صفا بیت المال اور منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کے اشتراک سے ’’بی بی آمنہ سنٹر‘‘ کا قیام خواتین کی تعلیم، ہنر مندی اور دینی و سماجی رہنمائی کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت۔
صفا بیت المال اور منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا کے اشتراک سے ’’بی بی آمنہ سنٹر‘‘ کا قیام
خواتین کی تعلیم، ہنر مندی اور دینی و سماجی رہنمائی کی جانب ایک خوش آئند پیش رفت۔
حیدرآباد،12جون(الہلال میڈیا)
معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہم اور بنیادی حیثیت رکھتا ہے، خواتین کی دینی، تعلیمی اور فنی تربیت درحقیقت ایک صالح اور مضبوط معاشرے کی تشکیل کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا غیاث احمد رشادی مرکزی صدر صفا بیت المال و منبر و محراب فاؤنڈیشن انڈیا نے صفا بیت المال اور منبر و محراب فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم ’’بی بی آمنہ سنٹر‘‘ علی نگر ، بنڈلہ گوڑہ کی افتتاحی تقریب سے کیا ، واضح ہو کہ اس سنٹر کا قیام مقامی ذمہ داران خصوصا جناب عبد الماجد صاحب کی خصوصی دلچسپی اور تعاون نیز صفا بیت المال اور منبر و محراب فاؤنڈیشن کے اشتراک سے عمل میں آیا، جہاں خواتین اور طالبات کی تعلیم، تربیت اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے مختلف پروگراموں کا آغاز کیا گیا۔سنٹر کے تحت مہندی ڈیزائننگ کورس، ٹیلرنگ سنٹر اور مرکزِ نسواں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا، جس کا مقصد خواتین کو ہنر مند بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی دینی و اخلاقی تربیت کا اہتمام کرنا ہے۔ اس موقع پر متعدد طالبات اور خواتین نے داخلہ حاصل کیا اور اس کارِ خیر میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، مولانا رشادی نے کہا کہ قوم کی بیٹیوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو صحیح سمت فراہم کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ بی بی آمنہ سنٹر کا قیام خواتین کی فلاح، بہتر مستقبل اور دینی تعلیم و تربیت کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔ مولانا نے طالبات اور خواتین کو اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی تلقین کی ۔ پروگرام کے اختتام پر سنٹر کی کامیابی، خواتین کی ترقی اور ملت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس اقدام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے دونوں اداروں کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ بی بی آمنہ سنٹر آنے والے دنوں میں خواتین کی دینی تعلیم و تربیت اور ہنر مندی کا ایک مثالی مرکز ثابت ہوگا۔