جمعہ نامہ:باطل دوئی پسند ہے حق لا شریک ہے

جمعہ نامہ:باطل دوئی پسند ہے حق لا شریک ہے

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

ارشادِ ربانی ہے:’’ بے شک آپ کا رب اس شخص کو خوب جانتا ہے جو اس کی راہ سے بھٹک گیا ہے، اور وہ ان سے بھی واقف ہے جو ہدایت یافتہ ہیں‘‘۔ کائناتِ ہستی میں انسانوں کی بنیادی طور دو ہی اقسام پائی جاتی ہیں۔ ایک تو خود اپنی مرضی سے گمراہ ہو کر دنیا و آخرت میں خسارہ اٹھانے والے اور دوسرے راہِ ہدایت کا انتخاب کرکے فلاح و نجات کے حقدار بننے والے ۔ ان دونوں کے باہمی تعلقات کی مختلف جہتیں ہیں۔ ان میں سے ایک کی بابت ہدایتِ الٰہی ہے کہ :’’ آپ جھٹلانے والوں کی بات نہ مانیں‘‘۔ اس تلقین کا اطلاق اسی وقت ہوگا کہ جب کوئی یوگی ادیتیہ ناتھ جیسا باطل پرست بزورِ قوت اپنی بات منوانے پر تُل جائے۔ ایسے میں اگر منکرین حق اہل ایمان پر اپنی مرضی تھوپنے کی کوشش کریں تو ان کے دباو میں آنے سے انکار کردینا چاہیے ۔ باطل کا مزاج یہ ہے کہ جب وہ اپنی براہِ راست کوشش میں ناکام ہوجاتا ہے تو بالواسطہ زور آزمائی کرتا ہے۔ وہ اپنی عیاری و مکاری سے درمیان کا راستہ نکالنے کی سعی کرتا کرتاہے۔ارشادِ قرآنی ہے :’’ وہ چاہتے ہیں کہ (دین کے معاملے میں) آپ (بے جا) نرمی اِختیار کر لیں تو وہ بھی نرم پڑ جائیں گے‘‘ یعنی معبودانِ باطل سے مداہنت کی صورت میں وہ بھی اپنی باطل پرستی میں ڈھیلے ہوجائیں گے لیکن یہ خوشامد انہ رویہ حکمت، تبلیغ اور کار نبوت کے لئے نقصان دہ ہےکیونکہ؎

باطل دوئی پسند ہے حق لا شریک ہے
شرکت میانہ حق و باطل نہ کر قبول

باطل قوتیں مخالفت میں کمی کوگمراہیوں کی رعایت یا دین حنیف میں ترمیم و مصالحت سے مشروط کرنے کی کوشش کرتی ہیں ۔ اہل اسلام کو اس کا انکار کردینا چاہیے ۔ کفار و فجار کے ساتھ ایسی سودے بازی کرلینا کہ ہم تمہیں کچھ نہیں کہتے تم ہمیں کچھ نہ کہو مداہنت فی الدین کے زمرے میں آنے کے سبب حرام ہے۔ مفسرین کے نزدیک بلا کسی اضطرار و مجبوری ایسا معاہدہ جائز نہیں ہے۔ مذکورہ بالا آیات میں جس شخص کا ذکر کیا گیا ہے کتب تفسیر کے اندر اس حوالے سے مرادلید بن مغیرہ مخزومی، اخنس بن شریق اور اسود بن یغوث کے نام آتے ہیں مگر اس طرح کے لوگ ہر زمانے میں پائے جاتے ہیں۔ عالمی سطح پر ٹرمپ اور نیتین یاہو اس کی بڑی مثالیں ہیں اور قومی سطح پر مودی اور یوگی ذریت اس کے نمونے ہیں۔ نبیٔ کریم ﷺ سے کافروں کا مطالبہ یہ تھا کہ آپ ہمارے بتوں کو برا کہنا چھوڑ دیں۔ آپ ﷺ معاذ اللہ ان کے بتوں کو کوئی گالیاں تو نہیں دیتے تھے بلکہ صرف یہ کہتے تھے کہ یہ من گھڑت بت بے اختیار ہیں۔ وہ نہ کسی کا کچھ بگاڑ سکتے ہیں اور نہ سنوار سکتے ہیں۔ ان کے تصرف و اختیار میں کچھ بھی نہیں ہے۔

عربوں کے بت پرست معاشرے میں چونکہ مدتوں سے یہ غلط عقیدہ عوام و خواص کے قلب و ذہن میں رچ بس گیا تھا لہذا وہ دعوت حق کو اپنی، آباؤ اجداد اور اپنے ان بتوں کی توہین سمجھتے تھے اور آپ ﷺ کو نہ صرف منع کرتے بلکہ طرح طرح کی اذیت رسانی بھی کرتے تھے۔ اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ حق و باطل میں سمجھوتہ ممکن نہیں ہے اور اگر بفرض محال مصالحت ہو جائے تب بھی بے فائدہ ہوگی اس لیے : ’’ آپ ایسے شخص کی بات نہ مانیں‘‘کیونکہ ان کی صفات یہ ہیں کہ :’’وہ بہت قَسمیں کھانے والا اِنتہائی ذلیل ہے۔(وہ) طعنہ زَن اور عیب جُو لوگوں میں فساد انگیزی کے لئے چغل خوری کرتا پھرتا ہے۔ بھلائی کے کام سے بہت روکنے والا بخیل، حد سے بڑھنے والا سرکش (اور) سخت گنہگار ہے۔ (وہ) بد مزاج نہ صرف درُشت خو بلکہ بد اَصل (بھی) ہے‘‘۔ یعنی یہ جھوٹے لوگ اپنی کسی بات پر قائم نہیں رہتے ۔ ان کا اصل مقصد آیات الٰہی کو جھٹلانے کے سوا کچھ اور نہیں ہے۔ عصرِ حاضر کے مخالفین اسلام میں بھی یہ رذائل اخلاق صاف نظر آتے ہیں اور سیاستدانوں میں تو کوٹ کوٹ کر بھرے ہوئے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ اگردین اسلام کی تبلیغی سرگرمیاں بند ہوجائیں وہ بھی ایذا رسانی کم کردیں گے۔ اس مقصد کے حصول کی خاطر تبدیلیٔ مذہب کے خلاف قوانین بنائے جاتے ہیں اور داعیان ِ اسلام کو گرفتار کرکے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

باطل حکومتیں تین طلاق جیسے قوانین نافذ کرکے شریعت میں مداخلت بلکہ ترمیم و تنسیخ کی خواہش مند ہوتی ہیں ۔انہیں انفرادی زندگی میں تو اتباعِ دین منظور ہے مگر زندگی کےتمام شعبۂ حیات مثلاً عقائد ، معیشت اور معاشرت و حکومت وغیرہ میں اللہ تبارک و تعالیٰ کے احکامات کی تنفیذ پر اعتراض ہوتا ہے ۔ انہیں مسلمانوں کا نماز روزہ قابلِ قبول ہے مگراجتماعی زندگی میں دین کا عمل دخل برداشت نہیں ہے۔ یہاں تبلیغ و دعوت کے لیے لب و لہجے کی نرمی سے منع نہیں کیا گیا بلکہ اصول و نظریات میں مداہنت سے روکا گیا ہے۔ رسول اکرم (ﷺ) کے خلق عظیم پر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کفار کو نرم کرنے کے لیے اپنے موقف اور عقیدے میں نرمی کی جائے بلکہ وہ اللہ کا حکم بھی ہے لیکن اس خاطر مدارات کا مداہنت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

نبی ٔ کریم ﷺ کو تبلیغ دین سے روکنے یا مصالحت پر آمادہ کرنے کے لیے کفار مکہ کا ایک وفد حضرت ابوطالب کے پاس آیا تو انہوں نےنبیٔ کریم ﷺ سے کہا کہ یہ آپ کے چچازاد ہیں اور شکایت کر رہے ہیں کہ آپ ؐ ان کو ان کی مجلس میں اور ان کی مسجد میں انہیں تکلیف دیتے ہیں ۔ اس لیے آپ ان کو ایذاء دینے سے باز رہیں یہ سن کر آپ ﷺ نے صاف اعلان کردیا کہ ’’ اے چچا اگر یہ لوگ میرے دائیں ہاتھ پر سورج اور بائیں ہاتھ پر چاند لا کر رکھ دیں کہ میں اس دعوت کو چھوڑ دوتو بھی میں اسے نہیں چھوڑوں گا۔ ‘‘ اس پرحضرت ابو طالب نے کہا میرے بھائی کے بیٹے نے غلط نہیں کہا لہذا تم جا سکتے ہو۔سیرت کا یہ پہلو اس ارشادِ فرقانی کی عملی تفسیر ہے کہ :’’محمدؐ اللہ کے رسول ہیں، اور جو لوگ ان کے ساتھ ہیں وہ کفار پر سخت اور آپس میں رحیم ہیں ۰۰۰‘‘ علامہ اقبال نے اس آیت کی کیا خوب ترجمانی فرمائی ہے؎
ہو حلقۂ یاراں تو بریشم کی طرح نرم
رزمِ حق و باطل ہو تو فولاد ہے مومن

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے