جمہوریت کسی بھی مہذب اورترقی یافتہ معاشرے کے سیاسی نظام کی بنیاد ہوتی ہے۔اس کی خوبصورتی محض انتخابات کے انعقاد،حکومتوں کی تشکیل اور اقتدار کی منتقلی میں نہیں،بلکہ آئین کی بالادستی،قانون کی حکمرانی،عدلیہ کی آزادی،پارلیمنٹ کی خودمختاری،آزاد صحافت اورشہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ میں پوشیدہ ہوتی ہے۔جمہوریت کا حقیقی حسن اسی وقت برقراررہتا ہے جب حکومت عوام کے سامنے جواب دہ ہو،ادارے آئینی دائرے میں آزادانہ طورپر کام کریں اور اختلافِ رائے کودشمنی یا غداری کے بجائے جمہوری حق تسلیم کیا جائے۔ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا اعزاز رکھتا ہے۔آزادی کےبعدملک کےمعماروں نے ایک ایسے آئینی نظام کی بنیاد رکھی تھی،جس میں مذہب،ذات،زبان اورعلاقائی شناخت سے بالاترہوکرتمام شہریوں کومساوی حقوق فراہم کیے گئے۔لیکن گزشتہ 12برسوں میں،مودی کی قیادت میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کےبعد،ملک کے جمہوری ڈھانچے،آئینی اداروں اورسیکولرتشخص کےحوالے سے مختلف اورسنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔سیاسی مبصرین،صحافتی اداروں،انسانی حقوق کی تنظیموں اور اپوزیشن جماعتوں نے بارہا اس امرپر اپنی تشویش ظاہر کی تھی کہ ہندوستانی جمہوریت اپنے بنیادی اصولوں سے دورہوتی جارہی ہے اوریہاں کی جمہوریت زوال پذیر ہے،گزشتہ دنوں امریکہ کی عالمی تنظیم،ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) نے اپنی 95 صفحات پرمشتمل ایک رپورٹ میں الزام لگایا ہے کہ وزیراعظم نریندرمودی کی حکومت نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران،انسانی حقوق اورجمہوری آزادیوں کے تحفظ کےلیے ملک میں قائم اداروں کومنظم انداز میں کمزور کیا،قانون کی حکمرانی کونقصان پہنچایا اورہندو اکثریت پسندی کوفروغ دیا ہے،رپورٹ میں اس طرزحکمرانی کو آمرانہ رجحان سے تعبیر کیا گیا ہے،یہ رپورٹ جس کا عنوان آخر ہم کس جمہوریت کی بات کر رہے ہیں؟ یہ تو ہندوستان میں مودی کاآمرانہ طرزحکمرانی ہے۔40 سے زائد وکلا،صحافیوں،کارکنوں،ماہرین تعلیم،ججوں اورسابق سرکاری عہدے داروں کے انٹرویو پرمبنی ہے،اس میں پارلیمنٹ کو نظرانداز کرنے،تحقیقاتی ایجنسیوں کے سیاسی استعمال،آئینی اداروں کو کمزور کرنے اورعدلیہ کی ناکامیوں کو جمہوری زوال کے اہم اسباب قرار دیا گیا ہے،رپورٹ کےمطابق 2014 سے 2019 کے دوران صرف 28 فیصد بل پارلیمانی کمیٹیوں کوبھیجے گئے،جبکہ 2019 سے 2024 میں یہ شرح گھٹ کرصرف 16فیصدرہ گئی،حکومت نے اپوزیشن کے 146ارکان پارلیمنٹ کومعطل کرنے کے دوران الیکشن کمشنروں کی تقرری سے متعلق قانون بھی منظور کیا،جس سے انتظامیہ کااختیاربڑھا،منی بلز کے ذریعے ایسے قوانین منظور کیے گئے جن سے ای ڈی کے اختیارات میں اضافہ ہوا،ہیومن رائٹس واچ نے انتخابی عمل اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پربھی سنگین سوال اٹھائے ہیں،رپورٹ کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں،نفرت انگیزتقاریر اور ووٹنگ سے متعلق بے ضابطگیوں پرحکمراں جماعت کے رہنماؤں کو جواب دہ بنانےمیں کمیشن ناکام رہا ہے۔ایس آئی آر کے ذریعے اکتوبر 2026 تک 13 کروڑ سے زائد ووٹروں کے نام حذف کیے جانے کا دعوی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے خواتین، غریبوں اورمذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کوغیرمتناسب نقصان پہنچا۔ رپورٹ میں مغربی بنگال کی مثال دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل 90 لاکھ نام حذف کیے گئے جو ریاست کے مجموعی ووٹروں کا 12 فیصد تھے،بعد میں اپیل کرنے والوں میں تقریبا 90 فیصد کے نام دوبارہ شامل کیے گئے،رپورٹ کے مطابق ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کے دوران حکومت نے انٹرنیٹ خدمات معطل کیں،نقل و حرکت پرپابندیاں لگائی اورہزاروں افراد کوحراست میں لیا،ناقدین اور اپوزیشن رہنماؤں نے اسے حق رائے دہی اور جمہوری آزادیوں پرحملہ قراردیا ہے۔رپورٹ میں ای ڈی کےاعداد و شمار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اپریل 2015 سے فروری 2025 کےدرمیان 193 سیاست دانوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے،جن میں بیشتر اپوزیشن سے تعلق رکھتے تھے،اس کے برعکس گزشتہ دہائی میں یہ تعداد 26 تھی،ان مقدمات میں صرف دو افراد کوسزا ہوئی،رپورٹ کا الزام ہے کہ تحقیقاتی کاروائی کاسامنا کرنے والے کم از کم 23 اپوزیشن رہنماؤں کو بی جے پی میں شمولیت کے بعد راحت مل گئی،یو اے پی اے کے تحت،انسانی حقوق کے کارکنوں،صحافیوں طلبہ اورحکومت کے ناقدین کی طویل قید پربھی تشویش ظاہر کی گئی ہے،رپورٹ میں جی این سائی بابا اور اسٹین سامی کے معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سخت قوانین کااستعمال،شہری آزادیوں کومحدود کرنے کے لیے کیاجا رہا ہے،کرناٹک کے ایک مطالعے کے مطابق یو اے پی اے کے تحت مقدمات کا سامنا کرنے والوں میں 84 فیصد سے زائدمسلمان تھے،ہیومن رائٹس واچ کے مطابق قومی انسانی حقوق کمیشن سمیت نگرانی کرنے والے ادارے،حکومت کے اقدامات پرمؤثر روک لگانے میں ناکام رہے ہیں،حق اطلاعات قانون میں ترمیم کےذریعے اطلاعاتی کمشنروں کی مدت کار اورملازمت کی شرائط پرمرکزی حکومت کااختیار بڑھایا گیاہے،رپورٹ نے سپریم کورٹ کےبعض فیصلوں عمرخالد اور شرجیل امام کی ضمانت مسترد کیے جانے اورجسٹس اس مرلی دھر کے تبادلے کا بھی حوالہ دیا ہے،سابق جج جسٹس مدن لوکور کےمطابق انتظامیہ نے شہری آزادیوں کےمعاملے میں حدسے تجاوز کیا مگرعدلیہ اس کے خلاف کھڑی نہیں ہوئی،ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈائرکٹر اییلن پیئرسن نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں بھارت کےآزاد اداروں کو اندر سے بہت کمزور کیا گیا ہے،انہوں نے حکومت کے ناقدین کے خلاف سرکاری اداروں کے استعمال کوبند کرنے اور انتظامیہ کےاختیارات پرمؤثر قدغن بحال کرنے کا مطالبہ کیا،عالمی تنظیم نے ہندوستان کے اتحادی ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ دو طرفہ مذاکرات اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورموں پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھائیں،رپورٹ کے مطابق یہ انفرادی اداروں کی الگ الگ ناکامیوں کا معاملہ نہیں ہے بلکہ ایک دوسرے کوتقویت دینے والے اقدامات کا نتیجہ ہے،اس رپورٹ پرمودی حکومت اور بی جے پی کا فوری کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدرنشیں سونیا گاندھی نے بھی دعوی کیا تھا کہ بی جے پی کی جانب سے اس ملک کی جمہوریت،ملک کے اداروں اور ملک کو 12سالوں میں زبردست نقصان پہنچایا گیا ہے،سونیا گاندھی نے اپنی سوانح حیات کی رسم اجرائی سے ایک دن قبل ایک انگریزی روزنامہ کوانٹرویو دیتے ہوئے کئی مسائل پراظہار خیال کیا تھا اور اپنی رائے بھی دی تھی،انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان میں ایمرجنسی کے دوران جمہوری حقوق کو کم کیا گیا تھا،تاہم یہ کام جمہوری انداز میں کیا گیا تھا،انہوں نے بتایا کہ اس وقت انہیں اس صورتحال کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا،بعد میں انہیں اس کی نوعیت کا پتہ چلا،سونیا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے اس ملک،ملک کی جمہوریت اورملک کے اداروں کو کافی نقصان پہنچایا ہے،سونیا گاندھی نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے لیے اندرا گاندھی نے صرف سنجے گاندھی کی بات سنی تھی،سونیا گاندھی نے کہا کہ عوام میں اس طرح کا تاثر ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کئی عوامل تھے جن کے نتیجے میں ایمرجنسی نافذ ہوئی تھی اور حالات کے مطابق فیصلے کیے گئے تھے،سونیا گاندھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس میں بھی کچھ قائدین اس خیال کے حامی تھے کہ سیکولرزم پرپارٹی کو اتنا سخت موقف اختیار نہیں کرنا چاہیے لیکن وہ پارٹی کا خیال نہیں تھا،ہماری پالیسیوں اورعمل میں وہ سمجھتی ہیں کہ دستوری حقوق کے ساتھ پارٹی کھڑی ہے اورعوام کے عبادت کے حق اور ان کے مذہب پر عمل کرنے میں کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے،سونیا گاندھی نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ جس وقت شرد پوار،پی اے سنگما اورطارق انور جیسے قائدین نے ان کےخلاف بیرونی نژاد ہونے کا مسئلہ اٹھایا تھا توانہیں تکلیف ہوئی تھی،انہوں نے کہا کہ یہ تمام ان کے ساتھی تھے اور ان پریقین تھا تاہم انہوں نے واضح کردیا کہ وہ مجھے اپنا نہیں سمجھتے،اس سے مجھے کافی تکلیف ہوئی تھی،انہوں نے اپنا عہدہ بھی چھوڑ دیا تھا،بعد میں انہوں نے شخصی جذبات کوپس پشت ڈال کربڑے مقصدکے لیے سیاسی زندگی کوجاری رکھنا ضروری سمجھا تھا۔
دوسری جانب آر ایس ایس یہ دعوی کرتارہا ہے کہ ان کا مقصد سماج اور ملک کومضبوط بنانا رہا ہے،پچھلے دنوں ناگپور ناگرک بینک کی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے کہا کہ سنگھ کے پرچارکوں،رضاکاروں کی لگن اوربے لوث خدمات کا جذبہ لوگوں کو ملک کی ترقی اوردنیا کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ترغیب دینا چاہیے،آر ایس ایس پرچارکوں کی زندگی پرمبنی ایک کتاب کا اجرا کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ سنگھ کا 100سالہ سفر،افراد کی تعمیر کے اس کے منفرد طریقے کار کی وجہ سے آگے بڑھا ہے،اس کا وسیع مقصدسماج اورملک کومضبوط بنانارہا ہے،انہوں نے کہا کہ پرچارک کسی ذاتی فائدے شہرت یا تعریف کی امید کیے بغیر اپنی پوری زندگی سنگھ کے لیے وقف کردیتے ہیں، ان کی لگن اورمثالی طرزعمل دوسروں کے لیے تحریک اور دیگر رضاکاروں کومضبوط بنیاد فراہم کرنا کا ذریعہ ہے،پرچارک کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے مسٹر بھاگوت نے کہا کہ ایسا شخص کسی عام انسان سے مختلف نہیں ہوتا لیکن وہ اپنی ذاتی خواہشات سے بڑھ کرتنظیم کی ذمہ داریوں اورسماجی خدمت کوترجیح دے کر اپنی الگ شناخت بناتا ہے،انہوں نے کہا کہ پرچارک تنظیم کی جانب سے سونپی گئی کسی بھی ذمہ داری کواپنی مرضی سے قبول کرتا ہے اور تنظیم کی ضرورت کےمطابق کہیں بھی کام کرنے کے لیے تیاررہتا ہے،اس کا واحدرہنما اصول اور اپنی زندگی کو سنگھ کےمقصد کے لیے وقف کرناہوتا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ سے ہندوستان کے وفاقی ڈھانچے پربھی گزشتہ برسوں میں دباؤ بڑھنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ملک کے آئین نے مرکز اور ریاستوں کے درمیان اختیارات کی واضح تقسیم کی ہے،لیکن غیر بی جے پی ریاستوں اورمرکزی حکومت کے درمیان مختلف معاملات پر کشیدگی، گورنروں کے کردار اورریاستی حکومتوں کےاختیارات سے متعلق تنازعات نے وفاقی نظام کی روح کومتاثر کیا ہے۔ریاستی حکومتوں کومحض سیاسی اختلاف کی بنیاد پر کمزور کرنا یا ان کے آئینی اختیارات میں غیرضروری مداخلت کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔
ان تمام مسائل کےدرمیان سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو ہندوستان کے سیکولرتشخص اورمذہبی اقلیتوں کے تحفظ کا ہے۔ہندوستانی آئین ہرشہری کومذہبی آزادی،مساوات اوربنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔لیکن مودی حکومت کے دورمیں ہندو قوم پرستی کے سیاسی فروغ، مذہبی شناخت کی بنیاد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی،مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر،ہجومی تشدد،شہریت ترمیمی قانون اوربلڈوزر کارروائیوں جیسےمعاملات نے ملک کے سیکولر کردار پرسنجیدہ سوالات کھڑے کیے ہیں۔اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس کسی بھی جمہوری معاشرے کے لیے نیک شگون نہیں ہوسکتا۔ جمہوریت کا مطلب اکثریت کوتمام اختیارات دے دینا نہیں،بلکہ اکثریت کےساتھ اقلیتوں کےحقوق کی ضمانت دینا بھی ہے۔تاہم اصل مسئلہ یہ ہے کہ جمہوریت صرف انتخابات تک محدود نہیں ہوتی۔ اگرادارے بظاہرموجود رہیں لیکن اپنی خودمختاری،غیر جانب داری اور احتساب کی صلاحیت کھوتے جائیں تو جمہوریت کا حقیقی مفہوم متاثرہونے لگتا ہے کسی بھی حکومت کی مقبولیت اسے آئین سے بالاتر ہونے کا اختیار نہیں دیتی۔وزیراعظم ہویا وزیر اعلیٰ،حکمراں جماعت ہویا اپوزیشن، سب کوآئین اورقانون کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔
اس سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں کی بھی بڑی ذمہ داری ہے۔انہیں محض سیاسی مفادات،انتخابی اتحاد اور اقتدار کی کشمکش سے بلند ہوکرآئین،جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا۔پارلیمنٹ میں مؤثر بحث،تحقیقاتی اداروں کی غیرجانب داری،الیکشن کمیشن کی خودمختاری،عدلیہ کی آزادی اورمیڈیا کےتحفظ کوقومی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔سول سوسائٹی،دانش وروں،وکلا، صحافیوں اورنوجوانوں کوبھی آئینی شعور بیدار کرنے اورجمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اورسب سے بڑھ کرعوام کو مذہبی وسیاسی نعروں سے متاثر ہونے کے بجائے اپنے نمائندوں کی کارکردگی،آئینی ذمہ داریوں اورعوامی مسائل کی بنیاد پرفیصلہ کرنا ہوگا۔ہندوستان کی جمہوریت کا مستقبل کسی ایک سیاسی جماعت یا رہنما کے ہاتھ میں نہیں بلکہ ملک کے آئینی اداروں کی مضبوطی،عوامی بیداری اورجمہوری اقدار کے احترام سے وابستہ ہے۔اقتدار کی تبدیلی جمہوریت کا ایک حصہ ہے،لیکن اداروں کی آزادی اور آئین کی بالادستی اس کی اصل روح ہے۔
آخر میں یہ سوال ملک کے ہرشہری کوخود سے کرنا چاہیے کہ کیا ہم ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جہاں حکمرانوں سے سوال پوچھنا مشکل ہو،اختلافِ رائے کوجرم سمجھا جائے اور آئینی ادارے سیاسی اثر و رسوخ کے تابع ہوتے چلے جائیں،یا ایسی جمہوریت جہاں حکومت عوام کے سامنے جواب دہ ہو،ہرشہری کومساوی حقوق حاصل ہوں اور آئین کی بالادستی ہرسیاسی طاقت سے مقدم ہو؟جمہوریت کسی حکمراں کی جاگیر نہیں،یہ عوام کی امانت اور آئین کی ضمانت ہے۔اگراس امانت کی حفاظت نہ کی گئی تو آنے والی نسلیں ہم سے یہ سوال ضرور کریں گی کہ جب جمہوری ادارے کمزور ہورہے تھے اور آئینی اقدار کوخطرات لاحق تھے،اس وقت ہم نے اپنے ملک کے جمہوری مستقبل کے تحفظ کے لیے کیا کردار ادا کیا تھا؟ہمارے پاس اسکا کیا جواب ہوگا؟
*(مضمون نگار:معروف صحافی اورکل ہند معاشرہ بچاؤ تحریک کے جنرل سکریٹری ہیں)*
sarfarazahmedqasmi@gmail.com