اجیت ڈوبھال کو امریکی عدالت کا سمن کیا گل کھلائے گا؟

اجیت ڈوبھال کو امریکی عدالت کا سمن   کیا گل کھلائے گا؟

اجیت ڈوبھال کو امریکی عدالت کا سمن کیا گل کھلائے گا؟

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

چین کے اندر منعقدہ ٹرمپ ، جن پنگ اور پوتن کی براہِ راست ملاقات نے اچانک عالمی منظر نامہ بدل دیا ہے۔ چین خلاف ہندوستان کو استعمال کرنے کی ضرورت امریکہ کو مودی جی کی نازبرداری پر مجبور کرتی تھی لیکن اب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی صدر سے ٹکراو کی حکمت عملی چھوڑ کر گفت و شنید سے مسائل حل کرنے فیصلہ کرلیا ہے ۔ اس لیے امریکہ کے نزدیک اب عالمی شطرنج کی بساط پر ہندوستان کی حیثیت وزیر سے گھٹ کر پیادے کی سی ہوگئی ۔ اس تناظر میں خالصتان کے حامی علٰیحدگی پسند وکیل گروپتونت سنگھ پنوں نےنیو یارک کورٹ میں این ایس اےاجیت ڈوبھال اور را کے سابق سربراہ سامنت گوئل کو سمن بھیجنے کی اجازت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اس کام کی خاطر دہلی کی تین عدالتوں پٹیالہ ہاؤس کورٹ کمپلیکس، دوارکا کورٹ کمپلیکس اور تیس ہزاری کورٹ کمپلیکس کی نشاندہی کی ہے تاکہ امریکی عدالت نے ان عدالتوں کے توسط سے دونوں افسران کو سمن بھیج سکے ۔وہ عوصۂ دراز سے ہندوستانی عدالتوں کے ذریعہ قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال اور ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را) کے سابق سربراہ سامنت گوئل کو سمن بھیجنے کی اجازت چاہتا تھا ۔ اس مقصد میں اسے بالآخر کامیابی مل گئی ۔
نکھل گپتا نامی تاجر کی چیک میں گرفتاری کے بعد جو پنڈورا بکس کھلا یہ بھی اسی بوتل کے اندر سے نکل کر آنے والا ایک جن ہے۔ فی الحال گپتا جی کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ جاری ہے ۔امریکی استغاثہ نے گپتا پر یہ اضافی الزام بھی لگادیا ہے کہ انہوں نے ہندوستان کی بیرونی خفیہ ایجنسی را کے ایک سابق افسر کی ہدایت پر پنوں کے قتل کے لیے ایک قاتل کی خدمات حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ یہ دوسری فردجرم میں را کے سابق ایجنٹ وکاس یادو کو اس سازش کا مبینہ ماسٹر مائنڈ قرار دینے کے لیے اکتوبر 2024 میں منظرِ عام پر لائی گئی تھی ۔ اس کا سب سے خطرناک پہلو یہ ہے کہ نکھل گپتا نے قتل کے لیے سپاری دینے کی سازش سے متعلق اس پر لگنے والے تینوں الزامات کا اعتراف کر لیا تھا اور اب 20 نومبر کے دن سزا کا منتظر ہے۔ اس منصوبے پر چونکہ عمل درآمد نہیں ہوسکا اور گروپتونت زندہ و تابندہ ہے اس لیے شاید نکھل گپتا کو امید ہوگی کہ اس کو بڑی سزا نہیں ملے گی اور وہ چند سال جیل میں گزار کر گھر لوٹ آئے گا۔ امریکہ کے اندرڈھائی سال کے اندر فیصلہ ہونے جارہا جبکہ ہندوستان میں تو کئی سالوں تک نہ فردِ جرم داخل ہوتی ہے اور نہ مقدمہ شروع ہوتا ہے ۔ اس کا ایک ثبوت شرجیل امام ہے جسے ابھی ایک دن قبل امریکہ میں مذہبی آزادی کے تحفظ والے ادارے یو ایس آر آئی سی مذہبی بنیادوں پر ستائے جانے والوں کی فہرست میں شامل کرکے ہمارے عدلیہ کو شرمندہ کردیا۔ ایک طرف اپنے لوگوں کے حقوق پامال کرنا اور پھر وشو گرو بننے کے خواب دیکھنا دراصل مونگیری لال کے حسین سپنے نہیں تو کیا ہے؟
اجیت ڈوبھال کے خلاف امریکی عدالت کے مذکورہ بالا فیصلے پر حکومت ہند نے واضح طور پر کہا ہے کہ ہندوستان میں سمن بھیجنے کے لیے وزارت قانون کے ذریعے کارروائی کے سوا کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے ۔ اس بابت وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ’ہم اپنے سینئر افسران پر کیے جانے والے من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی حملوں کو مسترد کرتے ہیں۔ اسی طرح ہم ان بے بنیاد مقدمات کو بھی مسترد کرتے ہیں۔ ہندوستان میں عدالتی دستاویزبھیجنے کی درخواست صرف ہندوستان کی مقررہ مرکزی اتھارٹی، یعنی وزارت قانون و انصاف کے ذریعے ہی بھیجی جا سکتی ہے‘‘۔ ہندوستان کے وزارت خارجہ کو یہ ٖغلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ امریکی اس ضابطے کو نہیں جانتے ۔ انہوں نے اس کا پاس و لحاظ رکھا ہے۔ امریکہ کی عدالت کو اس کا علم ہے اسی لیے اس نے یہ سفارتی نوٹ فارن سوورین امیونٹیز ایکٹ (ایف ایس آئی اے) کی دفعہ 1608(اے)(4)کے تحت ہندوستانی سفارت خانے کو بھیجا اور درخواست کی کہ سمن اور شکایت متعلقہ ہندوستانی اتھارٹی تک پہنچائی جائے۔اس نوٹ میں حکومت ہند پر یہ واضح کردیا گیا کہ شکایت بھیجے جانے کے 60 دن کی مدت میں فریق مخالف کو اپنا جواب دینا ہوگا۔ ساتھ ہی خبردار کیا گیا تھا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں اس کے خلاف یکطرفہ فیصلہ سنایا جا سکتا ہے ۔ اس صورت میں اسے اپنا موقف پیش کرنے یا ثبوت فراہم کرنے کا موقع بھی نہیں مل سکے گا۔
امسال 9نومبر کے ایک حکمنامہ میں نیویارک کے جنوبی ضلع کی امریکی ضلع عدالت کی جج کیتھرین پولک فیلا نے پنوں کی اس درخواست کو منظور کر لیا تھا جس میں انہوں نے اجیت ڈوبھال اور سامنت گوئل کے خلاف امریکی عدلیہ کے توسط سے ان ہندوستانی عدالتوں کو سمن بھیجنے کی اجازت مانگی تھی، جن کے دائرہ اختیار میں ان دونوں افسران کی رہائش گاہ آتی ہے۔ اس فیصلے سے قبل امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے 20؍ اکتوبر کے دن عدالت کو خط لکھ کر یہ جانکاری دی تھی ۔ اس کے تین ہفتے بعدیہ فیصلہ آیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے ’حکومت ہند‘ کے خلاف مقدمے سے متعلق دستاویز بھیج دیئے ہیں۔ محکمہ خارجہ نے بتایا تھا کہ یہ دستاویز 30 ستمبر کو دستخط شدہ ایک سفارتی نوٹ کے ساتھ واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کو بھیجے گئے تھے ۔ ستمبر 2024 میں دائر کیے جانے والے اس دیوانی مقدمہ میں حکومت ہند، اجیت ڈوبھال، سامنت گوئل، را کے سابق افسر ’وکرم‘ یادو، نکھل گپتا اور 50 نامعلوم لوگوں کو فریق بنایا گیا ہے۔گرو پتونت پنوں نے ان سب پر الزام لگایا ہے کہ فریق مخالف نے نیویارک میں واقع ان کے گھر پر انہیں قتل کرنے کی سازش رچی تھی۔ ان کے مطابق، یہ سازش ایک آزاد سکھ ریاست کے مطالبے کے سلسلے میں ان کی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی تھی۔
ا جیت ڈوبھال اور گوئل کو شخصی طور پر سمن بھیجنے کی خاطر مذکورہ جج نے پنوں کی دلیل کو بین الاقوامی ہیگ کنونشن کے آرٹیکل 19 کے تحت تسلیم کیا ہے۔ اس کے مطابق ہندوستان کا گھریلو قانون براہِ راست تو سمن بھیجنے کی اجازت نہیں دیتا مگر ہندوستانی عدالتی نظام کے ذریعے سمن بھیجے جا سکتے ہیں۔ آرٹیکل 19 کے تحت اس کنونشن کے رکن ممالک کو اپنے گھریلو قوانین کے مطابق غیر ملکی عدالتی دستاویز کی اپنے ملک میں تعمیل کرانے کے ایسے طریقے اختیار کرنے کی اجازت ہے، جن کا کنونشن میں واضح طور پر ذکر نہیں کیا گیا ہے۔ اس طرح عالمی قوانین کا سہارا لیا جارہا ہے۔ عدالت نے ہندوستان کے کوڈ آف سول پروسیجر (سی پی سی) کی دفعہ 29(سی)کا حوالہ دیا ہے۔ یہ دفعہ غیر ملکی دیوانی عدالتوں کی جانب سے جاری کیے گئے سمن ہندوستانی عدالتوں کو بھیجنے اور ان کی اسی طرح تعمیل کرانے کی اجازت دیتی ہے، جس طرح یہ خود ہندوستانی عدالتوں نے جاری کیے ہوں۔ یعنی یہ کام بے ضابطہ نہیں ہے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کو اپنا غیر ذمہ دارانہ بیان دینے سے قبل ہوم ورک نہیں کیا ورنہ اسے پتہ چلتا کہ امریکی عدالت نے جنوری 2009 میں حکومت ہند کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں یہ تسلیم کیا گیا تھا کہ دفعہ 29 کا اطلاق ہیگ کنونشن کے تمام رکن ممالک کی دیوانی عدالتوں پر ہوگا۔اس کا طریقہ کار سی پی سی کے آرڈر 5، دفعہ 21 میں بیان کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ایک عدالت کسی دوسری ایسی عدالت کو سمن بھیج سکتی ہے، جس کے دائرہ اختیار میں فریق مخالف کی رہائش گاہ آتی ہو۔ اسی لیے پنوں نے دہلی کی تین ایسی عدالتوں کی نشاندہی کی ، جہاں ڈوبھال اور گوئل کے خلاف سمن بھیجے جا سکتے ہیں۔ پنوں کو یہ کامیابی آسانی سے نہیں ملی بلکہ اس کی قانونی ٹیم نے متعدد ناکامیوں کے بعد یہ حاصل کرسکی۔ ان لوگوں نے ڈوبھال کے سرکاری امریکی دوروں کے دوران بھی انہیں ذاتی طور پر سمن سونپنے کی تین بار کوشش کی تھی لیکن ان کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے انہیں روک دیا تھا۔ذاتی طور پر ناکام ہوجانے کے بعد ان لوگوں نے ہیگ کنونشن کا رخ کیا۔ اس کے تحت بیرون ملک عدالتی سمن بھیجنے کی گنجائش تو ہے مگر درخواستوں پر کارروائی کے لیے وزارت قانون و انصاف کے ذریعہ ہی ہندوستان میں کام ہوسکتا ہے۔ 9؍نومبر کو ہونے والے فیصلے کے تحت پنوں کو 30 نومبر تک عدالت میں دستاویز کا ایک مجوزہ پیکٹ جمع کرانا ہوگا۔ اس میں ڈوبھال اور گوئل کے سمن کی کاپیاں، سمن بھیجنے کے طریقہ کار سے متعلق مجوزہ حکم، ان ہندوستانی قانونی دفعات کی تفصیلات سمیت ہیگ کنونشن کے تحت پہلے کی گئی کوششوں سے متعلق دستاویز شامل ہوں گی۔عدالت کی منظوری کے بعد یہ پورا پیکٹ پنوں کی جانب سے بتائی گئی تینوں ہندوستانی عدالتوں کو بھیجے جائیں گے۔ ہم اپنے ملک کے اندر اصول و ضابطے کی پامالی کرکے بچ سکتے ہیں مگر بین لاقوامی معاملات میں تھوڑا بہت احتیاط ضروری ہے ورنہ دنیا مذاق اڑاتی ہے ۔یہ سمن مودی سرکار کے لیے بڑا دھرم سنکٹ بن جائے گا اور کیا گل کھلائے گا یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے