آپ نے کبھی کسی خوبصورت جھیل کے کنارے یا پھر دلکش وادیوں میں کسی خوش و مگن اور مطمئن انسان کو دیکھا ہے؟ کچھ نایاب اور لعل و گوہر سے لوگ زندگی کی کٹھنائیوں سے نہ ہی کبھی گھبراتے ہیں اور نہ ہی کبھی اپنی تنہائیوں میں رنگ بھرنے کے لیے کسی کے قرب کے متمنی ہوتے ہیں یہ ایسے انمول سے لوگ ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں بے انتہا دُکھ اور لوگوں کے دھوکے سہے ہوئے ہیں، لوگوں پر اندھا اعتماد کیا ہوتا ہے اور لوگ اپنے مفادات پورے ہونے کے بعد اُن کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا کر کہیں گُم ہوجاتے ہیں، لیکن ایسے لوگ کبھی بھی اپنی ذاتی باتیں کسی سے نہیں بانٹتے اور نہ ہی کبھی آنسو بہاتے ہیں، کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ آنسو بہا کر وہ خود کی نظروں میں کمزور ہوجائیں گے وہ حوصلہ مند، باہمت اور ہر قسم کے بُرے سے بُرے حالات کا مقابلہ کرنے والے لوگ ہوتے ہیں۔ وہ عامیانہ سا مزاج رکھنے والے لوگوں کے قریب کبھی بھٹکتے نہیں ہیں چاہے اُنہیں کتنا بھی بڑا نقصان اُٹھانا پڑے۔ ایک بار اگر کوئی اُنہیں ٹھیس پہنچادے اُن کے اعتبارکا خون کردے تو پھر وہ اُسے کبھی اپنی زندگی میں شامل نہیں ہونے دیتے لیکن ایک خاص بات ایسے لوگوں کی یہ ہوتی ہے کہ چاہے کوئی اُن کا بڑے سے بڑا دشمن بھی ہو اگر وہ مشکل میں نظر آجائے تو وہ سب کچھ بھول کر اُس کی مدد کرنے کے لیے فوراً آگے بڑھتے ہیں لیکن … پھر اُس کے بعد فاصلے جوں کے توں برقرار رہتے ہیں وہ انتہائی نرم دل انسان ہوتے ہیں کبھی کسی کو مشکل میں نہیں دیکھ سکتے ہر کسی کی ہر ممکن مدد کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔
وہ کبھی بھی کسی سے خوف زدہ نہیں ہوتے چاہے اُن کے سامنے کوئی رہزن ہو، یا کوئی ا علیٰ عہدہ دار وہ کسی بھی طاقتور شخصیت کے سامنے کبھی نہیں جھُکتے وہ انسانیت پر یقین رکھتے ہیں وہ بہت اعلیٰ خیالات رکھنے والے لوگ ہوتے ہیں وہ ہر قسم کے ڈر اور خوف سے دور ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ دنیا میں بلند مقاصد کے لیے پیدا ہوتے ہیں اپنے وقت کا بہترین استعمال کرتے ہیں اور کبھی بھی اپنی غلطی کے لیے دوسروں کو الزام نہیں دیتے۔ وہ جس سے بھی دوستی کرتے ہیں ہمیشہ جان و دل فِدا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں وہ مخلص دوستوں کی قدر کرتے ہیں لیکن اگر انہیں یہ محسوس ہو کہ انہوں نے اپنے دوست کا غلط انتخاب کیا ہے تو ایسے دوست کو چھوڑنے کے لیے ذرا بھی دیر نہیں کرتے وہ دوستی کے اعلیٰ معیار پر یقین رکھتے ہیں وہ جھوٹ اور دھوکے بازی کو ایک لمحے کے لیے بھی برداشت نہیں کرتے وہ جیسے ہوتے ہیں اپنے دوستوں کو بھی ویسا ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ کبھی بھی اپنے دُکھ بھرے ماضی کے دنوں پر افسردہ نہیں ہوتے بلکہ اُسے ایک اہم سبق کی طرح یاد رکھتے ہیں وہ ایسے ہر رشتے سے دُور ہوجاتے ہیں جہاں بار بار اپنی مخلصی کا ثبوت دینا پڑے وہ اپنے رشتے کو بچانے کے لیے دلیلوں اور ثبوت پر یقین نہیں رکھتے۔ وہ خالص اور کھرے رشتوں پر یقین رکھتے ہیں۔ وہ ہمیشہ اپنے اصولوں پر ڈٹے رہتے ہیں۔ وہ کبھی بھی معاشی پریشانیوں سے نہیں گھبراتے وہ محنت پر یقین رکھتے ہیں وہ بُرے حالات میں کبھی ہمت نہیں ہارتے۔ وہ کبھی اپنی قابلیت کا چرچا نہیں کرتے لیکن وقت سب کو دکھا دیتا ہے اُن کی اعلیٰ قابلیت اور اعلیٰ مقاصد کو، وہ دکھاوے سے دور رہتے ہیں۔ وہ نا انصافیاں برداشت نہیں کرسکتے وہ معاشرے میں پھیلی ہوئی منافرت اور ظلم کو مٹانے کے خواہش مند ہوتے ہیں وہ حق پرست لوگ ہوتے ہیں اس لیے ہمیشہ حق بات کہتے ہیں چاہے انہیں اس کی کتنی بھی مہنگی قیمت چکانی پڑے۔ وہ حق کو سر بلند اور باطل کو سرنگوں دیکھنا چاہتے ہیں اور ظلم کے خلاف ہمیشہ آواز اُٹھاتے رہتے ہیں۔ اُن کی آواز طاقتوروں کو لرزا دیتی ہے۔ یہ لعل و گوہر جیسے لوگ بہت محنتی اور چاق و چوبند ہوتے ہیں سُستی اور کاہلی اُن کے کبھی پاس سے بھی نہیں گزرتی وہ اپنی اَن تھک محنت اور لگن سے معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ۔ وہ لمحوں میں انسانوں کو اُن کی عادات و اطوار کو پڑھ لیتے ہیں لیکن پھر بھی وہ کبھی نہ کبھی لوگوں سے دھوکہ کھا جاتے ہیں۔ اُنہیں منافقت اور دوغلے پن سے شدید نفرت ہوتی ہے وہ سادہ مزاج اور سادگی پسند ہوتے ہیں کبھی بھی اپنی امارت ظاہر کرنے کے خواہشمند نہیں ہوتے۔ وہ نا ممکن کو ممکن بنانے کا ہُنر جانتے ہیں اور کیسے ہی نا مساعد حالات ہوں وہ اپنی منزل کو پالیتے ہیں ۔وہ اپنی ہار کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ طاقت بنا کر جیت جاتے ہیں۔وہ اپنی ہار کو اپنی کمزوری نہیں بلکہ طاقت بنا کر جیت جاتے ہیں۔