’دماغی نکسل‘ کہتے کہتے مودی جی اپنا دماغی توازن بھی کھو بیٹھے .
فوجیوں کو بھی سیاسی دلدل میں گھسیٹنے لگے
ازقلم:عبدالعزیز
سالِ رواں کے 15 اگست کو لال قلعہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران خاص طور پر راہل گاندھی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’نکسلیوں کو شکست دینے میں کامیابی ضرور ہوئی ہے لیکن بہت سی پارٹیوں میں دماغی نکسل موجود ہیں ان کو مات دینا ضروری ہے‘‘۔ مودی جی کے مذکورہ اصطلاح پر کافی بحث و مباحثے ہوئے ۔ بعض دانشور لیڈروں نے طنزیہ انداز میں کہاکہ ’’ہاں! میرے پاس دماغ ہے اور جو لوگ دماغ نہیں رکھتے ہیں وہ بد دماغی کی باتیں کرتے ہیں۔‘‘ نوجوانوں اور طالب علموں نے بھی دماغی نکسل کے استعمال پر مودی جی کو سخت سست سنایا تھا اور انھیں دماغی نکسل اور انتہا پسندی کا بھی طعنہ دیا تھا۔ دماغی نکسل کی بات حکمراں جماعت کے کم عقل ترجمان بھی لے اڑے۔ جوبھی بی جے پی کا مخالف نظر آیا اسے دماغی نکسل کہنے میں ذرا بھی ہچکچائے نہیں بلکہ بے شرمی اور ڈھٹائی کا مظاہرہ کرنے لگے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ نریندر مودی اگر دماغی نکسل کا مطلب انتہا پسندی اور شدت پسندی لیتے ہیں تو آر ایس ایس اور بی جے پی کے لوگوں سے زیادہ ہندستان میں کون ہے جو انتہا پسندی اور شدت پسندی یہاں تک کہ دہشت گردی کا مظاہرہ کر رہا ہو۔ سنگھ پریوار کے لوگ ہی ہیں جو مسلمانوں، عیسائیوں اور دلتوں کو اپنا دشمن تصور کرتے ہیں۔ خاص طور پر مسلمانوں کو ستانے میں دیش بھکتی اور مذہبی کام سمجھتے ہیں۔خاص طور پر نریندر مودی کو ہندستان کے لوگ ہی نہیں بلکہ ہندستان کے باہر بھی Chief Divider (تقسیم اور تفریق کرنے والا) سمجھتے ہیں۔
امریکہ کے ایک رسالہ "The Times” نے اس موضوع پر ایک خصوصی مضمون شائع کیا تھا۔ رسالہ کے سر ورق پر انھیں "Chief Divider” لکھا تھا۔ گودھرا سانحہ اور گجرات فسادات کے بعد مغربی ممالک میں ان کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ ان کی پارٹی کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے انھیں ’’راج دھرم کا پالن (احترام) کرنے کی تلقین کی تھی۔‘‘ کون نہیں جانتا ہے کہ اٹل بہاری واجپئی مودی جی کو گجرات کی گدی سے سبکدوش کرنا چاہتے تھے۔ یہ سب کچھ جانتے ہوئے نریندر مودی دوسروں کو دماغی نکسل کا الزام دینے میں پیش پیش ہیں۔ بابری مسجد کو دن دہاڑے ڈھانے والے اور رام مندر کے چڑھاوے کی چوری بلکہ ڈکیتی کرنے والے کیا انتہا پسندی اور دہشت گردی کے لئے بدنام زمانہ نہیں ہیں؟ اس معاملے میں آر ایس ایس اور بی جے پی کے لوگوں کے نام اب سادھو اور سَنت بھی لینے لگے ہیں۔ ’جن پر تکیہ تھا وہی پتے ہوا دینے لگے ہیں‘۔
دیوالی کے دن وزیر اعظم نریندر مودی فوجیوں کے ساتھ دیوالی مناتے ہوئے نہ جانے کس خوش فہمی میں مبتلا ہوگئے کہ اپنا منصب اور اپنا عہدہ بھی بالائے طاق رکھ کر فوجیوں کو خطاب کرتے وقت کہہ دیاکہ ’’ہندستان کی بہت سی پارٹیوں میں دماغی نکسل گھس آئے ہیں ان کو صفحہ ہستی سے مٹانا ضروری ہے۔‘‘ نریندر مودی ’دماغی نکسل‘ کی بات کہہ رہے تھے مگر خود خالی الذہن ہوگئے تھے بلکہ اپناا دماغی توازن بھی کھو بیٹھے تھے کہ ہندستان کی فوج جو سیاست سے دور ہے اور سیاست میں ملوث میں بھی ہونا نہیں چاہتی ہے اس کو سیاسی دلدل میں گھسیٹنے لگے۔ جس ملک کے سیاست دنواں نے فوج کو اپنے مقصد کے لئے سیاست میں لانے کی کوشش کی ہے اس ملک کا بیڑا غرق ہوا۔ پڑوسی ملک پاکستان کی فوج نے سیاست میں شروع سے ایسا کلیدی کردار ادا کرنا شروع کیا کہ ملک کے دو ٹکڑے ہوگئے اور جو حصہ بچا کھچا ہے اس پر بھی فوج کا قبضہ ہے۔ وہی سیاست داں حکمراں ہوتا ہے جو فوجی سربراہ کا حاشیہ بردار ہوتا ہے۔ کیا نریندر مودی فوج کو اسی طرح سیاست میں دخل اندازی کی دعوت دے رہے ہیں؟ پاکستانی نوکر شاہوں نے سب سے پہلے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل ایوب خان کو وزیر دفاع بناکر سیاست کے میدان میں عمل دخل کرنے کی اجازت دی تھی۔ آج پاکستان سیاسی حکمرانوں کے بجائے فوجی سربراہ کے ہاتھ میں ہے۔ وہاں جمہوریت برائے نام ہے۔ عدلیہ بھی بے دست و پا ہے۔ قانون کی حکمرانی کے بجائے فوج کی حکمرانی ہے۔
تقریباً ہندستان کی سبھی سیاسی پارٹیوں نے نریندر مودی کی اس دماغی نکسل والی حرکت کی شدید مذمت کی ہے اور دماغی توازن کو برقرار رکھنے کی استدعا کی ہے۔ خاص طور پر اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اپنے ٹیوٹر ہینڈل سے فوجیوں کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ ’’نریندر مودی کو میں نے بحث کے لئے چیلنج کیا ہے کہ وہ مجھ سے بحث کریں تو میں ثابت کر دوں گا کہ وہ ملک و قوم کے غدار ہیں۔ اور ہر فوجی کو ان کی غداری کا اور ملک دشمنی کا علم ہوجائے گا۔‘‘
نریندر مودی کی آہستہ آہستہ نتیش کمار کی طرح دماغی کیفیت ہونے لگی ہے۔ نتیش بھی گزشتہ ایک ڈیڑھ سال سے اول فول بولنے لگے تھے۔ ان کی دماغی بیماری جب حد سے زیادہ بڑھ گئی اور بہار کی حکمرانی ان کے بس کی بات نہیں رہی تو مودی اور شاہ کے علاوہ جنتادل یونائیٹڈ کے بھی بڑے لیڈروں نے انھیں گدی سے اتر جانے کی صلاح دی۔ مجبوراً نتیش کمار کو بہار کی وزارتِ اعلیٰ سے سبکدوش ہونا پڑا اور راجیہ سبھا جیسی معمولی رکنیت پر اکتفا کرنا پڑا۔ اب نہ ان کا بہار میں بول بالا ہے، نہ پارٹی کے اندر ان کی بات سننے کے لئے کوئی تیاررہے۔نریندر مودی کو بہت بڑا مقرر سمجھا جاتا ہے لیکن اب ان کی تقریر بے معنی ہوتی جا رہی ہے۔ اب ان کی سمجھ میں نہیں آتا کہ کہاں کیا بولیں۔یہ بات ان کے اندر بہت دنوں سے ہے لیکن پہلے کبھی کبھی اپنے دماغ کے عدم توازن کا مظاہرہ کرتے تھے۔ مثلاً اپنی ’غیر فطری پیدائش‘ کا ذکر، دو بھینسوں میں سے ایک بھینس چرانے کا تذکرہ، یا نالی میں سے گیس نکالنے کی بات یا پکوڑے تل کے روزگار کی بات۔ اس طرح کی بہت سی باتیں وہ کیا کرتے تھے، لیکن اب جو کچھ وہ کر رہے ہیں یا کہہ رہے ہیں اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ان کو اپنی حیثیت کا یا اپنے منصب کا کوئی خیال نہیں رہتا۔
مودی جی جہاں جاتے ہیں وہاں سے اپنے آپ کو جوڑ لیتے ہیں۔ جھوٹ کا تو حال یہ ہے کہ ان کو خود اپنی بات یاد نہیں رہتی۔ فارسی میں صحیح کہا گیا ہے کہ ’’دروغ گو حافظہ نباشد‘‘ (جھوٹ بولنے والا حافظہ سے محروم ہوتا ہے)۔ موصوف کبھی کہتے ہیں کہ 35سال تک بھیک مانگتے رہے، کبھی چالیس سال کی بات کرتے ہیں کہ انھوں نے بھیک مانگ کر زندگی گزاری۔ مغربی بنگال میں اپنا تعلق جوڑنے کے لئے کبھی یہ بولتے ہیں کہ بنگال میں مچھلی بیچتے رہے۔ کبھی یہ بولتے ہیں کہ بچپن میں میٹرو ریل دیکھنے کلکتہ آئے تھے، حالانکہ اس وقت وہ چالیس پینتالیس سال کے تھے۔ اس طرح کی ان کی بہت سی باتیں ہیں جو جھوٹ سے بھی تعلق رکھتی ہیں اور ان کی کم دماغی اور کم عقلی کا بھی پتہ دیتی ہیں۔
نریندر مودی فوجیوں کو خطاب کرتے ہوئے سیاسی بات کرتے ہیں اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کا دماغ بالکل کام نہیں کر رہا ہے، ورنہ وہ ہر گز فوجیوں کو سیاست دانوں کے خلاف اکسانے کی بات نہیں کرتے۔ فوج کسی بھی پارٹی یا فرد کی نمائندگی نہیں کرتی بلکہ فوج ملک و قوم کے دفاع کے لئے ہوتی ہے۔ سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہوتی ہے۔ اگر کوئی حکمراں اپنے مقصد کے لئے استعمال کرنے کی خواہش رکھتا ہے یا اپنے مخالف کو مات دینے کے منصوبے پر عمل کرتا ہے تو حقیقت میں وہ قوم و ملک سے دشمنی کرتا ہے۔ یہ نہ دیش بھکتی ہے اور نہ قوم پروری ہے کہ فوجیوں کو سیاست کا چسکا لگا دیا جائے۔ فوجیوں کے سیاست میں آنے سے فوج سرحدوں کی حفاظت سے کہیں زیادہ سیاست کو پسند کرنے لگتی ہے۔ آہستہ آہستہ اس کے اندر اقتدار سے قریب آنے اور اقتدار میں حصہ لینے کی چاہت بھی پیدا ہو جاتی ہے۔ فوجیوں کو سیاست جیسے گندے کھیل سے دور رکھنا ضروری ہے، ورنہ ملک میں تھوڑی بہت جو جمہوریت باقی ہے وہ بھی ختم ہو سکتی ہے۔
E-mail:azizabdul03@gmail.com
Mob:9831439068