Breaking

نکھل گپتا کو امریکہ میں سزا، ملک کی صاف شفاف شبیہ پر کلنک

نکھل گپتا کو امریکہ میں سزا،  ملک کی صاف شفاف شبیہ پر کلنک

نکھل گپتا کو امریکہ میں سزا،
ملک کی صاف شفاف شبیہ پر کلنک

–

ازقلم:ڈاکٹر سلیم خان

–

سرزمینِ امریکہ پر فراڈ یا امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی وغیرہ کے الزام میں کئی لوگوں کو سزا ہوچکی ہے لیکن وہ ان انفرادی جرم تھا ۔ اس کا حکومت سے کوئی تعلقات نہیں جوڑا جاسکا لیکن مودی کا زمانہ اس بات کے لیے یاد کیا جائے گا کہ اس دور میں ایک خالصتانی شدت پسند کو اجرتی طور پر قتل کرنے اور منی لانڈرنگ کی سزا جس نکھل گپتا کو سنائی گئی اس کا تعلق سرکار سے ہوجاتا ہے۔ امریکی عدالت نے ہندوستانی شہری نکھل گپتا کو خالصتانی دہشت گرد گروپتونت سنگھ پنو کے قتل کی سازش رچنےکے الزام میں 19 سال اور سات ماہ قید کی سزا سنادی اور مودی جی دیکھتے کے دیکھتے ر ہ گئے۔ وہ اپنے دوست ٹرمپ سے اتنا بھی نہیں کہہ سکے کہ اسے دہلی بھیج دیا جائے ہم مقدمہ چلا کر سزا دے دیں گے ۔ اصل میں ہوا یہ کہ 55؍سالہ نکھل گپتانے اس سال کے شروع میں گروپتونت پنوں کے حوالے سے معاہدہ قتل، قتل کی سازش، اور منی لانڈرنگ کی سازش کا اعتراف کرلیا۔ امریکی تحقیقات کے مطابق 2023 میں نکھل گپتا نے پنوں کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث متعدد افراد سے رابطہ کیا ۔ ان میں سے وکاس یادو تو نیم فوجی دستے کا ملازم تھا اور اب گپتا کا شریک ملزم ہےاسی نے گپتا سے کسی ایسے شخص سے رابطہ کرنے کو کہا جو قتل کے لیے شوٹر کا بندوبست کر سکے۔گپتا نے جس شخص سے رابطہ کیا وہ کوئی مجرم نہیں تھا بلکہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کا ایک خفیہ ایجنٹ نکل گیا ۔
وزارتِ داخلہ سمیت قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال تک کو پھنسانے والی اس دردناک داستان کا آغاز دراصل اس وقت ہوا جب مودی جی دوسری بار انتخاب جیت کر 2019 میں ’سکھ فار جسٹس‘ نام کی سکھ علیحدگی پسند تنظیم کو دہشت گرد وں کے زمرے میں شامل کردیا تھا۔ گرو پتونت سنگھ چونکہ امریکہ میں حکومت ہند کے خلاف ایک علیحدہ سکھ ریاست کے قیام کی تحریک میں بہت پیش پیش تھا اس لیے اسے اہم مطلوبہ مجرموں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ۔ یہاں تک سب ٹھیک تھا ۔ حکومت ہند کے لیے موقع تھا کہ وہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کرکے اسے ہندوستان لاکر مقدمہ کرنے کی کوشش کرتی لیکن بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اس نے سیدھی انگلی سے گھی نکالنے کے بجائے انگلی ٹیڑھی کردی اور بھول گئی کہ اپنے ملک میں کسی کا انکاونٹر کردینا یا کروا دینا جس قدر سہل ہے بیرونِ ملک یہ اتنا آسان نہیں ہے۔ یہ راز اس وقت کھلا جب امریکہ کے تفتیش کاروں نے پتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش کے معاملے میں جون 2023 کے اندر نکھل گپتا نام کے ایک ہندوستانی باشندے کو چیک کی راجدھانی پراگ سے گرفتار کرلیا ۔
آگے چل کر ایف بی آئی کے ذریعہ طویل تفتیش کے بعد عدالت میں جوفرد جرم داخل ہوئی اس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کے ایک ایجنٹ وکاس یادو نے پنوں کو قتل کرنے کے لیے نکھل گپتا کو استعمال کیا تھا۔ اس کام کے لیے اس نے ایک لاکھ رقم کے عوض کرائے کے قاتل کی خدمات ایک سرکاری ایجنٹ سے حاصل کرنے کی کوشش کی۔امریکی تحقیقاتکے مطابق استغاثہ نے مانا کہ یہ رقم وکاس یادو نے فراہم کی تھی۔ گپتانے چونکہ شوٹر کا بندوبست کرنے کے لیے امریکی تحقیقاتی ایجنسی کے ایجنٹ کی خدمات حاصل کرلیں اس اسے پوری بات چیت اور لین دین کی نگرانی کا موقع مل گیا۔ امریکہ کی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی ڈی ای اے نے پنوں کو قتل کرنے کی سازش کے معاملے میں وکاس یادو اور نکھل گپتا کے درمیان براہ راست رابطہ کا الزام لگادیا۔ امسال فروری (2026) میں نکھل گپتا نے رقم لے کر قتل کرنے، رقم لے کر قتل کرنے کی سازش کرنے اور منی لانڈرنگ کے تین معاملوں میں عدالت کے اندر اپنا جرم قبول کر لیا ۔ حکومت ہند نے امریکہ کی تفتیش کی تکمیل کے بعد حکومت ہند کے ساتھ شواہد کا اشتراک کیا۔ اس کے باوجود مودی سرکارنے اپنے اہلکاروں کا قتل کی اس مبینہ سازش سے تعلق کا انکار کردیا ۔ نکھل گپتا کے خلاف نیویارک میں جاری مقدمہ کا فیصلہ 20؍ نومبر کو سنا دیاگیا۔
اس فیصلے سےقبل امریکی حکومت نے مقدمے میں متاثرہ اور گواہ پتونت سنگھ کو عدالت میں اپنا مکمل بیان دینے کی اجازت دی ۔ عدالت کا فیصلہ آتے وقت کچھ آڈیوز اور ویڈیوز بھی چلائی گئیں جنھیں 200 سے زیادہ لوگوں نے عدالت کےبڑے ہال میں دیکھا۔ اپنی سزا سنانے سے پہلے، گپتا نے عدالت میں ایک ندامت بھرا ذاتی خط پیش کیا۔ اس خط میں وقت واپس جاکر 2023 کی غلطیوں کو درست کرنے کا عندیہ ہے۔اس نے اپنے خاندان اور اپنے آس پاس کے لوگوں کو تکلیف پہنچانے پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔گپتا نے نے لکھا کہ وہ کسی کے مارے نہ جانے پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ اگر کوئی مر جاتا یا زخمی ہوجاتا تو یہ اس کی زندگی کا سب سے بڑا افسوسناک سانحہ ہوتا۔ اس کے برخلاف سماعت کے دوران گروپتون سنگھ پنوں نے بھی عدالت میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ان کی جان کو خطرہ سامنے آیا ہے، وہ اپنی باقاعدہ قانونی مشق کو انجام دینے سے قاصر ہیں۔پنوں ایک امریکی اور کینیڈین شہری ہیں۔ ان کا تعلق خالصتان کی حامی تنظیم سے ہےجسے ہندوستان میں دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔ امریکی استغاثہ نے الزام لگایا کہ ہندوستانی حکومت سے جڑے افراد اس سازش میں ملوث تھے۔
مودی سرکار پر آفات و مصیبت کا سلسلہ اندرونِ ملک کے علاوہ بیرونِ ملک سے بھی جاری و ساری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے یارِ غار صدر ڈونلڈ ٹرمپ جب سے امریکہ میں برسرِ اقتدار ہوئے ہیں آئے دن کوئی نہ کوئی نیا فتنہ ساتھ سمندر پار کرکے سرزمینِ ہند پر آدھمکتا ہے۔ پچھلے دنوں جب امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنی آمد سے قبل پیش بندی کے طور پر ایپسٹین فائلس میں سے ہردیپ پوری کی ایک تصویر نکال کر روانہ کردی تاکہ اپنی مرضی منوانے میں سہولت رہے۔ انہوں نے اندر خانے کیا کیا منوایا یہ تو خدا بہتر جانتا ہے مگر بظاہر ہندوستانی وزیر خارجہ جئے شنکر کے دفتر میں جاکر ان سے ملنے کے بجائے انہیں دہلی سے ممبئی بلوا لینا بھی کوئی کم توہین نہیں تھی۔ اب ایس سی او کی کانفرنس دہلی ہونے والی ہے جس میں چین اپنا زور لگائے گا اور اس کے ساتھ پاکستان بھی موجود ہوگا تو اس کے پہلے اجیت ڈوبھال کے خلاف امریکہ کی ایک عدالت سے سمن چلا آیا اور اس نے کھلبلی مچا دی۔ ان مصائب سے نجات کے لیے اگر مذہبی ہندو اپنے کسی دھرما چاریہ سے رجوع کرے تو اسے جواب ملے گا کہ قدیم سناتن صحیفوں میں سمندر پار کرنے (یعنی سمندر یاترا) پر پابندی تھی یا اسے ناپسندیدہ سمجھاجاتا تھا ۔
پانچویں صدی قبل مسیح کی تحریر بودھائن دھرم سوترمیں یہ ذکر ملتا ہے کہ سمندر پار کرنے کی پابندی کا پاس و لحاظ نہ رکھا جائے اس کے منفی اثرات پڑتے ہیں ۔ مودی کے بعد بھاگوت نے بھی گویا اس مصیبت کو دعوت دی ہے ۔ ہندو مت کے قدیم مذہبی صحیفوں ( دھرم شاستروں) میں سمندر پار کے سفر کو روحانی اور سماجی طور پر آلودگی یا زوال کا باعث سمجھا جاتا تھا، کیونکہ اس سفر کے دوران اپنے مذہبی رسوم و رواج کی پابندی کرنا مشکل ہو جاتا تھا۔ آر ایس ایس کے لوگ تو ویسے بھی مذہبی رسوم و رواج اپنی سیاسی ضرورت کے پیش نظر لائٹ اور کیمرے کے سامنے ہی ادا کرتے ہیں۔ ویسےبودھائن دھرم سوتر اور بعض دیگر روایات میں بحالتِ مجبوری سمندر پار سفر کرنے کی صورت میں اپنی پاکیزگی یا نفس کی بحالی کے لیے خاص قسم کے کفارے (پرایشچت) کا ذکر ملتا ہے۔اس میں طویل عرصے تک سخت عبادات اور روزے (وغیرہ) رکھے جاتے تھے لیکن آر ایس ایس والوں کو بھلا ان میں کیا دلچسپی؟ ویسے اگر کسی کےدامن پر ایپسٹین جیسے داغ ہوں تو وہ کسی کمبھ میں ڈبکی لگانے سے بھی مٹنے سے رہے۔ ڈاکٹر منجے نے برطانیہ و اٹلی سے آکر اپنے شاگردِ رشید کیشو بلی رام ہیڈگیوار کو آر ایس ایسا قائم کرنے کی ہدایت تو کی مگر بیرونِ ملک جانے کا تلقین نہیں کی اور ان کے بعد بھی کسی سربراہ نے جرأت نہیں کی یہاں تک کہ نوزائیدہ سنگھ ایک سو سال کا ہوگیا۔
آر ایس ایس کی تاریخ میں غالباً پہلی بار سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے صد سالہ تقریب کے بہانے امریکہ کا سفر کیالیکن وہ کوئی خاص کامیابی نہیں حاصل کرسکے۔انہوں نے نہ تو انگریزی صحافیوں یا گورے دانشوروں سے ملاقات کرکے ان کے سامنے ان کے سامنے اپناورلڈ ویو(عالمی نقطۂ نظر) پیش کرنے کی جرأت کی اور نہ خالصتانیوں کو ترنگے کی بے حرمتی سے روکنے میں کامیاب ہوئے۔ زعفرانی یک رنگی کے قائل سنگھ کی ترنگےپرچم سے پرخاش بہت پرانی ہے اس کے باوجود وہ منظر ان کی طبیعت پر گراں توگزرا ہی ہوگا۔ گروپتونت سنگھ پنوں کی شکایت پر نکھل گپتا تو سزا سنا دی گئی لیکن اگر آگے چل کرخدا نخواستہ اجیت ڈوبھال کو امریکہ کی عدالت میں حاضر ہوجانا پڑ جائے تو تب تو یہ بہت بڑا جھٹکا ہوگا۔ اس سے بھاگوت سمیت مودی جی کی بھی عالمی ساکھ پوری طرح خاک میں مل جائے گی ۔ گوتم اڈانی نے خود عدالت سے بری کروانے کے لیے امریکہ میں کروڈوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کردیا اب اجیت ڈوبھال کو گرفتار ہونے سے بچانے کے لیے قیمت چکائی جائے گی یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

By Maqsood

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے