سنوار کی موت سے امن کا عمل آسان، نیتن یاہو سے بات کرنے کا موڈ ہے: ٹرمپ
واشنگٹن ، 19اکتوبر (ایجنسیز)
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا کہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت سے غزہ میں امن کے امکانات آسان اور بہتر ہو جائیں گے۔میرے خیال میں اس سے یہ آسان ہو گیا ہے۔ سابق صدر نے انتخابی مہم کی تقریبات کے لیے ڈیٹرائٹ پہنچنے پر صحافیوں کو بتایا۔سات اکتوبر کے مہلک حملے کے معمار 62 سالہ سنوار بدھ کے روز جنوبی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی کارروائی میں ہلاک ہو گئے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ جلد ہی اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ پر تنقید کی جبکہ اسرائیلی رہنما کی اچھا کام کرنے پر تعریف کی۔ٹرمپ نے کہاکہ اانہوں نے مجھے کال کی۔ میں نے ان سے بات نہیں کی۔ میں غالباً اب بات کرنے جا رہا ہوں۔ بائیڈن انہیں روکنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں غالباً اس کے برعکس کرنا چاہئے۔
بائیڈن اور ڈیموکریٹک نائب صدر کملا ہیرس جن کا ٹرمپ سے پانچ نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات میں سخت مقابلہ ہے، نے غزہ اور لبنان کی جنگوں میں اسرائیل کی بھرپور حمایت برقرار رکھی ہے۔ البتہ واشنگٹن نے اس ہفتے کے شروع میں اسرائیل سے ایک خط میں مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی صورتِ حال کو بہتر بنائے یا امریکی کی طرف سے فوجی امداد پر ممکنہ پابندیوں کا سامنا کرے۔یاد رہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری میں اب تک 42,500 فلسطینی لقمہ اجل بن چکے ہیں۔