کو سیاحتی مرکز بنانے کے لیے بی آرک طالبہ سمیہ فاطمہ کی منفرد پہل
ضلع کلکٹر پراتیما سنگھ آئی اے ایس سے ملاقات، تحقیقی منصوبے کی ستائش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار۔
میدک 30اکتوبر(الہلال میڈیا نیوز)(ابو فرمان فصیح میدک) ضلع میدک کے پوچارم علاقے کو ایک منفرد سیاحتی مرکز (Multi-Tourism Destination) کے طور پر ترقی دینے کے مقصد سے اورورا ڈیزائن اکیڈمی، حیدرآباد کی بی آرک (B.Arch) طالبہ محترمہ سمیہ فاطمہ نے ایک اہم تحقیقی منصوبہ تیار کرنے کی پہل کی ہے۔
اس سلسلے میں انہوں نے ضلع کلکٹر میدک شریمتی پراتیما سنگھ آئی اے ایس سے ملاقات کرکے اپنے تھیسس "پوچارم – ملٹی ٹورازم ڈیسٹینیشن” کی تفصیلات پیش کیں اور تحقیقی کام کے لیے سرکاری تعاون کی درخواست کی۔
سمیہ فاطمہ، بنت سید عامر محی الدین، ساکن اعظم پورہ، میدک، اپنے تحقیقی منصوبے کے تحت پوچارم کے قدرتی ماحول، ثقافتی ورثے، سیاحتی امکانات اور مقامی عوام کے ذریعۂ معاش کا جائزہ لے رہی ہیں۔
اس تحقیق میں سیاحتی سہولیات، بنیادی ڈھانچے، جاری ترقیاتی کاموں، وائلڈ لائف سینکچری کی حدود، ایکو سینسیٹیو زون (ESZ) اور ذخیرۂ آب سے متعلق قانونی پابندیوں کا بھی مطالعہ کیا جائے گا۔
اس موقع پر ضلع کلکٹر پراتیما سنگھ آئی اے ایس نے طالبہ کی اس تعلیمی و تحقیقی کوشش کی ستائش کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ طالبہ نے متعلقہ سرکاری محکموں سے معلومات، نقشہ جات اور ریکارڈ حاصل کرنے میں تعاون کی درخواست بھی کی۔
اس منصوبے کا مقصد پوچارم کی قدرتی خوبصورتی اور مقامی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے ماحول دوست سیاحت کو فروغ دینا اور مقامی عوام کی شمولیت سے پائیدار ترقی کا ایک بہتر تصور پیش کرنا ہے۔