عمار قریشی (شبو) سماجوادی پارٹی اقلیتی سبھا کی قومی ایگزیکٹو میں قومی سکریٹری نامزد
لکھنؤ: 15 جون (پریس ریلیز) سماجوادی پارٹی کے قومی صدر جناب اکھلیش یادو کی ہدایت اور پارٹی قیادت کی منظوری سے ضلع لکھنؤ کے معروف سماجی و سیاسی کارکن جناب عمار قریشی (شبو) ولد جناب شانو قریشی کو سماجوادی پارٹی اقلیتی سبھا کی قومی ایگزیکٹو میں قومی سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔اس موقع پر سماجوادی اقلیتی سبھا کے قومی جنرل سکریٹری اور سابق وزیر جناب محمد یامین خان نے عمار قریشی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ پارٹی کی عوامی اور سماجی پالیسیوں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ تنظیم کو مزید مضبوط، فعال اور متحرک بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔نو منتخب قومی سکریٹری عمار قریشی (شبو) نے اپنی نامزدگی پر خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سماجوادی پارٹی کے قومی صدر جناب اکھلیش یادو جی، سماجوادی اقلیتی سبھا کے قومی صدر حضرت مولانا اقبال احمد قادری صاحب اور قومی جنرل سکریٹری جناب محمد یامین خان صاحب کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے یہ اہم ذمہ داری سونپی۔انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور سماجوادی پارٹی کے نظریات، سیکولر اقدار اور عوامی فلاح و بہبود کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے لیے پوری دیانت داری اور لگن کے ساتھ کام کریں گے۔عمار قریشی نے مزید کہا کہ پارٹی کی جانب سے دیا گیا یہ اعزاز ان کے لیے باعثِ فخر ہے اور وہ تنظیمی استحکام، عوامی رابطے اور اقلیتی طبقات کے مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔