Skip to content
ہندوستان کے 51 ویں چیف جسٹس بنے سنجیو کھنہ،صدر جمہوریہ نے دلایا حلف
نئی دہلی ،11نومبر (ایجنسیز)
جسٹس سنجیو کھنہ نے ہندوستان کے 51 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا ہے۔ انہیں صدر دروپدی مرمو نے حلف دلایا۔ انہوں نے سابق سی جے آئی ڈی وائی چندرچوڑ کی جگہ لی۔ ڈی وائی چندرچوڑ 10 نومبر کو ریٹائر ہوئے۔ نئے سی جے آئی سنجیو کھنہ کی مدت کار 6 ماہ کی ہوگی۔ وہ 13 مئی 2025 تک سی جے آئی کے عہدے پر رہیں گے۔ جسٹس سنجیو کھنہ 14 مئی 1960 کو پیدا ہوئے۔
انہوں نے دہلی یونیورسٹی کے کیمپس لاء سینٹر سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ 1983 میں دہلی بار کونسل میں بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئے۔ یہیں سے ان کا قانونی سفر شروع ہوا۔ جسٹس سنجیو کھنہ اس سے قبل دہلی کی تیس ہزاری عدالت میں پریکٹس کرتے تھے۔ پھر انہیں دہلی ہائی کورٹ میں ترقی دی گئی۔جسٹس کھنہ 14 سال تک دہلی ہائی کورٹ میں جج رہے۔ 2005 میں ایڈیشنل جج اور 2006 میں مستقل جج بنے۔
جسٹس سنجیو کھنہ کو 18 جنوری 2019 کو سپریم کورٹ آف انڈیا میں جج کے طور پر ترقی دی گئی۔ وہ 17 جون 2023 سے 25 دسمبر 2023 تک سپریم کورٹ لیگل سروسز کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے۔ اس وقت وہ نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین ہیں اور نیشنل جوڈیشل اکیڈمی، بھوپال کی گورننگ کونسل کے ممبربھی ہیں۔جسٹس سنجیو کھنہ اس بنچ میں شامل تھے جس نے بلقیس بانو کیس کا فیصلہ دیا تھا۔
انہوں نے اروند کیجریوال کو بھی ضمانت دے دی۔ انہوں نے کیجریوال کو ایک بار عبوری ضمانت دی تھی اور بعد میں باقاعدہ ضمانت بھی دے دی تھی۔ جسٹس سنجیو کو وی پی اے ٹی کی 100 فیصد تصدیق، الیکٹورل بانڈ اسکیم، آرٹیکل 370 کو ہٹانے سے متعلق دائر عرضیوں کی سماعت کرنے والی بنچ میں شامل کیا گیا ہے۔
Like this:
Like Loading...