علامہ اقبال کے یوم پیدائش 9؍نومبر کو عالمی یوم ِ اردو منانے کی اپیل : محمدیوسف رحیم میرؔ بیدری
بیدر۔ 30؍اکٹوبر (پریس نوٹ) اردواور دکنی زبان کے شاعر وادیب ، افسانچہ نگار وخاکہ نگار جناب محمدیوسف رحیم میرؔبیدری نے ایک پریس نوٹ جاری کرکے اردو اور دکنی زبان والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 9؍نومبر کو ’’عالمی یومِ اردو‘‘ منائیں۔ 9؍نومبر کو شاعرمشرق علامہ اقبال کایوم ِ پیدائش ہے۔ جناب یوسف رحیم کے مطابق ہرسال دنیا بھر میں 9؍نومبر کو عالمی یوم ِ اردومنایاجاتاہے ، اس تقریب میں علامہ اقبال کی زندگی اور ان کی شاعری پر روشنی ڈالنے سے بڑھ کر اہل اردو میں ’’اردو سے محبت‘‘ پید اکرنے کی سخت ضرورت ہے۔
جناب یوسف رحیم بیدری نے یہ بھی بتایاکہ مسلمانوں میں شخصیت پرستی حد سے زیادہ ہے لیکن خصوصاً اردو والوں میں لسانیات شاید ہی اہم موضوع رہاہو۔ جومسلمان بیری ہیں، نوائطی ہیں، کنڑی ، ملیالم اور ٹمل بولتے ہیں وہ اپنی اپنی زبانوں کو لے کر حساس ہیںلیکن اہل اردو کاتعلق فارسی ، عربی اور دکنی کے علاوہ خود اردو سے واجبی سے کم اور بوجھ کی طرح محسوس ہوتاہے۔ ریاستی زبانوں کے مسلمان البتہ اپنی علاقائی زبانوں سے محبت میں آگے نظر آتے ہیں جب کہ اردوبولنے لکھنے پڑھنے والوں کاتعلق خود ان کی اپنی مادری زبان اردو سے صاف طورپر ٹوٹ رہاہے۔
جناب بیدری نے ان افراد کومبارک بادپیش کی جو شب وروز اُردوزبان وادب کی ترقی وترویج میں لگے ہوئے ہیں جن میں غیرمسلم احباب بھی شامل ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم آنے والی نسلو ں کاتعلق اردوزبان اور اردو ادب وصحافت سے جوڑیں ۔ اس کے لئے 9؍نومبر کوعالمی یوم اردومنایاجائے۔ اردو اساتذہ اور اردو اسکول اس کی تیاریاں ابھی سے کریں ۔ مختلف نوعیت کی تقریبات ہوں اور طلبہ کو انعام واکرام سے نوازا جائے ۔اردو صحافیوں کی جانب سے بھی عالمی یوم ِ اردو منایاجاناچاہیے۔