نئی دہلی ،4نومبر (ایجنسیز) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے ماڈل ٹاؤن میں پد یاترا نکالی۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 6 ماہ سے دہلی کا کام ہی روک رکھا ہے۔ لیکن جیل سے باہر آتے ہی میں نے سارا کام کر لیا۔اروند کجریوال نے کہا کہ بی جے پی نہیں چاہتی کہ دہلی والوں کا کام ہو۔ مرکزی حکومت دہلی میں بیٹھی ہے۔
ان کے پاس بے شمار پیسے ہیں لیکن ایک کام بتائیں جو بی جے پی نے کیا ہے۔ اگر بی جے پی چاہتی تو دہلی کو جنت بنا سکتی تھی لیکن انہوں نے کوئی کام نہیں کیا۔سابق وزیر اعلی اروند کجریوال نے کہا کہ د ہلی کے ساتوں ارکان پارلیمنٹ بی جے پی کے ہیں اور وہ بھی کوئی کام نہیں کرتے۔ اگر آپ نے غلطی سے بی جے پی کو ووٹ دیا تو یہ لوگ دہلی کو یوپی اور بہار میں بدل کر رکھ دیں گے۔
انہوں نے یوپی اور بہار کی زندگی برباد کر دی ہے۔اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ میں 6 ماہ جیل میں تھا، اس وقت ایل جی کی حکومت تھی، اگر بی جے پی اور ایل جی چاہتے تو 6 ماہ میں آپ کے لیے اچھا کام کر سکتے تھے لیکن انہوں نے آپ کے کام روکنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ آپ فکر نہ کریں میں آ گیا ہوں، گٹروں کی صفائی شروع ہونے والی ہے، جہاں گندا پانی تھا، 1000-1000 روپے بہت جلد ماؤں کے اکاؤنٹس میں دے دوں گا،میں انتظام کر رہا ہوں۔
پد یاترا کے دوران، انہوں نے کہاکہ انتخابات میں ووٹ کس کو ملنا چاہیے، جس نے کام کیا یا جس نے کام روکا، ہماری دہلی میں 10 سال حکومت رہی، ہم نے 24 گھنٹے بجلی فراہم کی، مفت بجلی۔ پانی کے بل کم کر دیے ہیں جیسے ہی حکومت بنتی ہے پانی کے بل معاف کر دوں گا۔
