پوار خاندان اور امیت شاہ سے ملاقات

پوار خاندان اور امیت شاہ سے ملاقات

پوار خاندان اور امیت شاہ سے ملاقات

ازقلم:شیخ سلیم،ممبئی

مہاراشٹر میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کیا شرد پوار بی جے پی سے کسی سمجھوتے کی طرف بڑھ رہے ہیں؟ نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ مودی، امیت شاہ اور شرد پوار کے درمیان بیک چینل مذاکرات ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی نے پہلے سپریا سولے کو اہم کابینی قلمدان کی پیشکش کی تھی، مگر پوار نے مبینہ طور پر بیٹی کے لیے وزارتِ اعلیٰ مانگ لی، یعنی دیویندر فڈنویس کی چھٹی۔ اسی کے ساتھ دونوں این سی پی دھڑوں کے انضمام کی باتیں بھی ہو رہی ہیں اور حد بندی بل کی حمایت کا ذکر بھی ہے۔
انضمام کی باتیں اس وقت سامنے آئیں جب امیت شاہ سے این سی پی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ یکم نومبر کی اس ملاقات میں چھ رہنما شامل تھے، اور انہوں نے سنیترا اور پارتھ پوار کو بتائے بغیر شاہ سے ملاقات کی۔
دوسری طرف پوار کیمپ ان دعووں کو ماننے کو تیار نہیں۔ سپریا سولے نے رپورٹوں کو قیاس آرائی قرار دیا اور صاف کہا کہ این سی پی (ایس پی) این ڈی اے میں شامل نہیں ہو رہی۔ (فی الحال وہ انڈیا اتحاد کے اسٹیج پر نظر آتی ہیں، مگر کنارے بیٹھی دکھائی دیتی ہیں۔) یاد رہے کہ این سی پی 2014 میں مہاراشٹر میں بی جے پی کو ایک بار حکومت بنانے میں مدد کر چکی ہے۔ سولے نے یہ بھی کہا کہ پارٹی بل ملنے کے بعد ہی اپنا موقف طے کرے گی۔ البتہ ان کے مطابق اگر ہر ریاست کی نشستوں میں یکساں 50 فیصد اضافہ ہو تو پارٹی اس پر غور کر سکتی ہے۔ پارٹی کے اندر بھی سب ایک رائے پر نہیں، کیونکہ ایم ایل اے روہت پوار نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے اور ارکانِ پارلیمنٹ سے بل کے خلاف ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔
سچ یہ ہے کہ اب تک نہ کوئی باضابطہ معاہدہ سامنے آیا ہے اور نہ کوئی سرکاری تصدیق۔ زیادہ تر دعوے "ذرائع” کے حوالے سے ہیں۔ پھر بھی یہ سوال اپنی جگہ بہت اہم ہے کہ حد بندی جیسے حساس آئینی معاملے پر، جس سے ریاستوں کے سیاسی وزن کا توازن بدل سکتا ہے، اپوزیشن کی جماعتیں کیا موقف اختیار کرتی ہیں۔ اس کا فیصلہ بل کے مسودے سے ہوگا، جو اس وقت پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا جب اجلاس بلایا جائے گا۔ تب تک قیاس آرائیوں کو حقیقت سمجھ لینا درست نہیں۔
ویسے شرد پوار 1978 میں اندرا گاندھی سے اختلاف کر چکے ہیں۔ 1999 میں انہوں نے کانگریس اس لیے چھوڑی کہ وہ سونیا گاندھی کی شہریت پر سوال اٹھاتے تھے۔ لیکن وہ سی اے اے، آرٹیکل 370، کسان بل اور نوٹ بندی پر سرکار کے ساتھ نظر آئے۔ جب اڈانی کے خلاف ہنڈن برگ کی رپورٹ آئی تو وہ اڈانی کے شانہ بشانہ کھڑے نظر آئے۔ رافیل طیاروں کے معاملے میں جب احتجاج جاری تھا تو وہ امبانی کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ اب سارا ملک ایس آئی آر کے خلاف سراپا احتجاج بنا ہوا ہے اور وہ امیت شاہ سے ملتے نظر آ رہے ہیں۔
کیا اس تضاد کو ان کے اپنے ممبران پسند کرتے ہیں؟ نہیں۔ روہت پوار اور کئی ممبران شرد پوار کا ساتھ نہیں دینے والے۔ اپنے سیاسی کیریئر کے آخر میں کیا شرد پوار ایسا کوئی فیصلہ کریں گے جو مہاراشٹر کے عوام کی منشا کے خلاف ہو اور ان کے ماتھے پر ہمیشہ کے لیے داغ لگا دے؟ یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔
حد بندی سے کیا ہوگا، یہ آپ کسی بھی صحافی سے دریافت کر سکتے ہیں، انہیں سمجھانے اور بتانے کی ضرورت نہیں۔ اور اس سارے ہنگامے میں ان کے بیچارے ووٹر کس حال میں ہیں، کوئی ان ہی سے جا کر پوچھے، خاص کر علمائے کرام سے۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے