Skip to content
سلمان خان کو لارنس بشنوئی گینگ سے پھر ملی دھمکی
ممبئی،8نومبر (ایجنسیز)
بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کافی عرصے سے سرخیوں میں ہیں۔ بابا صدیقی کے قتل کے بعد انہیں لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے کئی بار دھمکیاں مل چکی ہیں اور اب ایک بار پھر ممبئی کے ٹریفک کنٹرول روم میں سلمان کے لیے دھمکی آمیز پیغام آیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ کل رات ممبئی کے ٹریفک کنٹرول روم میں ایک پیغام آیا تھا، جس کے بعد اب پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔دھمکی میں لکھا گیا ہے کہ سلمان خان اور لارنس بشنوئی پر گانا لکھنے والے کو ایک ماہ کے اندر مار دیا جائے گا۔
گانے لکھنے والے کی حالت ایسی کر دی جائے گی کہ وہ اپنے نام سے گانے نہیں لکھ سکے گا۔ ساتھ ہی اگر سلمان میں ہمت ہے تو وہ انہیں بچا لیں۔دبنگ خان اس وقت اپنی آنے والی فلم سکندر کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور وہ اپنی ٹیم کے ساتھ حیدرآباد میں موجود ہیں۔ وہیں بابا صدیقی کے قتل کے بعد اداکار کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے وہ اس بار رئیلٹی شو بگ باس 18 کے ویک اینڈ وار کی میزبانی نہیں کریں گے۔
شو میں ان کی جگہ ایکتا کپور اور روہت شیٹی کو دیکھا جا سکتا ہے۔اسی دوران سلمان خان کے ساتھ اداکار شاہ رخ خان کو بھی جمعرات کو فیضان نامی شخص کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی۔ تاہم دھمکی دینے والے شخص کو پولیس نے رائے پور سے گرفتار کرلیا ہے۔ بتادیں کہ ممبئی کے باندرہ پولیس اسٹیشن میں دھمکی آمیز کال موصول ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس نمبر کو ٹریس کیا جو رائے پور کا نکلا۔ دھمکی دینے والے شخص کا نام محمد فیضان بتایا گیا جو کہ پیشے سے وکیل ہے۔
Like this:
Like Loading...