باباصدیقی کے قتل کے سلمان خان کو ملی وائی پلس سکیورٹی
ممبئی ،16اکتوبر (ایجنسیز)
بابا صدیقی کے قتل کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ باندرہ میں اپنے گلیکسی اپارٹمنٹ کے ارد گرد سیکورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ سلمان خان کو وائی پلس سیکورٹی بھی دی گئی ہے۔ کافی عرصے سے سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، چند ماہ قبل ان کے گھر پر فائرنگ اور اب بابا صدیقی کے قتل کے بعد گینگ کی ایک پوسٹ وائرل ہوئی تھی۔ جس کے بعد ممبئی پولیس بھائی جان کی سیکورٹی میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہتی ہے۔
سلمان خان کو وائی پلس سیکیورٹی دی گئی ہے جس کے بعد ان کے لیے آٹھ سے دس بندوقوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کی ایک ٹیم تعینات کردی گئی ہے۔جن میں سے کچھ ہر جگہ ان کے ساتھ جائیں گے۔ اب ان کے کسی بھی جگہ پہنچنے سے پہلے اس جگہ کی سیکیورٹی چیک کی جائے گی۔ سلمان خان کے گھر کی چار دیواری کے باہر بھی پولیس کو تعینات کیا گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق، 60 سے زیادہ سادہ لباس پولیس اہلکار بینڈ اسٹینڈ کے ارد گرد اور گلیکسی اپارٹمنٹس کے قریب تعینات کیے گئے ہیں، جو مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے 24/7 کام کر رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی، ممبئی پولیس نے چہرے کی شناخت کے لیے ٹیکنالوجی سے لیس اے آئی سے چلنے والے ہائی ریزولوشن سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں۔ یہ کیمرے قریب سے گزرنے والے افراد کا پتہ لگاسکتے ہیں، اگر ایک ہی چہرہ تین بار سے زیادہ کیپچر کیا جائے تو یہ کیمرے الرٹ کردیں گے۔ اس کے لیے ایک کمانڈ سینٹر چوبیس گھنٹے علاقے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
بتادیں کہ پولیس کی تعیناتی اپریل میں پچھلے واقعے کے بعد ہوئی ہے، جب بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے شوٹروں نے موجودہ سیکورٹی کے باوجود سلمان خان کے گھر کے باہر حملہ کیا تھا۔گلیکسی اپارٹمنٹس میں آنے والے لوگوں کی باریک بینی سے چھان بین کی جاتی ہے۔ اب کوئی بھی انجان شخص یا مداح سلمان خان کی عمارت کے باہر جمع نہیں ہو سکتا۔