Skip to content
مسلمانوں کے ریزرویشن کی مخالفت کرتے رہیں گے: امت شاہ
رانچی،12نومبر ( ایجنسیاں)
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جھارکھنڈ میں جے ایم ایم کی قیادت والے اتحاد پر مبینہ بدعنوانی اور کوئلے کی اسمگلنگ کا الزام لگایا۔انہوں نے ووٹروں پر زور دیا کہ وہ بدعنوان لیڈروں کو سبق سکھانے کے لیے بی جے پی کے ہاتھ مضبوط کریں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بی جے پی ریاست میں ہر درانداز کی شناخت کرکے انہیں باہر نکالے گی۔ اس کے علاوہ کانگریس کو ریزرویشن مخالف پارٹی بھی قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ امت شاہ منگل کو جھارکھنڈ کے جھریا اسمبلی حلقہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔اس دوران انہوں نے کہاکہ آج ہمارے ملک کے عظیم لیڈر مدن موہن مالویہ جی کی برسی ہے۔
مالویہ جی نے تحریک آزادی میں بہت بڑا حصہ لیا اور بنارس ہندو یونیورسٹی بھی قائم کی۔ آج میں آپ سب کی طرف سے مالویہ جی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ریزرویشن مخالف پارٹی ہے۔ وہ ملک کے پسماندہ طبقات اور دلتوں کا ریزرویشن ختم کرکے مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں۔ پریشان نہ ہوں، جب تک مودی کی حکومت ہے، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا، آپ سب کو آنے والی 20 تاریخ کو ووٹ دینا ہے۔ آپ کا ہر ووٹ جھارکھنڈ کے مستقبل کا فیصلہ کرنے والا ہے۔ آپ کا ایک ووٹ فیصلہ کرے گا کہ آپ جے ایم ایم چاہتے ہیں جو خود کو کروڑ پتی اور ارب پتی بنا رہی ہے یا آپ نریندر مودی کی حکومت چاہتے ہیں جو غریب ماؤں کو لکھ پتی بنا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کانگریس اور جے ایم ایم کے لیڈروں سے کروڑوں روپے ضبط کئے گئے ہیں، یہ ساری رقم جھریا اور دھنباد کے نوجوانوں اور ماؤں بہنوں کی ہے۔آپ بی جے پی کی حکومت بنائیں، ہم کروڑوں روپے لوٹنے والوں کو الٹا لٹکا کر سیدھا کرنے کا کام کریں گے۔ انہوں نے جھارکھنڈ کے غریب قبائلیوں، پسماندہ طبقوں اور نوجوانوں سے جو پیسہ لوٹا ہے اس کی ایک ایک پائی ان سے برآمد کر کے جھارکھنڈ کے خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔امت شاہ نے یہ بھی کہاکہ انہوں (کانگریس-جے ایم ایم) نے ایک ہزار کروڑ کا منریگا گھوٹالہ کیا، زمین گھوٹالہ، کان کنی کا گھوٹالہ، فوج کی زمین پر بھی قبضہ کیا،ہزاروں کروڑ کا شراب گھوٹالہ کیا ، یہ گھپلے کی حکومت ہے۔
دھنباد میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر امت شاہ نے کہا کہ کانگریس ریزرویشن مخالف پارٹی ہے، وہ پسماندہ طبقات اور دلتوں کا ریزرویشن ختم کرکے مسلمانوں کو دینا چاہتے ہیں۔ جب تک بی جے پی کا ایک بھی ایم ایل اے ہے، ہم مسلمانوں کو ریزرویشن نہیں ہونے دیں گے۔مرکزی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ اگر جے ایم ایم کے وزیر عالمگیر عالم کے گھر سے 35 کروڑ روپے اور کانگریس کے رکن اسمبلی کے گھر سے 350 کروڑ روپے ضبط کیے جاتے ہیں تو یہ کس کی رقم ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ دھنباد کے نوجوانوں اور ماؤں سے لوٹا ہوا پیسہ ہے۔ ان کا خیال تھا کہ وہ اس طرح لوٹ مار سے بچ سکتے ہیں۔ بس بی جے پی کی حکومت بنائیں اور ہم ان ڈاکوؤں کو ٹھیک کریں گے۔
Like this:
Like Loading...