جمعہ اسلامی ہفتے کا وہ بابرکت اور پُرنور دن ہے جسے الله تعالیٰ نے مسلمانوں کے لیے امتیازی شان عطا فرمائی ہے۔ یہ دن نہیں شعائر اسلام کی عظمت، اجتماعیت، عبادت، ذکر و فکر اور اصلاحِ احوال کا ایک زندہ مظہر ہے۔ مسلمان کے لیے جمعہ کا دن اپنی معنوی رفعت، روحانی تاثیر اور دینی اہمیت کے اعتبار سے پورے ہفتے کے دوسرے دنوں سے ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ جس طرح رمضان المبارک عام مہینوں میں امتیازی مقام رکھتا ہے اسی طرح جمعہ عام دنوں کے درمیان ایک خاص تقدس اور فضیلت کا حامل ہے۔ جمعہ کے لفظ ہی میں اجتماع کا مفہوم مضمر ہے۔ مسلمان اس دن مساجد میں جمع ہوتے ہیں، ایک صف میں کھڑے ہوتے ہیں، ایک امام کی اقتدا میں نماز ادا کرتے ہیں اور خطبہ جمعہ کے ذریعے اپنے دینی، اخلاقی اور معاشرتی فرائض کی یاددہانی حاصل کرتے ہیں۔ امیر و غریب، عالم و عامی، حاکم و محکوم، صاحبِ ثروت و تہی دست، سب ایک ہی صف میں کھڑے ہو کر یہ اعلان کرتے ہیں کہ اللہ کی بارگاہ میں اصل عظمت مال و منصب کی نہیں بلکہ تقویٰ، اخلاص اور اطاعت کی ہے۔ جمعہ مسلمانوں کی اجتماعی وحدت کا ایسا آئینہ ہے جس میں اسلام کی مساوات، اخوت اور اجتماعیت کا حسین عکس نمایاں ہوتا ہے۔ قرآنِ کریم نے جمعہ کے دن کی اہمیت کو نہایت صراحت کے ساتھ بیان فرمایا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’اے ایمان والو! جب جمعہ کے دن نماز کے لیے اذان دی جائے تو الله کے ذکر کی طرف دوڑو اور خرید و فروخت چھوڑ دو، یہ تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم جانتے ہو۔‘‘ (الجمعہ) اس آیتِ مبارکہ میں جمعہ کی نماز کو محض ایک معمولی عبادت قرار نہیں دیا گیا بلکہ اس کے لیے دنیاوی مشاغل، تجارت اور کاروباری مصروفیات کو ترک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ جمعہ کا دن مسلمان کی زندگی میں کس قدر بلند مرتبہ رکھتا ہے۔ افسوس کہ آج بہت سے مسلمان جمعہ کی اس عظمت سے بے خبر دکھائی دیتے ہیں۔ پورا ہفتہ دنیاوی مشاغل میں غرق رہنے کے بعد جمعہ بھی ان کے لیے محض تعطیل کا دن بن کر رہ گیا ہے۔ کوئی اسے آرام کا موقع سمجھتا ہے، کوئی بازاروں کی رونق میں کھو جاتا ہے، کوئی موبائل کی اسکرین میں آنکھیں گاڑ کر بیٹھا رہتا ہے اور کوئی خطبہ جمعہ کے دوران بے توجہی، غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ حالاں کہ جمعہ وہ دن ہے جسے ایک باشعور مسلمان کو اپنے باطن کے احتساب، اعمال کی اصلاح اور ربِّ کریم سے تعلق مضبوط کرنے کے لیے غنیمت سمجھنا چاہیے۔
رسولِ اکرم ﷺ نے جمعہ کے دن کی فضیلت کو متعدد احادیثِ مبارکہ میں بیان فرمایا ہے۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ بہترین دن جس پر سورج طلوع ہوا جمعہ کا دن ہے۔ اسی دن حضرت آدم علیہ السلام پیدا کیے گئے، اسی دن جنت میں داخل کیے گئے اور اسی دن وہاں سے زمین پر تشریف لائے اور قیامت بھی جمعہ ہی کے دن قائم ہوگی۔ اس حدیثِ مبارکہ سے جمعہ کی غیر معمولی عظمت کا اندازہ بخوبی کیا جاسکتا ہے۔ یہ دن انسانی تاریخ کے اہم ترین واقعات سے وابستہ ہے اور آخرت کی یاد بھی دلاتا ہے۔ جمعہ کا سب سے نمایاں امتیاز نمازِ جمعہ ہے۔ پانچوں نمازیں اپنی جگہ عظیم عبادت ہیں مگر جمعہ کی نماز مسلمانوں کے اجتماعی شعور کو بیدار کرنے کا خصوصی ذریعہ ہے۔ خطبہ محض چند رسمی کلمات کا نام نہیں بلکہ امت کی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت کا ایک مؤثر وسیلہ ہے۔ خطیب جب منبر پر کھڑا ہوتا ہے تو اسے چاہیے کہ مسلمانوں کو اللہ کی خشیت، رسولِ اکرم ﷺ کی محبت، حقوق العباد کی ادائیگی، معاشرتی ذمہ داری، اخلاقی پاکیزگی اور آخرت کی جواب دہی کی طرف متوجہ کرے۔ اگر خطبہ دلوں کو نہ جھنجھوڑے، کردار کو نہ سنوارے اور غفلت کے پردوں کو نہ چاک کرے تو جمعہ کے عظیم اجتماع کا ایک اہم مقصد تشنۂ تکمیل رہ جاتا ہے۔ جمعہ کے دن غسل کرنا، پاکیزگی اختیار کرنا، اچھے لباس پہننا، خوشبو لگانا اور مسجد کی طرف وقار و سکون کے ساتھ جانا مسنون اعمال میں شامل ہیں۔ یہ ظاہری پاکیزگی دراصل باطنی پاکیزگی کی طرف بھی اشارہ کرتی ہے۔ اسلام مسلمان کو صرف جسم کی صفائی نہیں سکھاتا بلکہ دل کو حسد، کینہ، بغض، تکبر، ریا، حرص اور خود غرضی سے پاک کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے۔ اگر لباس پاک ہو مگر دل آلودہ ہو، بدن خوشبودار ہو مگر زبان غیبت سے بدبودار ہو، چہرہ روشن ہو مگر کردار تاریک ہو تو جمعہ کی حقیقی روح ابھی انسان کے وجود میں نہیں اتری۔
جمعہ کے دن درود و سلام کی کثرت بھی بڑی فضیلت رکھتی ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ نے اس دن کثرت سے درود بھیجنے کی ترغیب فرمائی ہے۔ ایک مسلمان کے لیے یہ دن اپنے محبوب نبی ﷺ کی بارگاہ میں محبت و عقیدت کے نذرانے پیش کرنے کا بہترین موقع ہے۔ درود شریف زبان کو پاکیزہ کرتا ہے، دل میں محبتِ رسول ﷺ کو تازہ کرتا ہے اور مسلمان کو اپنے نبیِ رحمت ﷺ کی تعلیمات سے وابستہ کرتا ہے۔ لیکن محبت کا حقیقی تقاضا صرف زبان سے درود پڑھنا نہیں بلکہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنی زندگی میں نافذ کرنا بھی ہے۔ جمعہ کے دن سورہ کہف کی تلاوت کی بھی فضیلت بیان ہوئی ہے۔ قرآنِ کریم سے تعلق ہر مسلمان کی بنیادی ضرورت ہے، مگر جمعہ کے دن تلاوتِ قرآن کا اہتمام انسان کے قلب و ذہن کو نورِ ہدایت سے منور کرنے کا ایک حسین ذریعہ بن سکتا ہے۔ آج ہمارا المیہ یہ ہے کہ موبائل فون پر گھنٹوں بے مقصد مواد دیکھنے کے لیے وقت موجود ہے، سماجی ذرائع ابلاغ پر فضول گفتگو کے لیے فرصت موجود ہے، مگر قرآنِ کریم کی تلاوت کے لیے چند منٹ نکالنا دشوار محسوس ہوتا ہے۔ یہ ترجیحات کی ایسی افسوس ناک شکست ہے جس پر ہر مسلمان کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔
جمعہ کے دن ایک ایسی گھڑی بھی آتی ہے جس میں بندہ اللہ تعالیٰ سے دعا مانگے تو اس کی دعا قبول ہونے کی امید ہوتی ہے۔ اس مبارک ساعت کی تلاش مسلمان کو پورے دن اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ رکھتی ہے۔ دعا محض خواہشات کی فہرست پیش کرنے کا نام نہیں بلکہ بندے کی بے بسی اور رب کی قدرت کا اعتراف ہے۔ جو انسان جمعہ کے دن اپنے رب کے سامنے عاجزی سے جھک جاتا ہے، اپنے گناہوں کا اعتراف کرتا ہے، اپنی کوتاہیوں پر نادم ہوتا ہے اور اپنے لیے، اپنے والدین، اہل و عیال، امتِ مسلمہ اور پوری انسانیت کے لیے خیر مانگتا ہے، وہ اس دن کی روحانی برکتوں سے حقیقی فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ جمعہ کا دن ہمیں موت اور آخرت کی یاد بھی دلاتا ہے۔ چونکہ احادیث میں قیامت کے جمعہ کے دن قائم ہونے کا ذکر ملتا ہے، اس لیے یہ دن مسلمان کے لیے محاسبۂ نفس کا پیغام رکھتا ہے۔ انسان کو سوچنا چاہیے کہ ایک دن وہ بھی اس دنیا سے رخصت ہوگا، اس کی دولت، شہرت، عہدہ، مکان، کاروبار اور دنیاوی تعلقات سب یہیں رہ جائیں گے۔ قبر میں نہ منصب ساتھ جائے گا نہ مال، نہ شہرت کام آئے گی نہ ظاہری وجاہت۔ وہاں انسان کے اعمال اس کے ساتھ ہوں گے۔ جمعہ اگر انسان کو اس حقیقت کی طرف متوجہ کردے تو اس کا ایک دن بھی پوری زندگی کا رخ بدل سکتا ہے۔ ہمیں یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ جمعہ کا احترام صرف مسجد تک محدود نہیں۔ اگر کوئی شخص مسجد میں بیٹھ کر عبادت کرے اور مسجد سے نکلتے ہی جھوٹ، دھوکا، بددیانتی، ظلم، بدزبانی اور حق تلفی میں مبتلا ہو جائے تو اس نے جمعہ کے پیغام کو سمجھا ہی نہیں۔ جمعہ انسان کو کردار کی پاکیزگی کا درس دیتا ہے۔ والدین کے ساتھ حسنِ سلوک، پڑوسیوں کے حقوق کی رعایت، یتیموں اور محتاجوں کی دست گیری، رشتہ داروں کے ساتھ صلہ رحمی، کاروبار میں دیانت، معاملات میں صداقت اور زبان کی حفاظت، یہ سب اسلامی زندگی کے بنیادی تقاضے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ جمعہ کو محض رسمی مذہبی سرگرمی نہ بننے دیا جائے۔ بچوں کو اس دن کی فضیلت بتائی جائے، نوجوانوں کو مسجد سے جوڑا جائے، گھروں میں درود و سلام اور تلاوت کا ماحول پیدا کیا جائے، خطبۂ جمعہ کو توجہ سے سنا جائے اور اپنے اعمال کا جائزہ لیا جائے۔ جو شخص ہر جمعہ کو اپنے اندر ایک برائی کم کرنے اور ایک نیکی بڑھانے کا عزم کرلے، وہ چند ہی برسوں میں اپنے کردار میں حیرت انگیز تبدیلی محسوس کرسکتا ہے۔ مسلمان ایک منتشر ہجوم نہیں بلکہ ایک امت ہے۔ مسجد کی صفیں ہمیں اتحاد کا سبق دیتی ہیں۔ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونا اس بات کا اعلان ہے کہ مسلمان ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ اگر نماز کی صف میں ہم ایک دوسرے کے برابر کھڑے ہوسکتے ہیں تو زندگی کے معاملات میں بھی نفرت، تعصب، تکبر اور باہمی عداوت کو کم کرسکتے ہیں۔ جمعہ کا اجتماع ہمیں باہمی تعلقات کی مرمت، ٹوٹے ہوئے رشتوں کی بحالی اور دلوں کی کدورتیں مٹانے کی دعوت دیتا ہے۔ لہٰذا! جمعہ کو معمولی دن سمجھنا دراصل اس عظیم نعمت کی ناقدری ہے جو الله تعالیٰ نے مسلمانوں کو عطا فرمائی ہے۔ یہ دن غفلت میں گزارنے کے لیے نہیں، بیداری کے لیے ہے؛ فضولیات میں کھونے کے لیے نہیں، ذکر و عبادت سے سنوارنے کے لیے ہے؛ محض ظاہری آرائش کے لیے نہیں، باطن کی تطہیر کے لیے ہے۔ جمعہ ہمیں ہر ہفتے یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کی گرد جھاڑیں، اپنے دل کے زنگ کو صاف کریں، اپنے اعمال کا محاسبہ کریں اور اپنے رب کے حضور نئی توبہ کے ساتھ حاضر ہوں۔ واقعی جمعہ کا دن کوئی عام دن نہیں۔ یہ رحمت کی امید، مغفرت کی طلب، دعا کی قبولیت، ذکر کی حلاوت، درود کی کثرت، قرآن سے وابستگی، اجتماعیت کی قوت اور آخرت کی یاد کا دن ہے۔ خوش نصیب ہے وہ شخص جو جمعہ کی قدر پہچان لے اور بدقسمت ہے وہ جس کے لیے یہ مبارک دن بھی دنیاوی غفلت، بے مقصد مشاغل اور لہو و لعب کی نذر ہو جائے۔ ہر جمعہ دراصل ہمارے سامنے ایک خاموش سوال رکھتا ہے کہ ہم نے اپنے رب سے تعلق کتنا مضبوط کیا، اپنے کردار میں کتنی اصلاح پیدا کی اور آخرت کے سفر کے لیے کتنا زادِ راہ جمع کیا۔ جو شخص اس سوال کا جواب اپنے عمل سے دے دیتا ہے اس کے لیے جمعہ محض ہفتے کا ایک دن نہیں رہتا بلکہ پوری زندگی کو سنوارنے والی ایک روحانی صدا بن جاتا ہے۔