نیتن یاہو:بڑے بے آبرو ہوکر اپنے کوچے سے ہم نکلے

نیتن یاہو:بڑے بے آبرو ہوکر اپنے کوچے سے ہم نکلے

نیتن یاہو:بڑے بے آبرو ہوکر اپنے کوچے سے ہم نکلے

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

اسرائیلی انتخابی نتائج کے بعد جو تذبذب کی کیفیت تھی اس کوعرب سیاسی جماعتوں کے سب سے بڑے اتحاد ’جوائنٹ لسٹ‘ نے نئی حکومت سازی کے لیے اپوزیشن اتحاد کے رہنما گادی آئزنکوٹ کی حمایت کا اعلان کرکے ختم کردیا۔ جوائنٹ لسٹ نے اپنےبیان میں کہا کہ ’وہ اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی کہ نئی حکومت بنانے کا موقع گادی آئزنکوٹ کو دیا جائے۔‘اس طرح گویا کنگ میکر نے اپنا دبدبہ دکھا دیا۔ اسرائیل کے حالیہ انتخابات میں عرب ووٹرز کی غیر معمولی شرکت کے نتیجے میں عرب اکثریتی سیاسی جماعتوں نے ایوانِ پارلیمان کی 120 نشستوں میں سے مجموعی طور پر 19 نشستیں حاصل کی ہیں۔ یہ اپنے آپ میں ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔ اس کے باعث نئی حکومت کی تشکیل میں ان جماعتوں کا کلیدی کردارہوگیا ہے۔ اب ان سے پنگا لے کر کوئی اقتدار پر فائز نہیں ہوسکتا۔ارکانِ پارلیمان سے مشاورت کےبعد صدر اسرائیل اس نتیجے پر پہنچے کہ 67؍ ارکان نے گادی آئزنکوٹ کی حمایت کی، جبکہ نیتن یاہو کا ان کے محاذ میں شامل 7؍ لوگوں نے ابھی سے ساتھ چھوڑدیا اور وہ 53 سے گھٹ کر 46؍ ارکان کی حمایت پر آکر ٹک گئے۔

سابق فوجی سربراہ آئزن کوٹ نے نتن یاہو کو اس بات سے خبردار کیا تھا کہ وہ اپنے قریبی اتحادی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف کوئی نئی جنگ شروع نہ کریں۔ ایسی جنگ اسرائیلی وزیرِ اعظم کو ‘اتحادی حکومت کے قیام کے لیے زور لگانے یا نئے انتخابات تک کسی طرح وقت گذارنے میں مدد دے سکتی تھی۔گادی آئزنکوٹ کو حکومت بنانے کے لیے 28 دن کی مدت دی گئی ہے، جس میں حسبِ ضرورت 14 دن کی مزید توسیع ممکن ہے لیکن بظاہر ایسا لگتا ہے کہ وہ ضرورت پیش نہیں آئے گی ۔ حکومت سازی کی دوڑ سے اس طرح باہر ہو جانا نیتن یاہو کے لیے کسی زور دار سیاسی جھٹکے سے کم نہیں ہے۔ نیتن یاہو کی عبرتناک حالت میں دنیا بھر کے ان حکمرانوں کے لیے یہ پیغام ہے کہ کھوکھلے نعرے ، بے بنیاد خوف اور ایک خیالی دشمن کے تئیں بدترین سفاکی کا مظاہرہ بھی انتخابی کامیابی کی گارنٹی نہیں ہے ۔ اس لیے عوامی فلاح وبہبود کو بالائے طاق رکھ کر عوامی تباہی و بربادی اخروی ناکامی کے ساتھ ساتھ دنیوی خسارے کا بھی سودہ ہے۔ اسرائیلی انتخاب کا یہ سبق سارے رہنماوں کو اپنے پیش نظر رکھنا چاہیے۔

وام طور پر لوگ کہتے ہیں کہ بن یامین نیتن یاہو اور گادی آئزن کوٹ میں کوئی بنیادی فرق نہیں ہے اس لیے ایک کے جانے اور دوسرے کے آنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ یہ خیال درست نہیں ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ دونوں صہیونیت کے علمبردار بڑے سیاسی اور عسکری رہنما ہیں لیکن حالیہ انتخابی منظرنامے نے ان کے درمیان اہم سیاسی نظریات کے فرق کو اجاگر کردیا ہے۔ عرب اسلامی جماعتوں کے تعلق سے ان دونوں کا موقف یکسر متضاد ہے۔ نیتن یاہو نے پہلے انہیں انتخابی میدان سے باہر کرنے کی کوشش کی اور اس کے بعد ان کی جیت پر بہتان طرازی کرنے سے بھی نہیں چوکے مگر آئزن کوٹ سمیت الیکشن کمیشن اور صدر مملکت سبھی اس معاملے میں ان سے متفق نہیں ہوئے ۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو دائیں بازو کی جماعت "لیکوڈ” کی طویل عرصے سے رہنمائی کر رہے ہیں۔ ان کا انحصار زیادہ تر انتہائی دائیں بازو اور کٹر مذہبی قوم پرست جماعتوں پر رہا ہے۔ویسے تو وہ بھی ماضی میں فوجی رہے ہیں، لیکن ان کا بیشتر کیریئر اورتشخص ایک سویلین سیاستدان کا رہا ہے۔ غزہ کی نسل کشی نے یاہو کا بھٹہّ بیٹھا دیا۔ حماس نے اس فوجی مہم کو ناکام کرکے ان کی سکیورٹی پالیسی کے کھوکھلے پن کو بے نقاب کردیا۔

7؍ اکتوبر کا طوفان الاقصیٰ نے انہیں نہ صرف اپنے عوام بلکہ ساری دنیا کی نظر سے گرا دیا۔وہ خود اپنی اس ناکامی سے واقف تھے اس لیے انہوں نے سکیورٹی حصار کی ناکامیوں کی باقاعدہ تحقیقات کرانے سے اسی طرح پہلو تہی کی جس طرح پلوامہ میں مودی سرکار نے کی تھی لیکن اقتدار کی تبدیلی کے بعد وہ پنڈورا بکس کھلے گا اور انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔ اسرائیل کے اندر فوجی بھرتی میں استثنیٰ ایک اہم انتخابی مدعا بن کر ابھرا لیکن اقتدار کی خاطر مذہبی جماعتوں کی ناز برداری نیتن یاہو کے پیروں کی زنجیر بن گئی۔گادی آئزن کوٹ ویسے تو اسرائیل کے شہر طبریہ میں پیدا ہوئے تھے مگر ان کا تعلق مزراحی یہودیوں سے ہے جو مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ سے آکر اسرائیل کی میں آباد ہوگیا تھا۔ اسرائیل کی تقریباً نصف آبادی اسی برادری پر مشتمل ہے۔ 1978 میں آئزن کوٹ نے اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کی گولانی بریگیڈ میں شمولیت کے ساتھ اپنے فوجی کیریئر کا آغاز کیا ۔1997 میں وہ اسی بریگیڈ کے کمانڈر بنے۔ بعد ازاں انھوں نے فوج میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں اور ترقی کرتے کرتے 2015 میں آئی ڈی ایف کے چیف آف جنرل اسٹاف مقرر ہوئے۔

فوج سے سبکدوشی کے بعد انھوں نے سیاست کے میدان میں قدم رکھ کر اسرائیلی پارلیمان کا انتخاب لڑا اور کامیاب ہوگئے۔ دسمبر 2023 میں غزہ جنگ کے دوران ان کا بیٹا گیل آئزن کوٹ ہلاک ہو گیا۔بیٹے کے علاوہ آئزن کوٹ کے دو بھتیجوں کو بھی حماس نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔تقریباً ایک سال قبل ستمبر 2025 میں آئزن کوٹ نےیشار نامی اعتدال پسند سیاسی جماعت قائم کی جس مطلب ’سیدھا، سچا یا دیانت دار‘ ہوتا ہے۔سابق آرمی چیف (فوجی سربراہ ) کو نیتن یاہو کی مانند سیاست کو طویل تجربہ نہیں ہے بلکہ انہوں نے تو 2022 میں ا س میدان میں قدم رکھا اس لیے کہا جاسکتا ہے کہ ان کو جمعہ جمعہ چار سال ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود انہیں وقت اپوزیشن کے نمایاں رہنما اور جماعت "یشار” کی سربراہی کا اعزاز حاصل ہے۔ کسی یوروپی ملک کے بجائے مراکشی تارکینِ وطن مزراہی یہودی برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیر اعظم ہوں گے۔ انہوں نے 7؍ اکتوبر 2023 میں طوفان الاقصیٰ کے بعد نیتن یاہو کی جنگی کابینہ میں مختصر وقت کے لیے شمولیت اختیار کی تھی، لیکن بعد میں اختلاف رائے ہوا تو حکومت چھوڑ کر اپوزیشن میں واپس آ گئے۔

آئزن کوٹ کا نیتن یاہو کے طرزِ عمل اور غزہ کی جنگ کے انتظام پر کھل کر تنقید کرنا مہنگا نہیں پڑا۔ ہندوستان کی مانند وہاں کسی نے ان کو دشمن کا ایجنٹ قرار نہیں دیا گیا۔ اکتوبر 2026 کے اسرائیلی انتخابات کے بعدنیتن یاہو کو توقع رہی ہوگی کہ وہ سیاسی جوڑ توڑ اور عرب جماعتوں کو ساتھ لینے کے بجائے ان کی حمایت کرنے اور لینے کو ترجیح دیں گے لیکن انہوں نے سابق وزیر اعظم کا ہاتھ جھٹک کر اسرائیلی صدر سمیت فلسطینی سیاسی جماعتوں کا دل جیت لیا ہے۔ اسرائیل کے حالیہ انتخاب میں عرب جماعتوں نے غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 19 ؍ نشستوں پر کامیابی درج کرواکر تاریخ رقم کردی۔ ان کی پولنگ کا تناسب بھی یہودیوں سے زیادہ تھا۔ نتائج کے بعد سب سے پہلے عرب سیاسی جماعت رعم کے رہنما منصور عباس نے گاڈی آئزن کوٹ کی حمایت کا اعلان کیا۔ان کی جماعت کے پاس آٹھ نشستیں ہیں۔ رعم جماعت اس سے پہلے بھی نفتالی بینیٹ کی قیادت میں قائم حکومت کی بیرونی حمایت کر چکی ہے۔11 نشستوں والی دوسری بڑی عرب سیاسی جماعت جوائنٹ لسٹ نے بھی آئزن کوٹ کی حمایت کا فیصلہ کرکے نیتن یا ہو کی ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔اس نےحقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اس فیصلے کو نیتن یاہو حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے ’خراب اور بہت خراب‘ متبادل میں سے ایک انتخاب قرار دیا ہے۔جوائنٹ لسٹ کے سربراہ یوسف جبارین کے مطابق ان کے وفد کا فیصلہ عرب رائے دہندگان کے ذریعہ تبدیلی کی خواہش کا عکاس ہے۔انھوں نے نیتن یاہو کی حکومت پر الزام لگایا کہ اس کے دور میں عرب شہریوں کو نسل پرستی، امتیازی سلوک، جرائم اور سیاسی و سماجی محرومی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اس لیے عرب برادری کے لوگوں کا تبدیلی کی خاطر بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنا توقع کے عین مطابق تھا ۔

یوسف جبارین نے تسلیم کیا کہ کئی معاملات پران کے گاڈی آئزن کوٹ سے اختلافات مثلاً انتخابی مہم کے دوران عرب شہریوں کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز بیانات اور سخت مؤقف اختیار نہ کرنا بھی شامل ہے تاہم وہ اچھے اور بہتر میں سے انتخاب نہیں کر رہے، بلکہ ان کے سامنے خراب اور اس سے بھی زیادہ خراب متبادل موجود ہیں اور ان میں سے ایک منتخب کرنا مجبوری ہے۔ سینئر عرب رکن پارلیمان احمد طیبی کے مطابق جوائنٹ لسٹ اقلیتی حکومت کی پارلیمان سے باہر رہ کر حمایت کر کے ایوان میں ایک ’بلاکنگ بلاک‘ کا کردار ادا کرے گی۔ ان کی پارٹی کسی غیر مستحکم حکومت میں شامل نہیں ہوگی۔ یہودی مذہبی جماعتیں کس قدر ابن الوقت ہیں اس کا مظاہرہ انتہائی قدامت پسند مذہبی رہنماؤں کے نیتن یاہو کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دینے سے کیا جاسکتا ہے۔ ان لوگوں کو شکایت ہے کہ نیتن یاہو نے اپنی حکومت کے دوران حریدی برادری کے مردوں کو لازمی فوجی خدمت سے استثنیٰ دینے والا قانون منظور نہیں کرا سکی ۔ یہ وجہ اگر اتنی ہی اہم ہے تو انہیں کم از کم انتخاب سے قبل اپنا پلہ جھاڑ لینا چاہیے تھامگر ہارنے کے بعد یہ حرکت ےو موقع پرستی میں ہی شمار ہوگی ۔ نیتن یاہو فی الحال اپنوں اور پرایوں کے ذریعہ دئیے جانے والے زخموں سے کراہ رہا ہے مگر کسی کو بھی اس ظالم سے ہمدردی نہیں ہے اور ہونی بھی نہیں چاہیے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے