اسلامی تاریخِ ہند کا ازسرِنو جائزہ "اسلام کی آمد سے عصرِ حاضر کی تحریکوں تک برصغیر کے علمی، تہذیبی اور فکری سفر کا ایک تحقیقی جائزہ” (ماضی کی تفہیم، حال کا شعور اور مستقبل کی تعمیر)
اسلامی تاریخِ ہند کا ازسرِنو جائزہ
"اسلام کی آمد سے عصرِ حاضر کی تحریکوں تک برصغیر کے علمی، تہذیبی اور فکری سفر کا ایک تحقیقی جائزہ”
(ماضی کی تفہیم، حال کا شعور اور مستقبل کی تعمیر)
بقلم:- نجیب الرحمن خان (لیکچرر)
مہاراشٹر ، 9657233166
"جو قومیں اپنے ماضی کو بھلا دیتی ہیں، وہ اپنے مستقبل کی سمت بھی کھو دیتی ہیں۔”
برصغیر کی اسلامی تاریخ دنیا کی چند عظیم ترین تہذیبی داستانوں میں سے ایک ہے۔ لیکن بدقسمتی سے آج یہ تاریخ یا تو سیاسی تنازعات کی نذر ہوچکی ہے یا محض چند جنگوں اور حکمرانوں تک محدود کردی گئی ہے۔ نتیجتاً نئی نسل اسلامی تاریخِ ہند کو ایک مکمل تہذیبی، علمی اور فکری سفر کے بجائے چند منتشر واقعات کے مجموعے کے طور پر جانتی ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا اسلامی تاریخِ ہند صرف محمد بن قاسم، محمود غزنوی، بابر، اورنگزیب اور ٹیپو سلطان کی تاریخ ہے؟ کیا یہ صرف فتوحات، سلطنتوں اور جنگوں کی داستان ہے؟ یا پھر اس کے پس منظر میں علم، تہذیب، روحانیت، سماجی اصلاح، مرد و خواتین کی خدمات، تعلیمی اداروں اور فکری تحریکوں کی ایک ایسی تاریخ بھی موجود ہے جسے دانستہ یا نادانستہ نظرانداز کردیا گیا؟
یہی وہ سوالات ہیں جو "اسلامی تاریخِ ہند کا ازسرِنو جائزہ” لینے کی ضرورت کو واضح کرتے ہیں۔
قرآن مجید تاریخ کو محض ماضی کے واقعات کے طور پر نہیں بلکہ عبرت، بصیرت اور رہنمائی کا سرچشمہ قرار دیتا ہے:
سورہ یوسف۔ آیت نمبر 111 میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں کہ
لَقَدْ كَانَ فِي قَصَصِهِمْ عِبْرَةٌ لِّأُولِي الْأَلْبَابِ ®
ترجمہ – ” اگلے لوگوں کے ان قصوں میں عقل و ہوش رکھنے والوں کے لیے عبرت ہے۔”
اسی طرح قرآن مجید بار بار قوم عاد،قوم ثمود ، فرعون، بنی اسرائیل ،اور دیگر اقوام کا ذکر کرتا ہے تاکہ انسان تاریخ سے سبق حاصل کرے۔اسی لیے اسلام میں تاریخ کا مطالعہ صرف معلومات حاصل کرنے کے لیے نہیں بلکہ قوموں کے عروج و زوال کے اسباب جاننے کے لیے کیا جاتا ہے۔
تاریخ (History) اور تاریخ نگاری (Historiography) میں فرق کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔ تاریخ واقعات کا نام ہے جبکہ تاریخ نگاری ان واقعات کی تعبیر اور تشریح کا عمل ہے۔ مثال کے طور پر 1857ء کا واقعہ ایک حقیقت ہے، لیکن انگریز مورخین نے اسے "بغاوت” قرار دیا جبکہ ہندوستانی مؤرخین نے اسے "جنگِ آزادی” کہا۔ اس مثال سے واضح ہوتا ہے کہ واقعات ایک ہوتے ہیں لیکن ان کی تعبیر مختلف ہوسکتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ اسلامی تاریخِ ہند کا مطالعہ کرتے وقت صرف یہ جاننا کافی نہیں کہ "کیا ہوا؟” بلکہ یہ بھی جاننا ضروری ہے کہ "کیوں ہوا؟”، "اس کے نتائج کیا نکلے؟” اور "اسے کس زاویے سے بیان کیا جارہا ہے؟” نوآبادیاتی دور میں برطانوی مورخین نے ہندوستان کی تاریخ کو اپنے سیاسی مفادات کے مطابق مرتب کیا۔ مسلمانوں کو عموماً صرف حکمران یا جنگ کے طور پر پیش کیا جبکہ علم، تعلیم، سماجی خدمت، تہذیبی ارتقاء اور قومی تعمیر میں ان کی خدمات کو پس منظر میں دھکیل دیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بہت سے لوگ اسلامی تاریخِ ہند کو صرف اقتدار کی تاریخ سمجھتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس سے کہیں زیادہ وسیع اور ہمہ گیر ہے۔اگر ہم غیر جانبدارانہ تحقیق کی روشنی میں دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ برصغیر میں اسلام صرف حکمرانوں کے ذریعے نہیں بلکہ تاجروں، صوفیہ، علماء، مصلحین، معلمین اور عام مسلمانوں کے کردار کے ذریعے پھیلا۔ یہی وہ حقیقت ہے جو اسلامی تاریخِ ہند کو دنیا کی دیگر فتوحات کی تاریخوں سے ممتاز بناتی ہے۔ اسلام کی آمد سے لے کر صوفیہ کی دعوت، دہلی سلطنت، مغلیہ عہد، شاہ ولی اللہ کی اصلاحی تحریک، 1857ء کی جدوجہد، سرسید کی تعلیمی تحریک، اقبال کی فکری بیداری، مولانا آزاد کی سیاسی بصیرت، مولانا محمد علی جوہر کی صحافتی جدوجہد، حسرت موہانی کا "انقلاب زندہ باد” کا نعرہ ، الطاف حسین حالی کی نثر و نظمیں اور عصر حاضر کی دینی و اصلاحی تحریکوں تک، اسلامی تاریخِ ہند دراصل ایک مسلسل فکری، تعلیمی اور تہذیبی سفر کا نام ہے۔
یہ تاریخ ہمیں سکھاتی ہے کہ قوموں کا عروج صرف عسکری قوت سے نہیں بلکہ علم، اخلاق، عدل، تحقیق، کردار اور اجتماعی شعور سے وابستہ ہوتا ہے۔ جب یہ عناصر مضبوط ہوتے ہیں تو قومیں ترقی کرتی ہیں اور جب یہ کمزور پڑجاتے ہیں تو زوال ان کا مقدر بن جاتا ہے۔
قرآن کہتا ہے ۔
(القرآن – سورۃ نمبر 5 المائدة
آیت نمبر 8)
ۖوَلَا يَجۡرِمَنَّكُمۡ شَنَاٰنُ قَوۡمٍ عَلٰٓى اَ لَّا تَعۡدِلُوۡا ؕ اِعۡدِلُوۡا ۞۔ ترجمہ:
” کسی گروہ کی دُشمنی تم کو اتنا مشتعل نہ کردے کہ انصاف سے پھرجاوٴ۔ عدل کرو، یہ خدا ترسی سے زیادہ مناسبت رکھتا ہے”۔
یہ اصول تاریخ کے مطالعہ میں بھی لاگو ہوتا ہے ۔
آج سوشل میڈیا کا دور ہے۔ معلومات تک رسائی آسان ہے لیکن صحیح معلومات تک رسائی مشکل ہو گئی ہے
* من گھڑت واقعات
* جھوٹے اقوال
* غیر مستند تاریخی قصے
* جذباتی ویڈیوز ۔
بڑی تیزی سے پھیل جاتے ہیں۔
اس لیے آج کے دور میں طلبہ وہ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سنی سنائی باتوں کو قبول نہ کریں بلکہ تحقیق کی عادت پیدا کریں ۔
اسلامی تاریخِ ہند کا ازسرِنو جائزہ لینا محض ماضی کا مطالعہ نہیں بلکہ حال کو سمجھنے اور مستقبل کی تعمیر کے لیے ایک ناگزیر علمی ضرورت ہے ۔
*برصغیر میں اسلام کی آمد: تجارت، کردار اور دعوت:- *
ڈاکٹر اسرار احمد (رح) کے مطابق
ہندوستان میں اسلام کی آمد بنو امیہ کے دور میں ہوئی تاریخی حقائق بتاتے ہیں کہ اسلام کی روشنی برصغیر کے ساحلوں تک عرب تاجروں کے ذریعے پہلی
"برصغیر میں اسلام دور نبوت اور دور خلافت راشدہ سے محروم رہا البتہ مالابار کے "راجہ چیرامان پرومال” ایک رات اپنی چھت پر موجود تھے کہ انہوں نے آسمان میں ایک غیر معمولی منظر دیکھا، جسے بعد میں "شقُّ القمر” کے معجزے سے جوڑا گیا۔ اگلے دن انہوں نے نجومیوں اور ماہرینِ فلکیات سے اس کی حقیقت دریافت کرنے کی کوشش کی، لیکن کوئی تسلی بخش جواب نہ مل سکا۔ بعد ازاں عرب تاجروں سے گفتگو کے دوران انہیں معلوم ہوا کہ عرب میں حضرت محمد ﷺ نے نبوت کا اعلان فرمایا ہے اور "شقُّ القمر” کا یہ واقعہ آپ ﷺ کے معجزات میں سے ہے۔
اس خبر نے راجہ کے دل میں حقیقت کی جستجو پیدا کی، چنانچہ وہ رسول اللہ ﷺ سے ملاقات کے لیے عرب روانہ ہوئے۔ روایات کے مطابق انہوں نے اسلام قبول کیا ،اپنی اولاد کے نام خطوط روانہ کیے اور واپسی کے سفر پر روانہ ہوئے، لیکن راستے میں شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے اور وہیں دفن کر دیے گئے”۔ (اس روایت کی تاریخی حیثیت پر اہلِ تحقیق میں اختلاف بھی پایا جاتا ہے۔)
خلافت راشدہ کے بعد” *بنو امیہ* ” کا دور شروع ہوا جو 661 ء سے 750 ء تک رہا یعنی کل 90 سال "جس کا آغاز امیر معاویہؓ سے ہوا اور اختتام مروان بن محمد پر ہوا۔”
عمر بن عبدالعزیزؒ بنو امیہ دور کے مشہور خلیفہ تھے۔اس دور میں عرب تاجر جنوبی ہند کے ساحلی علاقوں خصوصاً مالابار (کیرالہ) کے ساحلوں پر آتے تھے۔ یہ تاجر نہ کوئی فوج رکھتے تھے، نہ ان کے ہاتھوں میں اقتدار تھا اور نہ ہی وہ کسی سلطنت کے نمائندے تھے۔ ان کے پاس اگر کوئی طاقت تھی تو وہ ان کا کردار تھا۔ ان کی سچائی، دیانت داری، وعدے کی پابندی اور اعلیٰ اخلاق نے مقامی آبادی پر گہرا اثر ڈالا۔ یہی وجہ ہے کہ برصغیر میں اسلام کی ابتدائی پذیرائی تلوار کے زور پر نہیں بلکہ کردار کی قوت سے ہوئی۔
تاریخ کا یہ پہلو آج بھی قابلِ غور ہے۔ دنیا کی بہت سی سلطنتیں طاقت کے زور پر قائم ہوئیں اور ختم ہوگئیں، لیکن اسلام وہاں بھی باقی رہا جہاں مسلم حکومتیں صدیوں پہلے ختم ہوچکی تھیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ اسلام نے لوگوں کے دل جیتے تھے، زمینیں نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسلامی تاریخِ ہند کا آغاز دراصل ایک عظیم دعوتی تاریخ کا آغاز ہے، جو ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ کسی بھی نظریے کی اصل طاقت اس کے ماننے والوں کے کردار میں ہوتی ہے۔
*محمد بن قاسم اور سندھ کی فتح: ایک نئے باب کا آغاز:- *
(پیدائش 695 ء انتقال 715ء)
712ء میں محمد بن قاسمؒ کی سندھ آمد برصغیر کی تاریخ کا ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ عام طور پر اس واقعے کو صرف ایک فوجی فتح کے طور پر بیان کیا جاتا ہے، لیکن ایک تحقیقی مطالعہ ہمیں بتاتا ہے کہ اس کے اثرات محض سیاسی نہیں بلکہ تہذیبی، لسانی اور علمی بھی تھے۔
سترہ سالہ نوجوان سپہ سالار محمد بن قاسمؒ جو حجاج بن یوسف کا بھتیجا اور داماد بھی تھا نے سندھ پر حملہ کیا یہاں کے "بادشاہ راجہ داہر” کو شکست دی اورایک ایسا انتظامی نظام قائم کیا جس میں مقامی آبادی کے مذہبی حقوق کو تسلیم کیا گیا۔ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت دی گئی۔ اس طرزِ حکمرانی نے مقامی لوگوں میں اعتماد پیدا کیا۔ انہیں مقامی سطح پر ایک اوتار کا درجہ دے دیا گیا اور عقیدت میں ان کے مجسمے تک نصب کیے گئے۔ یہی وہ دور تھا جب سندھ، ملتان اور موجودہ پاکستان کے دیگر خطوں میں اسلام بڑی تیزی سے پھیلا۔ تقریباً ڈھائی برس تک خطے میں قیام کے بعد جب وہ واپس سعودی عرب (بلادِ عرب) روانہ ہوئے، تو وہاں سیاسی منظرنامہ بدل چکا تھا اور سلیمان بن عبدالملک نئے خلیفہ بن چکے تھے۔ عرب ملوکیت کی تاریخ گواہ ہے کہ وہ کسی بھی شخصیت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو برداشت نہیں کرتی تھی؛ چنانچہ اسی سیاسی حسد کی بنا پر انہیں واپس بلا کر شہید کر دیا گیا۔ شہادت کے وقت ان کی کل عمر محض 20 برس تھی۔
محمد بن قاسم کی آمد کے بعد عرب دنیا اور برصغیر کے درمیان علمی اور تجارتی روابط میں اضافہ ہوا۔ بعد کے ادوار میں ہندوستانی علوم، ریاضی، فلکیات، لسانیات اور طب کے کئی پہلو اسلامی دنیا تک پہنچے جبکہ اسلامی تہذیب کے اثرات برصغیر میں پھیلنے لگے۔یوں تو سندھ کی فتح صرف ایک فوجی کامیابی نہیں بلکہ دو عظیم تہذیبوں کے باہمی تعارف اور تبادلۂ افکار کا نقطۂ آغاز ثابت ہوئی۔
بنو امیہ دور کے بعد *عباسی دور* کا آغاز ہوا جو 750ء سے 1258ء تک رہا جس میں صوفیہ کرام،سلطانوں اور مبلغین نے دین کو عام کیا ۔
*سلطان محمود غزنوی: فاتحِ تاریخ اور علم و ادب کے سرپرست:- *
سلطان محمود غزنوی کا دورِ حکومت 998ء سے 1030ء تک کے عرصے پر محیط رہا، جس کا دارالحکومت موجودہ افغانستان کا شہر ‘غزنی’ تھا۔ انہوں نے اپنے 32 سالہ دورِ حکمرانی میں ہندوستان پر 17 حملے کیے۔ ان کی اہم عسکری مہمات میں
* راجہ جے پال کے خلاف پشاور کے قریب لڑی جانے والی جنگ شامل ہے، جس میں انہوں نے ہندو راجہ کو عبرت ناک شکست دی۔
اس کے بعد انہوں نے
* راجہ آنند پال کو بھی مغلوب کیا اور پنجاب سمیت دیگر اہم علاقوں کو اپنی سلطنت میں شامل کر لیا۔
* ان کی مشہور ترین عسکری کارروائیوں میں گجرات کے تاریخی سومنات مندر پر حملہ تھا، جسے انہوں نے فتح کر کے اپنی آخری مہم کے طور پر یادگار بنایا۔
محمود غزنوی محض ایک عظیم فاتح اور بہترین جنگجو ہی نہیں تھے، بلکہ وہ علم و ادب کے بے حد دلدادہ اور قدردان بھی تھے۔ ان کا دربار دنیا بھر کے مایہ ناز علماء، سائنس دانوں اور نامور شعراء کا گڑھ تھا، جہاں علم و تحقیق کو خصوصی فروغ حاصل ہوا۔
*صوفیہ کرام۔ وہ فاتح جنہوں نے دل جیتے:- *
اگر برصغیر میں اسلام کے فروغ کی سب سے مؤثر قوت کا نام لیا جائے تو وہ صوفیہ کرام ہیں۔ انہوں نے نہ کوئی سلطنت قائم کی، نہ فوجیں جمع کیں اور نہ سیاسی اقتدار حاصل کیا، لیکن ان کے اثرات صدیوں بعد بھی زندہ ہیں۔ جس میں نمایاں نام
*1) خواجہ معین الدین چشتیؒ*
(پیدائش 1143ء ۔ وفات 1236ء کل عمر 93 سال آپ نے پائی)
کا ہے آپ جب اجمیر پہنچے تو وہاں "راجپوت راجا پرتھوی راج چوہان ” کی حکومت تھی آپ نے اس کے سامنے توحید کی دعوت کو پیش کیا۔ ان کے پاس نہ کوئی لشکر تھا اور نہ کوئی خزانہ، لیکن ان کے پاس محبت، خدمت اور اخلاص کی دولت تھی۔ انہوں نے انسانوں کو ان کے مذہب، نسل اور زبان سے بالاتر ہوکر عزت دی۔
*2) بابا فرید الدین گنج شکرؒ*
( پیدائش 1188ء ملتان ۔ وفات 1265 ء پنجاب آپ نے کل 92 سال کی عمر پائی ) آپ دلی سلطنت کے زمانے میں ایک عظیم ترین صوفی بزرگ اور پنجابی زبان کے پہلے معروف شاعر تھے۔ آپ کی شخصیت و کلام سے سکھ برادری بہت متاثر ہوئی آپ کے کلام کو سکھ برادری نے اپنی مذہبی مقدس کتاب "گروگرنتھ صاحب” میں بھی شامل کیا۔ آپ کے پنجاب کے معاشرے پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔
*3)حضرت نظام الدین اولیاءؒ*
(پیدائش 1238ء بدایوں ۔ وفات 1325ء دلی۔ کل 87 سال عمر پائی)
آپ نے روحانیت کو سماجی خدمت سے جوڑا۔
ان صوفیوں نے اپنی خانقاہوں کو انسانیت کی خدمت کا مرکز بنایا، توحید کی دعوت کو عام کیا ان کے یہاں امیر و غریب، بادشاہ و فقیر سب یکساں احترام پاتے تھے۔
برصغیر کی اسلامی تاریخ کا یہ باب ہمیں بتاتا ہے کہ دلوں کی فتح تلوار سے نہیں بلکہ اخلاق سے ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صوفیہ کرام کے مزارات آج بھی مختلف مذاہب کے لوگوں کے لیے احترام کا مرکز ہیں۔
*دہلی سلطنت: اقتدار سے تہذیب تک (1206ء تا 1526ء):- *
دہلی سلطنت (Delhi Sultanate) برصغیر میں قائم ہونے والی ایک مسلم سلطنت تھی، جس نے تقریباً 1206ء سے 1526ء تک شمالی ہندوستان کے بڑے حصے پر حکومت کی۔ یہ کسی ایک خاندان کی نہیں بلکہ مختلف مسلم سلاطین اور خاندانوں کی مشترکہ سلطنت تھی۔دہلی سلطنت کے قیام نے برصغیر میں اسلامی تہذیب کو ایک منظم شکل دی۔ یہ صرف سیاسی اقتدار کا دور نہیں تھا بلکہ ادارہ سازی، تعلیم، عدل اور تہذیبی ارتقاء کا بھی دور تھا۔اس زمانے میں مدارس قائم ہوئے، علمی مراکز وجود میں آئے، انتظامی ڈھانچہ مضبوط ہوا اور مختلف علوم و فنون کو فروغ ملا۔ فارسی زبان سرکاری زبان بنی اور مقامی زبانوں کے ساتھ اس کے اختلاط نے بعد میں اردو زبان کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ دہلی سلطنت نے برصغیر میں ایک ایسے تہذیبی ماحول کو جنم دیا جس میں مختلف قومیں اور ثقافتیں باہم تعامل کے ذریعے ایک نئی مشترکہ تہذیب کی تشکیل کر رہی تھیں۔
دہلی سلطنت پر مختلف ادوار میں مندرجہ ذیل پانچ خاندانوں نے حکومت کی:۔
1۔ غلام خاندان (مملوک خاندان)
دورِ حکومت: 1206ء تا 1290ء
بانی: قطب الدین ایبک
اہم حکمران: شمس الدین التمش، رضیہ سلطان، غیاث الدین بلبن
2۔ خلجی خاندان :-
دورِ حکومت: 1290ء تا 1320ء
بانی: جلال الدین خلجی
مشہور حکمران: علاؤ الدین خلجی
3۔ تغلق خاندان:-
دورِ حکومت: 1320ء تا 1414ء
بانی: غیاث الدین تغلق
اہم حکمران: محمد بن تغلق، فیروز شاہ تغلق
4۔ سید خاندان:-
دورِ حکومت: 1414ء تا 1451ء
بانی: خضر خان
اہم حکمران: مبارک شاہ، محمد شاہ، علاؤ الدین عالم شاہ
5۔ لودھی خاندان:-
دورِ حکومت: 1451ء تا 1526ء
بانی: بہلول لودھی
اہم حکمران: سکندر لودھی
آخری سلطان: ابراہیم لودھی
1526ء میں پہلی جنگِ پانی پت میں ابراہیم لودھی کو ظہیر الدین بابر نے شکست دی، جس کے نتیجے میں دہلی سلطنت کا خاتمہ ہوا اور برصغیر میں مغل سلطنت کا آغاز ہوا۔
*مغلیہ دور: اقتدار، تہذیب اور تمدنی عروج کی داستان:-*
برصغیر کی اسلامی تاریخ کا جب بھی ذکر ہوتا ہے تو مغلیہ دور کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ 1526ء میں پانی پت کے میدان میں ظہیرالدین بابر کی فتح کے ساتھ ایک ایسی سلطنت کا آغاز ہوا جس نے آنے والے تین سو برس تک ہندوستان کی سیاست، معیشت، فنِ تعمیر، ادب، ثقافت اور سماجی زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے۔
عام طور پر مغلوں کو صرف بادشاہوں اور محلات کی تاریخ تک محدود کر دیا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ دور برصغیر کی تہذیبی تشکیل کا ایک اہم مرحلہ تھا۔
عظیم مغلوں کا دور 1526 ء سے 1707ء تک عروج پر تھا جس میں کل 6 بادشاہ تھے جس کے تحت
1-ظہیر الدین بابر نے سلطنت کی بنیاد رکھی، (1526ء تا 1530ء)
2-نصیر الدین ہمایوں نے اسے سنبھالا، ( 1530ء تا 1540ء، پھر 1555ء تا 1556ء)
3- جلال الدین محمد اکبر نے اسے وسعت دی، ( 1556ء تا 1605ء)
4- نور الدین جہانگیر نے استحکام بخشا، (1605ء تا 1627ء)
5-شہاب الدین محمد شاہجہان نے اسے فنی عظمت عطا کی (1628ء تا 1658ء) اور
6- محی الدین محمداورنگزیب عالمگیر نے اسے جغرافیائی اعتبار سے اپنی بلند ترین وسعت تک پہنچایا۔ (1658ء تا 1707ء)
اس دور کی سب سے نمایاں خصوصیت مضبوط انتظامی نظام تھا۔ زمین داری، مالیات، عدلیہ اور صوبائی نظم و نسق کے ایسے اصول وضع کیے گئے جن کے اثرات بعد کے ادوار میں بھی برقرار رہے۔ تجارت کو فروغ ملا، زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا اور ہندوستان عالمی تجارت کا ایک اہم مرکز بن گیا۔
فنِ تعمیر کے میدان میں مغل دور نے ایسے شاہکار چھوڑے جو آج بھی دنیا کو حیران کرتے ہیں۔ تاج محل، لال قلعہ، جامع مسجد دہلی، فتح پور سیکری اور شالیمار باغ صرف عمارتیں نہیں بلکہ اس دور کی جمالیاتی فکر اور فنی مہارت کی زندہ علامتیں ہیں۔تاہم ہر عروج کے ساتھ زوال کے اسباب بھی پیدا ہوتے ہیں۔ اورنگزیب عالمگیر کے بعد مغلوں کے زوال کا دور 1707ء سے 1857ء تک رہاں کیونکہ جانشینی کی کشمکش، صوبائی بغاوتیں، معاشی دباؤ اور بیرونی حملوں نے سلطنت کو کمزور کرنا شروع کر دیا۔ یہی کمزوری بعد میں انگریزوں کے لیے اقتدار حاصل کرنے کا راستہ ہموار کر گئی۔ مغلیہ دور ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ صرف طاقت کسی سلطنت کو قائم نہیں رکھ سکتی۔ جب ادارے کمزور ہوں، قیادت منتشر ہو اور اجتماعی مقصد دھندلا جائے تو عظیم ترین سلطنتیں بھی زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔
مغلیہ دور میں علماء کرام نے بڑے پیمانے پر اسلام کو عام کیا۔ جیسے
*شاہ ولی اللہ دہلویؒ: زوال کے دور میں فکری بیداری*
جب مغلیہ سلطنت سیاسی طور پر کمزور ہو رہی تھی، اسی وقت ایک ایسی شخصیت سامنے آئی جس نے قوم کی توجہ اقتدار کے بجائے علم اور اصلاح کی طرف مبذول کرائی۔ یہ شخصیت حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کی تھی۔1703ء میں پیدا ہونے والے شاہ ولی اللہؒ نے محسوس کیا کہ مسلمانوں کا اصل بحران سیاسی نہیں بلکہ فکری اور اخلاقی ہے۔ انہوں نے دیکھا کہ امت فرقہ واریت، تعصب اور علمی جمود کا شکار ہو رہی ہے۔
انہوں نے قرآن مجید کا فارسی ترجمہ کیا تاکہ عام لوگ براہِ راست قرآن کے پیغام کو سمجھ سکیں۔ یہ اپنے زمانے کا ایک انقلابی اقدام تھا۔ انہوں نے حدیث، فقہ، معیشت، سیاست اور سماجیات پر گراں قدر علمی سرمایہ چھوڑا۔
شاہ ولی اللہؒ کی دعوت یہ تھی کہ مسلمان اپنے اصل سرچشموں، یعنی قرآن و سنت کی طرف رجوع کریں اور اپنے اندر علمی بیداری پیدا کریں۔ ان کی فکر نے بعد کی تقریباً تمام دینی اور اصلاحی تحریکوں کو متاثر کیا۔ برصغیر کی تاریخ میں شاہ ولی اللہؒ کا مقام اس معمار کا ہے جس نے زوال پذیر قوم کو دوبارہ اپنی فکری بنیادوں کی طرف متوجہ کیا۔
*برطانوی استعمار: اقتدار کی تبدیلی یا تہذیبی چیلنج؟*
1757ء کی جنگِ پلاسی (نواب سراج الدولہ ۔ میر جعفر کی غداری) ہندوستان کی تاریخ کا ایک فیصلہ کن موڑ تھی۔ اس جنگ کے بعد "برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی” محض ایک تجارتی ادارہ نہیں رہی بلکہ آہستہ آہستہ سیاسی قوت میں تبدیل ہو گئی۔ ابتدا میں انگریز تاجروں کے طور پر آئے تھے، لیکن انہوں نے ہندوستان کی داخلی کمزوریوں اور سیاسی انتشار سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اقتدار پر قبضہ کر لیا۔
*سلطان فتح علی خان ٹیپو ۔(شیر میسور) تاریخ کا ایک درخشاں باب:-*
( پیدائش: 1 دسمبر 1751ء (بمقام دیونہلی، موجودہ کرناٹک، بھارت)
تاریخِ وفات: 4 مئی 1799ء (بمقام سرنگاپٹم، میسور)
حیدر علی کے فرزند سلطان فتح علی خان ٹیپو، جنہیں تاریخ ‘شیرِ میسور’ کے نام سے یاد کرتی ہے، نے 1782ء سے 1799ء تک حکومت کی۔ وہ ایک ایسی غیرت مند اور بہادر شخصیت تھے جنہوں نے غلامی قبول کرنے پر موت کو ترجیح دی اور میدانِ جنگ میں جامِ شہادت نوش کیا۔ٹیپو سلطان کا مشہور قول آج بھی آزادی پسندوں کے لیے مشعلِ راہ سمجھا جاتا ہے۔
*”شیر کی ایک دن کی زندگی، گیدڑ کی سو سالہ زندگی سے بہتر ہے۔”*
ان کی زندگی اور دورِ حکومت کے چند اہم ترین پہلو درج ذیل ہیں:
1۔ عسکری خدمات اور جنگی مہارت :-
* فوجی جدت اور راکٹ ٹیکنالوجی:۔
ٹیپو سلطان نے دنیا میں پہلی بار راکٹ ٹیکنالوجی متعارف کروائی۔ انہوں نے لوہے کے پائپوں میں بارود بھر کر ایسے جنگی راکٹ تیار کیے جن کی رینج 1.5 سے 2 کلومیٹر تک تھی اور ان کا فائر کامیاب رہتا تھا۔ ان راکٹوں سے انگریز فوج بہت پریشان ہوگئی تھی ۔
* برطانوی استعمار کے خلاف مزاحمت:
انہوں نے انگریزوں کے خلاف چار تاریخی جنگیں لڑیں اور برطانوی سامراج کو ناکوں چنے چبوائے۔
2۔ انتظامی، اقتصادی اور مذہبی اصلاحات :-
* صنعتی انقلاب (ریشم کی صنعت):۔ انہوں نے میسور میں ریشم کی صنعت (Silk Industry) کی بنیاد رکھی، جو آج بھی اس خطے (کرناٹک) کی پہچان ہے۔
* مذہبی رواداری: ۔ ٹیپو سلطان ایک کٹر مذہبی شخصیت ہونے کے باوجود غیر مسلموں کے ساتھ انتہائی حسنِ سلوک سے پیش آتے تھے۔ انہوں نے مندروں کی تعمیر اور ان کی دیکھ بھال کے لیے باقاعدہ فنڈز اور عطیات جاری کیے۔
* سماجی اصلاحات:۔ انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء کی تیاری اور فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔
* آپ نے ایک نیا کیلنڈر اور سکے بھی جاری کئے۔
3۔ سقوطِ میسور اور غداری :-
( "ریاستِ میسور کا زوال یا خاتمہ”)
"ٹیپو سلطان نے طویل عرصے تک انگریزوں کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کے خلاف مؤثر مزاحمت کی اور انہیں شدید چیلنج سے دوچار رکھا۔”
چنانچہ انہوں نے اپنوں کی غداری (خاص طور پر میر صادق) کا سہارا لیا۔ 4 مئی 1799ء کو اسی اندرونی غداری اور سازش کے نتیجے میں ٹیپو سلطان کو شکست ہوئی اور وہ میسور کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہو گئے۔ٹیپو سلطان کا دورِ حکومت صرف جنگ و جدل تک محدود نہیں تھا، بلکہ وہ بیک وقت ایک بہترین عسکری مہر، سائنسی سوچ رکھنے والے حکمران، معاشی مصلح اور مذہبی رواداری کے علمبردار تھے جن کی مثال تاریخ میں نایاب ہے۔
ٹیپو کی شہادت کے بعد برطانوی استعمار صرف سیاسی تسلط کا نام نہیں تھا بلکہ یہ ایک تہذیبی، تعلیمی اور فکری چیلنج بھی تھا۔ روایتی تعلیمی ادارے کمزور ہوئے،معاشی نظام متاثر ہوا اور سماجی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں آئیں۔مسلمانوں کے لیے یہ دور خاص طور پر مشکل تھا کیونکہ وہ صدیوں کی سیاسی برتری کے بعد ایک نئے نظام کے تحت زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ اس صورتحال نے مسلم معاشرے کے سامنے یہ سوال کھڑا کیا کہ نئی دنیا میں اپنی شناخت اور ترقی کا راستہ کیسے تلاش کیا جائے۔
یہی سوال بعد میں سر سید احمد خان، شاہ عبدالعزیز، مولانا قاسم نانوتوی، علامہ اقبال اور دیگر مصلحین کی تحریکوں کا محرک بنا۔
*1857ء: آزادی، قربانی اور مزاحمت کا باب*
1857ء کا سال برصغیر کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ صرف فوجی بغاوت نہیں تھی بلکہ غلامی کے خلاف ایک ہمہ گیر عوامی ردعمل تھا۔
اس تحریک میں سپاہیوں کے ساتھ علماء، زمیندار، عوام، ہندو، مسلمان اور سکھ بھی شریک ہوئے۔ دہلی سے لے کر لکھنؤ، کانپور، جھانسی اور دیگر علاقوں تک مزاحمت کی ایک لہر دوڑ گئی۔
اگرچہ یہ تحریک کامیاب نہ ہوسکی، لیکن اس نے ہندوستان کے عوام کو یہ احساس دلایا کہ آزادی کے لیے اجتماعی جدوجہد ضروری ہے۔ 1857ء کے بعد انگریزوں نے مسلمانوں پر خصوصی سختیاں کیں، بہت سے علماء کو پھانسی دی گئی، جائیدادیں ضبط کی گئیں اور تعلیمی مراکز کو نقصان پہنچایا گیا۔آخری مغل بادشاہ بہادر شاہ ظفر کو قید کردیا گیا۔
لیکن تاریخ کا سبق یہ ہے کہ قربانیاں کبھی ضائع نہیں جاتیں۔ 1857ء کی ناکامی ہی دراصل 1947ء کی آزادی کی بنیاد ثابت ہوئی۔
*سر سید احمد خان: مایوسی سے امید تک کا سفر*
(پیدائش 17 اکتوبر 1817، دہلی ۔ وفات 27 مارچ 1898، علی گڑھ)
1857ء کی ناکامی کے بعد ہندوستانی مسلمانوں کی حالت نہایت نازک ہوچکی تھی۔ سیاسی اقتدار ختم ہوچکا تھا، تعلیمی پسماندگی بڑھ رہی تھی اور نئی دنیا کے تقاضے تیزی سے بدل رہے تھے۔ ایسے حالات میں سر سید احمد خان ایک مصلح، مفکر اور تعلیمی رہنما کے طور پر سامنے آئے۔ سر سید نے حالات کا گہرا جائزہ لیا اور اس نتیجے پر پہنچے کہ مسلمانوں کی ترقی کا راستہ جدید تعلیم، سائنسی شعور اور فکری بیداری سے ہوکر گزرتا ہے۔
آپ نے علی گڑھ تحریک کی بنیاد رکھی ،انہوں نے
* جدید اسلامی مدرسے کا قیام 1859 میں یو پی کے شہر مراد آباد میں کیا،
* علی گڑھ میں "مدرسۃ العلوم مسلمانان ہند” کا قیام 24 مئی 1875 کو کیا،
* محمڈن اینگلو اورینٹل کالج کا قیام 1877 میں کیا جو بعد بھی
* علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں تبدیل ہو گیا 1920 میں۔
آپ نے "تہذیب الاخلاق ” رسالہ 24 دسمبر 1870 کو نکالا جو آج تک جاری و ساری ہے۔
آپ نثر کے میدان میں ماہر تھے نظم کے میدان میں قوم کو بیدار کرنے کے لیے آپ نے خواجہ الطاف حسین حالی کو تیار کیا دونوں نے مل کر قوم کو تعلیم کے لیے جھنجوڑا ۔سر سید کا سب سے بڑا کارنامہ یہ تھا کہ انہوں نے شکست خوردہ قوم میں دوبارہ خود اعتمادی پیدا کی۔ انہوں نے مسلمانوں کو یہ احساس دلایا کہ زمانے کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو سمجھے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ اگرچہ ان کے بعض افکار پر علمی اختلافات موجود ہیں، لیکن اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں تعلیمی بیداری کی ایک نئی لہر پیدا کی۔
تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ قومیں صرف سیاسی نعروں سے ترقی نہیں کرتیں بلکہ تعلیم، تحقیق اور علم کے ذریعے اپنا مقام حاصل کرتی ہیں۔ سر سید کی تحریک اسی حقیقت کی عملی مثال ہے۔
*مولانا الطاف حسین حالیؒ: اردو ادب اور مسلم اصلاحِ معاشرہ کے علمبردار*
( پیدائش : 1837ء ( پانی پت)
وفات: 31 دسمبر 1914ء (پانی پت)
مولانا الطاف حسین حالیؒ برصغیر کے عظیم شاعر، ادیب، نقاد اور مصلح تھے جنہوں نے اردو ادب کو مقصدیت، اصلاحِ معاشرہ اور قومی بیداری کا نیا شعور عطا کیا۔ وہ سر سید احمد خان کی اصلاحی تحریک کے اہم رفقاء میں شمار ہوتے ہیں۔حالیؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو تعلیم، خود احتسابی، اخلاقی اصلاح اور علمی ترقی کی طرف متوجہ کیا۔ ان کی مشہور تصنیف "مسدسِ حالی” (مدّ و جزرِ اسلام) نے برصغیر کے مسلمانوں میں فکری بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور انہیں اپنے عروج و زوال کے اسباب پر غور کرنے کی دعوت دی۔اسلامی تاریخِ ہند میں مولانا حالیؒ کا مقام اس لیے نمایاں ہے کہ انہوں نے اپنے قلم اور شاعری کو قوم کی اصلاح اور بیداری کا ذریعہ بنایا۔ ان کی فکر نے مسلمانوں میں تعلیمی، سماجی اور اخلاقی شعور پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا اور اردو ادب کو ایک نئی فکری سمت عطا کی۔
*علامہ اقبال: فکری بیداری اور خودی کا پیغام*
( پیدائش: 9 نومبر 1877ء (سیالکوٹ)،وفات: 21 اپریل 1938ء (لاہور)
اگر سر سید نے مسلمانوں کو تعلیم کی طرف متوجہ کیا تو علامہ محمد اقبال نے ان کے اندر خود اعتمادی، خود شناسی اور فکری بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی۔ اقبال نے مشرق اور مغرب دونوں کا گہرا مطالعہ کیا۔ یورپ کی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے مغربی تہذیب کی طاقتوں اور کمزوریوں دونوں کو قریب سے دیکھا۔اقبال نے محسوس کیا کہ مسلمانوں کے زوال کی اصل وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ خود اعتمادی اور فکری قوت کی کمزوری ہے۔ چنانچہ انہوں نے "خودی” کا فلسفہ پیش کیا، جس کا مقصد انسان کو اپنی صلاحیتوں کا شعور دینا تھا۔ان کی شاعری محض جذباتی کلام نہیں بلکہ ایک فکری تحریک تھی۔ آپ نے نوجوانوں، طلبہ اور اہلِ علم کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی تاریخ، تہذیب اور دینی وراثت سے رشتہ مضبوط کریں اور جدید دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ علم اور کردار کے ذریعے کریں۔علامہ اقبال کی فکر آج بھی اس لیے زندہ ہے کہ وہ صرف اپنے دور کے مسائل کی بات نہیں کرتے بلکہ ہر دور کے انسان کو بیداری، عمل اور تعمیرِ مستقبل کا درس دیتے ہیں۔
ہندوستان و پاکستان کی تقسیم سے قبل آپ نے لاہور میں وفات پائی
*مولانا ابوالکلام آزاد: علم، صحافت اور قومی قیادت*
( پیدائش: 11 نومبر 1888ء (مکہ مکرمہ)۔ وفات: 22 فروری 1958ء (نئی دہلی)
برصغیر کی اسلامی تاریخ میں مولانا ابوالکلام آزاد ایک ایسی ہمہ جہت شخصیت کے طور پر سامنے آتے ہیں جنہوں نے علم، صحافت، سیاست اور تعلیم ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔
مولانا آزاد نے کم عمری میں ہی علمی قابلیت کا ثبوت دیا اور 13 جولائی 1912 میں کلکتہ سے "الہلال” اور 12 نومبر 1915 کو کلکتہ ہی سے "البلاغ” جیسے اخبارات کے ذریعے فکری بیداری کی ایک نئی تحریک شروع کی۔ ان کی تحریریں صرف سیاسی نہیں تھیں بلکہ فکری، دینی اور تہذیبی شعور پیدا کرنے کا ذریعہ بھی تھیں۔ آزادی کی تحریک میں انہوں نے قائدانہ کردار ادا کیا اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے جدید تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھنے میں اہم خدمات انجام دیں۔مولانا آزاد کی زندگی اس حقیقت کی گواہ ہے کہ قلم کی طاقت بعض اوقات تلوار سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ ان کی صحافت نے لاکھوں لوگوں کے افکار کو متاثر کیا اور انہیں قومی مسائل کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔
*مولانا شبلی نعمانیؒ: تحقیق و تاریخ نگاری کے معمار*
(1857ء–1914ء)
مولانا شبلی نعمانیؒ برصغیر کے ممتاز عالم، مؤرخ، ادیب اور مصلح تھے۔ انہوں نے اسلامی تاریخ، سیرت نگاری اور ادب کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں۔ ان کی مشہور تصانیف میں الفاروق، المامون، شعرالعجم اور سیرت النبیؐ شامل ہیں۔انہوں نے 1914ء میں دارالمصنفین شبلی اکیڈمی کی بنیاد رکھی، جو آج بھی ایک اہم علمی و تحقیقی ادارہ ہے۔ شبلی نعمانیؒ نے مسلمانوں میں تحقیق، تنقیدی مطالعہ اور علمی بیداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور جدید اسلامی تاریخ نگاری کی مضبوط بنیاد رکھی۔
*علی برادران: تحریکِ آزادی اور مسلم بیداری کے معمار*
انیسویں صدی کے اختتام اور بیسویں صدی کے آغاز میں جب ہندوستان سیاسی غلامی، فکری انتشار اور قومی بے یقینی کے دور سے گزر رہا تھا، اس وقت علی برادران نے مسلمانوں میں سیاسی شعور، دینی حمیت اور قومی بیداری پیدا کرنے میں غیر معمولی کردار ادا کیا۔
مولانا محمد علی جوہر اور مولانا شوکت علی نے خلافت تحریک اور تحریکِ آزادی میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ ان کا مقصد صرف خلافتِ عثمانیہ کا تحفظ نہیں تھا بلکہ ہندوستانی مسلمانوں کو سیاسی طور پر منظم کرنا اور انہیں قومی جدوجہد میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا بھی تھا۔
*مولانا محمد علی جوہر* ( 10 دسمبر 1878ء، رام پور ۔ وفات 4 جنوری 1931ء، لندن)
ایک بلند پایہ صحافی، مفکر اور خطیب تھے۔ انہوں نے اپنے انگریزی اخبار "Comrade” اور اردو اخبار "ہمدرد” کے ذریعے برطانوی استعمار کی پالیسیوں پر تنقید کی اور مسلمانوں میں سیاسی بیداری پیدا کی۔ ان کی تحریروں نے نوجوان نسل میں آزادی، خودداری اور قومی غیرت کا جذبہ پیدا کیا۔
دوسری جانب *مولانا شوکت علی گوہر*
( پیدائش 10 مارچ 1873ء ،رام پور ۔ وفات 27 نومبر 1938ء دہلی)
ایک بے باک سیاسی قائد اور عوامی رہنما تھے۔ انہوں نے ملک بھر کا دورہ کرکے عوام کو آزادی کی تحریک سے جوڑا اور ہندو مسلم اتحاد کو مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ خلافت تحریک کے دوران دونوں بھائیوں نے مہاتما گاندھی کے ساتھ مل کر برطانوی حکومت کے خلاف عدم تعاون تحریک میں حصہ لیا۔
علی برادران کی جدوجہد کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ انہوں نے مسلمانوں کو تعلیم، تنظیم اور سیاسی شرکت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ ان کی قربانیاں اور جدوجہد اس بات کا ثبوت ہیں کہ برصغیر کے مسلمانوں نے آزادیِ ہند کی تحریک میں محض تماشائی کا کردار ادا نہیں کیا بلکہ صفِ اول کے مجاہدین میں شامل رہے۔
1931ء میں لندن میں منعقدہ گول میز کانفرنس کے موقع پر مولانا محمد علی جوہر نے ہندوستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے برطانوی حکمرانوں کے سامنے تاریخی الفاظ کہے:
” میں اپنے ملک کی آزادی کا پروانہ لینے آیا ہوں، اگر تم نے مجھے آزادی نہ دی تو پھر تمہیں مجھے یہاں دفن کرنے کے لیے جگہ دینی ہوگی کیونکہ میں ایک غلام ملک میں واپس نہیں جانا چاہتا”
چنانچہ کانفرنس کے چند دن بعد 4 جنوری 1931 کو لندن ہی میں ان کا انتقال ہوا اور بعد میں انہیں بیت المقدس میں سپردِ خاک کیا گیا۔
*مولانا حسرت موہانیؒ: آزادی، ادب اور انقلاب کے علمبردار*
( پیدائش: 1 جنوری 1881ء (موہان، ضلع اناؤ، اتر پردیش)
وفات: 13 مئی 1951ء (لکھنؤ)
اسلامی تاریخِ ہند اور تحریکِ آزادی کے مطالعے میں مولانا حسرت موہانیؒ کا نام ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ وہ بیک وقت ایک ممتاز عالم، صاحبِ قلم صحافی، انقلابی سیاست دان، بلند پایہ شاعر اور بے باک مجاہدِ آزادی تھے۔ ان کی شخصیت اس حقیقت کی نمائندگی کرتی ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے صرف سیاسی میدان میں ہی نہیں بلکہ فکری، ادبی اور قومی سطح پر بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔
مولانا حسرت موہانیؒ نے علی گڑھ سے تعلیم حاصل کی، لیکن جلد ہی انہوں نے اپنی زندگی کو قومی بیداری اور آزادی کی جدوجہد کے لیے وقف کر دیا۔ ان کا رسالہ "اردوئے معلّیٰ” برطانوی استعمار کے خلاف ایک مؤثر آواز بن گیا۔ ان کی بے باک تحریروں کے سبب انہیں کئی مرتبہ قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں، مگر وہ اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔
تحریکِ آزادی کی تاریخ میں مولانا حسرت موہانیؒ کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے 1921ء میں سب سے پہلے "کامل آزادی” (Complete Independence) کا مطالبہ پیش کیا، جب کہ اس وقت کانگریس کی اکثریت ابھی محدود خود مختاری کی بات کر رہی تھی۔ بعد میں یہی مطالبہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک کا بنیادی نعرہ بن گیا۔
"انقلاب زندہ باد” کا نعرہ برطانوی راج کے خلاف آپ ہی نے لگایا
مولانا حسرت موہانیؒ خلافت تحریک، عدم تعاون تحریک اور آزادی کی دیگر تحریکوں میں سرگرم رہے۔ وہ ان رہنماؤں میں شامل تھے جنہوں نے آزادی کو محض سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ قومی وقار اور انسانی حق کا مسئلہ قرار دیا۔
ادبی میدان میں بھی ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ اردو غزل کو نئی لطافت اور فکری گہرائی عطا کرنے والوں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔
*اسلامی تحریکات: دعوت، اصلاح اور فکری بیداری*
بیسویں صدی میں برصغیر کے مسلمانوں کے سامنے دینی شناخت، اخلاقی اصلاح اور فکری رہنمائی کے مختلف چیلنجز موجود تھے۔ ان حالات میں متعدد دینی تحریکیں وجود میں آئیں۔
*تبلیغی جماعت*
1926ء میں مولانا محمد الیاس کاندھلویؒ نے میوات کے علاقے سے تبلیغی جماعت کا آغاز کیا۔ اس تحریک کا بنیادی مقصد عام مسلمانوں میں دین کی بنیادی تعلیمات، نماز، اخلاق اور دینی شعور کو فروغ دینا تھا۔
تبلیغی جماعت نے سیاسی میدان کے بجائے اصلاحِ فرد اور دعوتِ دین کو اپنا محور بنایا۔ آج اس کے اثرات دنیا کے مختلف ممالک میں دیکھے جا سکتے ہیں۔
*جماعت اسلامی*
1941ء میں سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی۔ اس تحریک کا مقصد اسلام کو ایک مکمل نظامِ زندگی کے طور پر پیش کرنا اور انفرادی و اجتماعی زندگی میں اسلامی اصولوں کے نفاذ کی جدوجہد کرنا تھا۔
جماعت اسلامی نے دعوت، تعلیم، فکری رہنمائی اور سماجی خدمت کے میدان میں نمایاں کردار ادا کیا۔
*اہل حدیث تحریک*
اہل حدیث تحریک نے قرآن و سنت کی براہِ راست پیروی، دینی اصلاح اور عقائد کی تطہیر پر زور دیا۔ برصغیر میں اس تحریک نے علمی اور تحقیقی روایت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ تمام تحریکیں اس بات کی علامت ہیں کہ برصغیر کے مسلمان ہر دور میں اپنے حالات کے مطابق اصلاح اور تجدید کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
*تقسیمِ ہند و پاک: آزادی اور نئے عہد کا آغاز*
1947ء میں برطانوی اقتدار کے خاتمے کے ساتھ برصغیر دو آزاد ممالک،بھارت اور پاکستان میں تقسیم ہوگیا۔ اس تاریخی عمل میں قائد اعظم محمد علی جناحؒ، علامہ محمد اقبالؒ، مولانا محمد علی جوہرؒ، مولانا شوکت علیؒ، مولانا ابوالکلام آزادؒ، مولانا حسرت موہانی ،مہاتما گاندھی اور جواہر لال نہرو جیسی شخصیات نے اہم کردار ادا کیا۔
تقسیم کے نتیجے میں لاکھوں افراد نے ہجرت کی اور بے شمار قربانیاں پیش کیں، لیکن اسی کے ساتھ برصغیر میں ایک نئے سیاسی دور کا آغاز ہوا۔ یہ واقعہ آج بھی جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے اہم اور مؤثر موڑ سمجھا جاتا ہے۔
*ذات پات کا نظام اور مساواتِ انسانی کا پیغام*
جس وقت اسلام ہندوستان اور دنیا کے دیگر خطوں میں پہنچا، وہاں کا سماج اعلی اور نچلی ذاتوں کی تقسیم میں جکڑا ہوا تھا، اور بعض طبقات بدترین سماجی ناانصافی کا شکار تھے۔ ایسے ماحول میں اسلام کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ اس کا ‘تصورِ مساوات’ بنا۔ قرآن مجید نے اعلان کیا:
”اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنْدَ اللّٰہِ اَتْقٰکُمْ” (الحجرات: آیت 13) ترجمہ
"تم میں سب سے زیادہ عزت والا اللہ کے نزدیک وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔”
یہ پیغام مظلوم طبقات کے لیے امید، عزت اور انصاف کا پیغام ثابت ہوا۔ یہی وجہ تھی کہ ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے مختلف مذاہب کا مطالعہ کرتے ہوئے اسلام کے تصورِ مساوات اور اخوت کو قابلِ توجہ قرار دیا تھا۔
*ایک فکری سوال*
سلطنتیں ختم، مگر اسلام باقی کیوں؟
عام طور پر یہ پروپیگنڈا کیا جاتا ہے کہ اسلام سیاسی طاقت یا تلوار کے زور پر پھیلا۔ یہاں ایک اہم فکری سوال پیدا ہوتا ہے۔اگر ایسا ہوتا تو مسلم حکومتوں کے خاتمے کے بعد اسلام کو بھی ختم ہو جانا چاہیے تھا، لیکن ایسا کیوں نہیں ہوا؟
اس کا جواب یہ ہے کہ اسلام کی بنیاد کسی سیاسی اقتدار پر نہیں، بلکہ عقیدے، بہتر اخلاق، علم، دعوت اور کردار پر تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جب سیاسی سلطنتیں ختم بھی ہوئیں، تب بھی مساجد، مدارس، علماء، اسلامی تہذیب اور مسلمان باقی رہے۔ تاریخ کا یہ مسلمہ اصول ہے کہ قوموں کی اصل طاقت ان کے فوجی ادارے نہیں، بلکہ ان کے علمی اور فکری ادارے ہوتے ہیں۔اسلامی تہذیب کی بنیاد علم پر قائم ہے۔ قرآن پاک کا پہلا حکم ہی "اقْرَأْ” (پڑھو) تھا۔ اس حکم کے تحت پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمانوں پر علم حاصل کرنا فرض قرار دیا۔ چنانچہ مسلمانوں نے جہاں بھی قدم رکھا، وہاں مساجد، مدارس، کتب خانے اور یونیورسٹیاں قائم کیں۔
علمی میدان کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب نے فنِ تعمیر (Architecture) میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں۔ آج بھی ہندوستان اور دنیا بھر میں موجود شاندار مساجد، مدارس، باغات، مقبرے، قلعے اور عوامی عمارتیں اس دور کے بے مثال فنی ذوق اور عظیم آرکیٹیکٹس کی گواہی دیتی ہیں۔
*تاریخ کی تعمیر میں خواتین کا کردار*
جب ہم ہندوستان کی اسلامی تاریخ کا ذکر کرتے ہیں، تو عام طور پر تاریخ کو صرف ‘مردوں کی تاریخ’ سمجھ لیا جاتا ہے اور یہ سوال ذہنوں میں ابھرتا ہے کہ اس میں کتنی خواتین کے نام شامل ہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی تہذیب کی تعمیر میں خواتین کا کردار بنیادی اور کلیدی ہوتا ہے۔ اگر مرد تاریخ کے ظاہری معمار ہیں، تو خواتین اس معاشرے کو فکری، اخلاقی اور تربیتی بنیادیں فراہم کرتی ہیں۔
قرآنِ کریم نے مرد اور عورت دونوں کے عمل کو یکساں اہمیت دی ہے، جیسا کہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:
”اَنِّیْ لَا اُضِیْعُ عَمَلَ عَامِلٍ مِّنْکُمْ مِّنْ ذَکَرٍ اَوْ اُنْثٰی” (آلِ عمران: 195)
ترجمہ "میں تم میں سے کسی کا عمل ضائع کرنے والا نہیں ہوں ، خواہ مرد ہو یا عورت، تم سب ایک دوسرے کے ہم جنس ہو۔”
*اسلامی تاریخِ ہند میں خواتین کا کردار: ایک نظر انداز شدہ حقیقت*
تاریخ کی کتابوں میں عموماً بادشاہوں، جرنیلوں اور سیاسی رہنماؤں کا ذکر زیادہ ملتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ کسی بھی قوم کی فکری اور اخلاقی تعمیر میں خواتین کا کردار بنیادی ہوتا ہے۔
* ٹیپو سلطان کی والدہ فاطمہ فخر النساء نے ہمیشہ اپنے بچے کو باوضو ہو کر دودھ پلایا اور اس کی تعلیم وتربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
* فاطمہ شیخ نے تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی۔
خصوصاً لڑکیوں اور پسماندہ طبقات کے لیے۔ انہوں نے 1848ء سے 1856ء کے دوران تعلیمی میدان میں انتھک خدمات انجام دیں۔ ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں ۔
* 1857ء کی جدوجہد میں بیگم حضرت محل نے غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کیا۔
* علامہ اقبال کی والدہ امام بی بی متقی پرہیزگار صوم صلاۃ کی پابند مذہب پر سختی سے عمل کرنے والی خاتون تھی آپ نے اپنے بچے کے جسم میں کبھی حرام کا لقمہ جانے نہیں دیا۔
علی برادران کی والدہ بی اماں نے تحریکِ خلافت اور آزادی کی جدوجہد میں اپنے بیٹوں کو قربانی کے لیے تیار کیا۔اور خود مقابلے کے لیے اتری۔
اشفاق اللہ خان کی والدہ مظہر النساء بیگم ایک نیک سیرت وہ دین دار خاتون تھی آپ نے بچپن میں اپنے بچے کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی اور انہیں بہادر لوگوں کے بہادر واقعات سنایا کرتی تھی ۔
ان تمام شخصیات نے اپنے کردار اور تربیت کے ذریعے ایسی نسلیں تیار کیں کہ جنہوں نے تاریخ کا رخ بدل دیا۔
اسلامی تاریخِ ہند کا غیر جانبدارانہ مطالعہ ہمیں بتاتا ہے کہ خواتین صرف تاریخ کی ناظر نہیں رہیں بلکہ اس کی معمار بھی رہی ہیں۔
اسلامی تہذیب کی علمی، سماجی اور ثقافتی خدمات
اسلامی تہذیب کی عظمت کا اندازہ صرف سلطنتوں سے نہیں بلکہ اس کے علمی اور سماجی اداروں سے لگایا جا سکتا ہے۔
مساجد صرف عبادت گاہیں نہیں تھیں بلکہ تعلیم و تربیت کے مراکز بھی تھیں۔ مدارس نے صدیوں تک علومِ دینیہ، زبان، ادب، منطق، فلسفہ اور دیگر علوم کی خدمت کی۔ خانقاہوں نے سماجی ہم آہنگی اور خدمتِ خلق کو فروغ دیا۔ فنِ تعمیر، خطاطی، ادب، شاعری، زبان، موسیقی اور ثقافتی میل جول کے میدان میں بھی اسلامی تہذیب نے گہرے اثرات مرتب کیے۔ اردو زبان اسی تاریخی تعامل کی ایک نمایاں مثال ہے۔
اسلامی تاریخِ ہند کا مطالعہ ہمیں چند بنیادی حقائق سکھاتا ہے:
کردار، علم اور اخلاق قوموں کی اصل طاقت ہیں۔
سلطنتیں عارضی ہوتی ہیں لیکن افکار اور نظریات باقی رہتے ہیں۔
تعلیمی ادارے کسی بھی قوم کی حقیقی قوت ہوتے ہیں۔
اتحاد، عدل اور علمی بیداری ترقی کی بنیاد ہیں۔
زوال کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب قومیں تحقیق، تعلیم اور خود احتسابی کو چھوڑ دیتی ہیں۔
طلباء و طالبات کی ذمہ داریاں اور مستقبل کی تعمیر
اسلامی تاریخِ ہند کا ازسرِنو جائزہ صرف ماضی کے واقعات جاننے کے لیے نہیں بلکہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کے لیے بھی ضروری ہے۔اگر خواجہ معین الدین چشتیؒ نے کردار کے ذریعے تاریخ بدلی، شاہ ولی اللہؒ نے فکر کے ذریعے تاریخ بدلی، سر سید نے تعلیم کے ذریعے تاریخ بدلی، اقبال نے شعور کے ذریعے تاریخ بدلی اور مولانا آزاد نے قلم کے ذریعے قوم کی رہنمائی کی، تو آج کے طلبہ بھی علم، تحقیق، کردار اور قیادت کے ذریعے مستقبل کی تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔
آج امت کو ایسی طلبہ کی گھیپ درکار ہیں جو صرف ڈگریاں حاصل نہ کریں بلکہ علم کی حامل، تحقیق کی شوقین، کردار کی مضبوط اور معاشرے کی رہنما بنیں۔ کیونکہ آنے والی تاریخ وہی قومیں لکھتی ہیں جو اپنے ماضی کو سمجھ کر اپنے مستقبل کی تعمیر کرتی ہیں۔
اسلامی تاریخِ ہند صرف سلطنتوں کے عروج و زوال کی داستان نہیں بلکہ علم، دعوت، اصلاح، قربانی، تہذیب اور انسان سازی کی ایک طویل داستان ہے۔ اس تاریخ کا ازسرِنو جائزہ لینے کا مقصد ماضی پر فخر کرنا نہیں بلکہ اس سے سبق حاصل کرنا ہے۔ جب تاریخ تحقیق، انصاف اور دیانت کے ساتھ پڑھی جائے تو وہ نفرت نہیں بلکہ بصیرت پیدا کرتی ہے، تعصب نہیں بلکہ توازن سکھاتی ہے، اور ماضی میں قید نہیں کرتی بلکہ مستقبل کی تعمیر کا راستہ دکھاتی ہے۔ یہی اسلامی تاریخِ ہند کا اصل پیغام ہے۔
آج جب تاریخ کو نظریاتی کشمکش، سوشل میڈیا کے شور اور انتخابی سیاست کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے، ایسے وقت میں اسلامی تاریخِ ہند کا غیر جانب دار اور تحقیقی مطالعہ محض ایک علمی ضرورت نہیں بلکہ قومی ضرورت بھی ہے۔ کیونکہ تاریخ کا مقصد ماضی کے تنازعات کو زندہ کرنا نہیں، بلکہ مستقبل کے لیے بصیرت فراہم کرنا ہے۔۔