از قلم: مفتی محمد عبدالحمید شاکر قاسمی
جامعہ عربیہ توپران ضلع میدک تلنگانہ
انسان جب اپنی اصل، اپنی حقیقت اور اپنے انجام کو فراموش کردیتا ہے تو اس کے دل کی زمین پر تکبر و نخوت، غرور و استکبار اور تفاخر و خودپسندی کے ایسے مہلک بت استوار ہونے لگتے ہیں جنہیں وہ اپنی عظمت، شرافت اور امتیاز کا مظہر سمجھ بیٹھتا ہے۔ کبھی اسے اپنے حسب و نسب کی رفعت کا زعم ہوتا ہے، کبھی خاندانی وجاہت کا خمار، کبھی برادری کی برتری کا نشہ، کبھی رنگ و نسل کا تفاخر، اور کبھی قبیلے و علاقے کی نسبت اس کے دل میں دوسروں کے لیے حقارت و استخفاف کا جذبہ پیدا کردیتی ہے۔ رفتہ رفتہ اس کی نگاہوں پر تعصب کی ایسی دبیز تہیں جم جاتی ہیں اور غیر محسوس ظلمت کا ڈیرہ پڑ جاتا ہے کہ اسے انسان کا کردار دکھائی نہیں دیتا، صرف اس کا خاندان نظر آتا ہے؛اس کا علم اس کی دینداری دکھائی نہیں دیتی، صرف اس کی ذات دکھائی دیتی ہے، صرف اس کا حسب و نسب دکھائی دیتا ہے۔
حالاں کہ حقیقت یہ ہے کہ جس خاک سے اس کا وجود تراشا گیا ہے، اسی خاک سے دوسرے انسانوں کا خمیر بھی اٹھا ہے؛ جس نطفے سے اس کی تخلیق ہوئی، اسی انسانی اصل سے دوسروں کی تخلیق بھی ہوئی، جس طرح خود کو تکلیف محسوس ہوتی ہے دوسروں کو بھی محسوس ہوتی ہے جس طرح خود کو کاٹا جائے خون نکلتا ہے ایسے ہی دوسروں کو بھی وہی چیز نکلتی ہے اور جس قبر کی تاریک آغوش میں اسے بالآخر اترنا ہے، وہاں آپ کو بھی اترنا ہے وہاں نہ حسب و نسب کی بلندی کام آئے گی، نہ خاندان کی وجاہت، نہ برادری کا تفاخر اور نہ نسل و قبیلے کا غرور۔ وہاں انسان اپنی تمام مصنوعی شناختوں سے بے نیاز، اپنے اعمال کے ساتھ اپنے رب کے حضور حاضر ہوگا۔
رسول اللہ ﷺ نے اسی حقیقت کو نہایت جامع اور فیصلہ کن انداز میں بیان فرمایا کہ تم سب آدم کی اولاد ہو اور آدم مٹی سے پیدا کیے گئے؛ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں، مگر تقویٰ سے۔ (مسند احمد)
اسلام کی آمد کا ایک عظیم مقصد انسانی معاشرے سے ان جاہلی امتیازات کا اختتام اور انسانیت کو ایک ایسے نظامِ اخوت سے آراستہ کرنا تھا جس میں فضیلت کا معیار خاندان و قبیلہ نہیں بلکہ تقویٰ و طہارت ہے ۔ چنانچہ قرآن مجید نے پوری انسانیت کو مخاطب کرکے اعلان فرمایا:یا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّا خَلَقْنَاكُم مِّنْ ذَكَرٍ وَأُنثَىٰ وَجَعَلْنَاكُمْ شُعُوبًا وَقَبَائِلَ لِتَعَارَفُوا ۚ إِنَّ أَكْرَمَكُمْ عِندَ اللَّهِ أَتْقَاكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَلِيمٌ خَبِيرٌ ۔ترجمہ: اے لوگو! ہم نے تمہیں ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا اور تمہیں مختلف قوموں اور قبیلوں میں بنایا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ بے شک اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ پرہیزگار ہے۔
اس آیت نے انسانی تفاخر کے تمام خود ساختہ پیمانوں کو منہدم کردیا۔ قومیں اور قبیلے شناخت کے لیے ہیں، برتری جتانے کے لیے نہیں۔ خاندان انسان کا تعارف تو ہوسکتا ہے، اس کی فضیلت کا ثبوت نہیں۔ مال و دولت، رنگ و نسل اور حسب و نسب دنیاوی امتیازات تو ہوسکتے ہیں، لیکن بارگاہِ الٰہی میں مقبولیت کا معیار صرف تقویٰ ہے۔
عصبیت دراصل اسی وقت جنم لیتی ہے جب انسان اپنے گروہ کی محبت میں حق و باطل کی تمیز کھو بیٹھتا ہے، اپنے خاندان کے ظالم کی حمایت کرتا ہے اور دوسرے خاندان کے حق دار کو اس کا محروم کردیتا ہے۔ اپنے خاندان سے محبت کرنا، اپنے وطن سے تعلق رکھنا اور اپنی زبان پر فخر کرنا بذاتِ خود ممنوع نہیں؛ لیکن جب یہی محبت دوسروں کی تحقیر، ناانصافی اور حق تلفی کا ذریعہ بن جائے تو یہی محبت مذموم عصبیت کی شکل اختیار کرلیتی ہے قرآن کریم نے ارشاد فرمایا:لَا يَسْخَرْ قَوْمٌ مِّن قَوْمٍ عَسَىٰ أَن يَكُونُوا خَيْرًا مِّنْهُمْ وَلَا تَنَابَزُوا بِالْأَلْقَابِ ۔ ترجمہ: کوئی قوم دوسری قوم کا مذاق نہ اڑائے، ممکن ہے وہ ان سے بہتر ہو، اور ایک دوسرے کو برے القاب سے نہ پکارو(الحجرات )
ذرا اپنے معاشرے کے ان مناظر پر غور کیجیے جہاں کسی شخص کو اس کی برادری کے نام سے پکار کر ذلیل کیا جاتا ہے، کہیں لَدّاف کہہ کر تحقیر کی جاتی ہے، کہیں نورباش جیسے نام کو تضحیک کا ذریعہ بنایا جاتا ہے، کہیں کسی خاندان کو اپنے ساتھ بیٹھنے کے لائق نہیں سمجھا جاتا، اور بعض مقامات پر تو قبرستان تک الگ کردیے گئے ہیں۔ کیا انسان مرنے کے بعد بھی اپنے نسب اور برادری کے حصار سے آزاد نہیں ہوسکتا؟ کیا قبر کی مٹی بھی انسانوں کے بنائے ہوئے طبقاتی امتیازات کی پابند ہوگی؟
افسوس کہ جس اسلام نے انسانی تکریم کا درس دیا، اسی کے ماننے والوں میں بعض جگہ ایسے رویے پیدا ہوگئے ہیں جو جاہلیت کی یاد تازہ کرتے ہیں۔ حالاں کہ اللہ تعالیٰ نے رنگوں اور زبانوں کے اختلاف کو اپنی قدرت کی نشانی قرار دیا ہے، چنانچہ ارشاد ہے:
وَاخْتِلَافُ أَلْسِنَتِكُمْ وَأَلْوَانِكُمْ ۚ إِنَّ فِي ذَٰلِكَ لَآيَاتٍ لِّلْعَالِمِينَ ترجمہ: اور تمہاری زبانوں اور تمہارے رنگوں کا اختلاف بھی اللہ کی نشانیوں میں سے ہے، بے شک اس میں علم والوں کے لیے نشانیاں ہیں(الروم) پھر یہ کیسی نادانی ہے کہ جس اختلاف کو خالقِ کائنات نے اپنی قدرت کی نشانی بنایا، اسی کو مخلوق نے باہمی نفرت اور تفریق کا سبب بنالیا۔
اسلام کا تصورِ مساوات محض کتابوں میں محفوظ کوئی فلسفہ نہیں، بلکہ نماز کی صفوں میں روزانہ عملی طور پر پیش کیا جانے والا ایک زندہ نظام ہے۔ وہاں امیر و غریب، حاکم و محکوم، خاندان والا اور بے خاندان، سب ایک ہی صف میں کھڑے ہوتے ہیں۔ کسی کے لیے الگ سجدہ گاہ نہیں، کسی کے لیے الگ قبلہ نہیں۔ سب کا رب ایک، سب کا قبلہ ایک اور سب کی بندگی ایک ہے۔ پھر مسجد سے باہر نکلتے ہی یہ امتیازات کیوں جاگ اٹھتے ہیں؟
اللہ تعالیٰ نے تو یہاں تک حکم دیا کہ کسی قوم کی دشمنی بھی تمہیں انصاف سے منحرف نہ کردے:وَلَا يَجْرِمَنَّكُمْ شَنَآنُ قَوْمٍ عَلَىٰ أَلَّا تَعْدِلُوا اعْدِلُوا هُوَ أَقْرَبُ لِلتَّقْوَىٰ۔
ترجمہ: کسی قوم کی دشمنی تمہیں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم انصاف نہ کرو۔ انصاف کرو، یہی تقویٰ سے زیادہ قریب ہے۔(المائدۃ)
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے ذہنوں سے جاہلیت کے ان زنگ آلود تصورات کو کھرچ کر نکالیں، اپنے معاشرتی رویوں کا محاسبہ کریں اور یہ سمجھیں کہ اللہ تعالیٰ کے یہاں کسی کی فضیلت اس کے خاندانی انتساب سے نہیں بلکہ اس کے اعمال و تقویٰ سے متعین ہوتی ہے۔
اور تعفن کی وہ تہیں بھی ہمارے ذہن میں ہونی چاہیے جنہیں رسول اللہ ﷺ نے اپنے فرامین سے بے نقاب فرمایا اور صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی زندگیوں میں ان کی اصلاح کے ایسے واقعات پیش آئے جو آج بھی ہمارے معاشرے کے لیے آئینہ ہیں۔
رسول اللہ ﷺ نے عصبیت کی جڑ کاٹتے ہوئے فرمایا کہ اپنے بھائی کی مدد کرو، خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم؛ اگر ظالم ہے تو اسے ظلم سے روک دو اور اگر مظلوم ہے تو اس کا ساتھ دو۔ (صحیح بخاری)ایک اور روایت میں ہے کہ جو شخص عصبیت کی دعوت دیتا ہے، عصبیت کے لیے لڑتا ہے یا عصبیت ہی پر مرتا ہے، وہ ہمارے طریقے پر نہیں (سنن ابی داؤد)ایک دوسری حدیث میں ہے کہ جو شخص کسی اندھی جماعتی حمایت کے جھنڈے تلے لڑتا ہے، اپنی قوم کی حمایت میں غضب ناک ہوتا ہے اور اسی حالت میں قتل ہوجاتا ہے، اس کی موت جاہلیت کی موت ہے۔ (صحیح مسلم)
ایک اور حدیث میں جاہلیت کے نام پر خاندانی اور نسبی تفاخر کرنے والے کو سخت تنبیہ کی گئی ہے اور آباؤ اجداد پر فخر کرنے سے منع فرمایا گیا ہے (سنن ابی داؤد)ایک اور حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ انسانوں کے ظاہری حسن و صورت اور مال و دولت کو نہیں بلکہ ان کے دلوں اور اعمال کو دیکھتے ہیں۔ (صحیح مسلم)ایک دوسری روایت میں ہے کہ جس شخص کو اس کا عمل پیچھے کردے، اس کا نسب اسے آگے نہیں بڑھا سکتا۔ (صحیح مسلم)ایک دوسری حدیث میں جاہلیت کی چار خصلتوں کا ذکر ہے، جن میں حسب و نسب پر فخر کرنا اور دوسروں کے نسب میں عیب نکالنا بھی شامل ہے۔ (صحیح مسلم)ایک حدیث میں ہے کہ کسی شخص کے دل میں ذرہ برابر تکبر ہو تو وہ جنت میں داخل نہیں ہوگا۔ جب اچھے کپڑے اور عمدہ جوتے پہننے کے بارے میں سوال کیا گیا تو آپ ﷺ نے واضح فرمایا کہ تکبر حق کو ٹھکرانے اور لوگوں کو حقیر سمجھنے کا نام ہے۔ (صحیح مسلم)
حضرت ابوذَر رضی اللہ عنہ کا واقعہ: ایک مرتبہ حضرت ابوذَر رضی اللہ عنہ نے ایک شخص کو اس کی ماں کی وجہ سے طعنہ دے دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تمہارے اندر ابھی جاہلیت کی خصلت موجود ہے(صحیح بخاری) اس واقعے نے واضح کردیا کہ کسی کو اس کی ماں یا خاندان کی وجہ سے ذلیل کرنا اسلامی اخلاق کے خلاف ہے۔
حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ نے غزوۂ خندق کے موقع پر انہوں نے خندق کھودنے کی تجویز پیش کی جسے رسول اللہ ﷺ نے قبول فرمایا۔ ایک غیر عرب شخص کی رائے کو قبول کرنا اسلامی معاشرے میں صلاحیت کی قدر و منزلت کی روشن مثال ہے۔
سفر غزوۂ بنی المصطلق کے دوران کنویں سے پانی بھرتے وقت ایک مہاجر اور ایک انصاری صحابی کے درمیان جھگڑا ہو گیا۔ معاملہ بڑھنے پر مہاجر نے مدد کے لیے اے مہاجرین کا نعرہ لگایا اور انصاری نے "اے انصار پکارا۔
جب رسول اللہ ﷺ کو اس شور کی خبر ملی تو آپ ﷺ نے سخت ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: "یہ جاہلیت کے نعرے کیسے ہیں؟ انہیں چھوڑ دو، یہ بہت گندی (بدبودار) بات ہےاور ﷺ نے فوراً لشکر کو سفر شروع کرنے کا حکم دیا، حالانکہ وہ آرام کا وقت تھا۔ آپ ﷺ مسلسل چلتے رہے یہاں تک کہ تھکاوٹ کی وجہ سے تمام لوگ سو گئے اور آپس کی رنجش اور فتنہ خود بخود ختم ہو گیا۔
یہ واقعات ہمیں بتاتے ہیں کہ اسلام نے کسی انسان کی عظمت کو اس کے رنگ، نسل، زبان یا خاندانی انتساب کا محتاج نہیں بنایا۔ جس معاشرے میں بلال رضی اللہ عنہ کو عزت ملتی ہو، سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کی رائے قبول کی جاتی ہو وہاں برادری کی بنیاد پر انسانوں کی تحقیر کی کوئی گنجائش نہیں رہتی۔
عصبیت کی بیماری صرف کتابوں اور تاریخ کے صفحات میں دفن نہیں ہوئی؛ اس نے ہمارے معاشرے میں نئے نام، نئے لباس اور نئے انداز اختیار کرلیے ہیں۔ کہیں یہ خاندانی برتری کے نام پر زندہ ہے، کہیں ذات اور برادری کے تفاخر میں، کہیں علاقائیت اور زبان کی بنیاد پر، اور کہیں ایسے حقارت آمیز القاب کی صورت میں جن سے انسان کی عزتِ نفس کو مجروح کیا جاتا ہے۔
افسوس کہ اس تعصب نے صرف مسلمانوں کے معاشرے کو متاثر نہیں کیا، بلکہ غیر مسلموں کے درمیان بھی مسلمانوں کے بارے میں یہ تاثر پھیل رہا ہے کہ اسلام مساوات کا درس دینے کے باوجود اس کے ماننے والے خود ذات پات اور برادری کی تقسیم میں مبتلا ہیں۔ یہ ہمارے لیے کتنی شرم کی بات ہے کہ جس دین نے رنگ، نسل اور خاندان کی بنیاد پر برتری کے تصور کو مٹایا، اسی دین کے نام لیوا اپنے معاشرے میں ذاتوں کی بنیاد پر اونچ نیچ قائم کریں۔ ہمیں سوچنا چاہیے کہ ہمارا یہ طرزِ عمل اسلام کی خوب صورت تعلیمات کا تعارف بن رہا ہے یا ان تعلیمات کے خلاف ایک بدصورت مثال پیش کررہا ہے؟
یہی تعصب نکاح کے معاملات میں بھی اپنا زہر گھولتا ہے۔ دینداری، اخلاق اور کردار کو نظر انداز کرکے صرف خاندان اور برادری کو معیار بنالیا جاتا ہے۔ بعض اوقات ایک اچھے کردار کے حامل انسان کو محض اس لیے قبول نہیں کیا جاتا کہ وہ کسی مخصوص خاندان سے تعلق نہیں رکھتا۔ حالاں کہ اسلام نے فضیلت کا معیار نسب نہیں، تقویٰ اور کردار قرار دیا ہے۔ اسی طرح کسی کے ساتھ کھانے، بیٹھنے اور میل جول رکھنے میں حقارت کا اظہار کرنا اس بات کی علامت ہے کہ زبان سے مساوات کا اقرار تو ہے، مگر دل ابھی جاہلیت کی زنجیروں میں گرفتار ہے۔
بعض اوقات عصبیت اپنی ظاہری شکل میں سامنے نہیں آتی، بلکہ نہایت خاموش اور پوشیدہ انداز میں دلوں میں جگہ بنالیتی ہے۔ کسی شخص کی صلاحیت کے باوجود اسے صرف اس کے خاندان کی وجہ سے موقع نہ دینا، اس کی کامیابی پر خوش ہونے کے بجائے جلنا، اس کے ساتھ کاروباری یا سماجی تعلق قائم کرنے سے گریز کرنا، یا مجلس میں اس کی موجودگی کو اپنی شان کے خلاف سمجھنا بھی اسی ذہنیت کی علامتیں ہیں۔ بعض لوگ زبان سے تو کہتے ہیں کہ ہم سب برابر ہیں، لیکن عملی زندگی میں ان کے فیصلے ذات، خاندان اور برادری کے تعصب سے متاثر ہوتے ہیں۔ یہی وہ پوشیدہ عصبیت ہے جسے پہچاننا اور ختم کرنا ضروری ہے۔
یہ بیماری صرف ذات اور برادری تک محدود نہیں رہتی؛ کبھی مذہبی جماعت، مسلک، زبان اور علاقے کی بنیاد پر بھی انسان حق و انصاف سے محروم ہوجاتا ہے اپنے ادارے سے اور اپنی جماعت سے اور اپنی تنظیم سے غلو والی محبت بھی عصبیت میں داخل ہے جو دوسری تنظیموں اور دوسری جماعتوں اور دوسری تحریکوں کی محنتوں اور کاوشوں اور ان کی جستجو کو بے حیثیت قرار دے دے اور اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈال کر دوسروں کی محنتوں کو بھی غیر ضروری اور بے سود قرار دے۔ اپنے گروہ کی ہر بات کو درست سمجھنا، اس کی غلطی پر پردہ ڈالنا اور دوسرے گروہ کی صحیح بات کو بھی محض مخالفت کی وجہ سے قبول نہ کرنا عصبیت کی ایک خطرناک صورت ہے۔
اس ذہنیت کے نتائج نہایت تباہ کن ہیں۔ معاشرے میں باہمی نفرت بڑھتی ہے، خاندان خاندان سے کٹ جاتا ہے، رشتے ٹوٹتے ہیں، مستحق افراد مواقع سے محروم رہتے ہیں اور باصلاحیت انسان صرف اپنی برادری کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔ مسلمانوں کے درمیان اتحاد کمزور ہوتا ہے، مسجدوں کی صفوں سے نکل کر وہی لوگ معاشرتی زندگی میں ایک دوسرے کے لیے دیواریں کھڑی کردیتے ہیں۔ یوں امت کی اجتماعی قوت منتشر ہوجاتی ہے اور دشمنوں کے سامنے ہماری کمزوری نمایاں ہوتی ہے۔
ہمیں یہ بھی سمجھنا چاہیے کہ اپنی قوم، خاندان، زبان اور وطن سے محبت بذاتِ خود عصبیت نہیں۔ انسان کا اپنے والدین، رشتہ داروں اور اہلِ وطن سے محبت رکھنا فطری بات ہے۔ خرابی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب یہ محبت اندھی حمایت بن جائے؛ جب اپنے آدمی کا ظلم بھی انصاف دکھائی دینے لگے، اپنے خاندان کی غلطی بھی درست محسوس ہو اور دوسرے خاندان کی خوبی بھی نظر نہ آئے۔اور کسی خاندان یا برادری کا نام لینا بذاتِ خود عیب نہیں؛ عیب اس نام کو طعنہ، گالی اور ذلت کا ذریعہ بنانا ہے۔ کسی انسان کی عزت اس کے خاندانی لقب سے نہیں، اس کے کردار اور تقویٰ سے متعین ہوتی ہے
اگر کسی کو ذات یا خاندان کی وجہ سے ذلیل کیا گیا ہو، اس کا حق دبایا گیا ہو یا اسے معاشرتی تعلقات سے محروم رکھا گیا ہو تو اس کے ساتھ عزت و احترام کا معاملہ کرنا چاہیے۔ صرف تقریروں میں مساوات کا اعلان کافی نہیں؛ مساوات کا ثبوت ہمارے روزمرہ کے رویوں، فیصلوں اور معاملات میں نظر آنا چاہیے۔
یاد رکھیے! معاشرے قوموں کے نام سے نہیں، انصاف کے قیام سے مضبوط ہوتے ہیں۔ خاندان کی عزت دوسروں کو ذلیل کرنے میں نہیں، اپنے کردار کو بلند کرنے میں ہے۔ جس دن ہم کسی انسان کو اس کے حسب و نسب کے بجائے اس کے اخلاق، دینداری اور کردار سے پہچاننا شروع کردیں گے، اسی دن ہمارے معاشرے سے عصبیت کا تعفن کم ہونا شروع ہوگا۔
آخر میں اپنے دل سے ایک سوال کیجیے: اگر قیامت کے دن ہماری برادری، ہمارا خاندان اور ہمارا قبیلہ ہمارے کسی ظلم کی ذمہ داری قبول نہیں کرے گا، تو ہم دنیا میں ان کے نام پر دوسروں کے حقوق کیوں پامال کررہے ہیں؟ وہاں نہ خاندانی تفاخر کام آئے گا، نہ برادری کا غرور؛ وہاں تو اعمال کا حساب ہوگا۔ اس لیے ابھی وقت ہے کہ ہم جاہلیت کی ان دیواروں کو گرا دیں، انسان کو انسان سمجھیں، مسلمان کو مسلمان کا بھائی بنائیں اور اپنی نسلوں کو نفرت کی میراث کے بجائے اخوت، عدل اور تقویٰ کی دولت دے کر جائیں۔ یہی ہماری ذمہ داری ہے اور یہی عصبیت کے تعفن کا حقیقی علاج ہے۔
ہم دوسروں کی عصبیت پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ اپنے گھروں سے ذات پات کی نفرت ختم کریں، اپنی نسلوں کو برتری و کمتری کے بجائے تقویٰ و کردار کا سبق دیں، مظلوم کا ساتھ دیں خواہ وہ کسی بھی خاندان سے ہو، اور اپنے عزیز کو ظلم سے روکیں خواہ وہ ہمارا اپنا ہی کیوں نہ ہو۔
آخر یہ کیسی دینداری ہے کہ مسجد میں ہم ایک صف میں کھڑے ہوں، مگر معاشرے میں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہ ہوں؟ سجدے میں سب کے ماتھے ایک ہی زمین پر جھکیں، مگر دلوں میں ذات و برادری کے غرور بلند رہیں؟
یاد رکھیے! قبر میں نہ ہماری ذات ساتھ جائے گی، برادری کا غرور، نہ خاندان کا تفاخر؛ ساتھ جائیں گے تو ہمارے اعمال۔ لہٰذا اس سے پہلے کہ موت ہماری تمام شناختیں مٹا دے، ہم خود ان مصنوعی دیواروں کو گرا دیں۔ کیونکہ جو انسان کو انسان سمجھنا بھول جائے، وہ اخوت کا دعوے دار تو ہوسکتا ہے، مگر اخوت کا حق ادا نہیں کرسکتا۔
عصبیت کو مٹانا صرف ایک معاشرتی اصلاح نہیں، بلکہ اپنے ایمان، اپنے کردار اور اپنی امت کی عزت کی حفاظت ہے۔