دنیا میں ہر انسان اپنے مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرتا ہے۔ مکان بناتا ہے ، کاروبار کرتا ہے، اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر کرتا ہے، مال و دولت جمع کرتا ہے وغیرہ ۔ لیکن ایک حقیقت ایسی ہے جسے ہم جانتے تو ہیں، مگر اکثر اس سے غفلت برتتے ہیں، اور وہ حقیقت یہ ہے کہ ایک دن ہمیں یہ سب کچھ چھوڑ کر جانا ہے۔
اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا
كُلُّ نَفْسٍ ذَآئِقَةُ الْمَوْتِ ۗ وَإِنَّمَا تُوَفَّوْنَ أُجُورَكُمْ يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۖ فَمَنْ زُحْزِحَ عَنِ النَّارِ وَأُدْخِلَ الْجَنَّةَ فَقَدْ فَاذَ ۗ وَمَا الْحَيَاةُ الدُّنْيَا إِلَّا مَتَاعُ الْغُرُورِ
"ہر جان موت کا مزہ چکھنے والی ہے اور تمھیں تمھارے اجر قیامت کے دن ہی پورے دیے جائیں گے، پھر جو شخص آگ سے دور کر دیا گیا اور جنت میں داخل کر دیا گیا تو یقینا وہ کامیاب ہو گیا اور دنیا کی زندگی تو دھوکے کے سامان کے سوا کچھ نہیں۔”
موت ایک ایسی حقیقت ہے جس سے کسی کو انکار نہیں ہو سکتا کسی کی عمر کم ہو کسی کی عمر زیادہ ہو ایسا تو ممکن ہے مگر موت کسی کو نہ آئے سوائے اللہ کے اور کوئی ایسے نہیں ہیں
اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا
كُلُّ مَنْ عَلَيْهَا فَانٍ ﴿٢٦﴾ وَيَبْقَىٰ وَجْهُ رَبِّكَ ذُو الْجَلَالِ وَالْإِكْرَامِ ﴿٢٧﴾
"جو کوئی بھی اس زمین پر ہے، سب فنا ہونے والا ہےاور صرف آپ کے رب کی ذات باقی رہے گی جو بڑی شان و عظمت اور عزت و کرم والی ہے۔”
آج ہم دوسروں کے جنازے پڑھ رہے ہیں، کل ہمارا جنازہ پڑھا جائے گا۔ آج ہم دوسروں کو قبر میں اتار رہے ہیں، کل ہمیں قبر میں اتارا جائے گا۔۔۔
دنیا کی زندگی بہت مختصر ہے آخرت کی زندگی کے مقابلے میں اپنی دنیا سنوارنے کے لیے ہر شخص کیا کچھ نہیں کرتا سب کے سامنے ظاہر ہے حالانکہ دنیا میں ہر انسان کے لیے اللہ تعالی نے ہر شخص کی روزی روٹی کی ذمہ داری لے رکھی ہے اسی وجہ سے تجربہ کار لوگوں نے کہا دنیا قسمت کے بقدر ملتی ہے اور آخرت کی کامیابی کا معیار مقدر پر نہیں رکھا گیا بلکہ محنت پر رکھا گیا یعنی جو شخص جتنی زیادہ دین پر چلنے کی فکر اور کوشش کرے گا اللہ تعالی اس کے مراتب آخرت کے بلند سے بلند ترین فرمائیں گے۔۔۔
رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا
عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا قَالَ: أَخَذَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِمَنْكِبِي فَقَالَ:
"كُنْ فِي الدُّنْيَا كَأَنَّكَ غَرِيبٌ أَوْ عَابِرُ سَبِيلٍ.”
حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے میرا کندھا پکڑا اور فرمایا: "دنیا میں ایسے رہو جیسے تم کوئی اجنبی (پردیس میں رہنے والے) ہو یا راستہ چلنے والے مسافر ہو۔”: صحیح البخاری، حدیث نمبر: 6416
وَكَانَ ابْنُ عُمَرَ يَقُولُ: "إِذَا أَمْسَيْتَ فَلَا تَنْتَظِرِ الصَّبَاحَ، وَإِذَا أَصْبَحْتَ فَلَا تَنْتَظِرِ الْمَسَاءَ، وَخُذْ مِنْ صِحَّتِكَ لِمَرَضِكَ، وَمِنْ حَيَاتِكَ لِمَوْتِكَ
حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ یہ کہتے تھے
جب شام ہو جائے تو صبح کا انتظار نہ کر، اور جب صبح ہو جائے تو شام کا انتظار نہ کر؛ اور اپنی صحت کو بیماری سے پہلے غنیمت جان اور اپنی زندگی کو موت سے پہلے۔بخاری شریف 6416
ایک موقع سے رسول اکرم ﷺ نے حضرت طارق کو مخاطب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا
يَا طَارِقُ! اِسْتَعِدَّ لِلْمَوْتِ قَبْلَ الْمَوْتِ
اے طارق! مرنے سے پہلے موت کی تیاری کرلو ۔۔۔۔
ایک انصاری صحابی نے عرض کیا: یا رسول اللہ ﷺ! کون سا مومن سب سے زیادہ عقل مند ہے؟ تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا
أكْيَسُهُمْ لِلْمَوْتِ أَكْثَرُهُمْ لَهُ ذِكْرًا، وَأَحْسَنُهُمْ لِمَا بَعْدَهُ اسْتِعْدَادًا، أُولَئِكَ الأَكْيَاسُ
ان میں سب سے زیادہ عقل مند وہ ہے جو موت کو سب سے زیادہ یاد کرنے والا اور مرنے کے بعد کی تیاری میں سب سے بہتر ہو، یہی لوگ اصل عقل مند ہیں۔۔۔۔۔
ایک اور حدیث شریف میں ہے رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا
الْكَيِّسُ مَنْ دَانَ نَفْسَهُ، وَعَمِلَ لِمَا بَعْدَ الْمَوْتِ، وَالْعَاجِزُ مَنْ أَتْبَعَ نَفْسَهُ هَوَاهَا، ثُمَّ تَمَنَّى عَلَى اللَّهِ
"عقلمند (اور دانا) وہ ہے جو اپنے نفس کو تابع کرے (یا محاسبہ کرے) اور موت کے بعد کے لیے عمل کرے، اور عاجز (کم عقل) وہ ہے جو اپنے نفس کو خواہشات کے پیچھے لگا دے اور اللہ تعالیٰ سے (بغیر عمل کے) امیدیں وابستہ رکھے۔”
آپ ﷺ نےارشاد فرمایا:
أَكْثِرُوا ذِكْرَ هَاذِمِ اللَّذَاتِ یعنی لذتوں کو ختم کرنے والی چیز (موت) کو کثرت سے یاد کیا کرو۔
کثرت سے موت کو یاد کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اپنے لیے اعمال کی پابندی کرتا رہے جیسے
★ فرائض و واجبات کی پابندی: اللہ کے حدود اور اس کے احکامات پر عمل کرنا اور کبیرہ گناہوں سے بچنا۔
★ توبہ واستغفار: گناہوں پر ندامت کرنا اور سچی توبہ کے ذریعے اللہ کی طرف رجوع کرنا۔
★حقوق العباد کی ادائیگی: لوگوں کے حقوق واپس کرنا اور کسی پر ظلم کیا ہو تو معافی مانگنا۔۔۔۔
★ روزانہ 24 گھنٹے میں سے وقت نکال کر اہتمام سے اللہ تعالی سے معافی مانگنا ،صبح و شام دعائے سید الاستغفار کے پڑھنے کا اہتمام کرنا
نیز رسول اکرم ﷺ نے ایک موقع سے ارشاد فرمایا
إِذَا مَاتَ الإِنْسَانُ انْقَطَعَ عَنْهُ عَمَلُهُ إِلاَّ مِنْ ثَلاَثَةٍ: إِلاَّ مِنْ صَدَقَةٍ جَارِيَةٍ، أَوْ عِلْمٍ يُنْتَفَعُ بِهِ، أَوْ وَلَدٍ صَالِحٍ يَدْعُو لَهُ
"جب انسان فوت ہو جاتا ہے تو اس کے اعمال کا سلسلہ منقطع (بند) ہو جاتا ہے، سوائے تین چیزوں کے: صدقہ جاریہ، یا ایسا علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے، یا نیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرے۔”۔۔۔
انسان کی دنیاوی زندگی ایک کھیتی کی مانند ہے دنیا میں وہ جو بوتا ہے، آخرت میں وہی کاٹتا ہے۔ موت آتے ہی عمل کی مہلت ختم ہو جاتی ہے اور انسان خود کوئی نیکی کمانے کے قابل نہیں رہتا۔ لیکن اللہ تعالیٰ کی رحمت اور نبی کریم ﷺ کی شفقت دیکھیے کہ آپ ﷺ نے ہمیں ایسے تین سنہری راستے بتا دیے جن کے ذریعے قبر میں جانے کے بعد بھی انسان کے نامہ اعمال میں نیکیاں لکھی جاتی رہتی ہیں۔
1) صدقہ جاریہ (لگاتار جاری رہنے والی بھلائی)
عام صدقہ وہ ہے جو ایک بار دیا جائے اور ختم ہو جائے، جیسے کسی بھوکے کو کھانا کھلا دینا۔ لیکن صدقہ جاریہ وہ نیکی ہے جس کا فائدہ طویل عرصے تک انسانوں یا مخلوقِ خدا کو پہنچتا رہے۔…
اس کی مثالوں میں مسجد یا مدرسہ بنوانا، کنواں کھدوانا یا بورنگ کروا دی تاکہ پانی کا انتظام ہوتا رہے ، درخت لگانا، شفا خانہ بنوانا، یا کسی غریب کو روزگار کا مستقل ذریعہ فراہم کرنا شامل ہے وغیرہ
جب تک لوگ اس پانی سے پیاس بجھاتے رہیں گے، اس درخت کے سائے میں بیٹھتے رہیں گے یا اس مسجد میں سجدہ کرتے رہیں گے، تب تک بنانے والے کی قبر میں ثواب کی بارش ہوتی رہے گی۔۔۔۔۔
2) نفع بخش علم (روشنی کا چراغ)
علم ایک ایسا چراغ ہے جو ایک شمع سے دوسری شمع جلاتا ہے۔ اگر کوئی شخص اپنی زندگی میں دوسروں کو دینی یا دنیاوی مفید علم سکھائے تو یہ اس کے لیے دائمی اجر کا باعث بنتا ہے۔
مثال کے طور پر قرآن و حدیث کی تعلیم دینا، کوئی مفید کتاب لکھنا، تعلیمی ادارے قائم کرنا، یا ایسا ہنر اور ٹیکنالوجی سکھانا جس سے انسانیت کو فائدہ ہو۔۔۔۔
جب بھی کوئی طالب علم اس علم پر عمل کرے گا یا اسے آگے پھیلائے گا، سکھانے والے کو اس کے برابر ثواب ملتا رہے گا۔۔۔۔۔یعنی علم سکھانے والا اس دنیا سے چلا جاتا ہے، لیکن اس کے سکھائے ہوئے الفاظ اور ہنر نسل در نسل لوگوں کی زندگیوں کو سنوارتے رہتے ہیں، جس کا اجر اسے ملتا رہتا ہے۔۔۔۔
3) نیک اولاد کی دعا (بہترین تربیت کا پھل)
جیسے اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا
وَالَّذِينَ آمَنُوا وَاتَّبَعَتْهُمْ ذُرِّيَّتُهُم بِإِيمَانٍ أَلْحَقْنَا بِهِمْ ذُرِّيَّتَهُمْ وَمَا أَلَتْنَاهُم مِّنْ عَمَلِهِم مِّن شَيْءٍ ۚ كُلُّ امْرِئٍ بِمَا كَسَبَ رَهِينٌ ( الطور: 21)
"اور جو لوگ ایمان لائے اور ان کی اولاد نے ایمان کے ساتھ ان کی پیروی کی، ہم ان کی اولاد کو (بھی جنت میں) ان کے ساتھ ملا دیں گے، اور ہم ان کے اعمال (کے ثواب) میں سے کچھ بھی کم نہیں کریں گے، ہر شخص اپنے کیے ہوئے اعمال کے بدلے گروی (ذمہ دار) ہے۔”
انسان کی اولاد اس کی اپنی کمائی کا حصہ ہوتی ہے۔ اگر والدین اپنی اولاد کی اچھی دینی اور اخلاقی تربیت کریں، تو وہ اولاد والدین کے انتقال کے بعد ان کے لیے بخشش اور رحمت کی دعائیں کرتی ہے۔ اولاد کی یہ دعائیں والدین کے لیے قبر میں ٹھنڈک اور درجات کی بلندی کا باعث بنتی ہیں۔۔۔۔
مثال کے طور پر اولاد کو نماز اور اچھے اخلاق کا پابند بنانا، سچ بولنے کا پابند بنانا ، حلال کھانے کی عادت ڈالنا، حرام سے بچنے کا مزاج بنانا ، انہیں والدین کے حق میں دعا کرنے کی عادت ڈالنا، اور ان کی طرف سے صدقہ و خیرات کرنے کی ترغیب دینا وغیرہ ۔۔۔۔
اولاد کی دینی تربیت کرنا ماں باپ کی ذمہ داری ہے بچے نیک کام کرتے ہیں تو اس کا ثواب ماں باپ کو جیسے ملتا ہے اسی طرح بچے اگر گناہ اور ناجائز کاموں میں مشغول ہو جاتے ہیں اور ماں باپ اپنے بچوں کو ٹوکنے کی استطاعت کے باوجود بھی نہیں ٹوکتے تو اس کی پکڑ بھی ماں باپ سے ہو سکتی ہے
رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا
كُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ… وَالرَّجُلُ رَاعٍ فِي أَهْلِهِ وَهُوَ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ، وَالْمَرْأَةُ رَاعِيَةٌ فِي بَيْتِ زَوْجِهَا وَمَسْئُولَةٌ عَنْ رَعِيَّتِهَا
"تم میں سے ہر شخص نگران (ذمہ دار) ہے اور ہر ایک سے اس کی رعیت (ماتحت لوگوں) کے بارے میں پوچھا جائے گا… مرد اپنے گھر والوں کا نگران ہے اور اس سے اس کی رعیت کے بارے میں بازپرس ہوگی، اور عورت اپنے شوہر کے گھر کی نگران ہے اور اس سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال کیا جائے گا۔” (صحیح البخاری: 893، صحیح مسلم: 1829)
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے آپ کو نیکی کا عادی بنائیں اور نیکیاں مسلسل کرتے رہنا چاہیے اور اپنے مر جانے کے بعد کے لیے توشہ کے طور پر یہ آسان آسان کام ضرور کرتے رہنا چاہیے جو رسول اکرم ﷺ نے بتائے ہیں ۔۔۔۔مرنا یقینی ہے اور اپنی آخرت کی زندگی کو سنوارنے کے لیے یہ کام بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں۔۔۔۔ اللہ تعالی اپنے فضل سے ہم سب کی دنیا اور آخرت سنوار دے.آمین یا رب العالمین