Skip to content
وزیراعظم نے آئین ہند نہیں پڑھا،راہل گاندھی کا جوابی حملہ
ممبئی،14نومبر (ایجنسیز)
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں کہ میں عوامی جلسوں میں جو آئین دکھاتا ہوں ،وہ خالی ہے۔ آئین نریندر مودی جی کے لیے خالی ہے، کیونکہ انھوں نے اسے کبھی نہیں پڑھا ہے۔ مہاراشٹر کے نندربار میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آئین میں ملک کی روح اور ہندوستان کی حکمت شامل ہے۔اس میں گوتم بدھ، برسا منڈا، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر، مہاتما گاندھی اور پھولے کی سوچ موجود ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کو میری ریلیوں میں یہ لال کتاب دکھانے پر اعتراض ہے۔
لیکن ہمیں اس کے سرخ رنگ کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ اس کے اندر جو لکھا ہے اس کی حفاظت کے لیے ہم اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس فیصلہ سازی میں قبائلیوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کو نمائندگی فراہم کرنا چاہتی ہے۔ اس وقت فیصلہ سازی میں ان کا حصہ آٹھ فیصد قبائلی آبادی میں سے صرف ایک فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے حصول اراضی بل اور پیسا قانون لا کر آپ کے پانی، جنگلات اور زمین کی حفاظت کی تھی۔ لیکن جیسے ہی بی جے پی اقتدار میں آئی، آپ کو جنگل کا باسی کہہ کر آپ کے حقوق چھیننے لگے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کے لوگ آپ کو جنگل میں رہنے والا کہتے ہیں۔ قبائلیوں اور جنگل میں رہنے والوں میں بڑا فرق ہے۔آدیواسی کا مطلب ہے ہندوستان کے پہلے مالک۔ پانی، جنگل اور زمین ان کا پہلا حق ہے۔لیکن بی جے پی آپ کو جنگل میں رہنے والا سمجھتی ہے اور کہتی ہے کہ آپ کا پانی، جنگل اور زمین پر کوئی حق نہیں ہے۔ برسا منڈا جی آپ کے اس حق کو بچانے کے لیے انگریزوں کے خلاف لڑے تھے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ذات پات کی مردم شماری سے یہ معلوم کرنے میں مدد ملے گی کہ مہاراشٹر میں قبائلیوں، دلتوں اور پسماندہ طبقات کی تعداد کتنی ہے اور وسائل میں ان کا کیا حصہ ہے۔
راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر سے بڑے پروجیکٹوں کو دوسری ریاستوں میں منتقل کرکے تقریباً پانچ لاکھ نوکریاں چھین لی گئیں۔ ہماری حکومت ایسا نہیں کرے گی۔ مہاراشٹر کے لیے بنائے گئے پروجیکٹ مہاراشٹر میں ہی رہیں گے اور گجرات کے لیے بنائے گئے پروجیکٹ گجرات میں ہی رہیں گے۔ اس دوران انہوں نے مہاوکاس اگھاڑی کے منشور میں کئے گئے وعدوں کا بھی ذکر کیا۔ مہاراشٹر اسمبلی کے انتخابات 20 نومبر کو ہونے والے ہیں، تمام 288 حلقوں کے ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔
Like this:
Like Loading...