ایس آئی آر میں کوتاہی نہ کریں، ہر اہل ووٹر اپنا اندراج یقینی بنائے: سلیم اللہ خان
جماعت اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے امیر کی عوام سے اپیل
الیکشن کمیشن کے عمل میں بھرپور تعاون اور درست معلومات فراہم کرنے پر زور
نئی دہلی:10جولائی(پریس نوٹ) جماعت اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے امیر سلیم اللہ خان نے دہلی کے تمام ووٹروں، خصوصاً مسلم برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے عمل میں پوری سنجیدگی کے ساتھ حصہ لیں، بی ایل او (BLO) سے مکمل تعاون کریں اور اپنے ووٹر اندراج کو درست اور مکمل بنائیں۔میڈیا کے لیے جاری اپنے بیان میں سلیم اللہ خان نے کہا کہ دہلی میں ایس آئی آر کا عمل جاری ہے، اس لیے ہر شہری اپنی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے مطلوبہ معلومات بروقت فراہم کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کا نام اور دیگر تفصیلات ووٹر فہرست میں درست درج ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد اپنا عمل مکمل کر چکے ہیں، وہ اپنے اہلِ خانہ، پڑوسیوں اور دیگر ضرورت مند افراد کی بھی رہنمائی کریں تاکہ کوئی بھی شہری اس اہم عمل سے محروم نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی مستقبل میں مشکلات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے اگر کسی کو فارم بھرنے یا معلومات حاصل کرنے میں دشواری پیش آئے تو متعلقہ مراکز یا بی ایل او سے رابطہ کرے۔ جماعت اسلامی ہند، حلقہ دہلی کے ارکان و کارکنان بھی مختلف علاقوں میں عوام کی رہنمائی اور تعاون کے لیے موجود ہیں۔سلیم اللہ خان نے علماء کرام، ائمہ مساجد، سماجی کارکنان، ملی تنظیموں اور نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ لوگوں میں بیداری پیدا کریں، انہیں ایس آئی آر کے عمل کی اہمیت سے آگاہ کریں اور جہاں تک ممکن ہو، ان کی مدد کریں تاکہ دہلی میں ہر اہل ووٹر کا اندراج درست طریقے سے مکمل ہو سکے۔