Breaking

قرآن کریم کو دستورِ زندگی بناکر صالح اجتماعیت کے ساتھ آگے بڑھنے کی نوجوانوں کو تلقین

قرآن کریم کو دستورِ زندگی بناکر صالح اجتماعیت کے ساتھ آگے بڑھنے کی نوجوانوں کو تلقین

قرآن کریم کو دستورِ زندگی بناکر صالح اجتماعیت کے ساتھ آگے بڑھنے کی نوجوانوں کو تلقین
نوجوان اپنی ذات کی اصلاح، دینی شعور اور عملی جدوجہد کے ذریعے معاشرے اور ملک کی تعمیر میں قائدانہ کردار ادا کریں
آئی وائی ایم تلنگانہ کی ریاستی یوتھ کانفرنس سے نائب امیر جماعت اسلامی ہند،جناب ایس امین الحسن،امیر حلقہ محمد اظہر الدین و دیگر کے خطابات

—————–

حیدرآباد، 22 نومبر 2026ء : نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور معاشرتی تبدیلی کا مؤثر ذریعہ ہوتے ہیں۔ انہیں اپنی صلاحیتوں، علم، دینی شعور اور اخلاق و کردار کو پروان چڑھاتے ہوئے نہ صرف اپنی ذات اور خاندان کی اصلاح پر توجہ دینی چاہیے بلکہ معاشرے کی تعمیر، سماجی برائیوں کے خاتمے اور ملک کی ترقی میں بھی قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔ قرآن مجید کو دستورِ زندگی، اسلامی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کی بنیاد اور انسانیت کی خدمت کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے نوجوان ایک صالح اور بہتر معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئیڈیل یوتھ موومنٹ (آئی وائی ایم) تلنگانہ کے زیرِ اہتمام اتوار کو جامعہ دارالہدیٰ، وادی ہدیٰ گراؤنڈ، پہاڑی شریف روڈ، حیدرآباد میں منعقدہ ایک روزہ ریاستی یوتھ کانفرنس سے مقررین نے کیا۔”تبدیلی: اپنی ذات کو بدلو، سماج کی خدمت کرو اور ملک کی تعمیر میں حصہ لو“ کے مرکزی موضوع پر منعقدہ اس کانفرنس میں حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیرجماعت اسلامی ہنداورآئی وائی ایم کے قومی سرپرست جناب ایس امین الحسن نے کہا کہ معاشرے میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لانے کے لیے سب سے پہلے فرد کو اپنی ذات، سوچ، کردار اور طرزِ زندگی میں تبدیلی پیدا کرنی ہوگی، جب انسان اپنی اصلاح اور خود احتسابی کا عمل شروع کرتا ہے تو اس کے اثرات خاندان اور پھر پورے معاشرے تک پہنچتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ سب سے پہلے اپنی شخصیت اور کردار کو سنواریں، اپنے گھروں میں مثبت تبدیلی لائیں اور اس کے بعد معاشرے کی اصلاح کے لیے عزم و حوصلے اور اخلاص کے ساتھ عملی جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر داعی کو خود نماز اور روزے کا پابند ہونا چاہیے۔ آئی وائی ایم کے ہر رکن کو اپنے قول و عمل اور اخلاق کے ذریعے اپنے محلے اور بستی میں ایک مثالی شخصیت بننا چاہیے۔ اس ضمن میں انہوں نے حضرت یوسف علیہ السلام کے پاکیزہ کردار کی مثال بھی پیش کی۔سابق صدر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) اور رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند، مہاراشٹر جناب محمد اظہر الدین نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور تاریخ کا رخ بدلنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے دور کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کہ قوموں اور معاشروں کی تعمیر کے لیے مال و دولت سے بڑھ کر باصلاحیت، باکردار نوجوانوں کی ضرورت ہوتی ہے۔انہوں نے حضرت زبیر بن عوام، حضرت سعد بن ابی وقاص اور حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہم سمیت نوجوان صحابہ کرامؓ کی زندگیوں اور خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان صحابہ اکرامؓنے اپنی صلاحیتوں، علم، شجاعت اور غیر معمولی جذبہ عمل سے اسلامی تاریخ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس بات کی بھی مثال پیش کی کہ کس طرح صحابہ کرام نے عبرانی اور سریانی جیسی زبانیں سیکھ کر اسلام کی خدمت کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے زمانے کے تقاضوں کو سمجھیں اور علم و مہارت کے مختلف میدانوں میں آگے بڑھیں۔کانفرنس کے صدارتی خطاب میں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، حلقہ تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین نے نوجوانوں کو قرآن مجید سے مضبوط وابستگی، صالح اجتماعیت اور عملی دینی جدوجہد کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں سے نوجوان اس کانفرنس میں جمع ہوئے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ قرآن کو اپنا دستور اور زندگی کا لائحہ عمل بنائیں، قرآن کو لے کر اٹھیں اور اس کی تعلیمات کے مطابق اپنی ذات اور معاشرے میں تبدیلی پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا ایک ایسے پیغام کی متلاشی ہے جو ہمارے پاس موجود ہے، لیکن افسوس کہ ہم خود غفلت اور غیر ضروری مصروفیات کا شکار ہیں۔ آئی وائی ایم کے نوجوان اپنی اپنی بستیوں اور آبادیوں میں اسلام کے ترجمان بنیں اور اپنے کردار و عمل سے اس کی حقیقی تعلیمات کا تعارف کرائیں۔ مساجد سے نوجوانوں کی دوری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مساجد ویران اور چبوترے آباد ہیں، مسلم نوجوانوں کو اس صورت حال میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔آئی وائی ایم تلنگانہ کے ذمہ داربرادر محمد معاذ نے اپنے خطاب میں نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کردار کو مثالی بناتے ہوئے معاشرے میں پھیلی ہوئی شراب نوشی، زنا، فحاشی، بے راہ روی اور دیگر منشیات جیسی برائیوں کے خاتمے کے لیے کام کریں اور قوم و ملت میں اسلامی اصولوں کی روشنی میں شعور بیدار کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک اور معاشرے میں قائدانہ کردار ادا کریں، سماج سے نفرت، تعصب اور فرقہ وارانہ تفریق کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔ اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بنائیں اور ایک باشعور و ذمہ دار شہری کی حیثیت سے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔کانفرنس کے چیف آرگنائزر جناب سید فخرالدین علی احمد نے ”نیت سے عمل تک“ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کو اپنی نیتوں کو درست رکھتے ہوئے انہیں عملی جدوجہد میں تبدیل کرنے کی ترغیب دی۔ نیشنل یوتھ کوآرڈینیٹر جناب مسیح الزماں نے ”ہمیں ایک متحرک یوتھ آرگنائزیشن کی ضرورت کیوں ہے؟“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کی تنظیمی تربیت، اجتماعیت اور منظم جدوجہد کی اہمیت واضح کی۔ جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند،حلقہ تلنگانہ جناب محمد نصیرالدین نے نوجوانوں کو اصلاحِ ذات، دینی احکام کی پابندی، نیکیوں کے فروغ اور منکرات کے ازالے کے لیے سرگرم کردار ادا کرنے کا عہد دلایا۔جناب زین الپاشاہ، ناظم شہر کھمم نے تلگو زبان میں خطاب کیا اور نوجوانوں کے کردار اور سماجی ذمہ داریوں پر اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر جناب محمد اسحاق (ظہیرآباد)، اسٹیٹ ورکنگ کمیٹی ممبر آئی وائی ایم تلنگانہ نے ریاست کے مختلف اضلاع اور شہروں کی کمیٹیوں کے ذمہ داران کا تعارف پیش کیا۔کانفرنس کا آغاز جناب محمد ریاض الدین (سنگاریڈی) کے درسِ قرآن سے ہوا۔ جناب عبدالمجیب صہیب، سابق زیڈ اے سی ممبر ایس آئی او تلنگانہ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنوں میں مقررین کے خطابات کے علاوہ جناب محمد نقیب الحق اور دیگر نوجوانوں نے ترانے پیش کئے۔اس موقع پر حافظ محمد رشاد الدین،جناب صادق احمد(معاونین امیرحلقہ تلنگانہ)،جناب ایم این بیگ زاہد،مولانا عبدالرقیب حامد لطیفی،جناب عبد المجید شعیب کے بشمول اراکین شوری جماعت اسلامی ہند تلنگانہ،ناظم شہر ڈاکٹر محمد مبشر احمد،نظمائے ضلع،امرائے مقامی کے علاوہ کثیر تعداد میں نوجوا ن شریک تھے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے