سیرتِ رسول ﷺ کو عملی زندگی کا حصہ بنائیں،نماز، والدین کے حقوق اور دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد پر زور
جماعت اسلامی ہند،ریاست نگر کے جلسہ سیرت النبی ﷺ سے امیر حلقہ محترم محمد اظہر الدین اورمحمد عبدالحفیظ اسلامی و دیگر کے خطابات
حیدرآباد،9ستمبر(پریس ریلیز)
جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر کے زیرِ اہتمام 6 ستمبر 2026 بروز اتوار، مسعودہ فنکشن پیالیس،معین باغ میں عظیم الشان جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد عمل میں آیا۔صدارتی خطاب میں امیرحلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ، محترم جناب محمد اظہر الدین نے جامع اور فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے حاضرین کو اپنی زندگی قرآن و سنت کے مطابق گزارنے کی تلقین کی۔ انہوں نے خصوصاً نماز کی پابندی، والدین کے حقوق کی ادائیگی اور دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد کو ایک مسلمان کی بنیادی ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیرتِ رسول ﷺ سے حقیقی استفادہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں۔
امیر حلقہ نے حاضرین کو اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم کرنے، عبادات کی پابندی کے ساتھ اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بنانے اور دین کے پیغام کو عام کرنے کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھنے کی موثر تلقین کی۔مہمانِ خصوصی، معروف کالم نگار اور خطیبِ مسجدِ صالحہ قاسمؒ، بنڈلہ گوڑہ، جناب محمد عبدالحفیظ اسلامی نے ”خاتم الانبیاء ﷺ کی بعثت سب کے لیے ہے!” کے عنوان پر نہایت موثر اور جامع خطاب کیا۔ انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں نبی اکرم ﷺ کی بعثت کے عالمگیر پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کسی مخصوص قوم، علاقے یا زمانے کے لیے نہیں بلکہ آپ ؐ پوری انسانیت کے لیے رحمتہ لعالمین بن کر تشریف لائے۔ انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں، آپ ﷺ کے اعلیٰ اخلاق، عدل و رحمت، انسانیت سے محبت اور دعوتِ دین کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی اور موجودہ دور میں سیرتِ رسول ﷺ کو عام کرنے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
جناب محمد عماد الدین، رکنِ شوریٰ جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر نے ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے اور ایک مسلمان کو اپنی ذات کی اصلاح کے ساتھ معاشرے کی اصلاح اور خیر و بھلائی کے فروغ کے لیے بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ جناب محمد حسام الدین متین، امیر مقامی جماعت اسلامی ہند، ریاست نگر نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے حاضرین کا خیرمقدم کیا اور جلسے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ آج سیرتِ رسول ﷺ کو اپنی زندگی میں اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اخلاق، معاملات، خاندانی زندگی اور معاشرتی تعلقات سمیت زندگی کے ہر شعبے میں اسوہ رسول ﷺ کو اپنانے پر زور دیا۔ پروگرام کا آغاز جناب محمد امجد خان کے تذکیر بالقرآن سے ہوا، جس میں قرآن کی ہدایات کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے کی طرف متوجہ کیا گیا۔
جناب سلیم خان غوری اور ماسٹر عبدالعزیز بسام نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی، جس سے جلسے کا ماحول روح پرور ہوگیا۔ شرکائے جلسہ نے مقررین کے خطابات کو توجہ اور دلچسپی سے سماعت کیا۔پروگرام کی کامیابی میں کنوینر جناب سید عبداللہ ہاشمی طلحہ، ناظمِ اجتماع جناب محمد یوسف احمد لقمان، معاون جناب محمد مبشر زیبر،جناب محمد معز الدین اور دیگر ارکان و کارکنان کی کاوشیں قابلِ تحسین رہیں۔سکریٹری الخیر سوسائٹی،ریاست نگرجناب مرزا عبدالعظیم بیگ کی نگرانی میں منعقدہ الخیر کمپیوٹر ٹرینینگ کلاسس کے کامیاب طلبا میں اسنادات کی تقسیم صدر جلسہ اور مہمان خصوصی کے ہاتھو ں عمل میں آئی۔جبکہ طالبات میں اسنادات کی تقسیم ناظمہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند،ریاست نگر محترمہ رضوانہ رفعت اور دیگر ذمہ داران شعبہ خواتین کے ہاتھوں عمل میں آئی۔خواتین کے لیے پردے کے ساتھ علحدہ نشستوں کا نظم کیا گیا تھا۔