سعودی عرب کا شمار دنیا کے اہم ترین ممالک میں ہے۔ اس کی صرف سیاسی، معاشی اور جغرافیائی اہمیت ہی نہیں بلکہ دینی اہمیت و معنویت بھی بے جس کی دنیا میں کوئی دوسری نظیر نہیں ہے۔ اسلام کے مقدس ترین مقامات اور دنیا کی سب سے بڑی آبادی کا واحد قبلہ (کعبہ شریف) اسی سرزمین پر واقع ہیں، جہاں ہر سال لاکھوں مسلمان حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے آتے ہیں۔جغرافیائی لحاظ سے سعودی عرب ایشیا، افریقہ اور یورپ کے درمیان ایک اہم محلِ وقوع رکھتا ہے۔ اس کے ساحل بحیرۂ احمر اور خلیج عرب سے ملتے ہیں، جو بین الاقوامی تجارت اور بحری نقل و حمل کے لیے نہایت اہم ہیں۔
معاشی اعتبار سے سعودی عرب دنیا میں تیل پیدا کرنے والے سرفہرست ممالک میں شامل ہے اور عالمی توانائی کی منڈی میں اس کا کردار نہایت اہم بلکہ قائدانہ ہے۔ تیل کی دولت نے نہ صرف اس کی معیشت کو مضبوط بنایا بلکہ عالمی معیشت اور بین الاقوامی اقتصادی پالیسیوں پر بھی اس کے اثرات ہیں۔سیاسی سطح پر بھی سعودی مملکت عرب دنیا اور عالم اسلام کا ایک بااثر ملک ہے۔ یہ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے سرگرم رہتا ہے۔مختصراً، سعودی عرب مذہبی تقدس، جغرافیائی محلِ وقوع، قدرتی وسائل، معاشی طاقت اور سفارتی اثر و رسوخ کے باعث کرۂ ارض پر ایک منفرد اور نہایت اہم مقام کا حامل ملک ہے۔گزشتہ ایک دہائی میں مشرقِ وسطیٰ میں اگر کسی ملک نے اپنی داخلی ساخت، معاشی حکمتِ عملی، سماجی ماحول اور بین الاقوامی کردار میں سب سے زیادہ تبدیلی دیکھی ہے تو وہ مملکتِ سعودی عرب ہے۔ 2016ء میں ”ویژن 2030” کے اعلان کے بعد سے سعودی عرب ایک ایسے دور میں داخل ہوا ہے جس نے نہ صرف اس کی داخلی ترجیحات کو نئی جہت دی بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے مقام اور کردار کو ازسرِ نو متعین کیا ہے۔
حج اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے لاکھوں مسلمان ہر سال اس تبدیلی کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ مقدس مقامات کی خدمت، حرمین شریفین کی توسیع، جدید ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل سہولیات اور زائرین کے لیے آسانیوں میں غیر معمولی اضافہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ سعودی قیادت مذہبی ذمہ داریوں کو جدید انتظامی مہارت کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔یہ تبدیلی صرف مذہبی خدمات تک محدود نہیں۔ سعودی عرب تیل پر انحصار کم کرکے اپنی معیشت کو متنوع بنانے کے منصوبے پر تیزی سے عمل کر رہا ہے۔ سیاحت، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی، تفریح، کھیل اور ثقافت جیسے شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اس بات کا ثبوت ہے کہ مستقبل کی معیشت کے تقاضوں کو سنجیدگی سے سمجھا جا رہا ہے۔
تعلیم کے میدان میں بھی نمایاں پیش رفت دیکھنے کو ملتی ہے۔ دنیا کی ممتاز جامعات سے اشتراک، نوجوانوں کو جدید علوم کی طرف راغب کرنا، تحقیق و اختراع کی حوصلہ افزائی اور خواتین کی تعلیم میں اضافہ، ان اصلاحات کا اہم حصہ ہیں۔ آج سعودی نوجوان عالمی معیار کی تعلیم اور مہارتوں کے حصول کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ مواقع کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔سماجی سطح پر بھی کئی ایسی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جنہوں نے سعودی معاشرے کی نئی تصویر پیش کی ہے۔ خواتین کی معاشی اور سماجی سرگرمیوں میں شرکت بڑھی ہے، کھیلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملا ہے، اور نوجوان نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے نئے پلیٹ فارم فراہم کیے گئے ہیں۔ اگرچہ ان تبدیلیوں پر مختلف حلقوں میں مختلف آراء پائی جاتی ہیں لیکن اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ سعودی معاشرہ ایک نئے مرحلے سے گزر رہا ہے۔
خارجہ پالیسی میں بھی سعودی عرب نے نسبتاً متوازن اور عملی رویہ اختیار کیا ہے۔ علاقائی کشیدگیوں میں کمی، سفارتی روابط کی بحالی، اقتصادی شراکت داریوں کا فروغ اور عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات اس نئی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔ خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے لیے سعودی عرب کی کوششیں بین الاقوامی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ان تمام تبدیلیوں کے مرکز میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت نظر آتی ہے، جنہوں نے ایک ایسے سعودی عرب کا تصور پیش کیا ہے جو اپنی مذہبی شناخت اور تاریخی ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے جدید دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔ ان کی قیادت میں جاری اصلاحات کے حامی اسے ایک نئے دور کی بنیاد قرار دیتے ہیں جبکہ ناقدین اس کے مختلف پہلوؤں پر سوالات بھی اٹھاتے ہیں۔ تاہم یہ امر واضح ہے کہ سعودی عرب اس وقت اپنی جدید تاریخ کے ایک فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہا ہے۔ہندوستان جیسے ممالک کے لیے بھی اس تبدیلی کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور تعلیم کے شعبوں اور عوامی روابط میں اضافہ مستقبل کے لیے نئی امیدیں پیدا کر رہا ہے۔ لاکھوں ہندوستانی شہری سعودی عرب میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں۔آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ سعودی عرب آج صرف تیل کی دولت کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی دوراندیش منصوبہ بندی، اصلاحی اقدامات اور مستقبل پر مرکوز وژن کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ آنے والے برس یہ طے کریں گے کہ یہ اصلاحات کس حد تک اپنے مقاصد حاصل کرتی ہیں لیکن اس میں شبہ نہیں ہے کہ یہ مملکت ایک نئے عہد کی دہلیز پر کھڑی ہے۔