Breaking

ظریفانہ :ڈالر دو اور دیوالی کی مبارکباد لو

ظریفانہ :ڈالر دو اور دیوالی کی  مبارکباد لو

ظریفانہ :ڈالر دو اور دیوالی کی مبارکباد لو

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

للن پٹیل نے کلن سنگھ سے کہا بھیا مبارک ہو ، امریکہ سے دیوالی کی مبارکباد آئی ہے۔
کلن بولا اچھا تو اب تمہیں امریکہ تک سے مبارکباد آنے لگی ۔ بھائی بڑے آدمی ہو گئے ہو ۔ اب ہمیں نہیں پوچھنے کے۔
اوہو کلن تم نہیں سمجھے۔ ہمیں بھلا کون امریکہ سے مبارکباد دے گا۔ مبارکباد تو ہمارے پردھان جی کے نام آئی ہے۔
ارے تو تم کیوں خوش ہورہے ہو ؟ کہیں تم پاگل واگل تو نہیں ہو؟
میں ایسا ویسا پاگل نہیں ہوں ۔ تمہیں پتہ ہے پردھان جی نے کل دیوالی مناتے ہوئے پھر سے اپنے مخالفین کو دماغی پاگل میرا مطلب ہے نکسل کہہ دیا۔
کلن بولا یار مجھے تو لگتا ہے راہل گاندھی کی پاگل والی بات بھی سچ نکل گئی ۔
اچھا ! اس پپو نے کون سی پاگل پن والی بات کہہ دی؟
بھیا اس نے کہہ رکھا ہے کہ وہ ہم لوگوں کو پوری طرح پاگل کردے گا ۔
للن ہنس کر بولا یہ کام راہل کبھی نہیں کرسکتا ۔
کیوں؟ یہ تم اس اعتماد کے ساتھ کیسے کہہ سکتے ہو؟
ارے بھائی کامن سینس۔ کسی سیانے کو آپ پاگل کرسکتے ہیں لیکن جو پہلے ہی پاگل ہو اس کو ۰۰۰میرا مطلب ہے اس کو کیسے پاگل کرسکتے ہیں ؟
جی ہاں بھائی ٹرمپ جیسے دوست سے ٹویٹ لکھوانے کے لیے ماہانہ 75 ہزار ڈالر خرچ کرنا پاگل پن نہیں تو اور کیا ہے؟
یار یہ کیا بار بار لابنگ کی بات کررہے ہو کہیں کسی کانگریسی نے تو تمہارا دماغی توازن تو بگاڑ نہیں دیا؟
یار یہ کسی کانگریسی کا الزام نہیں بلکہ امریکی حکومت نے اعتراف ہے کہ انڈین سفارت خانے نے دو بڑی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کی ہیں۔
اچھا تو کیا انڈین ایکسپریس نے ان کا نام بھی چھاپ دیا ؟ تب تو بہت مشکل ہوگی۔
جی ہاں ایک فرم مرکری پبلک افیئرزہے جسے ماہانہ 75 ہزار ڈالرادا کیے گئے۔
تب تو اپنی سرکار نے اس کی تردید کی ہوگی ؟
اس سوال کا جواب ہاں اور نہیں دونوں ہے۔
یہ بیک وقت ہاں اور نہیں کیسے ہوسکتا ہے؟
بھیا سرکار نے کہا یہ الزام درست نہیں ہے مگر یہ ایک عام اور پرانا رواج ہے۔ واشنگٹن میں انڈین سفارت خانہ 1948 سےیہ کام کرتا آ رہا ہے۔
یار سچ مچ یہ سرکار دماغی پاگل ہوگئی ہے ۔ ورنہ یہ بیان کبھی نہیں آتا۔
جی ہاں اسی لیے کانگریس نے ایکس پرچٹکی لی کہ ’مودی پیسے دے کر ٹرمپ سے اپنی تعریف پر مبنی پوسٹس کرواتے رہے ہیں‘۔
یار تب تو ہم لوگ برے پھنسے ۔ کہیں ایودھیا کی چندہ چوری کی رقم تو اس کارِ خیر پر خرچ نہیں ہوئی؟
کون جانے لیکن ٹی ایم سی کی مہوا موئترا نے کہہ دیا کہ ’سچائی سامنے آ گئی ہے۔
کون سی سچائی ؟
یہی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بارے میں اچھی باتیں ٹویٹ کروانے کے لیے انڈین ٹیکس دہندگان کا روپیہ امریکی لابنگ فرم کودیا جاتا ہے۔
یار اس معاملے تو کانگریسی بہت آتنک مچا دیں گے ۔
پون کھیڑا نےلکھا ’حالات اتنے خراب ہو گئے ہیں کہ مودی کو اپنے ’دوست ڈونلڈ ٹرمپ‘ سے بات کرنے کے لیے لابنگ فرم کی ضرورت پڑ رہی ہے۔
جی ہاں اگر یہ سچ ہے تو شرمناک ہے مگر یہ کانگریسی جھوٹ بہت بولتے ہیں ۔
بھیایہ سچ ہےلیکن ٹرمپ کو بھی کم ازکم اپنے گہرے دوستو کو ’بہت اچھا دوست‘، ’سچا دوست‘‘ کہنے کے لیے پیسہ نہیں لینا چاہیے۔
ارے بھائی و ایک سرمایہ دارنہ ملک ہے وہاں تعریف کروانا ہو یا کسی کو بدنام ۔ہر کام کا پیسہ لگتا ہے۔
یار سچ بتاوں مجھے اب بھی یقین نہیں ہوتا۔
للن نے کہا کیونکہ تمہاری آنکھوں پر پٹی باندھ دی ہے۔ اسی لیے کنوئیں کے مینڈک کی طرح ٹر ٹر کرتے کرتے ڈوب کر مرجاوگے ۔
کیا بکواس کررہے ہو یار کبھی کہتے ہو ستارے گردش میں ہیں کبھی ڈوب مرنے کی پیشنگوئی کرتے ہو ۔ ہوکیا گیا ہے؟لگتا ہے کسی تانترک کو دکھاناپڑے گا؟
اسی لیے تو ہماری قیادت ڈری ہوئی ہے کیونکہ عوام اب ہمارے جھانسے میں نہیں آرہے ہیں۔
یہ اکتشاف تم پر کیسے ہوگیا؟
ارے بھائی دیکھو ہماری گاڑی دو پہیوں پر چلتی ہے ایک تو پردھان جی کی شبیہ اور دوسرے ہمارا نظریہ ٹھیک ہے؟
جی ہاں اس میں کیا شک ہے؟
ہاں تو دیکھو پردھان جی کی وارانسی میں ہم لوگ اساتذہ سمیت گریجویٹ حلقہ انتخاب کا ایم ایل سی انتخاب ہار گئے ۔ یہ کس قدر شرم کی بات ہے؟
ارے بھائی وزیر اعظم تشہیر کے لیے نہیں گئے اس لیے گڑ بڑ ہوگئی اگر جاتے تو یہ نہ ہوتا؟
وہ گئے تھے لوگ نہیں آئے تو ائیر شو کروا کر کروڈوں پھونکے مگر پھر بھی ہار گئے ۔ راجناتھ سنگھ کے لکھنو اور آگرہ میں بھی ایک ایک نشست پر ہار ملی ۔
ارے ٹھیک ہے پھر بھی 11؍ میں سے 6؍ پرتو کامیابی ملی نا؟ یہ بتاو کہ یوگی کے گورکھ پور میں جیت درج کرائی کہ نہیں ؟
بھیا قانون ساز کونسل کی یہ نہ صرف گورکھپور بلکہ فیض آباد یعنی ایودھیا کے اساتذہ کی نشست بھی تھی، اس حلقہ میں بھی گڑ بڑ ہوگئی۔
وہ کیسے ؟ وہاں تو ہمارا امیدوار دھرو کمار ترپاٹھی جیت گیا ۔
ارے بھائی وہ بھی صرف 307 ووٹوں کے فرق سے کامیابی ملی نا؟ لیکن اگر سماجوادی ووٹ تقسیم نہ ہوتے تو ہم وہ بھی ہار جاتے ۔
اچھا وہ کیسے؟
اکھلیش نےپہلے کملیش یادو کو ٹکٹ دیامگر پھر ہمارے سنجین ترپاٹھی کو سائیکل تھما دی اس سے نارا ض ہوکر راجیو یادومیدان میں کود پڑا۔
للن نے سوال کیا تو اس سے کیا فرق پڑگیا ۔ وہ بھی تو دوسرے نمبر پر ہی رہا نہ؟
ارے بھیا سماجوادیوں کے جو 9,503 ووٹ سنجین ترپاٹھی کھا گیا اگر راجیو یادو کے حصے میں چلے جاتے تو وہ نو ہزار سے زیادہ فرق سے جیت جاتا ۔
بھائی دیکھو جیت تو جیت ہے اس طرح اگر مگر سے کچھ نہیں ہوتا۔
کیوں نہیں ہوتا تمہیں پتہ ہے سنگھ کے مرکز والے شہر ناگپور میں کیا ہوا؟
وہاں کیا ہوگا؟ اس شہر میں موہن بھاگوت کے علاوہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس اور نیتن گڈکری بھی رہتے ہیں ؟
وہی تو اس کے باوجود ہمارا امیدوار ہار گیا۔
کیا بکتے ہو؟ یہ نہیں ہوسکتا کلن ۔یہ کیسے ممکن ہے کہ مہاراشٹرکی قانون ساز کونسل کے ناگپور گریجویٹس حلقے کا انتخابات ہم ہار جائیں۔
جی ہاں مجھے بھی یہ خوش گمانی تھی کہ پچھلے سو سال کی محنت سے ہم نے سارے پڑھے لکھے لوگوں کا برین واش کردیا ہے مگر وہ غلط فہمی دور ہوگئی۔
ارے بھیا کیا ہوا یہ تو بتاو ۔ تم تو صرف طعنوں کے تیر برسا رہے ہو؟
ناگپور میں کانگریس کے ابھیجیت ونجاری نے مسلسل دوسری بارہماری بھارتیہ جنتا پارٹی کے سدھاکر کوہلے کو شکست فاش سے دوچار کردیا ۔
اچھا وہ کیسے؟
بھیا ابھیجیت ونجاری کو کل 67,231 ووٹ ملے جبکہ ہمارا سدھاکر کوہلے63,960 ووٹ پاکر ہار گیا ۔
ارے بھیا وہاں بھی ہم گورکھپور جیسی کوئی تگڑم کیوں نہیں لگا سکے؟
بھیا ہم نے نتیش کرالے نامی ایک آئی پی امیدوار کو لڑایا تھا مگر وہ صرف 24,249ووٹ پاسکا ۔
بہار میں بھی ہمارے دو کامیاب امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے بعد ہار مل گئی ۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ یہ کیا ہورہا ہے۔
یار مجھے تو لگتا ہے اندر ہی اندر گیانیش کمار دشمنوں سے مل گیا ہے۔ ورنہ یہ ممکن نہیں تھا ۔ اب تو ہمیں میڈیا کے سوا کوئی سہارا نہیں ہے ۔
تمہیں ایساکیوں لگتا ہے؟
اس لیے کہ جو میڈیا ہماری گود میں ہے اور اس کی مدد سے ہم کسی کو بھی جھانسا دے سکتے ہیں ۔
میرا بھی یہی خیال تھا مگر اب رائے بدل گئی ہے۔
وہ کیوں ؟ ایک انڈین ایکسپریس کی دوچار رپورٹ سے کیا ہوتا ہے؟
ارے بھیا پردھان جی کے چہیتے گیا نیش کا جینا دوبھر ہوسکتا ہے۔
تو کیا اب ہمیں اس کے لیے بھی نعرہ لگانا پڑے گا گیانیش کہیں نہیں جائے گا؟ میری تو رائے ہے کہ اب اس کو بلی کا بکرا بنا کر پیچھا چھڑا لینا چاہیے۔
یہ کام اتنا آسان نہیں ہے۔
کیوں نہیں؟ بھیا میں تو کہتا ہوں اس کی جگہ جو بھی آئے گا وہ بھی پردھان جی کے چرنوں میں بیٹھ کروہی کرے گا جو گیانیش کررہا تھا ۔
گیانیش کمار کو اگر ہم نے بلی چڑھا دیا تو کوئی ایسا نہیں کرے گا مگر سوال یہ ہے کہ گیانیش کمار کیا کرے گا ؟
میں تمہاری بات نہیں سمجھا وہ کیا بگاڑ لے گا؟
بھیا وہ اگر سرکاری گواہ بن گیا تو ہماری ساری قیادت جیل کی چکی پیسے گی کیوں کہ ووٹ چوری کرنا یا کروانا کوئی معمولی جرم تھوڑی نا ہے؟
ہاں یار رام لیلا میدان کی ریلی کو اسی مدعا نے کامیاب کردیا۔ لوگوں کو اب اپنے ووٹ کی چوری کا احساس ہوگیا ہے اور سڑکوں پر اترا آئے ہیں ۔
بھیا لوگ کیوں نہ یقین کریں جب ہمارے یوگی مہاراج خود یہ کہہ رہے ہیں کہ ایک کروڈ ستائیس لاکھ ہندووں کے نام کاٹے گئے۔
یار کلن یہ بتاو کہیں اپنے یوگی بابا بھی تو گیانیش کی طرح بغاوت پر نہیں اتر آئے۔ انہیں یہ بات عوام میں کہنے کی کیا ضرورت تھی؟
یار لگتا ہے شاہ جی اور یوگی جی مہابھارت ہماری لٹیا ڈبو دے گی۔ اب کوئی گیانیش ہمیں بچا نہیں سکتا ۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے