Skip to content
کیرالہ: مندر میں آتش بازی سے آتشزدگی، 154 لوگ جھلسے
کاسرگوڈ،29اکتوبر (ایجنسیز)
کیرالہ میں نیلیشور کے قریب ایک مندر کے تہوار کے دوران پیر کی دیر رات ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ معلومات کے مطابق مندر کے تہوار میں آتش بازی کے دوران آگ لگنے سے 154 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں سے 9 شدید زخمی ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو کاسرگوڈ، کننور اور منگلورو کے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔ یہ حادثہ انجوتھمبلم ویراراکاو مندر کے قریب اسٹوریج میں رکھے پٹاخوں میں آگ لگنے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ نصف شب کے قریب پیش آیا۔
آتش بازی کے دوران چنگاریاں اسٹوریج میں گریں جس سے وہاں رکھے پٹاخوں کو آگ لگ گئی۔وہاں موجود لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو بلایا اور حادثے کی اطلاع دی۔ جس کے بعد کلکٹر اور ضلع پولیس سربراہ سمیت ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے اور آٹھ شدید زخمی ہیں۔ دھماکے اور اس کے بعد ہونے والی بھگدڑ میں مجموعی طور پر 154 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے 97 افراد مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ مندر انتظامیہ نے اس تہوار کے لیے تقریباً 25 ہزار روپے کے ہلکے پٹاخے رکھے تھے، جو منگل کی رات ختم ہونا تھا۔اس واقعے میں زخمی ہونے والی ایک لڑکی نے بتایا کہ جیسے ہی پٹاخوں کی چنگاریاں کمرے میں پڑیں، سبھی بھاگنے لگے۔ اس نے کہاکہ میں اور کچھ دوسرے لوگ گر گئے اور زخمی ہوئے، لیکن میری بہن بال بال بچ گئی۔
مقامی ایم ایل اے ایم راجگوپال نے واقعہ کوانتہائی بدقسمت واقعہ قرار دیا اور ضلع کلکٹر سے بات کی۔انہوں نے بتایا کہ پٹاخے ہلکے تھے ،لیکن چنگاریاں دوسرے پٹاخوں پر پڑیں جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔اس سلسلے میں مندر کمیٹی کے دو ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے، اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مندر انتظامیہ نے پٹاخے پھوڑنے کا لازمی لائسنس حاصل نہیں کیا تھا۔
Like this:
Like Loading...