الحمدللہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر .
جمعیت علماء وجے واڑہ، آندھرا پردیش کے زیر اہتمام
آج بروز پیر 14 ستمبر 2026ء کو جمعیت علماء وجے واڑہ، ضلع کرشنا و این ٹی آر کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد مسجد جنت الفردوس، گورنر پیٹ، وجے واڑہ میں ہوا، جو بحمداللہ اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوئی اور نہایت کامیابی و نظم و ضبط کے ساتھ اختتام پذیر ہوا
یہ اہم تربیتی نشست محترم المقام حضرت مولانا مفتی و قاضی سید عبد الرحیم صاحب قاسمی دامت برکاتہم، صدر جمعیت علماء متحدہ ضلع کرشنا، وجے واڑہ کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی، جبکہ مفکر قوم و ملت حضرت مولانا حسین احمد صاحب مظاہری دامت برکاتہم، ریاستی نائب صدر جمعیت علماء آندھرا پردیش بھی خصوصی طور پر تشریف فرما رہے۔
الحمدللہ، اس تربیتی ورکشاپ میں وجے واڑہ، گورنر پیٹ، ضلع متحدہ کرشنا، این ٹی آر اور آندھرا پردیش کے مختلف علاقوں اور دور دراز مقامات سے کثیر تعداد میں علماء کرام اور جمعیت علماء کے ذمہ داران نے شرکت فرمائی، جس سے مجلس میں خوب رونق اور دینی و تنظیمی جوش پیدا ہوا۔
جمعیت کے شعبہ جات پر جامع رہنمائی
اس موقع پر *شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد الیاس صاحب جامعی دامت برکاتہم ، ناظمِ اعلیٰ جمعیت علماء ضلع نیلور نے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جمعیت علماء کے مختلف شعبہ جات اور تنظیمی امور پر نہایت جامع، مدلل اور منظم انداز میں روشنی ڈالی۔
حضرت نے خصوصی طور پر مکاتبِ دینیہ، دینی تعلیمی بورڈ، تعلیم و تربیت، دعوت و اصلاح، تنظیمی امور، خدمتِ خلق اور جمعیت کے دیگر شعبہ جات کے سلسلے میں ذمہ داران کی رہنمائی فرمائی اور اس بات کی طرف توجہ دلائی کہ جمعیت کے کام کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ہر شعبے کو اس کی ذمہ داری اور تقاضوں کے مطابق فعال کرنا ضروری ہے۔
حضرت مولانا الیاس صاحب کی مفصل اور جامع گفتگو سے تمام حاضرین نے بھرپور استفادہ کیا اور علماء کرام و ذمہ داران نے حضرت کی قیمتی رہنمائی کو نہایت توجہ سے سماعت فرمایا۔
ضلع و شہر کی کارگزاری پیش کی گئی .تربیتی نشست کے اختتام پر محترم حضرت مولانا مفتی و قاضی سید عبد الرحیم صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے جمعیت علماء وجے واڑہ اور متعلقہ علاقوں کی کارگزاری اور تنظیمی سرگرمیوں پیش فرمائیں، جس میں جمعیت کے تحت انجام دیے جانے والے مختلف دینی، تعلیمی، اصلاحی اور سماجی کاموں کا مختصر جائزہ پیش کیا گیا۔
اس کے بعد حضرت نے تشریف لانے والے تمام مہمان علماء کرام، ذمہ داران اور شرکائے نشست کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی شرکت کو اس تربیتی پروگرام کی کامیابی کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔
اختتامی کلمات اور دعا
آخر میں حضرت مولانا حسین احمد صاحب مظاہری دامت برکاتہم نے تمام تشریف لانے والے مہمان علماء کرام، جمعیت علماء کے ذمہ داران اور شرکائے ورکشاپ کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں حضرت مولانا محمد الیاس صاحب جامعی دامت برکاتہم کی دعا کے ساتھ یہ بابرکت تربیتی نشست اختتام پذیر ہوئی۔
جمعیت علماء کا عزم
یہ تربیتی ورکشاپ محض ایک نشست نہیں بلکہ علم، تربیت، تنظیم، اتحاد اور خدمتِ امت کے جذبے کو مزید مضبوط کرنے کی ایک اہم کوشش تھی۔
اللہ تعالیٰ جمعیت علماء کی تمام دینی، تعلیمی، اصلاحی اور رفاہی کوششوں کو شرفِ قبول عطا فرمائے، تمام ذمہ داران کو اخلاص کے ساتھ کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس اجتماع کو امت کے لیے نافع اور بابرکت بنائے۔آمین یا رب العالمین۔
منجانب:مفتی محمد یوسف قاسمی:سیکریٹری جمعیت علماء وجے واڑہ آندھرا پردیش