ملناڈ ایجوکیشنل اینڈ چاریٹیبل ٹرسٹ کا تاریخی قدم
یس یس یل سی اور پی یو سی میں نمایاں نمبرات لینے والوں کا دیا نقد اور لیاپ ٹاپ کاانعام
شیموگہ : 24اکٹوبر( ایجنسیز)
ملناڈ ایجوکیشنل اینڈ چاریٹیبل ٹرسٹ کی جانب سے تعلیمی میدان میں گذشتہ کئی سالوں سے خدمات انجام دی جارہی ہیں اسی کے مدنظر آج گذشتہ سال 2023-24 میں یس یس یل سی اور پی یو سی میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا گیا جو کہ شیموگہ میں کسی بھی سماجی تنظیم کی جانب سے کئے جانے والا پہلا کام ہے ۔ ملناڈ ایجوکیشنل اینڈ چاریٹیبل ٹرسٹ نے اس سال نہ صرف مسلم تعلیمی اداروں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو انعامات سے نوازا بلکہ ضلعی سطح پر یس یس یل سی اور پی یو سی میں سب سے زیادہ نمبرات لینے والے طلباء کو بھی اس خاص جلسے میں مدعو کیا تھا۔
شہر کے امبیڈ کر بھون میں منعقدہ اس تقریب کا افتتاح ادارے کے چیرمین محمد ابراہیم ، صدر اعجاز احمد ، سکریٹری مدثر احمد ، خزانچی اعجاز احمد یس ین ، ڈائرکٹر افتخار احمد خان ، محمد لیاقت اور ڈی ڈی پی آئی منجوناتھ نے کیا ۔ اس موقع پر ڈی ڈی پی آئی منجوناتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامیابی یوں ہی نہیں ملتی بلکہ اس کے لئے مسلسل جد وجہد کرنے کی ضرورت ہے ، علم حاصل کرنے والے طلباء اپنی خواہشات کو قربا ن کرنے سے ہی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ آج ملناڈ ٹرسٹ کی جانب سے جو کام کیا جارہاہے وہ قابل تحسین ہے ، وہی لوگ علم کی قدر کرسکتے ہیں جو سماج کو علم کو عام کرنا چاہتے ہیں ۔
اس موقع پر بی ای او رمیش نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو کام حکومتی سطح پر کیا جانا چاہئے تھا وہ کام ملناڈ ٹرسٹ کی جانب سے کیا جارہاہے ، کامیاب ہونے والے طلباء کو انعامات سے نوازنے کا اہم مقصد واضح ہے کہ وہ دوسرے بچوں کو بھی محنت کرنے کے لئے ذہن سازی کررہے ہیں ۔ طلباء ایسی تنظیموں کی ہمت افزائی کا فائدہ اٹھائیں اور اپنے مستقبل کو بہتر بنائیں ۔ ڈی ڈی پی یو چندرپا گونڈپلّی نے اپنی تقریر میں کہاکہ جو طلباءکامیابی حاصل کرنے کی چاہ رکھتے ہیں وہ ضرور سماج میں اعلیٰ مقام حاصل کرسکتے ہیں ، آج سماج کو خدمت کرنے والوں کی اشد ضرورت ہے ، اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے وہ یو پی یس سی جیسے امتحانات میں حصہ لےکر حکومت کا حصہ بن کر سماج کی خدمت کریں ۔
کرناٹکا مائناریٹی ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے ضلعی افسر سیدجنید پاشاہ نے کے یم ڈی سی کے ذریعے ملنے والی سہولیات کےتعلق سے طلباء کو تفصیلات دیں ۔ اس موقع پر ملناڈ ٹرسٹ کے چیرمین اور یم جی گروپس کے یم ڈی محمد ابراہیم نے اپنے مختصر لیکن معنی خیز خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہماری ٹرسٹ کے لئے بے حد خوبصورت دن ہے کہ اس دن ہم نے کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کی ہمت افزائی کرنے کے لئے انہیں انعامات سے نوازا جارہاہے ۔
ہم صرف یہ نہیں چاہتے کہ ہمارے بچوں کی ہمت افزائی ہم تعلیم کے شعبے میں کامیابی حاصل کرنے پر کریں بلکہ ہم یہ بھی چاہتے کہ ہماری نوجوان نسل کھیل کود ، ثقافت اور ہنر کے میدان میں بھی آگے آئیں اور وہ انعام لینے کے حقدار بنیں ، مزید انہوںنے کہا کہ آج تعلیم کا حصول نوکری حاصل کرنے کے لئے نہ ہو بلکہ اپنی صلاحیتوں کو مضبوط کرنے کے لئے ہونا چاہئے ۔ صرف تعلیم کی سرٹیفیکٹ ہونے سے نوکری نہیں مل سکتی بلکہ صلاحیتوں کی بنیاد پر روزگار حاصل کیا جاسکتاہے ۔
سرکاری نوکریاں اب بس خواب بن چکی ہیں ،ایسے میں ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی صلاحیتوں کو بنیاد بناکر روزگار کے ذرائع بنائیں ، روزگار فراہم کرنے کا ذریعہ بنیں ۔ اس سے قبل ادارے کے صدر اعجاز احمد نے ملناڈ ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد ، خدمات کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے ادارے کے ذریعے مزید خدمات انجام دینے کا عزم ظاہر کیا ۔
اس موقع پر کالج کے طلباء میں پوان ایم ایس،سویتا کے وائی،چُکّی کے سی،بی بی آمنہ،صبا ترنم،مدیحہ خانم،کہکشاں آفرین،لمیز فاطمہ شامل ہیںجبکہ ایس ایس ایل سی کے طلباء میں گروکرن،شاروری پی رائو،رفیعہ کونین،رمشاء خان،سہانا پروین،اُم کلثوم،ساجدہ،فرزانہ پروین،اسماء بانو،محمد زید، عرشیہ فاطمہ،عالیہ خانم کو لیاپ ٹاپ اور بعض طلباء کو نقد انعام سے نوازا گیاہے ۔اسٹیج پر مختلف اسکولوں کے سرپرست و ذمہ دار موجود تھے ۔ جلسے کی نظامت الحبیب انگلش اسکول کے میر معلم سید جعفر اور معلمہ ششی کلا نے بخوبی انجام دی ۔ مہمانوں کا استقبال ٹرسٹ کے ڈائرکٹر محمد لیاقت نے کیا ، الحبیب اسکول کے طلباء نے ناڈا گیتے پیش کیا ۔