشرتی زندگی میں جلد بازی کی ایک نہایت تباہ کن صورت یہ ہے کہ انسان کسی خبر، اطلاع یا الزام کو تحقیق کے بغیر قبول کرلے۔ قرآنِ کریم نے اس باب میں ایک ابدی اصول عطا فرمایا:يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنْ جَاءَكُمْ فَاسِقٌ بِنَبَإٍ فَتَبَيَّنُوا أَنْ تُصِيبُوا قَوْمًا بِجَهَالَةٍ فَتُصْبِحُوا عَلَىٰ مَا فَعَلْتُمْ نَادِمِينَ۔ترجمہ: اے ایمان والو! اگر تمہارے پاس کوئی فاسق شخص کوئی خبر لے کر آئے تو اچھی طرح تحقیق کرلیا کرو، کہیں ایسا نہ ہو کہ تم نادانی میں کسی قوم کو نقصان پہنچا بیٹھو، پھر اپنے کیے پر نادم ہونا پڑے۔(سورۃ الحجرات)
یہ آیت ایک دستورِ احتیاط ہے۔ اس میں اس حقیقت سے آگاہ کیا گیا ہے کہ غیر مصدقہ اطلاع پر قائم ہونے والا فیصلہ کبھی کسی کی عزت و آبرو کو پامال کرسکتا ہے، کبھی دو خاندانوں کے مابین عداوت کی بنیاد رکھ سکتا ہے اور کبھی ایک معمولی بدگمانی کو ایسی آتشِ فساد میں تبدیل کرسکتا ہے جس کے شعلے مدتوں بجھنے کا نام نہیں لیتے۔
عجلت پسندی کے بنیادی محرکات
انسان کے اندر جلد بازی کا مادہ یکایک پیدا نہیں ہوتا، بلکہ اس کے پسِ پشت متعدد نفسیاتی اور اخلاقی اسباب کارفرما ہوتے ہیں۔ ان میں ایک اہم سبب خواہشِ فوری حصول ہے۔ انسان اپنی آرزوؤں کی تکمیل میں تدریج، انتظار اور مراحل کی پابندی کو گراں سمجھنے لگتا ہے۔ اسے محنت سے پہلے کامیاہے۔ یہی بے صبری اسے ایسے فیصلوں کی طرف دھکیلتی ہے جن کی بنیاد پختہ غور و فکر کے بجائے محض وقتی خواہش پر ہوتی ہے۔

دوسرا سبب غلبۂ غصہ اور ضعفِ ضبطِ نفس ہے۔ جب غصہ، رنج، حسد، خوف یا خوشی کسی شخص کے شعور پر حاوی ہوجائے تو اس کی قوتِ فیصلہ متاثر ہونے لگتی ہے۔ وہ لمحاتی تاثر کو قطعی حقیقت سمجھ بیٹھتا ہے اور غصہ کے جوش میں ایسی بات کہہ یا ایسا قدم اٹھا لیتا ہے جس کی تلافی بعد ازاں دشوار ہوجاتی ہے۔

تیسرا سبب خود اعتمادی کا افراط اور رائے پر اصرار ہے۔ بعض افراد اپنی فہم و فراست کو اس قدر کامل سمجھتے ہیں کہ انہیں تحقیق، مشاورت اور دوسروں کے نقطۂ نظر کی حاجت محسوس نہیں ہوتی۔ وہ اپنے گمان کو علم، اپنے تاثر کو حقیقت اور اپنی رائے کو فیصلۂ قطعی کا درجہ دے دیتے ہیں۔ یہی کیفیت انہیں لغزشِ فکر اور خطائے عمل میں مبتلا کردیتی ہے۔

چوتھا سبب لالچ، حرص اور غیر متوازن مسابقت ہے۔ مال و دولت، منصب و شہرت اور دنیاوی منفعت کے حصول کی بے محابا خواہش انسان کو صبر و تحمل سے محروم کردیتی ہے۔ وہ جائز ذرائع، مناسب وقت اور ضروری تحقیق کو نظر انداز کرکے فوری منفعت کے تعاقب میں نکل کھڑا ہوتا ہے؛ نتیجتاً بسا اوقات جس کامیابی کے حصول کے لیے وہ بے قرار ہوتا ہے، اسی کی راہ میں اپنی تباہی کا سامان فراہم کرلیتا ہے۔

پانچواں سبب فکری کم مائیگی اور عواقب سے بے خبری ہے۔ پختہ عقل کا تقاضا یہ ہے کہ انسان کسی اقدام سے پہلے اس کے ممکنہ نتائج، متبادل راستوں اور مضمر خطرات کا جائزہ لے؛ لیکن جب یہ بصیرت مفقود ہوجائے تو آدمی صرف سامنے کا منظر دیکھتا ہے، پسِ منظر اور انجام اس کی نگاہ سے اوجھل رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ اور بھی وجوہات ہو سکتے ہیں

سنتِ نبوی ﷺ میں اَناة، اور حِلم کی فضیلت
اسلام نے انسانی طبیعت کی اس کمزوری کا علاج ایسے اخلاقِ عالیہ کی تعلیم دے کر کیا ہے جو عجلت پسندی کی بیخ کنی کرتے ہیں۔ ان میں نمایاں صفات اَناة، حِلم، تَؤَدَہ اور تَثَبُّت ہیں۔

اَناة کا مفہوم یہ ہے کہ انسان کسی معاملے میں جلد بازی سے اجتناب کرتے ہوئے وقار، بصیرت اور متانت کے ساتھ پیش قدمی کرے۔ حِلم یہ ہے کہ اشتعال کے مواقع پر بھی آدمی اپنے جذبات کو عقل و شریعت کے تابع رکھے۔

رسول اللہ ﷺ نے حضرت اشج عبد القیس رضی اللہ عنہ کے اندر موجود انہی دو عظیم اوصاف کی تحسین فرمائی: إِنَّ فِيكَ خَصْلَتَيْنِ يُحِبُّهُمَا اللَّهُ: الْحِلْمُ وَالْأَنَاةُ۔ترجمہ: تمہارے اندر دو ایسی خصلتیں ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ پسند فرماتا ہے: بردباری اور متانت و سنجیدگی۔(صحیح مسلم)

اسی مضمون کے ضمن میں یہ روایت بھی منقول ہے:
الْأَنَاةُ مِنَ اللَّهِ، وَالْعَجَلَةُ مِنَ الشَّيْطَانِ۔ترجمہ: اطمینان و متانت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے اور جلد بازی شیطان کی طرف سے۔(جامع ترمذی) مشہور محاورہ بھی ہے جلدی کا کام شیطان کا کام

اور ایک دوسری روایت میں ارشاد ہے:التُّؤَدَةُ فِي كُلِّ شَيْءٍ إِلَّا فِي عَمَلِ الْآخِرَةِ۔ترجمہ: ہر کام میں ٹھہراؤ اور سوچ سمجھ کر اقدام کرنا بہتر ہے، سوائے آخرت کے عمل کے۔(سنن ابی داؤد)

ان ارشاداتِ نبویہ سے یہ حقیقت روشن ہوتی ہے کہ اسلامی مزاج میں وقار، متانت اور سنجیدگی کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ مسلمان کا کردار نہ بے جا تعجیل کا آئینہ دار ہونا چاہیے اور نہ ایسی کاہلی و تساہل کا جس سے فرائض اور نیک اعمال میں تاخیر واقع ہو؛ بلکہ اس کی زندگی اعتدال، بصیرت اور حسنِ تدبیر سے عبارت ہونی چاہیے۔

حاصلِ کلام یہ کہ عجلت پسندی انسان کے اندر ایسی فکری بے اعتدالی پیدا کرتی ہے جس کے نتیجے میں اس کی قوتِ فیصلہ، حسنِ انتخاب اور معاملہ فہمی متاثر ہوتی ہے۔ اس کے بالمقابل اَناة، حلم اور تَؤَدَہ وہ اوصاف ہیں جو شخصیت میں وقار، کردار میں پختگی اور طرزِ عمل میں متانت پیدا کرتے ہیں۔ یہی وہ اخلاقی سرمایہ ہے جس کے ذریعہ انسان اپنی زندگی کو بے تدبیری اور بے احتیاطی کے مضمرات سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

عجلت پسندی کے اثرات
عجلت پسندی کے اثرات جب انسانی زندگی کے مختلف شعبوں میں سرایت کرجاتے ہیں تو اس کے نتائج انفرادی لغزشوں تک محدود نہیں رہتے، بلکہ رفتہ رفتہ پورے معاشرتی نظام کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں۔ انسان کی زبان، قلم، معاملات، تعلقات، کاروبار، ازدواجی زندگی اور اجتماعی رویّے سب اس کے زیرِ اثر آجاتے ہیں۔ چنانچہ وہ ایک لمحے کے اشتعال میں برسوں کے تعلقات منقطع کردیتا ہے، ایک غیر مصدقہ اطلاع پر کسی کی عزت و آبرو کو داؤ پر لگادیتا ہے اور ایک وقتی منفعت کے حصول میں اپنے مستقبل کو خطرات کے حوالے کردیتا ہے۔

اس کی ایک عام صورت یہ ہے کہ کسی شخص سے پہلے ہی عداوت ہو اور اچانک کوئی نامعلوم پیغام یا تنقیدی تحریر سامنے آجائے تو بلا تحقیق اسی مخالف کو اس کا ذمہ دار قرار دے دیا جائے۔ اسی طرح گھر کے سامنے کوڑا پڑا دیکھ کر کسی پڑوسی پر الزام لگادینا، محلے میں چوری ہوجانے پر سابقہ شہرت کی بنیاد پر کسی مشتبہ شخص کو مجرم ٹھہرا دینا اور محض ظاہری حالات سے کسی انسان کے باطن و انجام کے متعلق قطعی فیصلے صادر کرنا، یہ سب عجلتِ فکر اور بے احتیاطی کے مظاہر ہیں۔
بسا اوقات انسان کسی شخص کو ایسی جگہ دیکھ کر اس کے کردار کے متعلق رائے قائم کرلیتا ہے جس سے اس کی حقیقت کا مکمل اظہار نہیں ہوتا۔ ایک سبق آموز تمثیل میں دو اشخاص کا ذکر آتا ہے: ایک شخص شراب خانے میں فوت ہوا اور دوسرا مسجد میں؛ لیکن حقیقت یہ تھی کہ پہلا شخص وہاں دعوت و اصلاح کے لیے گیا تھا اور دوسرا چوری کی غرض سے مسجد میں داخل ہوا تھا۔ اس تمثیل کا مدعا یہی ہے کہ ظاہری منظر کو باطنی حقیقت سمجھ لینا فکری ناپختگی ہے۔ انسان کسی کے ظاہر کو دیکھ سکتا ہے، لیکن اس کی نیت، قلبی کیفیت اور آخری انجام کا فیصلہ اس کے اختیار میں نہیں۔

ازدواجی زندگی میں یہی عجلت کبھی معمولی اختلاف کو مستقل جدائی میں بدل دیتی ہے۔ تھوڑی سی کشش میں تحقیق و مشاورت کے بغیر رشتے کا فیصلہ کرنا، چند تلخ جملوں پر برسوں کے تعلق کو ختم کرنے پر آمادہ ہوجانا اور طلاق جیسے سنجیدہ معاملے کو اشتعال کے سپرد کردینا ایسے اقدامات ہیں جن کے اثرات میاں بیوی سے آگے بڑھ کر بچوں، خاندانوں اور آئندہ نسلوں تک پہنچتے ہیں اس طرح کی چیزیں ملعون پاکستانی سیریلوں سے بھی بہت زیادہ امت مسلمہ میں سرایت کر رہی ہے اسی طرح جائیداد کی خریداری میں سنی سنائی باتوں پر اعتماد، دستاویزات کی جانچ کے بغیر رقم ادا کردینا اور فوری منافع کی امید میں سرمایہ کاری کرنا انسان کو مالی تباہی سے دوچار کرسکتا ہے۔

روزمرہ کی زندگی میں بھی اس کے مظاہر کم نہیں ٹریفک میں چند منٹ پہلے پہنچنے کی خواہش، اشتہارات سے متاثر ہوکر غیر ضروری خریداری، سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں کی تشہیر، گفتگو میں دوسرے کی بات مکمل ہونے سے پہلے جواب دینا، امتحان سے قبل آخری لمحات میں نصاب سمیٹنے کی کوشش اور طبی معاملات میں مستند مشورے کے بغیر علاج تبدیل کرنا، یہ سب ایسی عجلت کے مظاہر ہیں جن میں انسان وقتی سہولت کے حصول کے لیے دور رس نتائج کو نظر انداز کردیتا ہے۔

عجلت پسندی کے تباہ کن نتائج
عجلت پسندی کا پہلا بڑا نقصان صواب دید اور قوتِ فیصلہ کا زوال ہے۔ جب انسان جذبات کے غلبے میں فیصلہ کرتا ہے تو اس کی عقل و بصیرت پس منظر میں چلی جاتی ہے۔ وہ ممکنہ نتائج کا جائزہ لیے بغیر اقدام کرتا ہے اور بعد ازاں ندامت و حسرت کے سوا اس کے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔

اس کا دوسرا نقصان اعتماد کا انہدام ہے۔ بے بنیاد الزامات، جلد بازی میں کی گئی بدگمانیاں اور بلا تحقیق پھیلائی گئی باتیں انسانی رشتوں میں دراڑیں ڈال دیتی ہیں۔ جہاں ہر شخص دوسرے کے بارے میں بدگمانی کا شکار ہو، وہاں اعتماد، اخوت اور باہمی احترام کی فضا باقی نہیں رہتی۔

تیسرا نقصان مالی و معاشی ابتری ہے۔ غیر محتاط خریداری، ناقص کاروباری فیصلے، جلد بازی میں کیے گئے معاہدے اور غیر مصدقہ معلومات پر سرمایہ لگانا انسان کو ایسے خسارے سے دوچار کرسکتا ہے جس کی تلافی برسوں کی محنت سے بھی ممکن نہ ہو۔

چوتھا نقصان اخلاقی انحطاط جب زبان تحقیق سے بے نیاز، قلم احتیاط سے عاری اور رویّے تحمل سے محروم ہوجائیں تو معاشرے میں تہمت، افواہ، الزام تراشی، نزاع اور مخاصمت فروغ پانے لگتی ہے۔ معمولی واقعات بڑے تنازعات کی شکل اختیار کرلیتے ہیں اور باہمی محبت و مودّت کی جگہ نفرت و کدورت لے لیتی ہے۔
پانچواں نقصان ندامت اور ذہنی اضطراب ہے۔ انسان جب غصے، خوف، لالچ یا وقتی جذبات کے زیرِ اثر کوئی ناقابلِ واپسی قدم اٹھاتا ہے تو بعد میں اسے اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے، لیکن بسا اوقات اس وقت تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے۔ یہی احساسِ ندامت اس کے لیے مستقل ذہنی کوفت اور قلبی بے چینی کا سبب بن جاتا ہے۔

عجلت پسندی کا تدارک اور اصلاحِ کردار
اس اخلاقی مرض سے نجات کے لیے سب سے پہلے انسان کو اپنی طبیعت میں ضبطِ نفس اور خود احتسابی پیدا کرنی ہوگی۔ ہر معاملے میں فوری ردِّعمل دینے کے بجائے اپنے آپ کو چند لمحوں کی مہلت دینا، جذبات کے طوفان کو تھمنے دینا اور پھر صورتِ حال کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ بالخصوص غصے، رنجش اور اختلاف کے مواقع پر خاموشی اختیار کرنا کئی بڑے فتنوں کا دروازہ بند کردیتا ہے۔

دوسرا اہم اصول تحقیق، مشاورت اور استفسار ہے۔ کسی خبر کو قبول کرنے سے پہلے اس کے ماخذ کی جانچ کی جائے، کسی پر الزام لگانے سے پہلے شہادت طلب کی جائے اور کسی بڑے فیصلے سے قبل اہلِ تجربہ اور اہلِ بصیرت سے مشورہ لیا جائے۔ انسان کا اپنا علم محدود ہوسکتا ہے، لیکن مشاورت اس کی نگاہ کو وسعت اور فیصلے کو پختگی عطا کرتی ہے۔

تیسرا اصول عواقب اندیشی ہے۔ ہر اقدام سے پہلے یہ سوال ضرور کیا جائے کہ اس فیصلے کے ممکنہ نتائج کیا ہوں گے؟ اگر یہ قدم غلط ثابت ہوا تو اس کی تلافی کس طرح ممکن ہوگی؟ کیا اس سے کسی بے گناہ کی عزت، کسی خاندان کا سکون یا کسی کا مالی مستقبل متاثر تو نہیں ہوگا؟ جو شخص انجام کو پیشِ نظر رکھتا ہے، وہ عموماً وقتی جذبات کا اسیر نہیں بنتا۔

چوتھا اصول تدریج اور مستقل مزاجی ہے۔ علم، کاروبار، تربیت، اصلاحِ نفس اور زندگی کے بڑے مقاصد یکایک حاصل نہیں ہوتے۔ ان کے لیے مرحلہ وار پیش رفت، مسلسل محنت اور استقامت درکار ہوتی ہے۔ جو شخص ہر کام کا فوری نتیجہ چاہتا ہے، وہ اکثر راستے ہی میں تھک کر بیٹھ جاتا ہے؛ جب کہ صبر و استقلال کا حامل انسان تدریجی پیش رفت کے ذریعے پائیدار کامیابی حاصل کرتا ہے۔

پانچواں اصول عدل و اعتدال کی پابندی ہے۔ کسی شخص کے متعلق فیصلہ کرتے وقت ذاتی رنجش، سابقہ عداوت اور وقتی تاثر کو معیار نہ بنایا جائے۔ اپنے پسندیدہ شخص کی غلطی پر بھی انصاف کا دامن نہ چھوڑا جائے اور ناپسندیدہ شخص کے معاملے میں بھی بے انصافی سے اجتناب کیا جائے۔ یہی اخلاقی توازن ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ انسانی عظمت کا معیار محض سرعتِ عمل، قوتِ اظہار یا فوری فیصلہ سازی نہیں، بلکہ اصل کمال یہ ہے کہ انسان اپنے جذبات کو عقل کے تابع، اپنی خواہشات کو شریعت کے تابع اور اپنے فیصلوں کو عدل و بصیرت کے تابع رکھے۔ ہر معاملے میں پہلے بول اٹھنا دانش مندی نہیں، ہر موقع پر فوری جواب دینا شجاعت نہیں اور ہر خواہش کی فوری تکمیل کامیابی نہیں ہوتی۔

زندگی کے بعض فیصلے ایسے ہوتے ہیں جن میں چند لمحوں کا توقف انسان کو برسوں کی ندامت سے بچا لیتا ہے؛ بعض معاملات میں خاموشی بہترین جواب ہوتی ہے، بعض مواقع پر تحقیق سب سے بڑی حکمت اور بعض حالات میں انتظار سب سے مؤثر تدبیر بن جاتا ہے۔
لہٰذا انسان کو چاہیے کہ اپنی زندگی میں بے جا استعجال کے بجائے متانت، بے سوچے سمجھے اقدام کے بجائے تدبر، بدگمانی کے بجائے حسنِ ظن اور جذباتی فیصلوں کے بجائے عدل و بصیرت کو اپنا شعار بنائے۔ یہی وہ طرزِ زندگی ہے جو فرد کے کردار کو پختگی، خاندان کو استحکام اور معاشرے کو امن و سکون عطا کرتا ہے۔

یاد رکھیے! جلد بازی میں انسان اکثر وہ کچھ کھو دیتا ہے جسے حاصل کرنے کے لیے اس نے طویل جدوجہد کی ہوتی ہے؛ جب کہ متانت و تدبر کے ساتھ اٹھایا گیا ایک درست قدم زندگی کے کئی پیچیدہ مسائل کا حل بن سکتا ہے۔
اللہ توفیق عمل عطا فرمائے آمین

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے