مہاراشٹرفریڈم آف ریلجن ایکٹ بنام لو جہاد قانون، بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت پر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے دوبارہ پٹیشن داخل کی، دیوالی کی تعطیلات کے بعد سماعت متوقع،
مہاراشٹرفریڈم آف ریلجن ایکٹ بنام لو جہاد قانون،
بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت پر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے دوبارہ پٹیشن داخل کی،
دیوالی کی تعطیلات کے بعد سماعت متوقع،
ممبئی11؍ نومبر2026
مہاراشٹر حکومت کی جانب سے بنائے گئے لؤ جہاد قانون بنام مہاراشٹر فریڈم آف ریلجن ایکٹ2026 کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی پٹیشن کو بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت پر عرض گذار مولانا حلیم اللہ قاسمی نے دوبارہ بامبے ہائی کورٹ میں داخل کردیا ہے۔ گذشتہ ہفتے بامبے ہائی کورٹ نے مولانا حلیم اللہ قاسمی کو ہدایت دی تھی کہ وہ پٹیشن میں مزید تفصیلات درج کرکے دوبارہ داخل کرے۔دوران سماعت چیف جسٹس آف بامبے ہائی کورٹ نے زبانی تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہندوستان کے ہر شہری کو اپنے پسند کے مذہب کو اختیار کرنے کی آئینی آزاد ی ہے لیکن صرف شادی کے لیئے کسی کا مذہب تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔عدالت نے زبانی تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا تھاکہ اس قانون کو بنانے کا مقصدہندوستان کے سیکولر تانے بانے کو محفوظ رکھنا ہے اور جبراً تبدیلی مذہب کو روکنا ہے ۔عدالت نے مزید کہا تھاکہ ہوسکتا ہے اس قانون میں خامیاں ہو ںلیکن ابھی اس موقع پر اس قانون کے تعلق سے عدالت کوئی فیصلہ نہیں صادر کریگی۔مولانا حلیم اللہ قاسمی کی جانب سے داخل پٹیشن میں مزید تحریر کیا گیا ہے کہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے بنائے گئے قانون کی وجہ سے انہیں خدشہ ہے کہ اس قانون کا غلط استعمال کرکے ان جیسے دینی و علمی بیانات کرنے والے مقررین کو پریشان کیا جاسکتا ہے کیونکہ قانون میں درج کیا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر مسلم شخص کسی عالم دین یا مبلغ کا بیان سن کر مذہب تبدیل کرتا ہے تو اس عالم دین یا مبلغ کے خلاف جبراً مذہب تبدیل کرانے کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔عرضداشت میں مزید تحریر ہے کہ لفظـ’ لالچ ‘کی تعریف انتہائی مبہم طریقے سے کی گئی ہے ، لالچ دے کر مذہب تبدیل کرانے کو غیر ضمانتی جرم قرار دیا گیا ہے جبکہ مفت تعلیم دینے ، بہتر طرز زندگی گذارنے کے لیئے اقدامات کرنے ، روحانی علاج ، اپنے مذہب کی تعریف اور دوسرے کے مذہب کی برائی کو بھی لالچ دینے کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔عرض داشت میں مزید تحریر ہے کہ کہ مہاراشٹر فریڈم آف ریلجن ایکٹ2026 نافذ العمل ہونے کے بعد سے عرض گذار اور صوبہ میں رہنے والے مسلمانوں میں بے چینی ہے کہ اس قانون کا غلط استعمال ہوسکتا ہے کیونکہ اس قانون میں پولس اور اتھاریٹی کو بہت زیادہ اختیارات دیئے ہیں۔مولانا حلیم اللہ قاسمی کی جانب سے داخل پٹیشن کو ایڈوکیٹ متین شیخ نے بامبے ہائی کورٹ میں داخل کیا ہے ۔